Tag: لاک ڈاؤن

  • وفاقی حکومت نے لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع کردی

    وفاقی حکومت نے لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع کردی

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع کردی گئی ہے، لاک ڈاؤن میں فوج کی مدد بھی شامل ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی تک موجودہ صورتحال برقرار رکھی جائے گی، کوشش کرنی ہے ہمارے ذریعے کسی اور تک بیماری نہ پہنچے، کرونا سے متعلق بداحتیاطی میں تھوڑا اضافہ ہوا ہے، پاک فوج سول انتظامیہ کی بھرپور مدد کررہی ہے۔

    اسد عمر نے کہا کہ مئی کا مہینہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ سے متعلق فیصلہ کن ہے، مئی میں کرونا کے پھیلاؤ پر قابو پالیا تو عید کے بعد صورتحال بہتر ہوگی، احتیاطی تدابیر پر عمل کیا تو عید کے بعد روزگار بندشوں کو بہتر کرسکیں گے، عام زندگی کی طرف واپسی کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ رمضان کا مہینہ فیصلہ کن ہے، رمضان میں سحر اور افطار میں کوئی لوڈ شیڈںگ نہیں ہوگی، احساس ایمرجنسی ریلیف پروگرام رمضان میں بھی جاری رہے گا، 57 لاکھ خاندانوں میں امدادی رقوم تقسیم کی جاچکی ہیں، 69 ارب روپے مستحق خاندانوں میں تقسیم کیے جاچکے ہیں۔

    دوسری جانب تاجر رہنماؤں کے وفد نے وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور وزیر مملکت حماد اظہر سے ملاقات کی، وفد کی سربراہی اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر محمد احمد نے کی، صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس کا کہنا تھا کہ بزنس کمیونٹی کرونا کے باعث پابندیوں پر سختی سے عمل پیرا ہے۔

    تاجروں کے وفد نے معیشت کے پیش نظر مختلف سفارشات پیش کیں، وفد نے اسد عمر کو مختلف کاروباری اداروں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ تاجروں کی سفارشات پر مناسب غور کیا جائے گا، حکومت کرونا کے باعث تاجر برادری کے چیلنجز کو تسلیم کرتی ہے، لوگوں کی مشکلات کو دور کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔

  • رمضان میں شام 5بجے کے بعد لاک ڈاؤن ہوگا، وزیراعلیٰ سندھ

    رمضان میں شام 5بجے کے بعد لاک ڈاؤن ہوگا، وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کا کہنا ہے کہ رمضان میں شام5بجےکےبعدلاک ڈاؤن ہوگا، شام 5بجے کے بعد تمام راستوں کی ناکہ بندی کی جائے گی جبکہ کاروبار پیر تا جمعرات صبح 9 سے 3بجے تک ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کی زیر صدارت رمضان المبارک میں کاروبارکیلئےایس اوپی سےمتعلق اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ رمضان میں کاروبارپیرتاجمعرات صبح9 سے3بجےتک ہوگا اور صبح8سے5بجےتک دکانیں کھلی رہیں گی۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ احترام رمضان آرڈیننس جاری رہےگا، تیار کھانے کی ڈلیوری 5سے10بجےتک ہوگی جبکہ سحری میں کوئی ہوم ڈلیوری سروس نہیں ہوگی۔

    انھوں نے کہا کہ محکمہ داخلہ ایک ایس او پی، کاروباری سرگرمیوں کیلئےنوٹیفکیشن جاری کرےگا ، نوٹیفکیشن میں کاروباری سرگرمیوں کا وقت بتایاجائے گا جبکہ ماہ رمضان میں سحری کےاوقات دکانیں نہیں کھلیں گی۔

    وزیراعلیٰ سندھ میں رمضان میں شام5بجے کے بعد لاک ڈاؤن ہوگا، شام 5بجے کے بعد تمام راستوں کی ناکہ بندی کی جائے گی ، مسجد میں اجتماعی افطاراورتراویح کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ ماہ رمضان میں ڈبل سواری پر مکمل پابندی ہوگی۔

