Tag: لاس اینجلس

  • امریکی پاپ گلوکارہ والد کے خلاف کیس ہار گئیں

    امریکی پاپ گلوکارہ والد کے خلاف کیس ہار گئیں

    لاس اینجلس: امریکی پاپ گلوکارہ برٹنی اسپیئرز اپنے والد کے خلاف عدالتی جنگ ہار گئی ہیں، سپیریئر کورٹ کے جج نے گلوکارہ کے وکیل کی جانب سے والد جیمی اسپیئرز کو ان کی بیٹی کی شریک کنزرویٹر کی حیثیت سے معزول کرنے کی درخواست کو مسترد کر دیا۔

    گلوکارہ کے والد جیمی کو 2008 میں اس وقت برٹنی اسٹیٹ کا کنزرویٹر نامزد کیا گیا تھا، جب وہ شدید نفسیاتی بحران کا شکار تھیں، اور انھیں سخت عوامی مخالفت کا بھی سامنا تھا، کیلیفورنیا کی مالیاتی کمپنی بسمر ٹرسٹ پچھلے سال برٹنی اسپیئرز کی دولت کی دیکھ بھال کے لیے شریک کنزرویٹر کی حیثت سے شامل ہوئی تھی، جس کے بعد برٹنی نے والد کی شریک کنزرویٹر کی حیثیت سے معزولی کی درخواست دائر کر دی تھی، جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔

    23 جون کو اس سلسلے میں عدالت میں ورچوئل سماعت ہوئی تھی، جس میں 39 سالہ گلوکارہ نے والد پر سخت تنقید کی، اور کہا انھیں اپنی بیٹی کو تکلیف پہنچانا اور کنٹرول کرنا اچھا لگتا ہے، لیکن میں اب اپنی زندگی واپس اور آمدنی و دیگر معاملات میں ’مکروہ مداخلت‘ سے چھٹکارا چاہتی ہوں۔

    دوسری طرف والد جیمی اسپیئرز نے عدالت میں ایک درخواست دائر کر دی ہے کہ ان پر لگے الزامات کی تحقیقات کی جائیں، نیز انھوں نے گزشتہ دو برس سے بیٹی کی ذاتی یا طبی امور میں مداخلت نہیں کی۔

    یاد رہے کہ اپنے سابق شوہر کیون فیڈر کے ساتھ اختلافات کے باعث وہ شدید نفسیاتی بحران کا شکار ہو گئی تھیں، جسے دیکھتے ہوئے 13 برس قبل عدالت نے ان کے والد کو ان کی نگرانی سونپ دی تھی، جس کے بعد اب پہلی بار 39 سالہ گلوکارہ نے عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔

    سماعت کے موقع پر عدالت کے باہر بریٹنی کے مداحوں کا ہجوم بھی جمع ہو گیا تھا، ان کے ہاتھوں میں موجود بینرز اور پوسٹرز پر لکھا تھا ’بریٹنی اسپیئر کو اب آزاد کرو‘ اور ’بریٹنی کی زندگی میں مداخلت بند کرو.‘

    بریٹنی اسپیئر نے جج سے کہا کہ وہ اپنے بوائے فرینڈ سے شادی کرنا چاہتی ہے اور ان سے بچے کی بھی متمنی ہے، تاہم سرپرست رکاوٹ بنے ہوئے ہیں، یہ نگرانی میرا بھلا کرنے سے زیادہ مجھے نقصان پہنچا رہی ہے، میں بغیر کسی جائزے کے اس سرپرستی کو ختم کرنا چاہتی ہوں۔

  • امریکی طیارے کو ہائی جیک کرنے کی کوشش

    امریکی طیارے کو ہائی جیک کرنے کی کوشش

    امریکا میں ایک شخص نے مبینہ طور پر دوران پرواز طیارے کو ہائی جیک کرنے کی کوشش کی لیکن عملے کی بروقت پھرتی سے مذکورہ شخص پر قابو پا لیا گیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ڈیلٹا ایئر ویز کی لاس اینجلس سے نیشول جانے والی پرواز پر پیش آیا۔ مذکورہ شخص نے اچانک اٹھ کر کاک پٹ میں جانے کی کوشش کی جس پر طیارے میں ہلچل مچ گئی۔

