Tag: لانڈھی

  • کراچی: لانڈھی میں ڈیزل سے بھرا ٹینکر الٹ گیا

    کراچی: لانڈھی میں ڈیزل سے بھرا ٹینکر الٹ گیا

    کراچی: لانڈھی نمبر چار کے قریب ڈیزل سے بھرا ہوا ٹینکر الٹ گیا جس کے نتیجے میں ٹینکر سے آئل کا اخراج شروع ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق لانڈھی نمبر 4کے قریب آئل سے بھرا ٹینکر الٹ گیا، لانڈھی پولیس نے فوری طور حفظ ماتقدم کے تحت مخصوص علاقے کو سیل کرتے ہوئے فائر برگیڈ اور ریسکیو کو طلب کر لیا گیا۔

    لانڈھی پولیس کے مطابق آئل ٹینکر میں 50 ہزار لیٹر ڈیزل موجود ہے، ٹینکر ڈرائیور آصف ٹنڈو محمد خان سے آرہا تھا اور پاکستان آئل ریفائنری کی جانب جا رہا تھا کہ موڑ موڑتے ہوئے حادثہ پیش آیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ پر پولیس اور رینجرز تعینات کردی گئی ہے جبکہ آئل ٹینکر کو سیدھا کرنے کیلئےکرین بلائی گئی ہے، آئل ٹینکر کو پہلے خالی کیا جائے گا پھر ہٹایا جائیگا۔

    اس کے علاوہ لانڈھی پولیس نے اپنی مدد آپ کے تحت فور طور پر بہنے والے آئل کی نکاسی کی تاکہ کسی بھی غلطی سے کوئی حادثہ پیش نا آسکے۔

    حادثے کے بعد ٹریفک پولیس کا متعلقہ سیکشن افسر ڈیڑھ گھنٹے بعد موقع پر پہنچا، پولیس کے مطابق ٹینکر کو حادثے کے مقام سے ہٹانے کے لیے تاحال مشینری نہیں پہنچی۔

  • کراچی : 2  بہنوں کا اکلوتا بھائی ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق

    کراچی : 2 بہنوں کا اکلوتا بھائی ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق

    کراچی : لانڈھی میں ڈاکوؤں نےایک اور معصوم کی جان لے لی جبکہ خالہ زخمی ہوئی، 10 سالہ امین دو بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی 89 میں ڈکیتوں نے نوجوان سے موٹر سائیکل چھینتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کردی ، جس سے گلی میں موجود 10 سالہ امین گردن پر گولی لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے واقعے میں نوجوان کی خالہ ناصرہ بی بی بھی زخمی ہوئی، جنہیں تشویش ناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاہم فرار ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

    لواحقین نے بتایا کہ گھر میں لائٹ نہ ہونے کے باعث امین خالہ کیساتھ گھر کے باہر بیٹھا تھا کہ بائیک پر ڈاکو موٹر سائیکل سوار شخص کا تعاقب کرتے ہوئے آرہے تھے، ڈاکو جس شخص کا تعاقب کررہے تھے اس کے پاس نئی موٹر سائیکل تھی،ڈاکوؤں نے موٹر سائیکل سوار شخص پر متعدد فائر کیے مگر وہ بچ گیا لیکن گولی لگنےسے امین دم توڑگیا اس کی خالہ زخمی ہوئی۔

    مقتول امین مدرسہ کا طلبعلم اور دو بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا، ورثا نے مطالبہ کیا ہے کہ انصاف فراہم کیا جائے اور واردات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔

    پولیس کےمطابق واردات میں شامل ڈکیتوں کی تعداد چار تھی،رواں برس ڈکیتوں کی فائرنگ سے جاں بحق شہریوں کی تعداد چالیس ہوگئی۔

