Tag: لائیو ایکشن

  • ٹام اینڈ جیری کی شرارتیں جلد بڑی اسکرین پر ہوں گی

    ٹام اینڈ جیری کی شرارتیں جلد بڑی اسکرین پر ہوں گی

    بچوں اور بڑوں کے پسندیدہ کارٹون ٹام اینڈ جیری جلد بڑے پردے پر تہلکہ مچانے آرہے ہیں، ٹام اینڈ جیری کی لائیو ایکشن فلم کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا۔

    ہم سب نے اپنے بچپن میں ٹام اینڈ جیری کارٹون ضرور دیکھا ہے اور بڑے ہونے کے بعد بھی ہماری اس کے لیے پسندیدگی میں کوئی کمی نہیں آئی۔ یہ مقبول کارٹون اب جلد بڑے پردے پر پیش کیے جائیں گے۔

    وارنر بروز کی پیش کردہ ٹام اینڈ جیری کی اس فلم میں یہ دونوں حقیقی زندگی میں اینی میٹڈ صورت میں پیش کیے جائیں گے۔

    ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ ٹام اور جیری کسی طرح امریکا کے شہر نیویارک پہنچتے ہیں، جیری یعنی چوہا نیویارک کے ایک مشہور ہوٹل میں جا کر رہنے لگتا ہے۔

    اس وقت ہوٹل میں ایک شادی کی تیاریاں جاری ہوتی ہیں جسے صدی کی سب سے بڑی شادی قرار دیا جارہا ہوتا ہے۔

    ہوٹل انتظامیہ چوہے کی موجودگی کے بارے میں جان کر نہایت پریشان ہوجاتی ہے اور اسے بھگانے کے لیے ایک بلی کو لایا جاتا ہے جو کوئی اور نہیں ٹام ہے۔

    فلم میں کلوئی گریس اور مائیکل پینا سمیت دیگر اداکار اپنے فن کا جلوہ دکھائیں گے، فلم کی ہدایات ٹم اسٹوری نے دی ہیں۔

    فلم کو اگلے برس سنہ 2021 میں کسی وقت ریلیز کیا جائے گا۔

  • ٹام اینڈ جیری اب لائیو ایکشن میں سامنے آئیں گے

    ٹام اینڈ جیری اب لائیو ایکشن میں سامنے آئیں گے

    بچوں اور بڑوں سب ہی کی پسندیدہ ترین کارٹون ٹام اینڈ جیری اب بہت جلد لائیو ایکشن میں آپ کے سامنے آنے والے ہیں۔

    وارنر بروز کی تخلیق کردہ ٹام اینڈ جیری کارٹون کو لائیو ایکشن میں بنانے کی تیاریاں شروع کی جاچکی ہیں جس کی ہدایت کاری اور فلمسازی کے لیے ٹم اسٹوری کو منتخب کرلیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ چند روز پہلے ہی ایک اور کارٹون فلم الہٰ دین کے لائیو ایکشن ریمیک کا ٹیزر جاری کیا گیا ہے جس نے بچپن میں ان کارٹونز کو شوق سے دیکھنے والوں کے شوق کو بڑھا دیا ہے اور وہ بے صبری سے فلم کا انتظار کر رہے ہیں۔

    اس بارے میں مداح کچھ تذبذب میں بھی ہیں کہ کارٹونز کو لائیو ایکشن میں کس طرح تبدیل کیا جائے گا؟

    اب تک سامنے آنی والی رپورٹس کے مطابق فلم کی ٹیم کا فیصلہ ہے کہ جس طرح کارٹونز میں ان دونوں کرداروں کو خاموش دکھایا جاتا تھا اور یہ مختلف جسمانی حرکتیں کرتے تھے، لائیو ایکشن میں بھی اس اسٹائل کو برقرار رکھا جائے گا۔

    فلم کو بہترین بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا جائے گا اور شاندار ویژول افیکٹس استعمال کیے جائیں گے لہٰذا یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ ٹام اینڈ جیری بڑی اسکرین پر آ کر تہلکہ مچا دیں گے۔

    فلم کب تک مکمل ہو کر پردہ اسکرین پر جلوہ گر ہوگی؟ اس بارے میں فلم کی ٹیم کا کہنا ہے کہ یہ مشکل کام ہے اور مشکل اور اچھا کام کچھ وقت لیتا ہے۔