Tag: لاڑکانہ

  • لاڑکانہ : سینٹرل جیل لاڑکانہ میں مجرم کو پھانسی دے دی گئی

    لاڑکانہ : سینٹرل جیل لاڑکانہ میں مجرم کو پھانسی دے دی گئی

    لاڑکانہ :سینٹرل جیل لاڑکانہ میں دس افراد کو اغوا کرنے والے مجرم کو تختہ دار پر لٹکادیا گیا،مجرم وارث میربحرنے 1995 میں پی آئی اے کی ویگن کو 10 افراد سمیت اغوا کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سینٹرل جیل لاڑکانہ میں قید مجرم وارث میربحر کو بدھ کی صبح تختہ دار پر لٹکا دیا گیا،تھرڈ جوڈیشل مجسٹریٹ کی زیر نگرانی سانگھر سے خصوصی طور پر آنے والے جلاد نے مجرم وارث میربحر کو تختہ دار پر لٹکایا،جس کے بعد اس کی لاش سینٹرل جیل کے باہر موجود ورثا کے حوالےکی گئی.

    وارث میربحر نے 1995 میں باقرانی تھانہ کے حدود میں اپنے ڈاکو ساتھیوں کے ہمراہ پی آئی اے کی ویگن میں سوار ملازمین سمیت 10 افراد کو تاوان کے لیے اغوا کیا تھا.

    پولیس نے وارث میر کو 1996 میں گرفتار کیا تھا جس کے بعد اسے عدالت نے پھانسی کی سزا سنائی تھی.

    مجرم نے ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں سزائے موت کے خلاف اپیل کی تھی جسے مسترد کردیا گیا تھا.

    صدر مملکت نے بھی وارث میر بحر کی رحم کی اپیل مسترد کردی تھی، جس کے بعد سیشن جج لاڑکانہ نے مجرم کے بلیک وارنٹ جاری کیے تھے.

  • میاں صاحب آئین توڑنے والے کوباہرکیسے جانے دیا، بلاول بھٹو

    میاں صاحب آئین توڑنے والے کوباہرکیسے جانے دیا، بلاول بھٹو

    لاڑکانہ: شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی پر خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے نواز حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا، انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف اور ذوالفقار علی بھٹو کیلئے عیلحدہ نظام کیوں ؟سنا ہے رمضان شوگر مل سے را کا ایجنٹ گرفتار ہوا ہے۔

    ذوالفقارعلی بھٹو کی سینتیس ویں برسی کے خطاب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری حکومت پر گرجتے برستے رہے،بلاول بھٹو نے کہا کہ بتایا جائے مشرف باہر کیسے گئے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان میں دو نظام کیوں ہیں، پنجاب حکومت کے منصوبوں کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا، پاکستان کی تاریخ میں اتناقرض نہیں لیا گیا جتنا اس دورحکومت میں لیاگیا، غریب روٹی مانگتاہے آپ اس کوجنگلا بس دیتےہیں۔

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت کی کوئی واضح پالیسی نہیں ہے، وزیرداخلہ کامنہ ایک طرف اوروزیردفاع کامنہ دوسری طرف ہے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ نواز شریف میں نیشنل ایکشن پلان پر عمل کرنے کی اہلیت ہی نہیں ہے،سنا ہے رمضان شوگر مل سے بھی را کے ایجنٹ پکڑے جارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف واضح پالیسی نہ ہونادہشتگردوں کومضبوط کررہی ہے،شہیدوں کاوارث ہوں، قسم کھاتا ہوں کہ دہشتگردوں سے لڑوں گا۔

    کشمیر کے حوالے سے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کشمیروں کومخاطب کرکےکہتا ہوں کہ آپ کابلاول بہت جلد کشمیرآرہاہے،کشمیرمیں پیپلزپارٹی کامینڈیٹ چوری کرنے کی سازش ہورہی ہے،کشمیرمیں دمادم مست قلندرہوگا،پیپلزپارٹی نےہمیشہ کشمیرکےمسئلےکواقوام متحدہ میں اٹھایا۔

