Tag: لاک ڈاؤن

  • کراچی، تاجروں کا کل سے مارکیٹیں کھولنے کے لیے احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان

    کراچی، تاجروں کا کل سے مارکیٹیں کھولنے کے لیے احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان

    کراچی: شہر قائد میں تاجر رہنماؤں نے کل سے مارکیٹیں اور صنعتی مراکز کھولنے کے لیے احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے تاجر رہنماؤں نے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کل سے مارکیٹیں کھولنے کے لیے احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کیا۔

    حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سندھ حکومت کل سے کراچی میں مارکیٹیں اور صنعتی مراکز کھولنے کا اعلان کرے، حکومت سندھ تاجروں سے مذاکرات میں ایس او پیز پر اتفاق کرچکی ہے لیکن عمل نہیں کررہی۔

    حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کل فائیو اسٹار چورنگی پر ساڑھے 3 بجے تاجر برادری کے ہمراہ مظاہرہ ہوگا، 7 مئی کو ادارہ نور حق میں تاجروں کا نمائندہ کنونشن ہوگا جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: ’ہمیں وفاق نہیں، بھوک اکسا رہی ہے‘ : چیئرمین آل کراچی تاجر اتحاد

    انہوں نے کہا کہ احتجاج پر امن اور ایس او پی کے مطابق ہوگا، احتجاج جمہوری حق ہے، لاہور اور کراچی میں ایک ہی کرونا ہے لیکن لاہور میں کاروبار کھلا اور کراچی میں بند ہے۔

    حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ حکومت کو کاروبار کھولنے سے متعلق واضح پالیسی فراہم کرے۔

    تاجر رہنما محمود حامد کا کہنا تھا کہ آن لائن کاروبار کی صورت میں تاجروں کو لالی پاپ دیا گیا ہے، تاجروں کی گرفتاریوں کو بند کیا جائے۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر کا کہنا تھا کہ ہمیں وفاق نہیں بھوک اکسا رہی ہے، اگر لاک ڈاؤن کے معاملے میں سندھ حکومت مایوس کرے گی تو ہم ہر وہ دروازہ کھٹکھٹائیں گے جہاں سے انصاف کی امید ہوگی۔

  • اطالوی حکومت نے لاک ڈاؤن میں آج سے نرمی کر دی

    اطالوی حکومت نے لاک ڈاؤن میں آج سے نرمی کر دی

    روم: کرونا وائرس کی عالمگیر وبا سے شدید متاثرہ ملک اٹلی میں حکومت نے لاک ڈاؤن میں آج سے نرمی کر دی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق اطالوی حکومت نے آٹھ ہفتوں بعد لاک ڈاؤن میں نرمی کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ کام کی غرض سے لوگ اپنے گھر سے باہر جا سکتے ہیں۔

    اطالوی حکومت نے ڈاکٹرز یا شعبہ صحت سے وابستہ افراد کو بھی گھر سے باہر نکلنے کی اجازت دے دی ہے، ضروریات زندگی کی چیزوں کے لیے بھی گھر سے نکلنے کی اجازت ہوگی۔

    علاقے میں موجود رشتہ داروں سے ملاقات کے لیے بھی جایا جا سکتا ہے، ریسٹورنٹس اور پیزا شاپس کو ڈیلیوری کے لیے کھولنے کی اجازت دی گئی ہے، تاہم اکٹھا ہو کر کھانا کھانے پر پابندی برقرار رہے گی، مذہبی رسومات پر بھی پابندی برقرار رہے گی۔

    کرونا کی عالمگیر وبا: ایک دن میں 82 ہزار نئے کیسز، ساڑھے 3 ہزار اموات

    خیال رہے کہ کرونا وائرس سے متاثرہ دیگر دو بڑے یورپی ممالک اسپین اور بیلجیئم میں بھی حکومت کی جانب سے مرحلہ وار لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کیا گیا ہے جس کا عوام نے خیر مقدم کیا۔

