Tag: لاک ڈاؤن

  • لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 2 ٹیکسٹائل فیکٹریاں بند، مالکان گرفتار

    لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 2 ٹیکسٹائل فیکٹریاں بند، مالکان گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں 2 ٹیکسٹائل فیکٹریوں کو لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر بند کروا دیا گیا، دونوں فیکٹریوں کے مالکان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (آئی جی) غلام نبی میمن نے ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، اس دوران انہوں نے کہا کہ آج سے ہم نے سختی بڑھائی، کئی شہریوں کو گرفتار بھی کیا، مجموعی صورتحال کافی بہتر ہے۔

    ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ کل سے سختی میں مزید اضافہ کریں گے، حکومت سندھ کے احکامات پر عمل کروا رہے ہیں۔ حکام کرونا وائرس پر مستقبل کے لیے ایس او پی بنا رہے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 2 ٹیکسٹائل مالکان کو گرفتار کیا ہے، ایک ٹیکسٹائل مل کی انتظامیہ کے چند افراد کو بھی گرفتار کیا۔

    مذکورہ فیکٹریوں کو کچھ دیر قبل بند کروایا گیا تھا، ایس ایس پی ملیر علی رضا کے مطابق دونوں فیکٹریز میں کئی روز سے پابندی کے باوجود کام چل رہا تھا، ایک فیکٹری کا مینیجر ملیر پولیس نے چند روز پہلے گرفتار کیا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فیکٹری مالکان کے معاملے پر بااثر مالکان کی جانب سے دباؤ ڈالا جارہا ہے۔

    دوسری جانب شہر کے مختلف فیکٹری مالکان نے ملازمین کو نوٹس جاری کرنا شروع کردیے ہیں، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ فیکٹری کھلنے کی اجازت ملنے پر صرف ضروری اسٹاف کو بلایا جائے گا۔

    نوٹس کے مطابق بقایا ملازمین بغیر تنخواہ کے چھٹی پر رہیں گے۔ فیکٹری مالکان کا کہنا ہے کہ جون 2020 میں صورتحال دیکھ کر مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔

  • لاک ڈاؤن کی وجہ سے معاشی سرگرمیاں تعطل کا شکار ہیں، شاہ محمود قریشی

    لاک ڈاؤن کی وجہ سے معاشی سرگرمیاں تعطل کا شکار ہیں، شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے معاشی سرگرمیاں تعطل کا شکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت کرونا کے معیشت پر منفی اثرات سے متعلق اجلاس ہوا جس میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیرمملکت حماد اظہر، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران ودیگر اجلاس میں شریک ہوئے۔

    اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ یہ ایسا عالمی وبائی چیلنج ہے جس نے پوری دنیا کو لپیٹ میں لے رکھا ہے،ملکی معیشت پر کرونا کے مضر اثرات سے نبرد آزما ہونے میں مشکلات ہیں۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ برآمدات کی شرح میں بہت حد تک کمی واقع ہوچکی ہے، لاک ڈاؤن کی وجہ سےمعاشی سرگرمیاں تعطل کا شکار ہیں۔انہوں نے حالیہ صورتحال پر مختلف عالمی رہنماؤں سے رابطوں سے بھی آگاہ کیا۔

    شاہ محمود قریشی کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کم وسائل کے حامل ممالک کو قرض ادائیگی میں سہولت کی تجویز دی،وزیراعظم کی تجویز کو مختلف بین الاقوامی فورمز پر زیر بحث لایاگیا۔

    وزیر خارجہ نے اجلاس میں بتایا کہ یو این سیکریٹری جنرل، او آئی سی، شنگھائی تنظیم کے سیکریٹری سے بات ہوئی، یورپی اور سارک ممالک کے وزرائے خارجہ سے بھی ٹیلیفونک گفتگو ہوئی۔

  • لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی، کراچی میں پولیس اہل کاروں کو دھمکیاں دینے والا گرفتار

    لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی، کراچی میں پولیس اہل کاروں کو دھمکیاں دینے والا گرفتار

    کراچی: شہر قائد میں لاک ڈاؤن پابندی کی خلاف ورزی کرنے اور پولیس اہل کاروں کو دھمکیاں دینے والے شہری کو گرفتار کر لیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے محمود آباد میں لاک ڈاؤن کے دوران پولیس اہل کاروں کے کام میں رکاوٹ بننے اور انھیں دھمکیاں دینے والے شہری عادل زمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