    خطاب کے دوران بختاور بھٹو بلاول کے ہمراہ کھڑی رہی، جلسے کے بعد بلاول بھٹو نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اوربے نظیر شہید کے مزار پر حاضری دی۔

  • سکھرجیل حکام کی رشوت ستانی سے تنگ عورت بیٹیاں فروخت کرنے سڑکوں پرآگئی

    سکھرجیل حکام کی رشوت ستانی سے تنگ عورت بیٹیاں فروخت کرنے سڑکوں پرآگئی

    لاڑکانہ: پولیس کے مظالم سے تنگ آکر ایک مجبورخاتون اپنی بیٹیاں بیچنے کے لئے سڑکوں پرآگئی۔

    تفصیلات کے مطابق مذکورہ خاتون کا بھائی اوربیٹا سکھر جیل میں قید ہے اورجیل سپرنٹنڈنٹ نے انہیں لاڑکانہ جیل منتقل کرنے کے لئے دولاکھ روپے رشوت طلب کی ہے۔

    خاتون نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسے اپنے شوہراوربیٹے سے ملنے کے لئے سکھرجانا پڑتا ہے اور اپنی بیٹیوں کے ساتھ اس کے لئے ایسا کرنا ممکن نہیں ہے۔

    خاتون نے مزید کہا کہ جب اس نے جیل سپرنٹنڈنٹ سے اپنے شوہراوربھائی کولاڑکانہ جیل منتقل کرنے کی درخواست دی تو اس کام کے لئے بھاری رشوت طلب کی گئی۔

    خاتون نے اپنی چاربیٹیوں کی پچاس ہزار روپے فی بیٹی قیمت طلب کی ہے اوراس کا کہنا ہے کہ کوئی بھی انہیں خریدلے تاکہ وہ اپنے شوہراوربیٹے کو لاڑکانہ منتقل کراسکے۔

    اس موقع پرخاتون کی ایک بیٹی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مخیرحضرات سے اپیل کرتے ہوئے انتہائی معصومیت سے کہا کہ ’’انکے عوض کوئی ماں کو پچاس ہزارروپے دے دے تاکہ ان کی ماں کی مشکلات کم ہوسکے۔

    واضح رہے کہ سندھ کے سرکاری محکموں میں رشوت ستانی اورلاقانونیت عروج پرہے آئے دن اس قسم کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔

  • لاڑکانہ : کارو کاری کے الزام میں خاتون اور نوجوان کا بہیمانہ قتل

    لاڑکانہ : کارو کاری کے الزام میں خاتون اور نوجوان کا بہیمانہ قتل

    لاڑکانہ : سیاہ کاری کے الزام میں ملزمان نے فائرنگ کرکے خاتون اور نوجوان کو قتل کردیا۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ مقتول نوجوان کو کراچی سے اغوا کرکے قتل کیا گیا ہے،پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا، ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کے نواحی گاؤں آگانی میں ملزمان نے فائرنگ کرکے 25 سالہ نوجوان تسیلم گاد اور 35 سالہ خاتون حنیفاں گاد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔

    ملزمان نے دونوں کو قتل کرنے کے بعد ان کی لاشوں کو کھیتوں میں پھینک دیا تھا، اہل علاقہ کی جانب سے اطلاع دینے پر تھانہ ماہوٹہ کی پولیس نے پہنچ کر لاشوں کو چانڈکا اسپتال منتقل کیا اور پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد ورثاء کے حوالے کیا۔

    مقتول تسیلم گاد کے بھائی وسیم گاد کا کہنا تھا کہ ان کے بھائی پر سیاہ کاری کا الزام جھوٹا تھا، میرا بھائی کراچی میں رہتا تھا جس کو حنیفاں کے ورثاء نے اغوا کرکے حنیفاں کے ساتھ قتل کیا اور لاشیں کھیتوں میں پھینک دیں۔