    واضح رہے کہ یورپی ملک اٹلی دوسرا ملک ہے جہاں وائرس سے بے پناہ ہلاکتیں ہوئیں، اب تک یہ وائرس اٹلی میں 28,884 انسانوں کی جانیں لے چکا ہے، اور 2 لاکھ 10 ہزار سے زائد لوگ وائرس سے متاثر ہوئے، جن میں سے 81 ہزار مریض صحت یاب ہوئے، اور 15 سو کے قریب مریضوں کی حالت اب بھی تشویش ناک ہے۔

  • ہماری معیشت طویل لاک ڈاؤن برداشت نہیں کرسکتی،وزیرخارجہ

    ہماری معیشت طویل لاک ڈاؤن برداشت نہیں کرسکتی،وزیرخارجہ

    لاہور: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کہیں دباؤکم دکھائی دیتا ہے تو وہاں لاک ڈاؤن میں نرمی کرنی چاہیے،ہماری معیشت طویل لاک ڈاؤن برداشت نہیں کرسکتی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا کے خلاف نبرد آزما ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف پر فخر ہے۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سب جانتے ہیں، پل پل کی پیش رفت سے آگاہ ہیں، لاک ڈاؤن کے جہاں فوائد وہاں اس کے نقصانات بھی ہیں،وزیراعظم کی سوچ منفی نہیں وہ کہنا چاہتے تھے لاک ڈاؤن کئی اقسام کے ہوتے ہیں۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سےغربت کی لکیر سے نیچے لوگ مشکلات سے دوچار ہیں، کہیں دباؤکم دکھائی دیتا ہے تو وہاں لاک ڈاؤن میں نرمی کرنی چاہیے،ہماری معیشت طویل لاک ڈاؤن برداشت نہیں کرسکتی۔

    انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومتی سمجھتی ہے کہ کروناوائرس کا چیلنج طویل ہے، ہوسکتا ہے کرونا کا چیلنج 6 ماہ یا پھر ایک سال تک چلے ،ایک لڑائی کرونا سے اور دوسری غربت اور بھوک کے خلاف لڑنی ہے۔

    پاکستان میں کرونا کے 2 لاکھ ٹیسٹ مکمل، 19103 مثبت، 440 مریض جاں بحق

    واضح رہے کہ نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین کی عالمگیر وبا سے پاکستان بھر میں اموات کی تعداد 440 ہو گئی ہے، ملک کے مختلف حصوں میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد بھی بڑھ کر 19,103 ہو گئی۔

  • برطانوی ٹائیکون کا لاک ڈاؤن کے خلاف عدالت جانے کا اعلان

    برطانوی ٹائیکون کا لاک ڈاؤن کے خلاف عدالت جانے کا اعلان

    مانچسٹر: برطانیہ میں ایک ایوی ایشن ٹائیکون نے لاک ڈاؤن کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کر دیا ہے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق بزنس ٹائیکون سائمن ڈولن نے حکومت کے خلاف لاک ڈاؤن پر مقدمہ درج کرانے کا اعلان کر دیا ہے، اس سلسلے میں 50 سالہ ایوی ایشن ٹائیکون کی جانب سے سیکریٹری ہیلتھ کو 22 صفحات پر مبنی نوٹس بھی بھجوا دیا گیا ہے۔

    سائمن ڈولن نے نوٹس میں کہا ہے کہ اگر لاک ڈاؤن ختم نہ کیا گیا تو میں عدالت جاؤں گا، 7 مئی تک حکومت کو جواب کی مہلت دیتا ہوں، لوگوں کو زبردستی گھر میں رکھنا اور کاروبار بند کروانا انسانی حقوق کے خلاف ہے۔