    ایس ایس پی کورنگی نے بتایا کہ ملزمان لانڈھی بابر مارکیٹ میں واردات کررہے تھے کہ موبائل اسنیچنگ کےدوران عوام ڈاکوؤں کے پیچھے بھاگی، کچھ لوگوں نےملزمان کاموٹر سائیکلوں پرپیچھا کیا، شہریوں کو بھگانےکےلیےملزمان نے گولیاں چلائیں۔

  • ‌کراچی : لانڈھی میں  ٹرکوں کو جلانے والے  10 افراد  گرفتار

    ‌کراچی : لانڈھی میں ٹرکوں کو جلانے والے 10 افراد گرفتار

    کراچی :  لانڈھی میں مال بردار ٹرک کو آگ لگانے کے واقعے  پر پولیس نے 10 افراد کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی میں مال بردار ٹرک کو آگ لگانے کے واقعے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 10 افراد کو حراست میں لے لیا۔

    زیرحراست افرادمیں سردان،عرفان علی ،ماجد،خرم ،دانش ، وسف چانڈیو،اسد،عبدالحفیظ ،حذیفہ شامل ہیں تاہم زیرحراست ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کیلئے لانڈھی تھانے منتقل کردیا ہے۔

    پولیس نے کہا قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

    یاد رہے کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے سے نامعلوم افراد سرگرم ہیں ، تین ٹرکوں کو آگ لگادی گئی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ لانڈھی ، کورنگی اور الکرم اسکوائر پر تین مال بردار ٹرکوں کو آگ لگائی گئی، لانڈھی میں جس ٹرک کو جلایا گیا اس پر چینی کی بوریاں اور عوامی کالونی میں جس ٹرک کو نقصان پہنچایا گیا اس پر سیمنٹ کی چادریں تھیں۔

  • لانڈھی میں دنیا کا سب سے بڑا امراض قلب کا اسپتال قائم ہوگا

    لانڈھی میں دنیا کا سب سے بڑا امراض قلب کا اسپتال قائم ہوگا

    کراچی: حکومت سندھ کی جانب سے کراچی کے علاقے لانڈھی میں دنیا کا سب سے بڑا امراض قلب کا اسپتال قائم کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ برائے امراض قلب میں تزئین و آرائش کے بعد مختلف شعبوں کا افتتاح کیا گیا، این آئی سی وی ڈی میں پرائیوٹ وارڈ، انتہائی نگہداشت یونٹ اور تیمار داروں کے سیٹنگ ایریا کی تزئین و آرائش کی گئی ہے۔

    اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی سی وی ڈی پروفیسر طاہر صغیر نے کہا کہ لانڈھی میں دنیا کا سب سے بڑا امراض قلب کا اسپتال قائم کریں گے، 1200 بستروں پر مشتمل اس اسپتال میں نرسنگ کالج بھی ہوگا۔

    وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ لانڈھی میں امراض قلب کے اسپتال کے لیے ڈیزائننگ کر لی گئی ہے، اس کے لیے کنسلٹنٹ بھی بھرتی کیے جا رہے ہیں۔

    دریں اثنا، این آئی سی وی ڈی میں تزئین و آرائش کے بعد تیمارداروں کے ویٹنگ ایریا کا نام ٹک ٹاک ایریا رکھا گیا ہے، ڈاکٹر عذرا نے کہا کہ یہ نام کافی دل چسپ ہے۔

    وزیر صحت کا کہنا تھا کہ جب نئی او پی ڈی نئی عمارت میں شفٹ ہو جائے گی تو ہم شعبہ حادثات کو وسعت دیں گے، تاکہ زیادہ عوام مستفید ہوس کیں، اس طرح سرکاری اسپتال و اداروں میں استحکام رہتا ہے، جناح اسپتال کو بھی پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے بہتر کیا گیا۔ انھوں نے اطلاع دی کہ بلدیہ کارڈیک اسپتال بھی بنایا جا رہا ہے جو کے ایم سی کے تحت ہوگا، جس کا جلد افتتاح کریں گے۔