    ادھر واقعہ کا مقدمہ پانچ ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا تاہم پولیس نے مقدمے کے حوالے سے تاحال کوئی گرفتاری طاہر نہیں کی۔

  • عوام کو مرتضیٰ بھٹو کے قاتلوں کے بارے میں بتایا جائے، غنویٰ بھٹو

    عوام کو مرتضیٰ بھٹو کے قاتلوں کے بارے میں بتایا جائے، غنویٰ بھٹو

    لاڑکانہ : پیپلز پارٹی شھید بھٹو کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے کہا ہے کہ عوام کو شہید مرتضی بھٹو کے قاتلوں کے بارے میں ابھی تک کچھ نہیں بتایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گڑھی خدا بخش بھٹو میں پیپلز پارٹی شھید بھٹو کے بانی چیئرمین شہید مرتضی بھٹو کی 19 ویں برسی منائی گئی۔ کارکنان نے ان کے مزار پر حاضری دی، جبکہ شھداء کے مزار کے سامنے مرکزی جلسہ ہوا جس میں ملک اور سندھ بھر سے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی شہید بھٹو کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے کہا کہ جنرل ضیاء کے دور میں منائے گئے لوگوں کو آج فوج اور حکمران پکڑ رہے ہیں جس کا مطلب یہ ہوا کہ وہ اعتراف کر رہے ہیں کہ ان کی ماضی کی جو پالیسیاں تھیں وہ غلط تھیں۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن میں دہشت گردوں کی پشت پناہی کرنے والوں کے خلاف بھی کاروائیاں کی جائیں جو ملک کے اندر مختلف اداروں میں موجود ہیں۔ اگر ایسا نہیں کیا گیا تو دہشت گردی ختم نہیں ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ ملک کا موجودہ نظام اپنے ہی بچوں کو نگلنے والا ہے جس کو تبدیل کرنے کے لئے جدوجہد کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو شہید مرتضی بھٹو کے قاتلوں کے بارے میں ابھی تک کچھ نہیں بتایا گیا.

    اس حوالے سے سابق صدر آصف علی زرداری۔ شعیب سڈل اور دیگر افسران کو ہمارے بہت سے سوالات کے جوابات دینے ہیں اور وہ ان کے لئے ذمہ دار بھی ہیں۔ جلسے سے پارٹی کے دیگر مرکزی و صوبائی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

  • بے نظیربھٹو کی 62 ویں سالگرہ آج منائی جارہی ہے

    بے نظیربھٹو کی 62 ویں سالگرہ آج منائی جارہی ہے

     لاڑکانہ : پیپلز پارٹی کی سابق چیئرپرسن اور پاکستان کی سابق وزیراعظم بے نظیربھٹو کی 62 ویں سالگرہ آج منائی جارہی ہے، بے نظیر کو 27 دسمبر 2007 میں لیاقت باغ راولپنڈی میں قتل کردیا گیا تھا۔

    اس موقع پر پیپلز پارٹی کے ضلعی اور مقامی تنظیموں کی جانب سے ملک بھرمیں سالگرہ کے کیک کاٹے جائیں گے اور مرکزی تقریب لاڑکانہ میں ہوگی۔

    پیپلزپارٹی نے اس بار سابق وزیراعظم بے نظیربھٹو کی سالگرہ بھرپورجوش و جذبے کے ساتھ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی قیادت کی طرف سے ضلعی تنظیموں کو ہدایت کی گئی ہے وہ ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر سالگرہ کی تقریبات کا اہتمام کریں۔

    پارٹی سے ناراض رہنما ناہید خان اور صفدر عباسی کل ایوان اقبال لاہور میں سہ پہر تین بجے سالگرہ کا کیک کاٹیں گے۔ پیپلزپارٹی سیکرٹریٹ کراچی میں سہ پہر تین بجے قرآن خوانی اور دعا ہوگی۔