    آئی سی یو میں کیا دیکھا؟ بورس جانسن کا سنسنی خیز انکشاف

    برطانوی ٹائیکون نے کہا لاک ڈاؤن سے زیادہ لوگوں کی جان جائے گی، لوگ ملازمتیں کھو رہے ہیں، کینسر کے مریضوں کو علاج میسر نہیں، لوگوں کو گھروں میں بند رکھنا حکومت کا ڈرامائی فیصلہ ہے، یہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ بورس جانسن نے لاک ڈاؤن سے نکلنے کا کہا مگر وقت نہیں بتایا۔

    بزنس ٹائیکون نے عدالت جانے کے لیے آن لائن چندہ اپیل بھی کر دی، سائمن ڈولن نے کہا پہلے مرحلے میں 30 ہزار پاؤنڈز درکار ہیں،عدالت جانے کے لیے ایک لاکھ 25 ہزار پاؤنڈ کی ضرورت ہوگی، دریں اثنا، چندہ اپیل پر 1373 افراد نے 48 ہزار پاؤنڈز دینے کی حامی بھرلی۔

    واضح رہے کہ سائمن 10 کمپنیوں کے مالک ہیں، چارٹرڈ اور وی آئی پی پروازوں کے کاروبار سے منسلک ہیں، اُن کی کمپنی کے پاس طبی عملے کے حفاظتی سامان کا حکومتی معاہدہ بھی ہے، کمپنی متعدد پروازوں کے ذریعے سامان بھی لے کر آئی ہے۔

  • سفر سے محروم لوگوں کو طیارے میں ملنے والا کھانا اب گھر پر ملے گا

    سفر سے محروم لوگوں کو طیارے میں ملنے والا کھانا اب گھر پر ملے گا

    ماسکو: ایک روسی ایئر لائن نے سفر سے محروم لوگوں کو ‘سفر کا ذائقہ’ فراہم کرنے کے لیے انوکھا قدم اٹھا لیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق روسی ایئر لائن یورال نے کرونا وائرس لاک ڈاؤن کی وجہ سے سفر سے محروم لوگوں کو پرواز میں دیا جانے والا کھانا گھروں پر فراہم کرنا شروع کر دیا ہے۔

    ایئر لائن کا کہنا تھا کہ لوگ اس سنسنی خیز احساس کو یاد کرتے ہوں گے جب وہ جہاز کے اندر سیٹ پر بیٹھے ہوتے ہیں اور کھانے کی ٹرالی سیٹوں کے درمیان گزرنے لگتی ہے، اس لیے انھوں نے لوگوں کو گھروں سے نکلے بغیر ‘سفر کا ذائقہ’ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا۔

    اس سلسلے میں ایئرلائن کی جانب سے ماسکو، پیٹرزبرگ اور یکاٹرنبرگ میں صارفین کو پرواز والے کھانے فراہم کیے جانے لگے ہیں، جن میں چکن، بڑا گوشت اور مچھلی کی ڈشز شامل ہیں، اس کے علاوہ پروزا میں دیے جانے والے اورنج، ایپل اور ٹمیٹو جوسز بھی صارفین کو گھروں پر فراہم کیے جا رہے ہیں۔

    ایئر لائن کے مطابق یہ کھانا لوگوں کو روایتی ایئرلائن ٹرے ہی میں فراہم کیا جا رہا ہے، جس سے انھیں ویسا ہی احساس ملتا ہے سوائے فضائی منظر کے۔

    واضح رہے کہ ماسکو میں ایئر لائن بزنس کلاس چکن ڈش کا ریٹ 1250 روبل (16.65 ڈالرز) جب کہ اکانومی کلاس کا کھانا 550 روبل (7.33 ڈالرز) پر ملتا ہے۔ ادھر روسی ایئر ٹرانسپورٹ آپریٹرز کی تنظیم نے کہا ہے کہ روس میں گزشتہ ماہ ایئر لائن کی نشست بُک کرنے کی شرح میں 92 فی صد کمی واقع ہوئی تھی۔

    خیال رہے کہ روس میں گزشتہ روز کرونا وائرس کیسز کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، جس سے ملک میں کرونا کیسز 1 لاکھ 14 ہزار سے بھی بڑھ گئے ہیں، جب کہ وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 1,169 ہے۔

