Tag: لاک ڈاؤن

  • جنگل کے بادشاہ کا سڑکوں پر راج

    جنگل کے بادشاہ کا سڑکوں پر راج

    کیپ ٹاؤن: دنیا بھر میں عالمگیر وبا کے باعث نافذ لاک ڈاؤن کا جانوروں نے فائدہ اٹھانا شروع کردیا، جنوبی افریقہ میں شیروں نے خالی سڑک دیکھ کر ڈیرے جمالیے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقہ میں بھی جنگل کے متصل علاقوں میں جنگلی جانور دیکھے گئے۔ سڑکیں اور گلیاں سنسان ہونے کے باعث چہل قدمی اور غذا کی تلاش میں جانور انسانی آبادی کا رخ کررہے ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنوبی افریقہ میں قائم پارک میں سیاحوں کی آمد نہ ہونے کی وجہ سے پارک کی سڑکیں خالی ہیں جہاں عموماً سیاح گاڑیوں میں سوار ہوکر جانوروں کا نظارہ کرتے، سیلفیاں اور ویڈیوز بناتے ہیں۔

    پارک خالی ہونے کے باعث شیر سڑکوں پر لیٹ گئے اور سورج کی روشنی سے ’سن باتھ‘ لینے لگے، مذکورہ حیرت انگیز تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ ہزاروں صارفین نے تصاویر پر پسندیدگی کا اظہار کیا۔

  • بھارت: زوم ایپ سے ویڈیو کانفرنسنگ کے وقت ہوشیار رہنے کی وارننگ جاری

    بھارت: زوم ایپ سے ویڈیو کانفرنسنگ کے وقت ہوشیار رہنے کی وارننگ جاری

    نئی دہلی: کرونا وائرس کی عالمگیر وبا کی وجہ سے لگنے والے لاک ڈاؤن میں زوم ایپ ویڈیو کانفرنسنگ سے مستفید ہوتے وقت ہوشیار رہنے کی وارننگ جاری کر دی گئی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق پڑوسی ملک بھارت میں جاری ملک گیر لاک ڈاؤن کے دوران ویڈیو کانفرنسنگ کے زوم ایپ کے استعمال کے سلسلے میں ایڈوائزری جاری کی گئی ہے کہ اس ایپ کا استعمال غیر محفوظ ہے۔

    بھارتی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ زوم ایپ کا ویڈیو کانفرنسنگ کے لیے استعمال محفوظ طریقے سے ہونا چاہیے، کیوں کہ اسے استعمال کرنے والے ہر وقت ہیکرز اور سائبر کریمنلز کے حملوں کے خطرے سے دوچار ہوتے ہیں۔

    بتایا گیا ہے کہ اگرچہ زوم ایپ گھر سے کام کرنے کے سلسلے میں نہایت مفید ثابت ہوا ہے تاہم یہ اب تک ہیکرز کے لیے بھی بہت مددگار ثابت ہوا ہے، اس میں ایسی تکنیکی خامیاں موجود ہیں جن سے ہیکرز فائدہ اٹھا کر یوزرز کے سسٹم کو ہیک کرتے رہتے ہیں۔

    لاک ڈاؤن میں ’زوم‘ ایپ استعمال کرنے والوں کے لیے چونکا دینے والی خبر

    خیال رہے کئی ممالک اس ایپ کے سلسلے میں وارننگز جاری کر چکے ہیں، رواں ماہ کے آغاز میں امریکی سیکرٹ ٹیسٹنگ ایجنسی نے بھی زوم ایپ کے سلسلے میں وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کے استعمال میں احتیاط برتی جائے۔ گزشتہ برس دسمبر میں سنگاپور حکام نے بھی اساتذہ کو زوم ایپ استعمال نہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔ بھارت کی نیشنل سائبر سیکورٹی ایجنسی نے بھی ایپ کی خامیوں سے لوگوں کو آگاہ کیا تھا۔

    زوم ایپ کو سرکاری اور کاروباری مقاصد کے لیے استعمال نہ کرنے کا بھی پرزور مشورہ دیا گیا ہے، بھارتی وزارت داخلہ نے اس کے انفرادی استعمال کو بھی غیر محفوظ قرار دیا، اس کے محفوظ استعمال کے لیے ایک گائیڈ لائن بھی جاری کی گئی ہے جس پر عمل سے کسی بھی سائبر اٹیک کو روکا جا سکتا ہے۔