  • لانڈھی میں پراسرار بم دھماکہ، علاقے میں خوف و ہراس

    لانڈھی میں پراسرار بم دھماکہ، علاقے میں خوف و ہراس

    کراچی : لانڈھی میں فیوچر موڑ پر پراسرار بم دھماکے کی اطلاعات ہیں ابتدائی طور پر دھماکےکی نوعیت کا اندازہ نہیں لگایا جاسکا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی فیوچر موڑ پر ایک گلی میں پراسرار بم دھماکا ہوا ہے جس کے سبب علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    پولیس اور رینجرز کی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر واقعے کی تحقیقات شروع کردیں، پولیس حکام کے مطابق دھماکہ فیوچر موڑ کے قریب معین آباد کے علاقے میں ہوا ہے۔

    پولیس کے مطابق گھر کی دہلیز پر ہونے والے دھماکے سے اطراف کی دیواروں پر بال بیرنگ کے نشانات بھی پائے گئے ہیں۔

    واقعے کے بعد پولیس، رینجرز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ فوری طور پر موقع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کیے، پولیس نے اطراف میں رہنے والے والوں کے بیان ریکارڈ کرنا شروع کردیے ہیں، ، تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

  • زیادتی کی کوشش کے بعد 6 سالہ بچی کو زندہ بوری میں بند کردیا گیا

    زیادتی کی کوشش کے بعد 6 سالہ بچی کو زندہ بوری میں بند کردیا گیا

    کراچی: لانڈھی میں قبرستان کے قریب بند بوری سے زندہ بچی کے ملنے کا واقعہ پیش آیا ہے، بچی کے ساتھ زیادتی کی کوشش کی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لانڈھی کے علاقے شیرپاؤ کالونی میں ایک نہایت افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں قبرستان کے قریب 6 سالہ بچی ملی ہے جسے بوری میں زندہ بند کردیا گیا تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کی شناخت صدف کے نام سے ہوئی ہے۔

    پولیس نے بتایا کہ مذکورہ بچی کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور زیادتی کی کوشش بھی کی گئی، بچی کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    بچی کی نشاندہی پر ایک ملزم کو حراست میں لیا گیا ہے، بچی کے اہلخانہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا جائے گا۔

  • کراچی: غیر ملکیوں کو لے جانے والی گاڑی پر حملہ

    کراچی: غیر ملکیوں کو لے جانے والی گاڑی پر حملہ

    کراچی:لانڈھی مانسہرہ کالونی میں غیر ملکیوں کو لے جانے والی گاڑی کو ٹارگٹ کیا گیا ہے، پولیس نے حملہ ناکام بناتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لانڈھی مانسہرہ کالونی میں گاڑی پر دھماکہ اور فائرنگ کی گئی ہے، گاڑی میں غیرملکی شہری موجود تھے، جو محفوظ رہے۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، دوسرا دہشت گرد پولیس سے مقابلے میں مارا گیا، ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے پاس سے بیگ بھی ملا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بیگ میں دستی بم موجود ہیں، دھماکے کی زدمیں قریب موجود ایک موٹر سائیکل اورپک اپ آئی، گاڑی میں موجود تمام غیر ملکی مہمان محفوظ ہیں۔ جبکہ رینجرز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

    ایس ایس پی ملیرطارق الٰہی نے بتایا کہ غیرملکی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون جارہے تھے،جو روزانہ کی بنیاد پر یہاں سے گزرتے تھے۔

    انہو ں نے کہا کہ حملہ آوروں کی تعداد 3 تھی جن میں سے 2 ہلاک ہوگئے، جبکہ ایک فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑایا، دوسرا دہشت گرد پولیس سے مقابلے میں مارا گیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز محکمہ انسداد دہشتگرد (سی ٹی ڈی) نے قومی شاہراہ پر اہم کارروائی کرتے ہوئے کراچی میں دہشتگردی کا گھناؤنا منصوبہ ناکام بنا دیا تھا۔

    سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ دھماکا خیز مواد کراچی لاتے 4 دہشتگرد پکڑے گئے، قومی شاہراہ پر روہڑی کے قریب مشکوک کار کو روک کر تلاشی لی گئی تھی۔

    حکام کے مطابق کار سے دھماکا خیز مواد برآمد ہوا جس کے فوراً بعد 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، چاروں ملزمان مختلف کیسز میں مطلوب ہیں جبکہ ان کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں پر 16 سے زائد مقدمات ہیں۔

    تفتیش کے دوران ملزمان نے اعتراف کیا کہ دھماکا خیز مواد کراچی دہشتگردی کی نیت سے لے کر جا رہے تھے۔

  • گٹکا ماوا کے خلاف پولیس پارٹی میں مجرمانہ ریکارڈ کے حامل افسران و اہل کار شامل

    کراچی: شہر قائد میں گٹکا ماوا کی فروخت کے خلاف بنائے جانے والی پولیس پارٹی میں مجرمانہ ریکارڈ کے حامل افسران و اہل کار شامل کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی میں گٹکا اور ماوا کی فروخت میں سہولت کاری کی تحقیقات کے کیس میں انکشاف ہوا ہے کہ اس سلسلے میں کریمنل ریکارڈ والے پولیس افسران اور اہل کاروں کو پھر تعینات کر دیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پولیس پارٹی میں کریمنل ریکارڈ کے حامل افسران، اہل کار اور جعلی صحافی شامل کیے گئے ہیں۔

    2 ہفتے قبل تشکیل دی جانے والی ٹیم میں سب انسپکٹر جمال شیخ بھی شامل ہے، جمال شیخ ماضی میں متعدد بار محکمانہ کارروائیوں کی زد میں آ چکا ہے۔

    پولیس پارٹی میں معطل اے ایس آئی ارشد عرف گھوڑا بھی شامل ہے، ارشد عرف گھوڑا کو ماضی میں افسران نے سروس سرنڈر کرنے کا حکم دیا تھا۔

    کانسٹیبل صادق موٹا، پی سی نعمان، پی سی وقار، ہیڈ کانسٹیبل منور شاہ کے نام بھی شامل ہیں، پولیس پارٹی کے ساتھ کام کرنے والے افراد کا نام پولیس آئی آر میں بھی موجود ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس پارٹی میں موجود افراد گٹکے ماوے کی سپلائی میں سہولت کاری کر رہے ہیں، ٹیم میں شامل اہل کار شہریوں کی شارٹ ٹرم کڈنیپنگ اور تاوان وصولی میں بھی ملوث ہیں۔

  • اسلحے کے زور پر دن دہاڑے لوٹ مار کی واردات، ویڈیو بچے نہ دیکھیں

    اسلحے کے زور پر دن دہاڑے لوٹ مار کی واردات، ویڈیو بچے نہ دیکھیں

    کراچی: شہر قائد میں اسلحے کے زور پر دن دہاڑے لوٹ مار کی وارداتیں بدستور جاری ہیں، لانڈھی نمبر 4 میں ایک اور واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسٹریٹ کریمنلز کی دیدہ دلیری کے آگے عوام کے ساتھ ساتھ پولیس بھی بے بس نظر آتی ہے، لانڈھی نمبر 4 زمان آباد میں ملزمان نے آسانی سے کئی افراد کو لوٹا اور فرار ہو گئے۔

    سی سی ٹی فوٹیج کے مطابق یہ واردات گزشتہ روز اتوار کو دن کے ڈیڑھ بجے ہوئی، موٹر سائیکل سوار لٹیروں نے تعاقب کرتے ہوئے موٹر سائیکل سوار دو نوجوانوں کو آگے آ کر راستے کے کنارے پر روک لیا، اور انھیں قیمتی اشیا سے محروم کر دیا۔