  • لاک ڈاؤن: بے روزگار افراد کے لیے وزیر اعظم کا بڑا اقدام

    لاک ڈاؤن: بے روزگار افراد کے لیے وزیر اعظم کا بڑا اقدام

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے نوکریوں سے بر طرف افراد کو خصوصی پیکج دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن سے متاثر ہو کر ملازمتیں کھونے والے افراد کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے خصوصی پیکج کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس پیکج کے تحت ملازمتوں سے برطرف افراد کو حکومت 12000 روپے فی کس دے گی، وزیر اعظم کی ہدایت پر بے روزگار افراد کے لیے خصوصی پورٹل بھی تیار کر لیا گیا ہے، جس کا افتتاح آج وزیر اعظم عمران خان خود کریں گے۔

    اس پورٹل کے ذریعے معیار پر پورا اترنے والے بے روزگار شخص کو وفاقی حکومت 12 ہزار روپے دے گی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز فافن (فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک) نے خواتین سے متعلق ایک سروے میں انکشاف کیا تھا کہ کرونا لاک ڈاؤن کے دوران اب تک 24 فی صد خواتین ملازمت سے برطرف کی جا چکی ہیں۔

    کرونا لاک ڈاؤن کے دوران 14 فیصد خواتین ملازمت سے برطرف، سروے

    فافن نے سروے میں بتایا کہ 14 فی صد خواتین کو مستقل طور پر نوکری سے نکال دیا گیا ہے جب کہ کچھ خواتین کی خدمات عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں، بے روز گار ہونے والی خواتین میں 15 فی صد کا تعلق صوبہ سندھ سے ہے جب کہ 3 فی صد کا تعلق بلوچستان سے ہے، ایک فی صد خواتین بی آئی ایس پی میں رجسٹرڈ ہیں جب کہ 28 فی صد خواتین نے احساس پروگرام میں امداد کے لیے درخواست دے رکھی ہے۔

    فافن نے مطالبہ کیا تھا کہ کرونا وائرس لاک ڈاؤن کے دوران حکومت ملازمین کو تحفظ فراہم کرے۔

  • عوام کے لیے سخت لاک ڈاؤن، ڈبل سواری پر پابندی لیکن اسٹریٹ کرمنلز آزاد

    عوام کے لیے سخت لاک ڈاؤن، ڈبل سواری پر پابندی لیکن اسٹریٹ کرمنلز آزاد

    کراچی: شہر قائد میں عوام کے لیے سخت لاک ڈاؤن ہے، ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے لیکن اسٹریٹ کرمنلز آزاد گھوم پھر کر وارداتیں کر رہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سخت لاک ڈاؤن اور ڈبل سواری پر پابندی کے دوران کراچی کے مختلف علاقوں میں آزادانہ وارداتیں ہو رہی ہیں، عزیز آباد اور بلدیہ میں ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی ہے۔

    کراچی کے علاقے عزیز آباد میں گزشتہ شام راہ چلتی خواتین طبی عملے سے لوٹ مار کی گئی، اس واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی اے آر وائی نیوز نے چلائی، جس میں موٹر سائیکل پر سوار ملزمان کو لوٹ مار کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    ادھر کراچی کے ایک اور علاقے بلدیہ میں بھی 7 افراد موٹر سائیکل چوری کر کے فرار ہو گئے، ڈکیت گروہ گرفتاری سے بچنے کے لیے واردات میں بچوں کا استعمال کرنے لگے ہیں، اس سلسلے میں اے آر وائی نیوز پر چلائی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج میں موٹر سائیکل لفٹر گروہ کو واضح دیکھا جا سکتا ہے۔

    فوٹیج میں دیکھا گیا کہ 2 موٹر سائیکلوں پر گروہ کے کارندوں نے کم عمر بچوں کو بھی بٹھا رکھا ہے۔