    گائیڈ لائنز کے مطابق ہر ویڈیو میٹنگ کے وقت نیا آئی ڈی اور پاس ورڈ سیٹ کیا جائے، ہوسٹ کی منظوری کے بعد یوزر کو کانفرنس میں لیا جائے اور اس کے لیے ویٹنگ روم کا فیچر آن کیا جائے، جوائن بی فور ہوسٹ کا فیچر آف کر دیں، اسکرین شیئرنگ کا فیچر ہوسٹ اونلی رکھیں، ہٹائے جانے والے شرکا کو دوبارہ جوائن کرنے کا فیچر بھی آف کر دیں، ریکارڈنگ فیچر سے محتاط رہیں اور اسے محدود کر دیں، ایڈمنسٹریٹر میٹنگ کے خاتمے پر اسے ضرور بند کر کے جائے۔

  • عدالت نے مساجد میں نماز کی ادائیگی پر پابندی کے خلاف درخواست مسترد کر دی

    عدالت نے مساجد میں نماز کی ادائیگی پر پابندی کے خلاف درخواست مسترد کر دی

    کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے شہر قائد میں لاک ڈاؤن کے دوران مساجد میں نماز کی ادائیگی پر پابندی کے خلاف درخواست مسترد کر دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے مساجد میں نماز کی ادائیگی پر پابندی کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی، عدالت کا کہنا تھا کہ انسانی زندگی محفوظ رکھنے کے لیے ایگزیکٹو اختیارات استعمال کیے جا رہے ہیں، اور عدالت اس پالیسی معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتی۔

    سندھ ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ مساجد میں عبادات کے سلسلے میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے علما کا اجلاس بھی طلب کر رکھا ہے، علما کرام کے فتوؤں کی روشنی میں وبا کی وجہ سے عبادات محدود کی جا سکتی ہیں۔

    کوشش ہےکہ رمضان میں مساجدکی رونقیں بحال ہوں، نور الحق قادری

    ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ 18 اپریل کو صدر مملکت کی زیر صدارت مختلف مکاتب فکر کے علما کا اجلاس ہے، جس میں مساجد میں نماز اور رمضان سے متعلق پالیسی وضع کی جائے گی۔

    ایڈیشنل اے جی سندھ جواد ڈیرو نے عدالت کے روبرو پیش ہوتے ہوئے کہا کہ مساجد کو بند نہیں کیا گیا صرف محدود کیا گیا ہے، دنیا بھر میں 20 ملین افراد کرونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں، پاکستان میں بھی وائرس پھیل رہا ہے، یہ اقدام عوام کو وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

  • لندن میں لاک ڈاؤن کے باعث چور سرگرم ہوگئے

    لندن میں لاک ڈاؤن کے باعث چور سرگرم ہوگئے

    لندن: کروناوائرس کے تناظرمیں لاک ڈاؤن کے باعث برطانیہ میں چور سرگرم ہوگئے، ملکی دارالحکومت میں قائم ایک اسپتال کے چندے کے ڈبے سے رقم چوری ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق لندن میں’یارک‘ نامی اسپتال میں چور نے چندے کا ڈبہ خالی کردیا۔ علاج اور دیگر طبی سہولیات کی مد میں دی گئیں عطیات چور لے اڑا، اسپتال انتظامیہ نے چوری شدہ ڈبے کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر ہونے والی تصویر بھی دیکھا جاسکتا ہے کہ چور نے بڑی مہارت سے چندے کا ڈبہ صاف کیا، اور تمام رقم خاموشی سے لے کر رفوچکر ہوگیا۔

    اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مہلک وبا کے وقت میں یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل برطانیہ کے ایک اسپتال سے چور سینی ٹائزرز لے کر فرار ہوگیا تھا۔

    واضح رہے کہ برطانیہ میں کروناوائرس سے ہلاکتوں کی تعداد13ہزار729ہوگئی ہے۔ چوبیس گھنٹوں میں861افراد کرونا سے ہلاک ہوئے۔ برطانیہ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی۔