    تاہم اس سے قبل کہ وہ کسی کو نقصان پہنچا سکتا پرواز کا عملہ تیزی سے حرکت میں آیا اور کئی افراد نے اسے قابو کرلیا۔ مذکورہ شخص کے ہاتھ پاؤں باندھ کر ایک سیٹ پر ڈال دیا گیا۔

    جہاز میں موجود ایک خاتون مسافر نے 2 منٹ طویل ایک ویڈیو ٹویٹر پر پوسٹ کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جہاز کا عملہ مذکورہ شخص کو نیچے گرا کر اس کے ہاتھ پاؤں باندھ رہا ہے۔

    ناخوشگوار صورتحال کے باعث پرواز کو البکرکی کے شہر موڑ دیا گیا جہاں طیارے نے ایمرجنسی لینڈنگ کی۔ وہاں پولیس اور ایف آئی نے مذکورہ شخص کو گرفتار کرلیا۔

    مذکورہ شخص کو جہاز سے اتار لینے کے بعد پرواز اپنی منزل نیشول کی جانب روانہ ہوگئی۔

    تاحال قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کوئی معلومات نہیں دیں کہ آیا مذکورہ شخص مسلح تھا یا نشے میں تھا، اور نہ ہی یہ پتہ چل سکا کہ اس شخص کا مقصد کیا تھا۔

  • خوفناک حادثہ، گاڑی پل سے اڑتی ہوئی نیچے جا گری

    خوفناک حادثہ، گاڑی پل سے اڑتی ہوئی نیچے جا گری

    امریکا میں ایک خوفناک ٹریفک حادثے میں ایک گاڑی پل سے اڑتی ہوئی درختوں میں جا گری جس کے بعد اس میں آگ لگ گئی، گاڑی کا ڈرائیور تشویشناک حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق یہ خوفناک حادثہ لاس اینجلس میں پیش آیا، واقعے کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شعلوں سے گھری ایک گاڑی نہایت تیز رفتاری سے پل پر دوڑ رہی ہے اور پھر اچانک وہ پل کی دیوار سے ٹکرا کر ہوا میں اڑتی ہے اور نیچے درختوں میں جا گرتی ہے۔

    نیچے گرتے ہی گاڑی میں شعلے بھڑک اٹھتے ہیں۔

    موقع پر موجود کئی افراد حادثہ دیکھتے ہی تیزی سے گاڑی کی طرف دوڑے تاکہ ڈرائیور کی مدد کرسکیں تاہم ڈرائیور بری طرح گاڑی میں پھنسا ہوا تھا، جس کے بعد ایک شہری نے 911 پر کال کی۔

    لیکن اس سے قبل ہی موقع پر موجود پٹرولنگ پولیس کے اہلکار وہاں پہنچ گئے اور تیزی سے ڈرائیور کو جلتی گاڑی سے باہر نکالا۔

    ڈرائیور کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق تاحال اس واقعے کے اسباب نامعلوم ہیں اور پولیس اس بارے میں تحقیقات کر رہی ہے۔

  • بالکونی میں پڑی لاش کو پڑوسی ہیلووین کی سجاوٹ سمجھتے رہے

    بالکونی میں پڑی لاش کو پڑوسی ہیلووین کی سجاوٹ سمجھتے رہے

    امریکا میں ایک گھر میں ہونے والا خودکشی کا واقعہ پڑوسیوں نے نظر انداز کردیا، پڑوسی دکھائی دینے والی لاش کو ہیلووین کے تہوار کے لیے کی جانے والی سجاوٹ کا حصہ سمجھتے رہے۔

    امریکی شہر لاس اینجلس میں ایک مکان کی بالکونی میں ایک بوڑھے شخص کی لاش 4 دن تک پڑی رہی۔

    ایک پڑوسی کا کہنا تھا کہ پہلے دن جب اس نے اسے دیکھا تو وہ سمجھا کہ یہ ہیلووین تہوار کے لیے کی جانے والی سجاوٹ کا حصہ ہے جس میں انسانی جسم سے مشابہہ کوئی چیز کرسی پر رکھی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ ہیلووین کے موقع پر گھروں اور سڑکوں کو خوفزدہ کردینے والی اشیا سے سجانا اس تہوار کا اہم حصہ ہے۔