    دوسری جانب بے نظیر بھٹو کی باسٹھ ویں سالگرہ کے موقع پرنوڈیرو میں پارٹی رہنماؤں کا اجلاس طلب کیا گیا ہے جہاں سالگرہ کی تقریب بھی انتہائی سادگی سے منائی جائے گی۔

     سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی  سالگرہ تقریب میں شرکت کیلئے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت لاڑکانہ پہنچ گئی ہے۔

    سالگرہ کی مرکزی تقریب نوڈیرو کے بھٹو ہاؤس میں ہوگی جس میں شرکت کے لئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، شریک چیئرمین آصف علی زرداری، بختاور بھٹو زرداری، سابق وزیر داخلہ رحمٰن ملک اور دیگر پارٹی رہنما نوڈیرو کے بھٹو ہاؤس میں پہنچ گئے ہیں ۔

     پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گڑھی خدابخش  پہنچ کر بینظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو کے مزاروں پر حاضری دی اور پھول نچھاور کئے۔ اس موقع پر رحمٰن ملک بھی ان کے ہمراہ تھے۔

  • پیپلز پارٹی نے نصرت بھٹو کی سالگرہ کوفراموش کردیا

    پیپلز پارٹی نے نصرت بھٹو کی سالگرہ کوفراموش کردیا

    لاڑکانہ : 23مارچ 1929کو پیدا ہونے والی پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی والدہ مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹوکی سالگرہ پر پیپلز پارٹی کی جانب سے کوئی تقریب منعقد نہیں کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بیگم نصرت بھٹو کی آج چھیاسویں سالگرہ کی تقریبات منعقد ہونا تھیں تاہم پاکستان پیپلز پارٹی اور بھٹو خاندان میں کسی بھی سطح پرلاڑکانہ اور گڑھی خدابخش بھٹو میں کوئی تقریب منعقد نہ کرکے ان کی سیاسی خدمات کو بھی یکساں فراموش کیاگیا۔

    جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی ضلع کے صدر اور ایم این اے محمد ایاز سومرو نے پارٹی کے ہمراہ لاڑکانہ اور گڑھی خدابخش بھٹو میں موجود ہونے کے باوجود بھی کسی قسم کے تقریب کا انعقاد نہیں کیا۔

    جبکہ حسب روایت پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے آج مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی سالگرہ منانی جانی تھی۔

    ملکی سیا ست اورجمہوریت کیلئے  بھٹو خاندان کی سیاسی خدمات اور قربانیوں کا دم بھرنے والے پیپلز پارٹی کے کسی  رہنما نے ذوالفقارعلی بھٹو شہید کی اہلیہ کی سالگرہ کی تقریب منعقد نہیں کی۔

  • فوجی عدالتوں کا غلط استعمال نہیں ہونے دیں گے،آصف زرداری

    فوجی عدالتوں کا غلط استعمال نہیں ہونے دیں گے،آصف زرداری

    لاڑکانہ : پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں کو اس لئے قبول کیا کہ وہ سیاسی جماعتوں اور صحافیوں کی خلاف استعمال نہیں ہونگی، ان کا کہنا تھا کہ مخدوم امین فہیم نے نہ پہلے کبھی غداری کی تھی نہ اب کریںگے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں بے نظیر بھٹوشہید کی ساتویں برسی کے موقع پر ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمیں پتہ ہے کہ مخالفین  نے بلاول زرداری ،میرے اور پیپلز پارٹی  کے حوالے سےافواہیں پھیلا رکھی ہیں۔

    ملٹری کورٹس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ فوجی عدالتوں کا غلط استعمال نہیں ہونے دینگے، اگر فوجی عدالتوں سے متعلق یقین دہانی کرائی گئی تو اس پر دستخط کردیں گے،کہیں ایسا نہ ہو کہ آنے والے دنوں میں میں  اور میاں صاحب دونوں جیل میں ہوں۔