    یاد رہے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ماہرین کے مطابق اگلے 15 دن بہت اہم ہیں ،اگلے 15دن لاک ڈاؤن سخت کریں گے، عوام تراویح گھروں میں پڑھیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کوروناصورتحال کےباعث مشکل فیصلے کرنے پڑرہے ہیں،ڈاکٹرز نے پریس کانفرنس میں اپنے خدشات سے آگاہ کردیا ہے ، اگر بڑے اجتماعات سے گریز نہ کیاگیا تو وبا تیزی سے پھیلے گی، علما کرام سے میری درخواست ہے حکومت سے تعاون کریں ، ہمارے اسپتال بھرگئے ہیں۔

  • ’تاجر رٹ چیلنج نہیں کرنا چاہتے حکومت ذمہ داری پوری کرے‘

    ’تاجر رٹ چیلنج نہیں کرنا چاہتے حکومت ذمہ داری پوری کرے‘

    کراچی: مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چوہدری نے کہا ہے کہ اجتماع سے کروناوائرس پھیلتا ہے تو یکساں لاک ڈاؤن کیا جائے، تاجر رٹ چیلنج نہیں کرنا چاہتے حکومت ذمہ داری پوری کرے۔

    تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کا کہنا تھا کہ کروناوائرس معاملے پر وفاق اور صوبائی حکومتوں میں رسہ کشی جاری ہے، تاجر برادری اس وقت بھی خیبر سے کراچی تک یکجا ہے، تمام کاروباری مراکز کو رمضان کے دوران کھولنے کی اجازت دی جائے۔

    کاشف چوہدری نے کہا کہ تاجروں نے مشکل حالات میں قومی ذمہ داری پوری کی، مشکل حالات میں بھی حکمران قومی پالیسی وضع نہیں کرسکے، چین کی مثالیں دی جاتی ہیں مگر یہاں عمل درآمد نہیں کیا جاتا۔

    انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت چاروں صوبوں کے ساتھ مل کر واضح پالیسی کا اعلان کرے، تمام کاروباری مراکز کو رمضان کے دوران کھولنے کی اجازت دی جائے، وزیراعظم مشکل حالات میں تمام اسٹیک ہولڈرز سے مذاکرات کریں، تاجر رٹ چیلنج نہیں کرنا چاہتے حکومت بھی ذمہ داری پوری کرے۔

    صدر آل سٹی تاجر اتحاد اور صوبائی وزیر سعید غنی آمنے سامنے

    خیال رہے کہ شہر قائد کے تاجروں اور حکومت سندھ کے درمیان لاک ڈاؤن کے دوران دکانیں کھولنے کے معاملے پر تنازعہ حل نہیں ہو سکا ہے آل سٹی تاجر اتحاد کے صدر شرجیل گوپلانی نے شکوہ کیا کہ دکانوں کھولنے سے متعلق سندھ حکومت کے ساتھ ایس او پی طے ہو گئے تھے، وزیر اعلیٰ سندھ سے بھی بات ہو گئی تھی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اطلاع ملی وزیر اعلیٰ سندھ ایس او پی وزیر اعظم کو بھجوا رہے ہیں، اور ہم سے 48 گھنٹے کے انتظار کا کہا گیا جو ہم نے کیا لیکن یہ انتظار ختم نہ ہو سکا۔

  • کراچی کے 2 علاقوں میں سپر اسٹور سیل کر دیے گئے

    کراچی کے 2 علاقوں میں سپر اسٹور سیل کر دیے گئے

    کراچی: شہر قائد کے 2 علاقوں گلشن اقبال اور کلفٹن میں 2 سپر اسٹورز سیل کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق انتظامیہ نے کرونا وائرس وبا کے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گلشن اقبال اور کلفٹن میں قائم دو سپر اسٹورز سیل کر دیے۔

    دونوں سپر اسٹورز سماجی فاصلے کی پابندی کی خلاف ورزی پر سیل کیے گئے، سپر اسٹورز کی انتظامیہ نے اس سلسلے میں سندھ حکومت کی ہدایات کو بالکل نظر انداز کیا، گلشن اقبال میں سپر اسٹور اس ماہ دوسری بار سیل کیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ان سپر اسٹورز پر عوام کا رش لگا رہتا تھا، تاہم ان کے علاوہ کراچی کی دیگر مارکیٹوں میں بھی سندھ حکومت کے ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا ہے، رش کی صورت حال ہر جگہ دکھائی دیتی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق کراچی کے جوڑیا بازار میں بھی ہر وقت لوگوں کا ہجوم دکھائی دیتا ہے تاہم سندھ حکومت نے ابھی تک وہاں کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔ کرونا وائرس کی وبا کے تیز رفتار پھیلاؤ کے پیش نظر سندھ حکومت کو تمام مارکیٹوں کی سخت نگرانی کرنے کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔

