Tag: لاس ویگاس

  • امریکا میں لینڈنگ کے دوران مسافر طیارے میں آگ لگنے کی ویڈیو سامنے آ گئی

    امریکا میں لینڈنگ کے دوران مسافر طیارے میں آگ لگنے کی ویڈیو سامنے آ گئی

    لاس ویگاس: امریکا میں لینڈنگ کے دوران ایک مسافر طیارے میں آگ بھڑک اٹھی، واقعے کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں بھڑکتے شعلوں کو دیکھا جا سکتا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا میں لینڈنگ کے وقت مسافر طیارے میں آگ بھڑک اٹھی، لاس ویگاس ایئرپورٹ پر فرنٹیئر ایئر لائن کے طیارے میں دھواں اٹھنے کے بعد ہنگامی لینڈنگ کی گئی تھی۔

    حادثہ گزشتہ روز ہفتے کو اس وقت پیش آیا جب امریکی ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگاس میں ہیری ریڈ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر طیارہ لینڈ کر رہا تھا، سیل فون کی ویڈیو میں طیارے کے رن وے پر اترتے ہی شعلے اور دھوئیں کے بادل دکھائی دے رہے ہیں۔

    طیارے کے اترتے ہی فائر ٹرک اور دیگر ایمرجنسی سروسز کی گاڑیاں رن وے پر پہنچ گئیں، اور امدادی ٹیموں نے بروقت کارروائی کر کے آگ پر قابو پا لیا۔

    بتایا جا رہا ہے کہ طیارے میں 190 مسافر اور عملے کے 7 ارکان سوار تھے، حادثے میں تمام افراد محفوظ رہے اور کوئی زخمی نہیں ہوا، حکام کا کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

    ایئرلائن کے ترجمان کے مطابق فرنٹیئر فلائٹ سان ڈیاگو سے روانہ ہوئی تھی، لاس ویگاس ایئرپورٹ پہنچنے پر پائلٹوں کو دھوئیں کا پتا چلا، جس پر انھوں نے ایمرجنسی کا اعلان کیا، اس کے بعد انھوں نے طیارے کو بہ حفاظت لینڈ کرایا، تمام مسافروں اور عملے کو ہوائی سیڑھیوں کے ذریعے باہر نکالا گیا۔

  • نوجوان نے خاتون کو مارنے کے بعد لاش کوڑے دان میں پھینک دی

    نوجوان نے خاتون کو مارنے کے بعد لاش کوڑے دان میں پھینک دی

    نوجوان نے چاقو کے پے در پے وار کرتے ہوئے خاتون کو ہلاک کردیا اور اس کی لاش کو کوڑے دان میں پھینک دیا۔

    لاس ویگاس میں پولیس نے حال ہی میں امریکی ریاست اڈاہو سے لاپتہ ہونے والے نوجوان کو گرفتار کیا ہے، جس پر الزام ہے کہ گزشتہ ماہ اس نے لاس ویگاس میں ایک خاتون کو مبینہ طور پر چاقو کے کئی وار کرکے ہلاک کردیا۔

    میٹروپولیٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق 29 اپریل کی صبح تقریباً ساڑھے سات بجے کے قریب اہلکاروں نے ایک خاتون کو کوڑے کے بڑے سے کنٹینر میں مردہ پایا جبکہ اس کے جسم پر چاقو کے متعدد وار کے نشانات تھے۔

    کلارک کاؤنٹی کورونر آفس کی جانب سے عورت کی موت کی وجہ کا تعین ہونا باقی ہے لیکن پولیس کا کہنا ہے کہ عورت کو قتل کیا گیا ہے۔

