لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن نے ملک احمد خان کی پریس کانفرنس سے لا تعلقی کا اعلان کر دیا، ملک احمد خان نے پریس کانفرنس میں چیئرمین نیب کے استعفے کا مطالبہ کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ نے چیئرمین نیب کے استعفے سے متعلق ملک احمد خان کے مطالبے کے حوالے سے پریس کانفرنس سے لا تعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے ملک احمد خان کی گفتگو کو ذاتی رائے قرار دے دیا، کہا کہ ملک احمد خان کی رائے پارٹی کا مؤقف نہیں۔
ترجمان مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اور شاہد خاقان عباسی پارٹی مؤقف دے چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نیب کے نوٹسز نے لوگوں کو خود کشی کرنے پر مجبور کیا: ملک احمد خان
خیال رہے کہ ملک احمد خان نے پریس کانفرنس میں مختلف مطالبے کیے، ان کا مرکزی مطالبہ تھا کہ چیئرمین نیب استعفا دیں۔
ملک احمد خان کی پریس کانفرنس کی باقاعدہ تردید سے چیئرمین نیب کے معاملے پر ن لیگ تقسیم ہوتی نظر آ رہی ہے، ن لیگ میں دھڑے بندی اور اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔
ملک احمد خان نے کہا تھا کہ نیب کے نوٹسز نے لوگوں کو خود کشی کرنے پر مجبور کیا، نیب کیا کوئی ماورائے قانون ادارہ ہے، کیا نیب والے یہ سمجھتے ہیں کہ ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