    سندھ میں آج مزید 4 مریض جاں بحق، 298 نئے کرونا کیسز رپورٹ

    خیال رہے کہ سندھ میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو قابو کرنے کے لیے سماجی فاصلے کی پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرایا جا رہا ہے، کیوں کہ آج بھی صوبہ سندھ میں کو وِڈ نائنٹین کے مزید 4 مریض جاں بحق ہو گئے ہیں، جب کہ صوبے میں 298 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، صوبے میں مریضوں کی تعداد 3671 ہو گئی ہے۔

  • پی سی بی کی جانب سے صوبائی کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ مکمل

    پی سی بی کی جانب سے صوبائی کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ مکمل

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے صوبائی کھلاڑیوں کے ویڈیو لنک فزیکل فٹنس ٹیسٹ مکمل کر لیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی سی بی کی جانب سے قومی و صوبائی کھلاڑیوں کے ویڈیو لنک فٹنس ٹیسٹ کیے جا رہے تھے، قومی کے بعد صوبائی کھلاڑیوں کے فزیکل فٹنس ٹیسٹ بھی مکمل ہو گئے ہیں۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ ٹرینرز فٹنس ٹیسٹ رپورٹس شعبہ ڈومیسٹک کرکٹ اور چیف سلیکٹر کو بھجوائیں گے، ٹرینرز اور صوبائی کوچز نے محدود مواقع کے باوجود کھلاڑیوں کے فٹنس پر اظہار اطمینان کیا ہے۔

    ذرایع نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کے باوجود سینٹرل کنٹریکٹ کھلاڑیوں کی فٹنس برقرار ہے، شان مسعود، امام الحق، بابر اعظم، سرفراز احمد کا فٹنس لیول بہترین ہے، اظہر علی، اسد شفیق، محمد عباس کا فٹنس لیول بھی عمدہ قرار دیا گیا ہے جب کہ عماد وسیم، حسن علی اور محمد عامر کی فٹنس میں بہتری نظر آئی۔

    قومی کرکٹرز کے ویڈیو لنک فزیکل فٹنس ٹیسٹ مکمل ہوگئے

    اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ یاسر ملک نے آن لائن ایپ کے ذریعے ٹیسٹ کی نگرانی کی، ٹیسٹ میں کھلاڑیوں کو پش اپس، سٹ اپس، چن اپس اور جمپنگ کرنا تھی۔

    یاسر شاہ، عابد علی اور شاہین آفریدی نے آیندہ ہفتے ٹیسٹ کی درخواست کی تھی، ٹیم انتظامیہ نے تینوں کھلاڑیوں کی درخواست قبول کر لی تھی، جس پر ان کھلاڑیوں کے ٹیسٹ آیندہ ہفتے ہوں گے۔

  • آسٹریلیا اور کوریا میں پھنسے پاکستانیوں کے لیے اچھی خبر

    آسٹریلیا اور کوریا میں پھنسے پاکستانیوں کے لیے اچھی خبر

    کراچی: قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے آسٹریلیا اور کوریا میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے خصوصی پروازیں چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی آئی اے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پہلی مرتبہ آسٹریلیا اور کوریا کے شہر سیئول کے لیے خصوصی پروازیں آپریٹ کرے گی۔

    پی آئی اے کی خصوصی پروازیں آج اور جمعے کو اسلام آباد سے روانہ ہوں گی، پی آئی اے کی خصوصی پرواز پی کے 8962 کل 24 اپریل کو اسلام آباد سے 300 آسٹریلین شہریوں کو لے کر میلبرن روانہ ہوگی، جب کہ واپسی پر آسٹریلیا میں محصور 300 سے زائد ہم وطنوں کو لے کر 26 اپریل کو اسلام آباد پہنچے گی۔