    ایس ایس پی ایسٹ تنویر اوڈھو کا کہنا تھا کہ پولیس اہل کاروں کو دھمکیاں دینے والے شخص کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جب کہ 2 دیگر نامزد نامعلوم افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    صورتحال کودیکھتے ہوئے لاک ڈاؤن میں نرمی لائیں گے، مراد علی شاہ

    خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے محمود آباد میں لاک ڈاؤن کے دوران با اثر افراد نے پولیس سے بدمعاشی کی، محمود آباد میں دکانیں بند کرانے پر پولیس اہل کاروں کو دھمکیاں دی گئیں، اے آر وائی نیوز کے مطابق مبینہ طور پر بدسلوکی کرنے والے سندھ حکومت کی اہم شخصیت کے گن مین اور پارٹی کارکنان تھے۔

    گزشتہ روز جب 5 بجے کے بعد پولیس دکانیں بند کرانے پہنچی تو با اثر افراد نے ان کے کام میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی اور انھیں دھمکیاں دیں، جس پر پولیس اہل کاروں نے ان سے معافی بھی مانگی۔ ذرایع کا کہنا تھا کہ ایس ایچ او محمود آباد نے مذکورہ افراد کے خلاف کارروائی کی بجائے پولیس اہل کاروں سے معافی منگوائی۔ جس پر ڈی آئی جی ایسٹ نے ایس پی جمشید ٹاؤن کو انکوائری کا حکم دیا تھا۔

    ادھر پولیس کے اعلیٰ حکام نے شہر میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے کر شہر کے مختلف ناکوں پر چیکنگ سخت کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، فیروزآباد پولیس نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر شارع فیصل پر ایکشن لیتے ہوئے موٹر سائیکل سواروں اور رکشہ ڈرائیورز کو حراست میں لینا شروع کر دیا۔

  • صورتحال کودیکھتے ہوئے لاک ڈاؤن میں نرمی لائیں گے، مراد علی شاہ

    صورتحال کودیکھتے ہوئے لاک ڈاؤن میں نرمی لائیں گے، مراد علی شاہ

    کراچی :وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس ملنےجلنےسےپھیلتا ہے، صورتحال کودیکھتے ہوئے لاک ڈاؤن میں نرمی لائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن سے وائرس کاپھیلاؤ روکا جاسکتا تھا، لاک ڈاؤن پہلے ہوتاتوجانیں بچ سکتی تھیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پوری دنیا کا تجربہ ہے کورونا وائرس ملنےجلنےسےپھیلتا ہے، صورتحال کو دیکھتے ہوئے لاک ڈاؤن میں نرمی لائیں گے، 13 مارچ کو حکومت سندھ نےجلد سے جلد لاک ڈاؤن کی تجویز دی تھی، وفاقی حکومت بات مان لیتی تو13مارچ سےلاک ڈاؤن ہوتا تو متاثرہ افرادسےپھیلاؤنہ ہوتا۔

    مرادعلی شاہ نے کہا کہ حیدرآباد میں تبلیغی جماعت کےافرادکےٹیسٹ کرائے،کچھ مثبت آئے، سندھ میں تبلیغی جماعت سے وابستہ افراد کی تعدادتقریباً5000تھی، جو زائرین ایران سے بذریعہ سڑک آئے انہیں قرنطینہ کیاگیا، جومختلف ایئر پورٹس پراترے ان سے کورونا وائرس پھیلا۔

    یاد رہے چند روز قبل وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ سمیت پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں اور ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر دنیا کو دیکھا جائے تو ہمارے ہاں کورونا وائرس زیادہ بڑھ رہا ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم نے بہت ہی کم ٹیسٹ کیے ہیں، اگر ٹیسٹ کرنے کی استعداد بڑھائی جائے تو شاید بہت زیادہ کیسز ظاہر ہوں گے۔

    اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ خدارا گھروں میں رہیں، عوام کو نہ صرف خود کو اپنے بچوں کو اور دوستوں کو بچانا ہے۔

  • پنجاب بھر میں لاک ڈاؤن میں 14 اپریل تک توسیع

    پنجاب بھر میں لاک ڈاؤن میں 14 اپریل تک توسیع

    لاہور: صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس سے پھیلنے والی وبا کو روکنے کے لیے لاک ڈاؤن میں 14 اپریل تک توسیع کر دی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں لاک ڈاؤن میں 14 اپریل تک توسیع کر دی گئی ہے، محکمہ داخلہ پنجاب نے لاک ڈاؤن میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ اس سے قبل پنجاب میں 7 اپریل کی شام تک لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا جو کل ختم ہو جاتا، نئے نوٹیفکیشن کے بعد اب لاک ڈاؤن 14 اپریل کی شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

    ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید نے آج میڈیا کو بتایا کہ لاہور میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 1438 مقدمات درج ہوئے، 3 ہزار 657 گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بند کیا گیا، 3410 افراد سے غیر ضروری باہر نہ نکلنے کے شورٹی بانڈز لیے گئے۔

    پنجاب کے 21 نجی اسپتالوں میں کرونا کے علاج کی تیاریاں مکمل

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے آج کرونا سے متعلق تازہ ترین اپ ڈیٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں کرونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 1493 ہو چکی ہے جب کہ صوبے میں 15 مریض جاں بحق ہوئے۔

    ادھر چشتیاں میں آج مزید 4 مریضوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، ڈپٹی کمشنر شعیب خان نے بتایا کہ 2 خواتین سمیت 4 مریض آئسولیشن وارڈ میں منتقل کر دیے گئے ہیں، محکمہ صحت نے کہا کہ گوجرانوالہ ضلع میں کرونا سے متاثرمریضوں کی تعداد 26 ہو گئی۔

    ڈپٹی کمشنر پسرور کا کہنا ہے کہ ضلع سیالکوٹ کے 32 شہریوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، 14 مریضوں کا تعلق سیالکوٹ، 8 سمبڑیال، 3 ڈسکہ اور 7 کا تعلق پسرور سے ہے، کرونا میں مبتلا 22 مریض بیرون ملک سے سفر کر کے آئے تھے، 4 مریضوں کا تعلق تبلیغی مرکز سے ہے، ڈسٹرکٹ جیل میں 3 مریضوں میں کرونا کی تصدیق ہوئی، سیالکوٹ میں کل مریضوں کی تعداد 32 ہو گئی۔

  • کرونا وائرس لاک ڈاؤن: سعودی محکمہ شہری دفاع کا مثالی اقدام

    کرونا وائرس لاک ڈاؤن: سعودی محکمہ شہری دفاع کا مثالی اقدام

    ریاض: سعودی محکمہ شہری دفاع نے کرونا وائرس کے سبب گھروں میں موجود افراد کے لیے حفاظتی اقدامات کی مہم کا آغاز کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی محکمہ شہری دفاع نے کرفیو یا لاک ڈاؤن کے سبب مستقل گھروں میں موجود افراد کے لیے حفاظتی اقدامات کی مہم کا آغاز کیا ہے۔

    محکمہ شہری دفاع کی جانب سے جاری مہم کا مقصد کرونا کے باعث گھروں میں موجود افراد کو مختلف خطرات کے بارے میں آگاہی دینا ہے جن میں کچن میں موجود گیس سیلنڈر یا بجلی سے چلنے والے دیگر آلات کا محفوظ طریقے سے استعمال شامل ہے۔

    ڈائریکٹر جنرل لیفٹننٹ جنرل سلیمان بن عبداللہ العمرو کے مطابق عام شہریوں اور غیرملکیوں کو ایک خاص مقصد کے تحت گھر میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ شہریوں کے لیے چلائی جانے والی یہ مہم تین ہفتے تک جاری رہے گی۔محکمہ شہری دفاع کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا تھا کہ مہم میں حصہ لینے والے افراد اور بہترین طریقے سے مختلف ہدایات فراہم کرنے والوں کے لیے مختلف قسم کے انعامات بھی شامل کیے گئے ہیں۔

    دوسری جانب سعودی محکمہ صحت نے بھی سعودی بیسک انڈسٹریز کارپوریشن کے اشتراک سے ایک مہم چلا رکھی ہے جس کا مقصد بزرگ شہریوں کو کرونا وائرس سے بچنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔

  • لاک ڈاؤن میں انسان محصور، ننھے منے میمنے پارک میں جھولے لینے لگے

    لاک ڈاؤن میں انسان محصور، ننھے منے میمنے پارک میں جھولے لینے لگے

    کرونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کی وجہ سے سڑکوں پر سے انسان کیا غائب ہوئے، جانوروں کی تو عید ہی ہوگئی، ننھی منی بھیڑیں آکر بچوں کے جھولے جھولنے لگیں۔

    انگلینڈ کے شہر پریسٹن میں محصور شہریوں نے اپنی کھڑکیوں سے دیکھا کہ ایک پارک کے جھولے میں بھیڑ کے میمنے چڑھ کر جھولے لے رہے ہیں اور بھاگ دوڑ کر رہے ہیں۔