    33 سالہ پڑوسی نے بتایا کہ یہ ’سجاوٹ‘ 4 دن تک یونہی رہی، تاہم اس دوران اسے احساس ہوا کہ گھر میں کوئی بھی سرگرمی نہیں ہے اور میز پر رکھا سامان بھی کئی دن سے جوں کا توں پڑا ہے۔

    مذکورہ پڑوسی کے علاوہ بھی کئی پڑوسیوں نے اپنی بالکونی سے اس لاش کو دیکھا اور وہ بھی اسے ہیلووین سجاوٹ کا حصہ ہی سمجھے۔

    تاہم کئی روز تک جب منظر نہ بدلا تو بالآخر ایک پڑوسی نے پولیس کو کال کی۔

    پولیس پہنچی تو پتہ چلا کہ مذکورہ جسم ایک 75 سالہ بزرگ کی لاش تھی جو اس گھر میں اکیلے رہتے تھے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ یہ خودکشی کا واقعہ معلوم ہوتا ہے، بوڑھے نے سر پر گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا جو اس کی آنکھ میں گھس گئی۔

    ایک پڑوسی کا کہنا ہے کہ مذکورہ بزرگ سے اس کا ہائی ہیلو کی حد تک رابطہ تھا، وہ بہت نرم مزاج اور خوش لباس انسان تھے۔

    پولیس بزرگ کے ورثا سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ واقعے کا دیگر پہلوؤں سے بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔

  • معروف ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلر لاپتہ، حکام حیران

    معروف ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلر لاپتہ، حکام حیران

    لاس اینجلس: معروف ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلر شاڈ گیسپارڈ ساحل سمندر پر نہاتے ہوئے لاپتہ ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق ڈبلیو ڈبلیو ای اسٹار شاڈ گیسپارڈ مرینہ ڈیل رے میں اتوار کی سہ پہر بحرالکاہل میں تیراکی کرتے ہوئے سمندر کی بے رحم موجوں کا شکار ہو کر لاپتہ ہوگئے۔

    لاس اینجلس کاؤنٹی فائر ڈپارٹمنٹ لائف گارڈ ڈویژن کا کہنا ہے شاڈ گیسپارڈ اپنے بیٹے کے ہمراہ سمندر میں نہاتے ہوئے گہرے پانی میں چلے گئے، لائف گارڈز گیسپارڈ کے بیٹے کو بچانے میں کامیاب رہے لیکن سابق ریسلر بے رحم موجوں کا شکار ہوگئے۔

    لائف گارڈ ڈویژن کا کہنا تھا کہ شاڈ گیسپارڈ کی تلاش کے لیے فوری طور پر ریسکیو کشتیاں طلب کی گئیں، غوطہ خوروں اور ہیلی کاپٹروں کے ذریعے سابق ریسلر کو تلاش کرنے کی کوشش کی گئی لیکن شام ساڑھے سات بجے تلاشی کا عمل روک دیا گیا۔

    لاس اینجلس کاؤنٹی فائر ڈپارٹمنٹ لائف گارڈ ڈویژن کی میرین ٹیکنیکل سرچ ٹیم نے اگلے روز مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے ایک بار پھر تلاشی کا عمل شروع کیا لیکن انہیں کامیابی نہ مل سکی۔

    واضح رہے کہ شاڈ گیسپارڈ 2003 سے 2007 اور پھر 2008 سے 2010 تک ڈبلیو ڈبلیو ای سے وابستہ رہے لیکن وہ دسمبر 2016 میں اس وقت خبروں کی زینت بنے جب انہوں نے فلوریڈا کے ایک اسٹور میں مسلح ڈکیتی کو ناکام بنایا۔

  • امریکی شہر لاس اینجلس میں دھماکا،11 فائر فائٹرز زخمی

    امریکی شہر لاس اینجلس میں دھماکا،11 فائر فائٹرز زخمی

    لاس اینجلس: امریکی شہر لاس اینجلس میں خوفناک دھماکا ہوا،جس کے بعد کئی عمارتوں میں آگ لگ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی شہر لاس اینجلس میں مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے فیکٹری میں خوفناک دھاکا ہوا جس سے عمارتیں لرز اٹھیں، دھماکے کے بعد متعدد عمارتوں کو آگ لگ گئی۔