    آصف زرداری نے کہا کہ پشاورمیں ہمارے بچوں کو شہید کیا گیا اور شارع فیصل پر سانحہ کارساز میں بھی ہمارے بچے شہید ہوئے، انہوں نے سابق صدر پرویز مشرف کا نام  لئے بغیر کہا کہ اگر سانحہ کارساز کے بعد بلّا آپریشن کر دیتا توسانحہ پشاور نہ ہوتا،اور ہمیں یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔

    انہوں نے کہا کہ اگر فوج کو بِلّے سے سیاست ہی کرانی ہے تو صاف بتادے، ایک طرف تو بِلا ضمانت پر ہے تو دوسری جانب فوج اس کے ساتھ کھڑی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بی بی بینظیر شہید نے کہا تھا کہ میرے بعد آصف زرداری ہی پارٹی سنبھالیں گے، انہوں نے کہا کہ میری سیاسی تربیت محترمہ شہید بے نظیر بھٹو نے کی ہے۔

  • داعش لاڑکانہ بھی پہنچ گئی،وال چاکنگ شروع

    داعش لاڑکانہ بھی پہنچ گئی،وال چاکنگ شروع

    لاڑکانہ: شہر کے پوش علاقے میں داعش کی وال چاکنگ نے انتظامیہ کو ہلا کر رکھ دیا،تفصیلات کے مطابق سچل کالونی میں داعش کی جانب سے چاکنگ کرکے دہشت گردوں نے  اپنی موجودگی کا احساس اس وقت دلوایا ہے کہ جب گذشتہ شب لاڑکانہ میں رینجرز ہاسٹل پر کریکر حملہ کیا گیا تھا۔

    کریکر حملے میں کوئی بھی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا تھا، جبکہ کل ستائیس دسمبر کو لاڑکانہ میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی ساتویں برسی کی مرکزی تقریب بھی منعقد ہو نی ہے۔

    واضح رہے کہ لاڑکانہ پاکستان پیپلز پارٹی کا گڑھ سمجھا جاتا ہے، دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے چاکنگ کا نوٹس لیتے ہوئے چاکنگ کر نے والے افراد کے حوالے سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

  • بے نظیر بھٹو شہید کی برسی صوبائی سطح پرمنائی جائیگی

    بے نظیر بھٹو شہید کی برسی صوبائی سطح پرمنائی جائیگی

    لاڑکانہ: سانحہ پشاور کے باعث پاکستان پیپلز پارٹی نے 27 دسمبر کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی صوبائی سطح پر منانے کافیصلہ کرلیا ہے، تاہم مرکزی جلسہ گڑھی خدا بخش بھٹو میں ہی ہوگا جہاں پرمرکزی قائدین خطاب کرینگے۔

    لاڑکانہ میں پیپلز پارٹی کی ڈسٹرکٹ ایگزیکیٹو کمیٹی کا اجلاس ضلعی صدر اور رکن قومی اسمبلی ایاز سومرو کی زیر صدارت ہوا جس میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 27 دسمبر کو منائی جانے والی ساتویں برسی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ایاز سومرو نے بتایا کہ سانحہ پشاور کے باعث پارٹی کی مرکزی قیادت نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی ساتویں برسی کی تقریبات صوبائی سطح پر منانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پہلے صرف ایک ہی مرکزی جلسہ گڑھی خدا بخش بھٹو میں ہی ہوا کرتا تھا۔

    انہوں نے بتایا کہ چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں برسی کی تقریبات الگ الگ ہونگی اور گڑھی خدا بخش بھٹو میں برسی کے جلسے میں صوبہ سندھ کے کارکنان شرکت کرینگے جس سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، آصف علی زرداری اور دیگر مرکزی قائدین خطاب کرینگے۔

    انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں سے ہماری ذاتی جنگ ہے، ہم نے بھی شہداء کی لاشیں اٹھائی ہیں، پشاور سانحے میں پھول جیسے بچوں کا خون بہایا گیا ہے، دہشتگردوں سے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