    بحرین میں پھنسے ہم وطنوں کی واپسی کا سلسلہ جاری

    پی آئی اے کی ایک خصوصی پرواز آج شام کو ساؤتھ کوریا روانہ ہوگی، جنوبی کوریا کے شہر سیئول سے بھی یہ پرواز 300 سے زائد ہم وطنوں کو لے کر اسلام آباد پہنچے گی۔

    پی آئی اے اپنے اس آپریشن کے لیے بوئنگ 777 طیارے آپریٹ کرے گی۔

    دوسری طرف بحرین میں پھنسے ہم وطنوں کی واپسی کا سلسلہ بھی جاری ہے، بحرین میں پھنسے 136 پاکستانی شہری گلف ایئر کے ذریعے آج شام 6 بجے فیصل آباد پہنچیں گے، گلف ایئر کی یہ پرواز 100 سے زیادہ بحرینی شہریوں کو لے کر واپس روانہ ہوگی۔

  • پاکستان ہاکی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ آج ہوں گے

    پاکستان ہاکی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ آج ہوں گے

    لاہور: پاکستان ہاکی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ آج ہوں گے، قومی ہاکی کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ ویڈیو ریکارڈنگ کے ذریعے لیے جائیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی ہاکی ٹیم انتظامیہ نے کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کا پلان بھجوا دیا ہے، یہ ٹیسٹ آج ہوں گے، ٹیسٹ میں لینجز، موڈیفائیڈ پلنک اور پش اپس شامل ہوں گے۔

    برپیز، باڈی اسکواٹس اور جمپنگ اسکواٹس بھی اس فٹنس ٹیسٹ کا حصہ ہوں گے، پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے پہلے روز 15 کھلاڑیوں کے ویڈیو ٹیسٹ لیے جائیں گے، مجموعی طور پر 48 کھلاڑیوں کے ٹیسٹ لیے جائیں گے۔

    قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو ایک ایک منٹ کی ویڈیو بنا کر بھجوانے کا کہا گیا ہے، فٹنس ٹیسٹ مکمل ہونے پر کھلاڑیوں کو رمضان کا ٹریننگ پلان دیں گے۔

    کرونا وائرس : سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ ملتوی

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کرونا وائرس وبا کی وجہ سے سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ ملتوی کر دیا گیا تھا، 11 اپریل سے 18 اپریل تک ملائیشیا کے شہر ایپو میں یہ ٹورنامنٹ کھیلا جانا تھا، جس میں پاکستان ہاکی ٹیم نے بھی شرکت کرنا تھی۔ منتظمین نے کھلاڑیوں کی حفاظت کے پیش نظر اس ایونٹ کو ملتوی کر دیا ہے اور اب یہ ایونٹ 24 ستمبر سے 2 اکتوبر تک کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    رواں سال کا مینز ہاکی جونیئر ایشیا کپ بھی کرونا وبا کی وجہ سے منسوخ کیا جا چکا ہے، ایشین ہاکی فیڈریشن کے مطابق یہ کپ بنگلہ دیش کے شہر ڈھاکا میں 4 جون سے 12 جون تک 10 ٹیموں کے درمیان شیڈول تھا۔

  • سندھ میں لاک ڈاؤن کا 32 واں روز، پولیس اہل کاروں کی ڈبل سواری پر بھی پابندی

    سندھ میں لاک ڈاؤن کا 32 واں روز، پولیس اہل کاروں کی ڈبل سواری پر بھی پابندی

    کراچی: شہر قائد سمیت سندھ بھر میں لاک ڈاؤن 32 ویں روز بھی جاری ہے، لاک ڈاؤن کے دوران ڈبل سواری پر پابندی سے کوئی مستثنیٰ نہیں، پولیس حکام نے اہل کار و افسران کو بھی موٹر سائیکل پر ڈبل سواری سفر نہ کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی پولیس حکام نے اپنے اہل کاروں کو ہدایت کی ہے کہ ان کے لیے شٹل سروس شروع کر دی گئی ہے، یہ سروس ساؤتھ، ایسٹ، سینٹرل اور ملیر میں جاری ہے، ویسٹ زون کے اہل کاروں کو بھی پک اینڈ ڈراپ سروس دی جار ہی ہے، اہل کاروں کو تھانوں اور دفاتر کے قریب چھوڑا جا رہا ہے۔

