Tag: لاک ڈاؤن

  • لاک ڈاؤن کے دوران شادی، دلہا دلہن گرفتار

    لاک ڈاؤن کے دوران شادی، دلہا دلہن گرفتار

    نئی دہلی: بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں لاک ڈاؤن کے دوران شادی کی تقریب منعقد کرنے پر پولیس نے دلہا دلہن سمیت درجنوں افراد کو گرفتار کرلیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق کرونا وائرس کو روکنے کے لیے ملک بھر میں 14 اپریل تک لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے اور اس کی پابندی کے لیے انتظامیہ سختی سے پیش آرہی ہے، اس کے باوجود لاک ڈاؤن کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔

    اتراکھنڈ میں بھی لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شادی کی تقریب منعقد کی گئی جس میں درجنوں افراد نے شرکت کی۔

    اس موقع پر پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے فوری کارروائی کی اور دلہا، دلہن اور درجنوں مہمانوں کو گرفتار کرلیا، تمام افراد کے خلاف سی آر پی سی اور دفعہ 188 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    گرفتار افراد میں دلہا کے والد اور گردوارہ کے انچارج بھی شامل ہیں جہاں پر شادی منعقد ہورہی تھی۔

    خیال رہے کہ بھارت میں کرونا وائرس کے اب تک 3 ہزار 82 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 86 ہوگئی ہے۔

  • فلپائن میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر گولی مارنے کی دھمکی

    فلپائن میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر گولی مارنے کی دھمکی

    منیلا : فلپائنی صدر روڈیگو دوٹیرٹے نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو گولی مارنے کی دھمکی دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق فلپائنی صدر روڈیگو دوٹیرٹے نے خطاب کے دوران لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر گولی مارنے کی دھمکی دے دی۔انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے حکومت کے احکامات پر عمل نہ کیا تو وہ فوج کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم دے دیں گے۔

    فلپائنی صدر کا کہنا تھا کہ حکومت کو غصہ نہ دلائیں، انہیں چیلنج مت کریں،کیوں کہ ایسا کرنے پر آپ کو ہی شکست ہوگی۔

    روڈیگو دوٹیرٹے نے کہا کہ میں فوج اور پولیس کو حکم دیتا ہوں کہ اگر کسی نے ڈاکٹرز اور طبی عملے کو کسی قسم کا نقصان پہنچایا اور ان کی زندگی خطرے میں ڈالی تو اسے فوری گولی مار دیں۔

    فلپائنی صدر کا یہ بیان منیلا کے علاقے کوئزن میں کچی آبادی کے رہائشیوں کی جانب سے کیے گئے احتجاج کے بعد سامنے آیا ہے۔ کچی آبادی کے رہائیشوں کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن نافذ ہوئے دو ہفتوں سے زائد کا وقت گزر چکا ہے تاہم انہیں اب تک کھانے پینے کی اشیا اور دیگر امدادی سامان نہیں دیا گیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دنیا بھر میں کرونا وائرس کے 70 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد عالمی سطح پر مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 50 ہزار ہوگئی ہے۔

  • کراچی: لاک ڈاؤن کے دنوں کی انوکھی واردات، 3 گھنٹوں میں گھر کا مکمل صفایا

    کراچی: لاک ڈاؤن کے دنوں کی انوکھی واردات، 3 گھنٹوں میں گھر کا مکمل صفایا

    کراچی: شہر قائد میں ایک طرف کرونا وائرس سے لاک ڈاؤن میں شہری پریشانی کا شکار ہیں، دوسری طرف ڈکیتوں نے واردات میں اطمینان دکھانے کی انتہا کر دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی میں ڈکیتی کی انوکھی واردات ہوئی، پیدل آنے والے ڈکیت 3 گھنٹوں تک گھر میں رہے، اور شادی کے لیے جمع پونجی لوٹنے سمیت پورے گھر کا صفایا کر دیا۔

    پیدل ملزمان شہری اقبال کے گھر سے موٹر سائیکلیں، نقدی اور راشن بھی ساتھ لے گئے، شہری نے پولیس سے مدد کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ 5 مسلح ملزمان رات 3 بجے گھر میں داخل ہوئے اور 6 بجے صبح واپس گئے، ملزمان نے کچن میں جا کر اطمینان سے چائے بھی خود بنا کر پی۔