    گزشتہ روز کراچی میں موٹر سائیکل لفٹرز نے سرکاری ادارے واٹر بورڈ کی آنکھ میں بھی دھول جھونک دی تھی، ملزمان چوری کی موٹر سائیکل واٹر بورڈ کے دفتر میں لے جا کر رنگ کرنے کے بہانے کھول رہے تھے، اس دوران موٹر سائیکل کا مالک واٹر بورڈ کے دفتر پہنچ گیا اور ویڈیو بنا لی، پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا جب کہ 2 مفرور ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔

    کراچی کے علاقے صفورا میں واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا اسکرین گریب

    کراچی کے ایک اور علاقے سچل صفورا کے قریب دن دہاڑے ڈکیتی کی واردات کی گئی ہے، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق ایک ڈکیت نے ماسک اور دوسرے نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا، ڈکیت نے اسلحے کے زور پر دکان میں کسٹمر اور دکان دار سے لوٹ مار کی، کسٹمرز کو دھکے دیے گئے اور مارا پیٹا اور زمین پر بٹھا دیا، ڈکیتوں نے دکان سے 1 لاکھ سے زائد رقم اور موبائل فون چھینے۔

    واضح رہے کہ کراچی میں لاک ڈاؤن کا 41 واں روز ہے، شہریوں کی بلا ضرورت نقل و حرکت پر پابندی عائد ہے، ڈبل سواری بھی ممنوع ہے۔

  • کراچی، سراج قاسم تیلی کا 15 رمضان سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا مطالبہ

    کراچی، سراج قاسم تیلی کا 15 رمضان سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا مطالبہ

    کراچی: چیئرمین بزنس مین گروپ سراج قاسم تیلی نے سندھ حکومت سے 15 رمضان سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا مطالبہ کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین بزنس مین گروپ اور سابق صدر کراچی چیمبر سراج قاسم تیلی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت 15 رمضان المبارک سے لاک ڈاؤن میں نرمی کرے۔

    سراج قاسم تیلی نے کہا کہ سندھ حکومت کی تمام کاوشوں کو سراہتے ہیں لیکن کاروبار ہمیشہ کے لیے بند کرنے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔

    چیئرمین بزنس مین گروپ سراج تیلی نے کہا کہ سندھ حکومت کو حکمت عملی وضع کرکے لاک ڈاؤن میں نرمی کرنا ہوگی۔

    واضح رہے کہ کرونا وائرس کے باعث 22 مارچ سے کراچی سمیت سندھ بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے، گزشتہ روز صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن پورے رمضان جاری رہے گا۔

    مزید پڑھیں: لاک ڈاؤن پورے ماہ رمضان جاری رہے گا، سندھ حکومت کا اعلان

    وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن میں توسیع کے لیے نئے نوٹیفکیشن کی ضرورت نہیں، 23 اپریل کو جاری نوٹیفکیشن ماہ رمضان کے لیے ہی تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ تاجروں کو عید سے پہلے کاروباری سہولتوں کے لیے کمیٹی بنادی ہے، تاجروں کی سہولیات کے لیے جلد اعلان کریں گے، کرونا وائرس لمبا چلے گا، اب ہماری ایس اوپیز بھی طویل ہوں گی۔

    ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ صوبے میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، لاک ڈاؤن کے خاتمے کا جھوٹا پراپیگنڈہ کیا جارہا ہے، حکومت سندھ کے لیے عوام کی جانوں سے بڑھ کر کچھ نہیں۔

  • لاک ڈاؤن: کیا آم باغات سے بازار تک پہنچ سکے گا؟

    لاک ڈاؤن: کیا آم باغات سے بازار تک پہنچ سکے گا؟

    آم کی فصل بُور پر ہے اور ہر سال موسمِ گرما میں سیکڑوں مزدور اس رسیلے اور گودے والے پھل کو باغات میں اکٹھا کرتے نظر آتے ہیں۔ اور یہ مہینہ تو ہے ہی اس پھل کے پیڑ سے اتر کر ہم تک پہنچنے کا۔