    ادھر کراچی شہر میں ایکسپورٹ سیکٹر کی مختلف صنعتوں کو کھلنے اور جزوی کاروبار کی اجازت دی گئی ہے، فیکٹریز کے لیے سخت ایس او پیز جاری کی گئی ہیں، ملازمین کو حفاظتی اقدامات کے بعد داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

    شہریوں کے لیے بھی ڈبل سواری پر پابندی برقرار ہے، تمام استثنیٰ اور رعایت ختم کی جا چکی ہے، تعلیمی ادارے، سرکاری دفاتر، مارکیٹیں اور پبلک ٹرانسپورٹ بند ہیں، پٹرول پمپس، دواؤں اور اشیائے ضروریہ کی دکانیں اوقات مقررہ میں کاروبار کر سکتی ہیں۔

    صدر آل سٹی تاجر اتحاد اور صوبائی وزیر سعید غنی آمنے سامنے

    پولیس اور رینجرز کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات پر ناکہ بندی ہے، شہریوں کو پوچھ گچھ کے بعد آمد و رفت کی اجازت دی جا رہی ہے، تاہم چند علاقوں میں ناکوں پر آزادانہ آمد و رفت بھی جاری ہے۔

    تاجروں کے ایک دھڑے نے یکم رمضان سے کاروبار کھولنے کا اعلان کیا ہے، تاہم حکومت سندھ نے واضح طور پر کہا ہے کہ اس کی اجازت نہیں دی جائے گی، گزشتہ روز آئرن اور ٹمبر مارکیٹس کھلنے پر پولیس نے تاجروں پر تشدد بھی کیا تھا اور چند نمایاں تاجروں کے خلاف مقدمات بھی درج کر کے انھیں گرفتار کیا گیا تھا۔

  • صدر آل سٹی تاجر اتحاد اور صوبائی وزیر سعید غنی آمنے سامنے

    صدر آل سٹی تاجر اتحاد اور صوبائی وزیر سعید غنی آمنے سامنے

    کراچی: شہر قائد کے تاجروں اور حکومت سندھ کے درمیان لاک ڈاؤن کے دوران دکانیں کھولنے کے معاملے پر تنازعہ حل نہیں ہو سکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج صبح اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو میں تاجر تنظیم کے سربراہ اور صوبائی وزیر تعلیم سندھ سعید غنی ایک بار پھر آمنے سامنے آ گئے۔

    آل سٹی تاجر اتحاد کے صدر شرجیل گوپلانی نے شکوہ کیا کہ دکانوں کھولنے سے متعلق سندھ حکومت کے ساتھ ایس او پی طے ہو گئے تھے، وزیر اعلیٰ سندھ سے بھی بات ہو گئی تھی، ہمیں اطلاع ملی وزیر اعلیٰ سندھ ایس او پی وزیر اعظم کو بھجوا رہے ہیں، اور ہم سے 48 گھنٹے کے انتظار کا کہا گیا جو ہم نے کیا لیکن یہ انتظار ختم نہ ہو سکا۔

    تاجروں نے یکم رمضان سے تمام مارکیٹس کھولنے کا اعلان کردیا

    شرجیل گوپلانی نے کہا کہ 48 گھنٹے گزرنے کے بعد ہماری کوشش کے باوجود حکومت سندھ نے ہم سے رابطہ نہیں کیا۔

    صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ تاجروں سے اچھے ماحول میں بات چیت ہو رہی تھی، لیکن لگتا ہے کہ ہمارے دوستوں کو کچھ جلدی تھی، وزیر اعلیٰ سندھ سے ان کی ملاقات ہوئی، اس کے بعد ہماری تاجروں سے پھر بات چیت ہوئی، وزیر اعلیٰ نے واضح کہا تھا کہ حکومت سندھ اپنے طور پر فیصلہ نہیں کرے گی، وزیر اعظم کو بھی اس سے آگاہ کیا جائے گا لیکن دوستوں نے جلدی بازی کی اور دکانیں کھول دیں۔

    صدر آل سٹی تاجر اتحاد نے کہا کہ حکومت سندھ کی طرف سے دکانیں کھولنے والے تاجروں کے خلاف مقدمے میں 6 دفعات لگا دی گئی ہیں، تاجروں کو تنبیہ کے بعد چھوڑ دینا چاہیے تھا، اس معاملے پر ہم سے بات کرنی چاہیے تھی لیکن نہیں کی گئی۔