    میڈیا کے مطابق مقتولہ کی عمر 59 سے 60 سال کے درمیان تھی جبکہ اس کی لاش ملنے سے تقریباً دو دن پہلے اس کی موت ہوچکی تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 18 سالہ لنکن بوئے جو کہ اڈاہو سے لاپتہ ہوا تھا، اس نے مقتولہ کو چاقو سے مارا ہے۔ بوئے نامی لڑکی نے مبینہ طور پر پولیس کو بتایا کہ وہ لاس ویگاس چلا گیا تھا کیونکہ وہ اس شہر کو چھوڑنا چاہتا تھا اور کچھ آزادی حاصل کرنا چاہتا تھا۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج سے پتا چلتا ہے کہ مبینہ طور پر ایک عورت تقریباً 3 بجے کے قریب کوڑے دان کے پاس ایک شاپنگ کارٹ کو دھکیلتے ہوئے لے جارہی ہے۔

    فوٹیج میں بوئے نامی لڑکے کو کار پارک کرتے ہوئے اور پھر کوڑے دان کو تلاش کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ لڑکا 20 منٹ بعد شاپنگ سینٹر کے پیچھے سے باہر آتا ہے۔

    تفتیش کاروں نے الزام لگایا کہ لڑکا اپنے جرائم کو چھپانے کی کوشش کر رہا ہے۔ 2 مئی کو گرفتار ہونے والے لڑکے کو حراستی مرکز میں مہلک ہتھیار سے کھلے عام قتل کے الزام میں رکھا گیا ہے۔

  • بچی سے زیادتی کے ملزم پر عدالت کے باہر حملہ، ویڈیو منظر عام پر

    بچی سے زیادتی کے ملزم پر عدالت کے باہر حملہ، ویڈیو منظر عام پر

    نوعمر بچی سے زیادتی کے الزام میں گرفتار ملزم پر عدالت کے باہر ایک شخص نے حملہ کردیا، واقعے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق نوعمر لڑکی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے الزام میں پکڑے گئے 59 سالہ یوسف اعظمی پر لاس ویگاس کے کمرہ عدالت کے باہر حملہ ہوا جس میں اسے مکوں سے نشانہ بنایا گیا۔

    یوسف اعظمی پر اغوا، فحاشی اور جنسی حملوں کے الزامات کے حوالے سے 23 جنوری کو ابتدائی سماعت ہونے والی تھی۔ ملزم سماعت سے پہلے کمرہ عدالت سے باہر آیا تھا کہ ایک شخص نے موقع پا کر حملہ کیا۔

    وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مذکورہ شخص اچانک اعظمی کے پاس جاتا ہے اور اسے مکوں سے مار کر زمین پر گرا دیتا ہے۔ کہا جارہا ہے کہ مذکورہ شخص اس کیس میں متاثرہ نوعمر لڑکی کا رشتے دار ہے۔

    اس دوران کئی افراد بشمول ایک افسر ملزم اور اس شخص کی طرف بڑھے۔ زیادتی کے ملزم کو مارنے والے فرد کی شناخت گلین کروم ویل جونیئر کے نام سے ہوئی ہے۔

    عدالتی دستاویزات کے مطابق یوسف اعظمی، ایک اداکار ہے جو کہ افغانستان میں پیدا ہوا، اس نے ستمبر میں اپنے گھر میں ایک نوعمر لڑکی کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

    3 ستمبر 2023 کو پولیس کو اطلاع ملی تھی جس میں لڑکی کا کہنا تھا کہ وہ اعظمی کی گاڑی میں بیٹھی جہاں وہ اسے اپنے گھر لے گیا اور اس کے ساتھ زیادتی کی۔ نوعمر لڑکی مبینہ جرم کے وقت 14 یا 15 سال کی تھی۔

    اس نے پولیس کو بتایا کہ وہ کچھ پینے اور کھانے کی تلاش میں گھوم رہی تھی جب اس کا سامنا یوسف اعظمی سے ہوگیا اور یہ واقعہ پیش آیا۔