    دھماکے کی اطلاع ملتے ہی فائر فائٹرز کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں،آگ بجھانے کے لیے 230 سے زائد فائر فائٹرز نے آپریشن میں حصہ لیا جس دوران 11 فائر فائٹرز زخمی ہوگئے۔

    پولیس نے علاقے کا محاصرہ کر لیا، دھماکا کیسے ہوا تاحال معلوم نہیں ہوسکا ہے تاہم دھماکے سے متعلق شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

    لاس اینجلس فائر ڈیپارٹمنٹ کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر مارک ایکسٹن نے نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے 11 فائر فائٹرز کو اسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے دو فائر فائٹرز کو وینٹی لیٹرز پر رکھا گیا ہے جبکہ باقی کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    فائر ڈیپارٹمنٹ کے چیف ٹیرازاس کا کہنا تھا کہ ہمارے بہت سے فائر فائٹرز کو صدمہ پہنچا ہے، میں نے ان سے براہ راست بات کی۔ان کا کہنا تھا کہ جب آپ میں سے کوئی شخص زخمی ہوجاتا ہے تو آپ جذباتی تناؤ کا تصور کرسکتے ہیں۔

  • قیمتی گھڑیاں چرانے کے لیے 2 خواتین نے امیر زادے کو بے وقوف بنا دیا

    قیمتی گھڑیاں چرانے کے لیے 2 خواتین نے امیر زادے کو بے وقوف بنا دیا

    واشنگٹن: امریکی شہر لاس اینجلس میں دو خواتین ایک امیر شخص کو بیوقوف بنا کر اس کے گھر سے 2 قیمتی گھڑیاں لے اڑیں، پولیس نے دونوں کی تلاش شروع کردی۔

    پولیس کے مطابق مذکورہ خواتین کی متاثرہ شخص اور اس کے دوست سے ایک ریستوران میں ملاقات ہوئی، بعدا زاں چاروں افراد متاثرہ شخص کے گھر پہنچے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ خواتین نے دونوں مردوں کے مشروبات میں کچھ شامل کیا۔ ان میں سے ایک خاتون نے سرخ بالوں کی وگ پہنی ہوئی تھی۔

    تھوڑی دیر بعد سرخ بالوں والی خاتون اور متاثرہ شخص کا دوست گھر سے باہر چلے گئے، تاہم تھوڑی ہی دیر بعد وہ خاتون ریسٹ روم استعمال کرنے کا کہہ کر گھر کے اندر واپس چلی گئیں۔

    جب کافی دیر تک وہ واپس نہ آئی تو دوست گھر کے اندر آیا، اس نے دیکھا کہ دونوں خواتین وہاں موجود نہیں تھی۔ تھوڑی دیر بعد اس نے اپنے دوست کو کمرے کے اندر بے ہوش حالت میں پایا۔

    ایمبولینس کے آنے کے بعد متاثرہ شخص کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت بہتر بتائی جارہی ہے۔ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اس کے بے ہوش ہونے کی وجہ کیا بنی۔

    بعد ازاں علم ہوا کہ مذکورہ شخص کے کمرے سے 2 نہایت قیمتی گھڑیاں بھی غائب ہیں، پولیس نے گھڑیوں کی مالیت ظاہر نہیں کی۔

    دونوں خواتین کی عمریں 20 سے 30 برس کے درمیان بتائی جارہی ہیں، پولیس واقعے کی مزید تفتیش کررہی ہے۔

  • لاس اینجلس میں ہیلی کاپٹر تباہ، باسکٹ بال لیجنڈ بیٹی سمیت ہلاک

    لاس اینجلس میں ہیلی کاپٹر تباہ، باسکٹ بال لیجنڈ بیٹی سمیت ہلاک

    لاس اینجلس: امریکی ریاست لاس اینجلس میں نجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا جس میں باسکٹ بال کے لیجنڈ کھلاڑی کوبی برائنٹ ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق 41 سالہ امریکی باسکٹ بال لیجنڈ کھلاڑی کوبی برائنٹ اتوار کی صبح امریکی ریاست لاس اینجلس میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے سے ہلاک ہو گئے، حکام نے تصدیق کی ہے کہ ان کے ہم راہ ان کی 13 سالہ بیٹی جیانا بھی ہیلی کاپٹر میں سوار تھیں۔