    این ایچ ایس میں سوا تین لاکھ افراد کے ٹیسٹ کرچکے ہیں۔

  • لاک ڈاؤن میں توسیع پر ہر صورت عملدرآمد کرایا جائےگا،عثمان بزدار

    لاک ڈاؤن میں توسیع پر ہر صورت عملدرآمد کرایا جائےگا،عثمان بزدار

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن میں توسیع پر ہر صورت عملدرآمد کرایا جائےگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ڈاکٹرز اور دیگر عملے کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دیں گے، ہیلتھ پروفیشنلز کو یہ اضافی تنخواہ یکم اپریل سے ملےگی۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن میں توسیع پر ہر صورت عملدرآمد کرایا جائے گا،کسی کو حکومتی اقدامات کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں جائے گی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں اب تک کرونا سے 3232 متاثرہ مریض ہیں،صوبے میں کرونا کے550 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں تقریباً 56 ہزار ٹیسٹنگ کٹس موجود ہیں، نئی لیبارٹریز کو چندروز میں فنکشنل کر دیا جائے گا۔

    پنجاب حکومت کا کرونا کے پیش نظر رمضان بازار نہ لگانےکا فیصلہ

    اس سے قبل لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت رمضان پیکج پر اجلاس ہوا جس میں پنجاب حکومت نے کرونا کے پیش نظر رمضان بازار نہ لگانے کا فیصلہ کیا۔

    اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب نے رمضان میں عوام کو براہ راست ریلیف کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو براہ راست کیش رقم ادا کی جائے گی۔

  • لاک ڈاؤن ، کراچی کے تاجروں کی آن لائن کاروبار چلانے کی درخواست

    لاک ڈاؤن ، کراچی کے تاجروں کی آن لائن کاروبار چلانے کی درخواست

    کراچی : شہر قائد میں تاجروں نے گورنر سندھ سے آن لائن کاروبار چلانے کی درخواست کرتے ہوئے مطالبہ کیا تاجروں کو پانچ لاکھ تک بلا سود قرضے بھی فراہم کئے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل سے کراچی کے تاجروں کے وفد کی ملاقات ہوئی ، ملاقات مین تاجروں نے اپنے مطالبات گورنر سندھ کو پیش کئے۔

    تاجروں نے گورنر سندھ سے آن لائن کاروبار چلانے کی درخواست کرتے ہوئے کہا جب تک مارکیٹیں بندہیں آن لائن فروخت کی اجازت دی جائے اور 5لاکھ تک بلا سود قرضے بھی فراہم کئے جائیں۔

    گورنر سندھ نے تاجروں کے مسائل کووفاق  اور وزیراعلیٰ کےسامنےرکھنےکی یقین دہانی کرادی ہے۔

    دوسری جانب صوبائی وزیر ناصر شاہ نے بھی تاجروں سے ملاقات کیلئے رابطہ کرلیا اور وزیر اعلی سندھ سےملاقات کرانے کا عندیہ دیا ہے۔

    تاجروں کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ سے ملاقات کے بعد اگلے مرحلے میں ناصر شاہ سے ملاقات کریں گے، انتظامیہ مارکیٹیں اور کاروبار کو کھولنے کے لیے فوری فیصلہ کریں۔

    خیال رہے کراچی کے تاجروں کی مارکٹیں کھولنے کے حوالے سے 48 گھنٹے کا وقت آج رات ختم ہورہا ہے، تاجروں نے د و روز قبل کمشنر کراچی اور ایڈیشنل کراچی کی درخواست پر دوکانیں کھولنے کے فیصلے کو دو دن کیلئے موخر کر دیا تھا۔

  • لاک ڈاؤن کے دوران بچوں کا آن لائن رہنا کتنا خطرناک؟ رپورٹ ملاحظہ کریں

    نیویارک: دنیا بھر میں کرونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں لاک ڈاؤن کی صورت حال کے دوران بچے بھی اپنی سرگرمیوں سے محروم ہو چکے ہیں، جس کی وجہ سے بچے زیادہ تر وقت اب آن لائن گزارنے لگے ہیں۔

    اس سلسلے میں یونی سیف نے ایک الارمنگ رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ لاک ڈاؤن کے دوران بچوں کا آن لائن رہنا کتنا خطرناک ہے؟ یونی سیف نے رپورٹ میں کہا کہ اسکولوں کی بندش سے دنیا میں ڈیڑھ ارب سے زیادہ بچے اور نوجوان متاثر ہیں، اور پڑھائی کے لیے بچے انٹرنیٹ استعمال کر رہے ہیں۔