  • لاس ویگاس کی یونیورسٹی میں فائرنگ، 3 افراد ہلاک

    لاس ویگاس کی یونیورسٹی میں فائرنگ، 3 افراد ہلاک

    امریکی شہر لاس ویگاس کی یونیورسٹی میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے باعث 3 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ ایک شخص کے شدید زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی یونیورسٹی آف نیواڈا کے لاس ویگاس کیمپس میں پیش آنے والے واقعے میں ملوث شخص بھی فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا۔

    حکام نے اس حوالے سے آگاہ نہیں کیا کہ حملہ آور پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہوا یا اس نے خود کو گولی ماری تھی تاہم پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں ایمرجنسی نمبر پر یونیورسٹی کیمپس میں فائرنگ سے متعلق اطلاعات موصول ہوئیں جس کے بعد قریب موجود افسران نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر حملہ آور کو ہلاک کردیا۔

    لاس ویگاس پولیس کے شیرف نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد طلباء میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، جبکہ شہری بھی خوف میں مبتلا ہیں۔

    حملہ آور کی ہلاکت کے بعد لاس ویگاس میٹروپولیٹن پولیس نے سکیورٹی کلیئرنس دی تاہم یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے کیمپس کو ایک دن کیلئے بند کردیا گیا۔

    ’پیوٹن سعودی عرب پہنچ گئے، شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات‘

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ایک افسوسناک واقعہ 2017 میں رونما ہوا تھا جب لاس ویگاس کے ایک ہوٹل کی اونچی عمارت کی کھڑکی سے ایک فیسٹیول پر فائرنگ کے واقعے میں 60 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔

  • لاس ویگاس میں شدید بارشوں سے سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی

    لاس ویگاس میں شدید بارشوں سے سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی

    لاس ویگاس: امریکا کے شہر لاس ویگاس میں شدید بارشوں سے سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کے شہر لاس ویگاس میں جمعہ کو شدید بارشوں سے سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی، کئی رہائشی علاقے زیر آب آ گئے اور سڑکیں تالاب بن گئیں۔

    سیلابی ریلوں کے باعث سڑکوں پر جگہ جگہ گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں، حکام نے لوگوں کو سیلاب والے علاقوں میں گاڑیاں نہ لانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

    سیلاب کے باعث 4 ہزار سے زیادہ افراد بجلی سے محروم ہو گئے ہیں، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مزید موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

    لاس ویگاس میں جمعے کو ہونے والی بارش پورے ستمبر کی ماہانہ اوسط سے تقریباً تین گنا زیادہ رہی، اور گزشتہ 11 برسوں میں یہ ستمبر کے مہینے کا سب سے زیادہ پانی برسانے والا دن تھا۔

    موسم کی خرابی کے باعث تقریباً 700 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں اور 100 سے زیادہ منسوخ کر دی گئیں۔ نیشنل ویدر سروس نے عوام کو متنبہ کیا کہ وہ سیلاب زدہ سڑکوں کو عبور کرنے کی کوشش نہ کریں۔

  • امریکا: سفاک باپ نے شیر خوار بیٹی کو دوسری منزل سے نیچے پھینک دیا

    امریکا: سفاک باپ نے شیر خوار بیٹی کو دوسری منزل سے نیچے پھینک دیا

    امریکا میں ایک سفاک باپ نے اپنی شیر خوار بیٹی کو دوسری منزل کی بالکونی سے نیچے پھینک دیا جس سے شیر خوار کی موت واقع ہوگئی۔

    یہ اندوہناک واقعہ امریکی شہر لاس ویگس میں پیش آیا جہاں والد نے 2 ماہ کی بچی کو بالکونی سے نیچے پھینکا، بعد ازاں اپارٹمنٹ کو آگ لگائی اور فرار ہونے کی کوشش میں 2 گاڑیوں سے تصادم کا سبب بنا۔