    برصغیر میں آم کو پھلوں کا بادشاہ کہا جاتا ہے۔ یہ پھل اپنے پیڑ سے کچا بھی اتارا جاتا ہے جو عام طور پر اچار اور مختلف پکوانوں میں استعمال ہوتا ہے، لیکن پکنے کے بعد تو جیسے اس کی سج دھج ہی نرالی ہوتی ہے اور مخصوص مہک کے ساتھ پیلے رنگ کا یہ پھل خوب بکتا ہے۔

    یہ آم کا مہینہ ہے، لیکن ملک بھر میں کرونا کے باعث لاک ڈاؤن کی وجہ سے آم کے بیوپاری اور اس سیزن میں‌ کام کرنے والے مزدور بہت پریشان ہیں۔

    ماہرینِ زراعت کے مطابق اپریل ہی میں ملک کے مختلف علاقوں میں آموں کے باغات میں مزدور پہنچنا شروع ہوجاتے تھے جس سے ان کی روزی روٹی جڑی ہوتی ہے۔ زرعی زمین کے مالک آموں کے باغات کو معاوضہ طے کرکے ٹھیکے پر دے دیتے تھے، لیکن اس سال نہ صرف عام اجتماعات پر پابندی ہے بلکہ ذرایع نقل و حمل اور آمدورفت پابندی اور بندشوں کا شکار ہے۔

    ماہرین کے مطابق اس سال منڈیوں تک پھلوں کے بادشاہ کا پہنچنا مشکل ہے اور عوام کی اکثریت اس کا لطف اٹھانے سے محروم ہوسکتی ہے۔ اس سیزن میں یومیہ کئی ٹن آم نہ صرف اکٹھا ہوتا تھا بلکہ ٹرکوں اور مختلف گاڑیوں میں لاد کر بازاروں میں پہنچایا جاتا تھا جس سے کئی لوگوں کو روزگار میسر آتا تھا۔

    اس سال پیڑوں پر کچے پکے آموں کے درمیان کوئل اور پپیہے کی دل موہ لینے والی اور مدھر کوک تو سنائی دے رہی ہے، مگر فطرت کے اس حُسن میں اداسی کا رنگ بھی شامل ہے۔

  • سندھ میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، ناصر حسین شاہ

    سندھ میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، ناصر حسین شاہ

    کراچی: وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ صوبے میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن کے خاتمے کا جھوٹا پراپیگنڈہ کیا جارہا ہے، حکومت سندھ کے لیے عوام کی جانوں سے بڑھ کر کچھ نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ایس اوپیز کے تحت کاروباری سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت دی جائے گی، فی الحال صرف آن لائن کاروبار کی اجازت دی گئی ہے۔

    صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ناقص پالیسیوں کا خمیازہ عوام بھگت رہی ہے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ہنگامی حفاظتی اقدامات نہ اٹھاتے تو صورتحال کچھ اور ہوتی۔

    مزید پڑھیں: جب تک لاک ڈاؤن ہے، ٹرانسپورٹ نہیں کھولی جائے گی، سندھ حکومت کا اعلان

    ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن واحد طریقہ ہے جس کو دنیا بھر نے کرونا پر قابو پانے کے لیے استعمال کیا۔

    مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پاکستان میں اگر نمبر خطرناک نہیں تو شاید اس کی وجہ یہ ہے کہ ہم نے ٹھیک ٹائم پر لاک ڈاؤن کردیا تھا اب بجائے لاک ڈاؤن کو مزید نافذ کریں ہم کہہ رہے ہیں کہ لاک ڈاؤن نرم کیا جائے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ کا کہنا تھا کہ جب تک لاک ڈاؤن ہے ٹرانسپورٹ نہیں کھولی جائے گی، ٹرانسپورٹرز نے ہر حالات میں ہمارا ساتھ دیا ہے، انہیں اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