Tag: لائیو ویڈیو اسٹریمنگ

  • یوٹیوب صارفین کیلئے بڑی سہولت، نئے فیچرز متعارف

    یوٹیوب صارفین کیلئے بڑی سہولت، نئے فیچرز متعارف

    کیلیفورنیا : ویڈیو اسٹریمنگ سروس یوٹیوب کی جانب سے اپنے صارفین کے لیے 2 نئے فیچرز متعارف کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گوگل کی مقبول ترین سروس یوٹیوب انتظامیہ نے اپنے صارفین کی سہولت کیلئے دو بہترین فیچرز کا اضافہ کیا ہے، ان میں سے ایک فیچر یوٹیوب شارٹس کے حوالے سے ہے۔

    یوٹیوب شارٹس استعمال کرنے والے صارفین اب مختصر ویڈیوز کے اس سیکشن کو لائیو ویڈیو اسٹریمنگ کے لیے بھی استعمال کر سکیں گے۔

    کمپنی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ شارٹس ویڈیوز اسکرولنگ کے دوران صارفین لائیو ویڈیو کا پریویو دیکھ سکیں گے جس پر کلک کرنے پر لائیو ویڈیوز کو ورٹیکل فارمیٹ میں اسٹریم کرنا بھی ممکن ہوگا۔

    ویسے تو یوٹیوب پر ورٹیکل فارمیٹ میں لائیو اسٹریمنگ کا آپشن کافی عرصے سے موجود ہے مگر اب اسے شارٹس فیڈ کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔

    Youtube

    یوٹیوب کا یہ نیا فیچر ٹک ٹاک سے ملتا جلتا ہے جس کی جانب سے بھی مختصر ویڈیوز کو دیکھتے ہوئے لائیو اسٹریمنگ کو دیکھنا ممکن ہے۔

    ٹک ٹاک میں اس تبدیلی کے نتیجے میں لائیو اسٹریمنگ کو کافی فائدہ ہوا اور صارفین کی انگیج منٹ میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔

    یوٹیوب شارٹس میں لایو اسٹریمنگ کے حوالے سے ایپ میں متعدد ڈسکوری آپشنز کا اضافہ بھی کیا جائے گا۔

    شارٹس میں اس نئے اضافے کے ساتھ ساتھ یوٹیوب کی جانب سے پوڈ کاسٹ براہ راست یوٹیوب اسٹوڈیو سے اپ لوڈ کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

    اس تبدیلی سے صارفین اپنی آر ایس ایس فیڈ کو براہ راست یوٹیوب اسٹوڈیو سے منسلک کر سکیں گے جس سے وہ اپنے مواد کو زیادہ افراد تک پہنچا سکیں گے۔

  • شکاگو: ایک شخص فیس بک پر لائیو ویڈیو اسٹریمنگ کے دوران گولی لگنے سے ہلاک

    شکاگو: ایک شخص فیس بک پر لائیو ویڈیو اسٹریمنگ کے دوران گولی لگنے سے ہلاک

    شکاگو: امریکا کے شہر شکاگو میں ایک شخص سوشل میڈیا پر لائیو ویڈیو اسٹریمنگ کے دوران گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا۔

    خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 28 سالہ اینٹونیو پرکنز نے فیس بک لائیو ویڈیو اسٹریمنگ کے دوران نادانستہ طور پر اپنے ہی قتل کے لمحات کو محفوظ کرلیا۔

    رپورٹس کے مطابق اینٹونیو اپنے اسمارٹ فون کے ذریعے فیس بک پر سیلفی اسٹائل میں لائیو ویڈیو اسٹریمنگ میں مصروف تھا کہ اچانک اس دوران ایک درجن سے زائد گولیاں فائر ہوئیں, گولی لگتے ہی پرکنز کے ہاتھ سے فون گر گیا، جس کے بعد صرف چیخ و پکار سنائی دی جانے لگی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ پرکنز ایک گینگ کا رکن تھا، تاہم اس کے جاننے والے چند افراد نے شکاگو کے ڈبلیو جی این ٹی وی اسٹیشن سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پرکنز اب گینگ کا حصہ نہیں رہا تھا اور اس بات کا بھی امکان ہے کہ وہ فائرنگ کا مطلوبہ ہدف نہیں تھا۔

    پرکنز کی ایک دوست نے ڈبلیو جی این کو بتایا، ‘ہمارے بارے میں اس طرح سے مت سوچیں’، مذکورہ واقعے سے ایک روز قبل بھی فرانس میں ایک شخص نے ایک پولیس افسر اور ان کے پارٹنر کو ان کے گھر میں لائیو فیس بک ویڈیو اسٹریمنگ کے دوران قتل کردیا تھا۔

    اس حوالے سے فیس بک کا کہنا ہے کہ وہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