    دراصل انسانوں کے گھروں میں محصور ہوجانے سے ان میمنوں سمیت کئی جانور بے خوف و خطر سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔

    دوسری جانب ویلز کی کاؤنٹی میں بھی پہاڑی بکریاں سڑکوں پر نکل آئیں اور مزے سے چہل قدمی کرنے لگیں۔

    شہریوں نے گھروں میں رہتے ہوئے فطرت سے اس رابطے پر خوشی کا اظہار کیا۔

    اس سے پہلے اٹلی کے معروف سیاحتی شہر وینس میں بھی ایسی ہی صورتحال دیکھنے میں آئی جہاں سیاحوں کے غائب ہوجانے کے بعد ندی، نالے اور جھیلیں آلودگی سے پاک، شفاف ترین ہوگئے اور مقامی آبی حیات ایک بار پھر یہاں بسیرا کرنے آن پہنچی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پوسٹ کی گئی تصاویر میں دیکھا گیا کہ وینس کی جھیلیں صاف شفاف ہوگئی ہیں اور ان میں موجود مچھلیاں صاف دکھائی دے رہی ہیں۔ کچھ جھیلوں پر بطخیں اور ہنس بھی دکھائی دے رہے ہیں۔

  • مقبوضہ کشمیر میں بھارتی کرفیو کو 8 ماہ مکمل، 4 کشمیری شہید

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی کرفیو کو 8 ماہ مکمل، 4 کشمیری شہید

    سری نگر: مقبوضہ وادی پر قابض بھارت کے کرفیو کو 8 ماہ مکمل ہو گئے، بھارتی فوج کے ظلم و جبر کی رات مزید طول پکڑ گئی، ضلع کلگام میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 4 کشمیری شہید ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج نے مقبوضہ وادی کو 8 ماہ سے چھاؤنی بنا رکھا ہے، ان 8 ماہ کے دوران بھارتی فوج کی بربریت سے 87 کشمیری شہید ہو چکے ہیں، بھارتی فوج کی جارحیت سے 956 کشمیری زخمی ہوئے، مقبوضہ وادی میں ہزاروں کشمیری جیلوں میں قید و بند کی تکالیف سے گزر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے جموں و کشمیر کی خصوصی اور الگ حیثیت کا خاتمہ کرکے اسے بھارت کا غیر قانونی طور پر حصہ بنا لیا تھا۔

    گزشتہ روز ضلع کلگام میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے مزید 4 کشمیری شہید ہو گئے ہیں، کشمیری میڈیا کا کہنا ہے کہ ان کشمیریوں کو حسب معمول نام نہاد آپریشن کے دوران نشانہ بنایا گیا۔ دوسری طرف مقبوضہ کشمیر میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ بھی بڑھ رہا ہے، وائرس سے متاثرین کی تعداد 92 ہو چکی ہے، جب کہ 2 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

    مقبوضہ کشمیر کے ڈھانچے میں تبدیلی کی ایک اور مذموم کوشش

    او آئی سی کے ہیومن رائٹس کمیشن نے بھی مقبوضہ کشمیر میں نیا ڈومیسائل قانون مسترد کر دیا ہے، کمیشن کا کہنا تھا کہ ڈومیسائل کا نیا قانون آبادی کا تناسب بدلنے کی کوشش کی ہے، او آئی سی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بھارتی آرڈر 2020 مقبوضہ کشمیر کی صورت حال مزید خراب کرے گا، او آئی سی ایسے تمام بھارتی اقدامات کو مسترد کرتا ہے، عالمی برادری موجودہ صورت حال کا نوٹس لے۔ 

    ادھر وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آر ایس ایس متاثرہ بی جے پی نے سیکولر بھارت کو دفن کر دیا ہے، ڈومیسائل پالیسی کا مقصد کشمیری اکثریت کو اقلیت میں بدلنا ہے، فاشسٹ بھارت کے اقدامات خود بھارت کے وجود کے لیے خطرہ ہیں۔ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ بھارتی مسلمانوں کو دوسرے درجے کا شہری قرار دیا جا رہا ہے، بھارت کشمیریوں پر ظلم کی بجائے غربت اور بیماری سے جنگ لڑے۔