    تاجر یکم رمضان کو دکانیں نہیں کھولیں گے، سعید غنی

    انھوں نے کہا کہ جب 2 سے 3 دن حکومت سندھ رابطہ نہیں کرے گی تو ہم کیا کریں گے، ایک ماہ 6 دن ہو چکے ہیں ہمارے پاس پیسے ختم ہو چکے ہیں، اپنے ملازمین کو دینے کے لیے پیسے نہیں، ہم 8 دن سے صرف انتظار ہی کر رہے ہیں، اب مذاکرات سے آگے چلیں اور کوئی نتیجہ بھی دیں۔

    خیال رہے کہ سندھ تاجر اتحاد کی جانب سے جیل بھرو تحریک کی دھمکی بھی دی جاچکی ہے، تاجروں نے رمضان میں کاروبار کھولنے کا اعلان کیا ہے جب کہ سندھ حکومت نے واضح کہہ دیا ہے کہ کاروبار نہیں کھولے جائیں گے۔ گزشتہ روز کراچی میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر پولیس نے آل سٹی تاجر اتحاد کے رہنما حماد پونا والا اور جاوید قریشی سمیت 6 تاجروں کو گرفتار کیا تھا، پولیس نے آئرن مارکیٹ میں کھلنے والی دکانیں بھی سیل کر دی تھیں۔

  • سندھ میں برآمدی فیکٹریاں کھلنے کا سلسلہ جاری، مزید 86 یونٹس کو اجازت مل گئی

    سندھ میں برآمدی فیکٹریاں کھلنے کا سلسلہ جاری، مزید 86 یونٹس کو اجازت مل گئی

    کراچی: سندھ میں برآمدی فیکٹریاں کھلنے کا سلسلہ جاری ہے، مزید 86 صنعتی یونٹس کو اجازت مل گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے مزید 86 برآمدی فیکٹریوں کو کام کرنے کی اجازت دے دی، برآمدی یونٹس کھولنے کے لیے کراچی کے 7 صنعتی علاقوں سے فیکٹریوں کے مالکان نے اجازت طلب کی تھی، جس پر محکمہ داخلہ نے مزید 86 برآمدی فیکٹریوں کو جمع کرائی گئی انڈر ٹیکنگ کے تحت کام شروع کرنے کی اجازت دے دی۔

    لاک ڈاؤن کے دوران صنعت کاروں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت سندھ نے ٹیکسٹائل سمیت متعدد مزید 86 برآمدی صنعتوں کو معیاری آپریٹنگ طریقہ کار کے تحت کھولنے کی اجازت دی تاکہ وہ برآمداتی آرڈرز کو پورا کر سکیں-

    تمام فیکٹریوں پر کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ایس و پیز پر عمل کرنا لازمی ہوگا، اس سے پہلے 151 برآمدی کمپنیوں کو اجازت مل چکی ہے، محکمہ داخلہ کی جانب سے اب تک 237 برآمدی یونٹس کو مشروط کام کرنے کی اجازت دی ہے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق یہ تمام برآمدی یونٹس کراچی کے مختلف صنعتی علاقوں میں واقع ہیں۔

    کراچی: مزید 82 برآمدی فیکٹریوں کو کام کرنے کی اجازت مل گئی

    ایس او پیز پر عمل کی ذمے داری کمپنیوں کے مالکان پر ہوگی، کمپنیوں پر ایس او پیز کے حوالے سے چیک اینڈ بیلنس رکھا جائے گا، جمع شدہ حلف نامے کی خلاف ورزی پر برآمدی صنعتوں کے خلاف کارروائی بھی کی جائے گی۔ فیکٹریوں کو اجازت دینے سے قبل TDAP سے کمپنیوں کے برآمدی آرڈرز بھی چیک کیے گئے۔

    کمپنیاں اس بات کی پابند ہوں گی کہ ملازمین کا درجہ حرارت چیک کریں، انھیں ماسک اور سینیٹائزر فراہم کریں اور فیکٹری کی حدود میں سماجی فاصلے کے ضابطے پر عمل کرائیں۔