    خبر ایجنسی کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے کے وقت فضا میں دھند تھی، ہیلی کاپٹر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے بعد وہ کالاباسس کی پہاڑیوں میں گر کر تباہ ہو گیا۔ اس حادثے میں کوبی برائنٹ اور ان کی بیٹی سمیت 9 افراد ہلاک ہوئے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہیلی کاپٹر حادثے میں کوبی برائنٹ کی ہلاکت پر اظہار افسوس کیا، سابق امریکی صدر براک اوباما نے بھی کوبی برائنٹ کی موت پر دکھ کا اظہار کیا۔

    حکام کے مطابق حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے، تاہم اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں۔

  • لاس اینجلس میں پولیس کی کارروائی، گھر سے اسلحے کا بڑا ذخیرہ برآمد

    لاس اینجلس میں پولیس کی کارروائی، گھر سے اسلحے کا بڑا ذخیرہ برآمد

    واشنگٹن : کیلی فورنیا پولیس نے ایک گھر پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے ایک ہزار ہتھیار برآمد کرکے 57 سالہ شخص کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کیلی فورنیا کی پولیس نے ایک نامعلوم ٹیلی فون کال پر لاس اینجلس شہر کے علاقے شمالی بیورلے گلین بلوارڈ کے ایک مکان پر چھاپہ مارا۔ پولیس اہلکار جب دیگر اداروں کے ہمراہ صبح چار بجے 5 بیڈ رومز پر مشتمل مکان میں داخل ہوئی تو اسے غیر متوقع صورت حال کا سامنا کرنا پڑا۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گھر کے کمروں میں ہر طرف بندوقیں بکھری پڑی تھیں۔ حکام کا کہنا تھا کہ 30 سکیورٹی اہلکاروں نے مسلسل 12 گھنٹوں کی تگ و دو کے بعد مکان کے مختلف کمروں سے بندوقیں، پستول اور دیگر خود کار ہتھیار اکھٹے کر کے ان کی فہرست ترتیب دینے کی کوشش کی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ گھر میں موجود شخص جیراڈ سائنز کو کیلی فورنیا کے اسلحہ رکھنے کے قوانین کی خلاف ورزی اور ممنوعہ ساخت کی بندوقیں رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

    پولیس کے مطابق برآمد ہونے والے اسلحے میں جدید خود کار ہتھیار اور 50 بور کی مشین گنز شامل ہیں، کیلی فورنیا کے قوانین کے تحت مخصوص حالات کے علاوہ جدید خودکار ہتھیاروں اور 50 بور کی مشین گن کی تیاری، فروخت اور منتقلی پر پابندی ہے۔

    حکام کے مطابق جیراڈ سائنز نے یہ اسلحہ فروخت کرنے کے لیے گھر کے مختلف حصوں میں چھپا رکھا تھا، لاس اینجلس پولیس کے لیفٹیننٹ کرس ریمرائز نے موقع پر موجود رپورٹرز کو بتایا کہ اسلحے کا ذخیرہ ٹرک میں ڈال کر گھر سے منتقل کر دیا ہے جسے ثبوت کے طور پر عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    لیفٹیننٹ کرس ریمرائز کا کہنا تھا کہ یہ بہت بڑا ذخیرہ ہے، یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ کوئی شخص اسلحے کا اتنا بڑا ذخیرہ کس طرح اپنے گھر میں جمع کر سکتا ہے، پولیس نے اسلحہ برآمد کرنے کے بعد معاملے کی تفتیش شروع کر دی۔

    فیڈرل لا انفورسمنٹ آرگنائزیشن کے ایک بیان میں کہا گیا کہ جیراڈ سائنز فیڈرل لائسنس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے گھر میں ممنوعہ بور کا اسلحہ لائسنس فروخت کر رہا تھا۔ گرفتار ہونے والے جیراڈ سائنز کو 50 ہزار ڈالرز کے مچلکے جمع کرانے کے بعد ضمانت پر رہا کیا گیا۔