    پولیس کے مطابق واقعے کی رات صبح 4 بجے کے قریب بچی کی ماں نے 911 کو فون کیا اور کہا کہ اس کی شیر خوار بیٹی کو دوسری منزل سے نیچے پھینک دیا گیا ہے۔

    پولیس موقع پر پہنچی تو ماں، بچی کو اپنی گود میں لیے ہوش میں لانے کی کوشش کر رہی تھی، اسپتال لے جائے جانے پر بچی کی موت کی تصدیق ہوگئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جوڑے کے درمیان جھگڑا ہوا تھا جس کے دوران باپ نے بیوی کی گود سے بیٹی کو چھینا اور دوسری منزل کی بالکونی سے نیچے پھینک دیا۔

    اس کے بعد جب ماں نیچے بچی کو ہوش میں لانے کی کوشش کر رہی تھی تب ملزم نے اپارٹمنٹ کو آگ لگائی اور فرار ہونے کے لیے گاڑی میں سوار ہوا۔

    اس نے گھر کے قریب ایک گاڑی کو ٹرک ماری، بعد ازاں وہ ایئرپورٹ پہنچا اور ایئرپورٹ کے قریب ایک اور گاڑی کو ٹکر ماری، تاہم ایئر پورٹ میں داخل ہوتے ہی اسے گرفتار کرلیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اپارٹمنٹ میں آتشزدگی سے خاصا نقصان ہوا ہے جبکہ پالتو کتا بھی ہلاک ہوگیا ہے۔ پولیس نے ملزم پر قتل کی دفعات عائد کی ہیں۔

  • گھر کو ہی گیس اسٹیشن بنا دیا

    گھر کو ہی گیس اسٹیشن بنا دیا

    لاس ویگاس: امریکی شہر لاس ویگاس میں گھر میں بنایا گیا گیس اسٹیشن پکڑا گیا، پولیس نے غیرقانونی گیس اسٹیشن بنانے والے شخص کے خلاف کارروائی شروع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی شہر لاس ویگاس میں گھر کے اندر بنایا گیا گیس اسٹیشن پکڑا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ گھر میں گیس اسٹیشن بنانا نہ صرف غیرقانونی ہے بلکہ ارد گرد میں موجود آبادی کے لیے بھی خطرہ ہے۔

    گھر میں بنائے گئے گیس اسٹیشن کی تصاویر بھی شہیر کی گئی ہیں جس میں گیس ٹینک دکھائی دے رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ غیر قانونی گیس اسٹیشن کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں امریکی ریاست ٹینیسی کے گیس اسٹیشن پر لاکھوں پتنگے دیکھ کر جہاں کچھ لوگ حیران رہ گئے وہیں کچھ ان مناظر کو کیمرے کی آنکھ میں قید کرتے نظر آئے جبکہ اسٹیشن ملازم پتنگوں کو ہٹانے کی کوشش میں ہلکان ہوتے رہے۔

  • پاکستان کے ارسلان صدیقی نے ورلڈ ویڈیو گیمز چیمپئن شپ جیت لی

    پاکستان کے ارسلان صدیقی نے ورلڈ ویڈیو گیمز چیمپئن شپ جیت لی

    واشنگٹن: پاکستان کے ارسلان صدیقی نے ورلڈ ویڈیو گیمز چیمپئن شپ جیت کر تاریخ رقم کردی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست لاس ویگاس میں ہونے والے ورلڈ ویڈیو گیمز چیمپئن شپ میں ارسلان صدیقی ٹیکن 7 کے ورلڈ چیمپئن بن گئے۔

    ارسلان صدیقی نے ٹیکن ٹیگ ٹورنامنٹ ٹو کے گرینڈ فائنل کوریا سے تعلق رکھنے والے ٹیکن گیم کے لیجنڈ یائی من نی کو ہرا کر ورلڈ چیمپئن شپ اپنے نام کی۔

    گیم سیریز کا گرینڈ فائنل امریکا کے شہر لاس ویگاس میں منعقد ہوا جس میں ارسلان صدیقی نے گیمنگ کی دنیا کے بڑے کھلاڑیوں کو شکست دی۔

