Tag: لابنگ کے لئے

  • نواز شریف کا لابنگ کےلئے قومی خزانے کے استعمال کا انکشاف ، وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لے لیا

    نواز شریف کا لابنگ کےلئے قومی خزانے کے استعمال کا انکشاف ، وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لے لیا

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے نوازشریف کی جانب سے لابنگ کے لئے امریکی کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے پر قومی خزانے سے خطیر رقم کی ادائیگی کا نوٹس لے لیا اور متعلہ اداروں سے ادائیگیوں کا مکمل ریکارڈ اور تفصیلات طلب کرلی ہے جبکہ بیرون ملک قانونی مقدمات پر اٹھنے والے اخراجات کے آڈٹ کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ن لیگی حکومت کی قومی خزانہ کو نقصان پہنچانے کی ایک اور کہانی سامنے آگئی، سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے ذاتی اور حکومتی لابنگ کے لئے امریکی کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے کا انکشاف ہوا۔

    حکومتی ذرائع کا کہنا ہے سابق دور حکومت میں نوازشریف نے دو امریکی کمپنیوں کیمبرج اینالیٹکا اور روبیٹو گلوبل کی خدمات حاصل کیں، جس کی ادائیگی پر قومی خزانے سے خطیر رقم خرچ کی گئی۔

    ذرائع نے مزید کہا کہ نواز شریف نے کمپنیوں کی مدد سے عالمی سطح پر ذاتی اور حکومتی لابنگ کی، مختلف قسم کے سرویز کروائے گئے جن میں سابقہ حکومت کی کارکردگی کا گراف دیگر سیاسی جماعتوں سے اوپر دکھایا گیا بات صرف یہی تک نہیں رکی ۔

    وزیراعظم عمران خان نے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے امریکی کمپنیوں کو کی گئی ادائیگیوں کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا جبکہ ہدایت کی کہ سابقہ دور حکومت میں جن غیر ملکی کمپنیوں کو رقم کی ادائیگی کی گئی ان کی تمام تفصیلات پیش کی جائیں۔

    وزیراعظم نےبیرون ملک قانونی مقدمات پر آئے اخراجات کے آڈٹ کا بھی فیصلہ

    وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک قانونی مقدمات پر اٹھنے والے اخراجات کے آڈٹ کا بھی حکم دے دیا۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے مقدمات کی پیروی کرنے والے وکلاء کی فہرست اور فیس کی مد میں رقم کی ادائیگوں کا ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    خیال رہے گذشتہ سال  اگست میں نواز دور میں شریف خاندان کے سرکاری ہیلی کاپٹرکا بے دریغ استعمال کا انکشاف ہوا تھا، نوازشریف کے بچوں کے ہیلی کاپٹر اور سرکاری جہاز کے استعمال پر پونے دو کروڑ روپے خرچ ہوئے جبکہ سابق وزیراعظم کا کھانا بھی ہیلی کاپٹر سے مری پہنچایا جاتا تھا۔

    واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے قوم سے اپنے پہلے خطاب میں کہا تھا کہ حکمرانی کرنے والوں کے رہن سہن سے آپ سب کو بچانا چاہتا ہوں، پاکستان میں وزیراعظم ہاؤس کے 524 ملازم ہیں، وزیراعظم ہاؤس 1100کینال پر واقع ہے، وزیراعظم کیلئے33بلٹ پروف سمیت 80گاڑیاں ہیں، ہم ان کو نیلام کرکے اس پیسے کو قوم کے استعمال میں لائیں گے۔