    یونیسیف نے ایک اہم خطرے کی طرف توجہ دلائی ہے کہ بچوں کو آن لائن ہراساں کیا جا سکتا ہے، موجودہ نازک صورت حال میں سائبر کرمنل بچوں کو نشانہ بنا سکتے ہیں، قابل اعتراض مواد کی رسائی بھی بچوں کو متاثر کر سکتی ہے۔

    یونی سیف نے تجویز دی کہ بچوں کو بچانے کے لیے سیفٹی فیچرز اپنائے جائیں، بچوں کو بتایا جائے کہ انٹرنیٹ بہتر انداز میں استعمال کیسے استعمال کیا جائے۔

    لاک ڈاؤن میں ’زوم‘ ایپ استعمال کرنے والوں کے لیے چونکا دینے والی خبر

    تشدد کے خاتمے کے پروگرام گلوبل پارٹنر شپ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ہاورڈ ٹیلر نے کہا کہ کو وِڈ نائنٹین کی عالمگیر وبا نے اسکرین ٹائم اس حد تک بڑھا دیا ہے کہ اس کی نظیر نہیں ملتی، اسکولوں کی بندش اور دیگر پابندیوں کا مطلب ہے کہ اکثر فیملیز کو اپنے بچوں کی تعلیم، تفریح اور باہر کی دنیا سے مربوط کرنے کے لیے ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل سلوشنز پر انحصار کرنا پڑ رہا ہے، لیکن مسئلہ یہ ہے کہ سب بچوں کو آن لائن اپنے آپ کو محفوظ رکھنے کا علم، مہارت اور ذرایع دستیاب نہیں، جس سے انھیں شدید خطرہ لاحق ہے۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں تعلیمی اداروں کی بندش کی وجہ سے 1.5 بلین بچے اور نوجوان متاثر ہو چکے ہیں جن میں اکثر طلبہ دوستوں سے رابطے اور کلاسز آن لائن لے رہے ہیں۔

  • تاجروں‌ نے گورنر سندھ سے امیدیں باندھ لیں

    تاجروں‌ نے گورنر سندھ سے امیدیں باندھ لیں

    کراچی: صوبے میں 25 دن سے جاری لاک ڈاؤن میں کاروبار کی مسلسل بندش سے پریشان شہر قائد کے تاجروں‌ نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے امیدیں باندھ لی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے تاجروں کو مذاکرات کے لیے آج طلب کر لیا ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ نے تاجروں کو جائز مطالبات حل کرنے کی امید دلائی ہے۔

    تاجر تنظیموں نے گزشتہ روز بدھ کو کاروبار کھولنے کا اعلان کیا تھا، کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی یقین دہانی پر تاجر تنظیموں نے اعلان کو 2 دن کے لیے مؤخر کر دیا تھا، کمشنر کراچی نے تاجروں کو وزیر اعلی سندھ سے ملاقات کی یقین دہانی کرائی تھی تاہم وزیر اعلیٰ سندھ نے تاجروں کو ابھی تک ملاقات کا وقت نہیں دیا۔

    تاجر صوبائی انتظامیہ سے مایوس ہو کر آج گورنر سندھ سے ملاقات کے لیے گورنر ہاؤس جائیں گے، تاجروں نے اپنے مسائل کے حل کے لیے وفاق کی جانب امید لگا لی ہے، اس سلسلے میں کراچی کی مارکیٹوں کی تاجر تنظیموں کا 7 رکنی وفد گورنر سندھ سے آج دوپہر ملاقات کے لیے جائے گا۔

    مارکیٹیں بند ہونے سے تاجروں کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ سر پر منڈلانے لگا ہے، مارکیٹوں کی مسلسل بندش سے روزانہ اجرت پر کام کرنے والے بھی بے روزگار ہونے لگے ہیں، دکان دار بجلی گیس کے بل اور دکانوں کا کرایہ تک ادا کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔

  • خوشی کی تقریبات پر پابندی، خواجہ سراؤں کو گھر کی دہلیز پر راشن فراہم

    خوشی کی تقریبات پر پابندی، خواجہ سراؤں کو گھر کی دہلیز پر راشن فراہم

    راولپنڈی: ملک بھر میں لاک ڈاؤن اور شادی بیاہ کی تقریبات پر پابندی کی وجہ سے خواجہ سرا بھی مشکل میں آ گئے ہیں، تاہم راولپنڈی پولیس نے اس سلسلے میں اہم قدم اٹھاتے ہوئے گھروں کی دہلیز پر انھیں راشن فراہم کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق راولپنڈی پولیس خواجہ سراؤں کو راشن پیکج پہنچانے ان کی دہلیز پر پہنچ گئی، گزشتہ روز آئی جی پنجاب اور سی پی او احسن یونس کی ہدایات پر مستحق خواجہ سراؤں میں راشن تقسیم کیا گیا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ اے ایس پی سول لائنز بینش فاطمہ اور پولیس کے دیگر افسران اور جوانوں نے راشن خواجہ سراؤں کے گھروں تک پہنچایا، اے ایس پی بینش فاطمہ نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں مستحق افراد تک راشن پہنچانے کا فریضہ انجام دینا باعث فخر ہے۔

    پنجاب میں 25 اپریل تک لاک ڈاؤن میں توسیع، نوٹیفکیشن جاری

    اس موقع پر خواجہ سراؤں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے شادی بیاہ کی تقریبات پر پابندی کی وجہ سے وہ بھوک اور افلاس کا شکار ہوئے، وہ کئی دن سے گھروں میں بند تھے اور بھوکے بیٹھے تھے، آئی جی پنجاب اور سی پی او راولپنڈی کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنھوں نے ہمارا خیال رکھا، اس مشکل وقت میں پولیس کا مثبت چہرہ اور کردار سامنے آیا ہے۔

    سی پی او راولپنڈی محمد احسن یونس کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے بے روزگاری کے شکار تمام طبقات کی مدد کے لیے راولپنڈی پولیس ہر وقت تیار ہے، آئی جی پنجاب کے حکم پر اب تک 1700 سے زائد مستحق افراد کو گھر کی دہلیز تک راشن فراہم کیا جا چکا ہے، راولپنڈی پولیس جرائم اور کرونا کے خلاف جنگ کے ساتھ ساتھ شہریوں کی خدمت کا فریضہ بھی انجام دیتی رہے گی۔

  • راشن مجمع کو منتشر کرنے کے لیے پولیس اہل کار کی فائرنگ، خاتون جاں بحق

    راشن مجمع کو منتشر کرنے کے لیے پولیس اہل کار کی فائرنگ، خاتون جاں بحق

    کراچی: شہر قائد کے علاقے پرانی سبزی منڈی کے قریب مبینہ پولیس فائرنگ سے ایک خاتون جاں بحق ہو گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پرانی سبزی منڈی کراچی میں راشن کی تقسیم کے دوران مجمع اکٹھا ہو گیا، لوگوں کو منتشر کرنے کے لیے ہیڈ کانسٹیبل نے ہوائی فائرنگ کر دی جس کی زد میں ایک خاتون آ کر جاں بحق ہو گئی۔

    علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ اہل کار کی ہوائی فائرنگ سے گھر میں موجود خاتون جاں بحق ہو گئی، فائرنگ کرنے والا پولیس اہل کار نشے میں تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ ہیڈ کانسٹیبل سمیت گشت پر مامور چاروں اہل کاروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    سندھ لاک ڈاؤن میں توسیع : کون کون سے کاروبار کھولنے کی اجازت ہوگی

    ایس ایس پی ایسٹ تنویر عالم اوڈھو نے میڈیا کو بتایا کہ رات گئے راشن تقسیم پر 2 فلاحی اداروں میں جھگڑا ہوا، پولیس جھگڑا ختم کروانے لگی تو مشتعل افراد نے گھیر لیا، پولیس اہل کاروں کو دھکے دیے گئے تو صورت حال خراب ہوئی، جس پر اہل کاروں نے ہوائی فائرنگ کی جس کی زد میں خاتون آئی، تاہم خاتون کے شوہر نے درخواست دی ہے کہ وہ مقدمہ نہیں کرانا چاہتا، شوہر نے مقدمہ درج نہ کرایا تو پولیس کی مدعیت میں مقدمہ ہوگا۔

    خیال رہے کہ کراچی سمیت سندھ میں 30 اپریل تک لاک ڈاؤن میں توسیع کر دی گئی ہے، لاک ڈاؤن کے باعث غریب شہریوں کو کھانے کے لالے پڑ گئے ہیں، جن کی مدد کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں سیاسی اور فلاحی تنظیموں سمیت مخیر حضرات کی جانب سے مفت راشن تقسیم کیا جا رہا ہے۔