Tag: لاپتہ لڑکی

  • سعودی عرب: لاپتہ لڑکی مل گئی

    سعودی عرب: لاپتہ لڑکی مل گئی

    سعودی عرب کے الباحہ ریجن میں سیکورٹی حکام نے بتایا کہ ’گزشتہ اتوار سے لاپتہ ہونے والی سعودی مل گئی ہے، جو ہماری تحویل میں خیریت سے ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ لڑکی کی صحت اچھی ہے اور تمام قانونی طریقہ کار مکمل کرلیا گیا۔ لڑکی کے ساتھ کیا معاملہ ہوا ہے، اس حوالے سے فوری طور آگاہ نہیں کیا گیا۔

    واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر الباحہ کے کالج آف ٹیکنالوجی کی طالبہ اشواق سعید الزھرانی کے لاپتہ ہونے کی خبر وائرل ہوئی تھی۔

    لڑکی کے والد کا کہنا تھا کہ کئی دن گزر جانے کے باوجود لڑکی کا کوئی پتہ نہیں چل سکا تھا اور اس کا موبائل فون بھی بند تھا، انہوں نے اپنی بیٹی کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ بھی درج کرائی تھی۔

    دوسری جانب سعودی عرب مکہ مکرمہ میں سرکاری املاک چوری کرنے پر 8 افراد کو حراست میں لے لیا گیا، جن میں 4 غیر ملکی اور 4 سعودی شہری شامل ہیں۔

    امن عامہ فورس کا ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر کہنا تھا کہ حراست میں لئے گئے افراد میں 4 غیر ملکیوں کا تعلق مصر اور نائجیریا سے ہے۔

    بیان کے مطابق گرفتار کئے گئے افراد سرکاری املاک چوری کرکے اس کی وڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرتے تھے۔

    ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے کی تحقیقات مکمل، اصل حقائق سامنے آگئے

    امن عامہ کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تحقیقات کے بعد تمام لوگوں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف ضروری کارروائی مکمل کرکے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا ہے۔

  • کراچی: ایک روز قبل لاپتہ ہونے والی پولیو ورکر بازیاب

    کراچی: ایک روز قبل لاپتہ ہونے والی پولیو ورکر بازیاب

    کراچی: شہر قائد کے علاقے نارتھ کراچی سے ایک روز قبل پولیو مہم کے دوران لاپتہ ہونے والی نوجوان لڑکی فبیہا وقار کو پولیس نے بازیاب کرالیا۔

    تفصیلات کے مطابق نارتھ کراچی کے علاقے سیکٹر اے 3 میں 17 سالہ پولیو ورکر 26 اکتوبر کو لاپتہ ہوگئی تھی، اہل خانہ نے رات گئے خواجہ اجمیر نگری تھانے میں مقدمہ درج کروایا۔

    پولیس نے اہل خانہ کی مدعیت میں ایف آئی آر 332/2018 اور 365/ بی (اغوا) کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کر کے لڑکی کی تلاش شروع کردی تھی۔

    خواجہ اجمیر نگری پولیس نے 17 سالہ فبیہا وقار نامی لڑکی کو نارتھ کراچی کے علاقے ناگن چورنگی کے قریب سے بازیاب کرایا اور دو لڑکوں کو حراست میں بھی لیا۔

    پولیس افسر امتیاز میر جٹ نے  اے آر وائی سے گفتگو کرتے ہوئے لڑکی کے بازیاب ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’فبہیا کو ایک کمرے میں بند کر کے  حبس بے جا میں رکھا ہوا تھا،  کارروائی کے نتیجے میں دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا‘۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے جانے والے لڑکے نے فبیہا سے نکاح کا دعویٰ کیا جبکہ لڑکی نے اپنی مرضی سے گھر سے فرار ہونے کا اعتراف کیا۔ علاوہ ازیں لڑکی کے والد نے بیٹی کے بازیاب ہونے کی تصدیق کردی۔

    دوسری جانب رینجرز نے کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں واقع لاسی گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے لڑکی کو بازیاب کرایا جبکہ تین اغوا کاروں تاج محمد، اکرام اللہ، مدد علی کو حراست میں لیا۔

    ترجمان رینجرز کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اغوا کاروں نے لڑکی کو 23 اکتوبر کو شارع نورجہاں ضلع سینٹرل سے رات کے وقت اُس وقت اٹھایا جب وہ گھر میں اکیلی تھی۔

    رینجرز ترجمان کا کہنا ہے کہ ’اغوا کاروں کا 5 رکنی گروہ تین مردوں اور 2 خواتین پر مشتمل ہے، النسا فورس کی مدد سے خواتین کی گرفتاری کے لیے آپریشن شروع کردیا گیا جبکہ حراست میں لیے گئے ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کے لیے پولیس کے حوالے اور بازیاب لڑکی کو اہل خانہ کے حوالے کردیا گیا‘۔