    رپورٹس کے مطابق اس مقام پر لٹیروں کے ہاتھوں کئی شہری لٹ چکے ہیں، حالیہ واردات میں لٹیروں نے ایک شہری سے اس کا بیگ بھی چھینا، جس میں لیپ ٹاپ اور قیمتی سامان موجود تھا۔

    لٹیروں نے شہریوں کو موبائل فونز، رقم اور دیگر قیمتی سامان سے بھی محروم کیا۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں لٹیروں کے چہرے واضح دیکھے جا سکتے ہیں، ایک موٹر سائیکل پر سوار 3 لٹیروں کو لوٹ مار کرتے صاف دیکھا جا سکتا ہے۔

    قیمتی سامان سے محروم ہونے کے بعد موٹر سائیکل سوار نوجوانوں نے شدید بے بسی کا اظہار کیا، محکمہ پولیس تاحال اسٹریٹ کریمنلز کے خلاف کوئی جامع اور مؤثر پلان کے ساتھ نہیں آ سکا ہے، جس سے شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھتا جا رہا ہے۔

  • کراچی: گزشتہ شام سے فیکٹریوں میں لگی آگ نہ بجھائی جا سکی

    کراچی: گزشتہ شام سے فیکٹریوں میں لگی آگ نہ بجھائی جا سکی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے لانڈھی میں گزشتہ شام سے تین منزلہ فیکٹریوں میں لگی آگ تاحال نہ بجھائی جا سکی، فائر بریگیڈ عملے کی 3 فیکٹریوں میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوششیں بدستور جاری ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں لگی آگ کو 16 گھنٹے سے زائد ہو گئے ہیں، سٹی فائر بریگیڈ اور پاک بحریہ کے 15 فائر ٹینڈرز ایک اسنارکل کے ذریعے آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں، ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کی 3 گاڑیاں بھی آگ بجھانے کے عمل میں شریک ہیں۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ ایک فیکٹری کی چھت پر 2 مزدور پھنس گئے تھے جنھیں بہ حفاظت نکال لیا گیا ہے۔

    فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر 70 فی صد قابو پا لیا گیا ہے، عقبی حصے میں تاحال آگ لگی ہے، پلاسٹک دانے اور گتے کی وجہ سے آگ کی شدت میں اضافہ ہوا۔

    آگ سے متاثرہ ایک 2 منزلہ فیکٹری کی پہلی منزل کی چھت بھی گر گئی ہے، ابتدا میں آگ گتے کی فیکٹری میں لگی جس نے متصل 2 فیکٹریوں کو لپیٹ میں لیا، آگ لگنے سے کروڑوں روپے مالیت کا خام مال اور دیگر اشیا جل گئیں۔

    لانڈھی کے صنعتی علاقے میں آتش زدگی کا واقعہ گزشتہ روز شام کو پیش آیا تھا، آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے، حکام نے آگ کو تیسرے درجے کی قرار دیا، فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ 2 فیکٹریاں مکمل طور پر جل گئی ہیں، آگ پر قابو پانے کے لیے فیکٹریوں کی دیواریں بھی توڑی گئیں، تینوں فیکٹریاں 3 منزلہ ہیں اور بالکل ساتھ ساتھ بنی ہوئی ہیں۔

    آتش زدگی کے واقعے کے فوراً بعد محکمہ فائر بریگیڈ میں ایمرجنسی نافذ کی گئی تھی، شیرپاؤ اور نیپا ہائیڈرنٹس پر بھی ایمرجنسی نافذ کی گئی، ایم ڈی واٹر بورڈ کا رات کو کہنا تھا کہ آگ پر قابو پانے کے لیے 2 لاکھ گیلن سے زائد پانی فراہم کیا گیا، ادھر ترجمان پاک بحریہ نے کہا کہ سول انتظامیہ کی درخواست پر پاک بحریہ کی ٹیم امدادی کارروائیوں کے لیے جائے وقوعہ پہنچ گئی تھی۔