  • لاک ڈاؤن کے باعث وائرس میں کمی آئی،ڈاکٹر یاسمین راشد

    لاک ڈاؤن کے باعث وائرس میں کمی آئی،ڈاکٹر یاسمین راشد

    لاہور: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے باعث وائرس میں کمی آئی، کوشش ہے مریضوں کی تعداد میں مزید اضافہ نہ ہو۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب میں 18 ہزار 269 افراد کے کروناٹیسٹ کیے گئے،ایکسپو سینٹر میں ہر کوئی اپنا کرونا ٹیسٹ کراسکتا ہے۔

    ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے باعث وائرس میں کمی آئی، کوشش ہے مریضوں کی تعداد میں مزید اضافہ نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ چینی ڈاکٹرز ہماری بہت مدد کر رہے ہیں،چینی ڈاکٹرز سے پلازما کے ذریعے علاج کےطریقہ کار پر بات ہوئی۔

    وزیر صحت پنجاب نے کہا کہ 90 فیصد لوگوں کو کرونا نے بہت معمولی متاثر کیا، پنجاب میں کرونا کے صرف 2 مریض کی حالت نازک ہے۔

    کرونا کے وار، پاکستان میں 41 اموات کی تصدیق، 130 صحت یاب

    محکمہ صحت اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 161 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھر میں کرونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 2708 تک پہنچ گئی۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس سے مرنے والےافراد کی تعداد 41 تک پہنچ گئی۔

  • جہاں بھی کرونا وائرس پھیلےگا وہاں مکمل لاک ڈاؤن کریں گے،وزیراعظم

    جہاں بھی کرونا وائرس پھیلےگا وہاں مکمل لاک ڈاؤن کریں گے،وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ جہاں بھی کرونا وائرس پھیلےگا وہاں مکمل لاک ڈاؤن کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے گورنر ہاؤس میں کرونا سے متعلق وزیراعظم عمران خان نے ریلیف فنڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سب ڈونرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں،مخیرحضرات نے دل کھول کر عطیات دیے ہیں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں ایک مسلمان کے ایمان کا پتہ چلتا ہے، آزمائشی وقت پر ایک دوسرے کی مدد کرنے والا بہترین انسان ہوتا ہے،مشکل وقت قوم کے امتحان کا وقت ہوتا ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ انسان کی بڑی خوبی مشکل وقت میں صبر کرنا ہے، مشکل وقت اس لیے ہے کہ کسی کو پتہ نہیں کیا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ ممالک بھی دیکھ لیں جہاں ادارے مضبوط تھے،وہ ممالک دیکھ لیں جن کی ترقی کی مثالیں دی جاتی تھیں،سوچیں ان ملکوں کا یہ حال ہوسکتا ہے ہمارا کیاحال ہوگا۔

    عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں وسائل کے باوجود برے حالات ہیں،ہمارے لیے امتحان کا وقت ہے، میں اس کو چیلنج سمجھتا ہوں،ہم اس مشکل وقت سے نکلیں گے تو ایک الگ قوم بن کر نکلیں گے۔

    وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ حکومت نے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف پیکج دیا ہے، مخیرحضرات سے پیسے جمع کر کے غریبوں کی مدد کریں گے، حکومت آگے اور بھی بڑے بڑے ریلیف پیکج دےگی۔

    انہوں نے کہا کہ چیلنج ہے کرونا وائرس بھی نہ پھیلے اور ساتھ غریب طبقے کی بھی مدد کی جائے، ہم نےملک کو ایسے چلانا ہے کہ غریب طبقہ متاثر نہ ہو، ہم نےکنسٹرکشن کھول دی ہے تاکہ لوگوں کو روزگار ملے، دیہات میں ایگری کلچر مکمل طور پرکھول رکھا ہے تاکہ کسانوں کوم مسئلہ نہ ہو۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ہر روز بیٹھ کر سوچتے ہیں کہ کون سی انڈسٹری کھول سکتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کرونا سے جنگ بھی چلے اور ہماری اکانومی بھی چلے۔انہوں نے کہا کہ کرون وائرس کے خلاف جنگ ابھی طویل چلےگی،کرونا وائرس کسی کو نہیں بخشےگا۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ اللہ نے ہمیں ابھی تک بچایا ہوا ہے پھر بھی ہم نے احتیاط کرنی ہے، جہاں بھی کرونا وائرس پھیلےگا وہاں مکمل لاک ڈاؤن کریں گے،ٹائیگر فورس کا مقصد ہوگا مکمل لاک ڈاؤن میں لوگوں کےگھر کھانا پہنچائیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ آج ہمارے ایم این ایز اور ایم پی ایز کا بھی اصل امتحان ہے، ایم این ایز اور ایم پی ایز لوگوں کے پاس جا کر ان کی مدد کریں۔