    لاس اینجلس میں جائیداد کا ریکارڈ رکھنے والے محکمے کے مطابق جس گھر سے اسلحہ برآمد ہوا وہ گھر بزنس ٹائیکون گورڈن گیٹی کی پارٹنر سنتھیا بیک کی ملکیت ہے، سنتھیا بیک کی گورڈن گیٹی سے تین بیٹیاں بھی ہیں۔

    سنتھیا بیک نے یہ گھر جنوری 2001 میں خریدا تھا تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ان واقعات سے سنتھیا کا کوئی تعلق ہے یا نہیں، بزنس ٹائیکون گورڈن گیٹی اور سنتھیا بیک سنہ 1999 میں اس وقت خبروں میں آئے جب یہ راز افشا ہوا کہ گیٹی نے ایک ہی شہر میں رہتے ہوئے دو شادیاں کر رکھی ہیں اور دوںوں کو خفیہ رکھنے میں طویل عرصے تک کامیاب رہے۔

    ریکارڈ کے مطابق حالیہ برسوں میں سنتھیا بیک نے لاس اینجلس اور سان فرانسسکو میں کئی جائیدادیں خریدیں۔ انہوں نے چند جائیدادیں جیراڈ سائنز کے ساتھ مل کر بھی خریدیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا بیک اسی گھر میں ہی رہتی ہیں جہاں سے اسلحہ برآمد ہوا یا نہیں۔ بیک کا موقف معلوم کرنے کے لیے ان سے رابطہ نہیں ہو سکا۔

  • آسکر جیتنے کے بعد لیڈی گاگا کی جذباتی تقریر وائرل

    آسکر جیتنے کے بعد لیڈی گاگا کی جذباتی تقریر وائرل

    لاس اینجلس: مشہور امریکی گلوکارہ لیڈی گاگا اپنی زندگی کا پہلا آسکر ایوارڈ جیتنے کے بعد تقریر کرتے ہوئے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں، ان کی جذباتی تقریر کی ویڈیو انٹرنیٹ پر آتے ہی وائرل ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی گلوگارہ لیڈی گاگا کے گانے ’شیلو‘ کو آسکر 2019 میں بہترین گانے کا ایوارڈ مل گیا ہے جو لیڈی گاگا ہی کی زندگی پر بننے والی فلم ’اے سٹار اِز بارن‘ میں گایا گیا ہے۔

    لیڈی گاگا نے جذبات سے بھرپور لہجے میں کہا کہ اصل بات جیتنا نہیں بلکہ کبھی ہار نہ ماننا ہے، آپ اپنے خواب کو پورا کرنے کی بس کوشش کرتے جائیں۔

    دوسری طرف مسلم ن لیگ کے سیاست دان احسن اقبال نے بھی لیڈی گاگا کی تقریر کو سراہا، ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ گلوکارہ نے انتہائی سبق آموز الفاظ ادا کیے ہیں۔

    لیڈی گاگا کی یہ جذباتی تقریر ان کے پرستاروں نے بے حد پسند کی، سوشل میڈیا پر اس کی ویڈیو کو بار بار شیئر کیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  آسکر 2019‘ گرین بُک بہترین فلم، رامی ملک اور اولویا کولمین بہترین ادکار و اداکارہ قرار

    آسکر کی تقریب میں لیڈی گاگا اور بریڈلے کوپر نے مذکورہ گانے پر پرفارمنس بھی دی، جسے سوشل میڈیا پر دنیا بھر کے صارفین نے بہت پسند کیا۔

    ایوارڈ جیتنے کے بعد لیڈی گاگا اس وقت دنیا بھر کی میڈیا میں نمایاں طور پر خبروں کا حصہ بنی ہوئی ہیں، پرفارمنس اور تقریر کے علاوہ ان کی پہنی ہوئی جیولری بھی خبروں کا موضوع بن گئی ہے۔

    ان پر بنائی گئی فلم میں گلوکارہ کی فلمی دنیا میں جدوجہد اور ان کی رومانوی تعلقات کو موضوع بنایا گیا ہے۔