    ارسلان نے 2018 سے گیمنگ ٹورنامنٹس میں حصہ لینا شروع کیا اور رواں سال فروری میں جاپان میں ہونے والا ایوو ٹورنامنٹ بھی جیتا تھا۔

    ارسلان صدیقی کا کہنا تھا کہ مجھے ایسا محسوس ہورہا ہے جیسے ناقابل یقین کچھ کرلیا ہے، مجھے بہت فخر محسوس ہورہا ہے اور کامیابی پر بہت خوش ہوں۔

    واضح رہے کہ ورلڈ ویڈیو گیمز چیمپئن شپ میں 4 ملکوں کے 8 کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا۔ چیمپئن شپ میں میزبان امریکی ٹیم کے کھلاڑی ٹی کے اناکن نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

  • لاس ویگاس میں 114 فٹ بلند زپ لائن

    لاس ویگاس میں 114 فٹ بلند زپ لائن

    امریکی شہر لاس ویگاس میں 114 فٹ بلند زپ لائن کھول دی گئی، لوگوں کی بڑی تعداد ایڈونچر میں حصہ لینے کے لیے پہنچ گئی۔

    خطروں کے شوقین مہم جو افراد کے لیے لاس ویگاس میں کھولی جانے والی یہ زپ لائن 114 فٹ بلند ہے۔ اس میں 10 افراد ایک ساتھ ہوا میں تیرتے ہوئے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔

    35 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے اس زپ لائن میں لوگ 11 سو 21 فٹ کا سفر طے کرسکتے ہیں۔

    اس سے لطف اندوز ہونے والے افراد چاہیں تو کسی سپر ہیرو کی طرح اڑ سکتے ہیں، اور چاہیں تو بیٹھ کر بھی اس جھولے سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔

    زپ لائن کے ٹکٹ کی قیمت 25 سے 40 ڈالر کے درمیان رکھی گئی ہے، اس مہم جوئی کا لطف لینے کے لیے سیاحوں اور مقامی افراد کی بڑی تعداد یہاں پہنچ رہی ہے۔

    کیا آپ اس سے لطف اندوز ہونا چاہیں گے؟

  • ہالی ووڈ کامیڈین رالفی مے چل بسے

    ہالی ووڈ کامیڈین رالفی مے چل بسے

    لاس ویگاس: چہروں پرخوشیاں بکھیرنے والے معروف امریکی کامیڈین رالفی مے دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے مزاحیہ انداز سے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے اداکاراور معروف کامیڈین رالفی مے دل کا دورہ پڑنے سے45 برس کی عمر میں وفات پاگئے۔

    معروف کامیڈین کے اہل خانہ کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ رالفی مے امریکی ریاست لاس ویگاس میں اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے انہیں اسپتال منتقل کیے جانے پر ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔

    امریکی نامور کامیڈین رالفی مے نے دوروز قبل گلوبل گیمنگ ایکسپو 2017 کے بہترین اسٹینڈ اپ کا میڈین کا ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔ انہوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز 2003 میں کیا تھا۔

    رالفی مے کی مزاحیہ اداکاری کے لوگ اس قدر دیوانے تھے کہ ان کے شوز کئی ماہ پہلے کرلیے جاتے تھے۔

    یاد رہے کہ معروف کامیڈین رالفی مے کی 16 سال کی عمر میں ایک حادثے میں ان کی 42 ہڈیاں ٹوٹ گئی تھیں تاہم انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور علاج جاری رکھا


    کنگ آف کامیڈی جیری لوئس چل بسے


    واضح رہے کہ 21 اگست کو اپنے مزاحیہ انداز سے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے ہدایت کار، لکھاری اور معروف کامیڈین جیری لوئس 91 برس کی عمر میں وفات پاگئے تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