پاکپتن: پنجاب کے شہر پاکپتن کے علاقے امین کوٹ میں لالچ میں اندھے داماد نے اپنی ساس کو گولی مار کر قتل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک پتن کے علاقے امین کوٹ میں رقم کے تنازع پر داماد کی فائرنگ سے ساس جاں بحق ہو گئی، کلیانہ پولیس نے ملزم کے 2 ساتھیوں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا۔
ساس کو گولی مارنے والا مرکزی ملزم واردات کر کے فرار ہو گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، فائرنگ کے واقعے میں ایک اور خاتون زخمی بھی ہوئی ہے جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق پیسوں کے لالچ میں داماد نے 2 ساتھیوں کے ساتھ مل کر اپنی ساس پر فائرنگ کی تھی۔
یاد رہے کہ چار ماہ قبل کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں گھریلو ناچاقی کی بنا پر ایک شخص عبدالغفار نے فائرنگ کر کے بیوی اور ساس کو قتل کر دیا تھا، واردات کے بعد ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ اس کیس میں بھی مرکزی ملزم کے دو بھائیوں کو گرفتار کیا گیا تھا تاہم وہ خود فرار ہو گیا تھا جس کی تلاش کے لے شہر میں ناکہ بندی بھی کی گئی۔
گزشتہ ماہ کراچی کے علاقے نیو مظفر آباد کالونی میں ملزم سرتاج نے گھر میں گھس کر اپنی ساس اور سالے پر فائرنگ کر دی تھی جس سے ساس شدید زخمی جب کہ 18 سالہ عرفان اللہ جاں بحق ہو گیا تھا۔