    مفت راشن کے لیے فارم فروخت کرنے والے 4 جعل ساز گرفتار

    شہری کی درخواست کے مطابق انھوں نے بیٹے اور بیٹی کی شادی لاک ڈاؤن کی وجہ سے روکی ہوئی تھی، لیکن بدقسمتی سے یہ واردات ہو گئی اور ڈکیت شادی کے لیے جمع پونجی 1 لاکھ 30 ہزار بھی لوٹ کر لے گئے، بیٹی کا زیور اور ایک پلاٹ کی فائل بھی لے گئے، ملزمان گھر میں کھڑی 2 موٹرسائیکلیں اور ان کے غذات بھی لے گئے۔

    شہری اقبال کا کہنا تھا کہ گھر کے باہر کمرے میں چھوٹی سی دکان بھی بنا رکھی ہے، جہاں موجود راشن 2 بوروں میں ڈکیت ساتھ لے گئے، ملزمان 3 گھنٹے تک گھر کے اندر موجود رہے، اور انھیں کمرے کے اندر بند کر دیا گیا تھا، ایک ملزم نے موبائل فون چھینا اور زمین پر مار کر توڑ دیا، ملزمان نے کہا پولیس کو مت بتانا 2 روز بعد موٹر سائیکلیں واپس کر دیں گے، شہری کا کہنا تھا کہ ون فائیو پولیس تو آگئی لیکن تھانے کی پولیس تاحال نہیں پہنچی۔

  • ایئر کوالٹی انڈیکس کیسے کام کرتا ہے؟

    ایئر کوالٹی انڈیکس کیسے کام کرتا ہے؟

    پاکستان میں ایئر کوالٹی انڈیکس پر فضا میں بہتری کے اشارے ملے ہیں جس کی اصل وجہ ملک کے متعدد شہروں میں کرونا کی وبا کے باعث کیا گیا لاک ڈاؤن ہے۔

    ملک بھر میں جہاں ہر قسم کی ٹرانسپورٹ کم ہے، وہیں کارخانے اور دیگر صنعتوں میں بھی کام کم ہونے سے لاہور اور دیگر شہروں کی آب و ہوا میں بہتری دیکھی گئی ہے۔

    عام دنوں میں ہماری فضا جہاں گرد و غبار سے آلودہ ہوتی ہے، وہیں اس میں مختلف کیمیائی عناصر، گیس، کثیف ذرات اور دھواں شامل ہوتا رہتا ہے جس کی تعداد اور مقدار کو ناپنے اور جانچنے کے مختلف طریقے اور معیار ہیں۔

    ہوا میں ان مادّوں کے تناسب کی سائنسی طریقے سے جانچ کے بعد ہی فضائی آلودگی کے بارے میں حتمی رپورٹ جاری کی جاتی ہے۔

    اس پیمانے کو ایئر کوالٹی انڈیکس کہا جاتا ہے جس کے کام کرنے کا طریقہ اور اُن اعداد و شمار کو جاننے کی ضرورت ہے جن کی بنیاد پر فضائی آلودگی میں کمی یا زیادتی کی رپورٹ جاری کی جاتی ہے۔

    فضائی آلودگی کا تناسب جاننے کے لیے موجود نظام میں ایک ایسا آلہ شامل ہے جو تھرما میٹر کی طرح کام کرتا ہے۔

    اس میں پیمائش کے درجے صفر سے پانچ سو ڈگری تک ہوتے ہیں۔

    ماہرین بتاتے ہیں کہ ہوا کا جائزہ لیتے ہوئے اگر اس پیمانے پر صفر سے پچاس ڈگری تک نتائج سامنے آئیں تو ہم اسے ہوا یا ہماری فضا میں گیسوں کا درست تناسب تصور کرتے ہیں۔

    اگر کسی وجہ سے یہ تناسب پچاس سے سو درجے تک ہو تو کہا جائے گا کہ گیسوں کی مقدار نارمل سے زیادہ ہے، لیکن ماہرین کے نزدیک یہ زمین پر موجود حیات کی صحت کے لیے نقصان دہ نہیں ہوتی۔

    سائنس دانوں کے مطابق ہوا میں گیسوں کا تناسب سو سے ڈیڑھ سو کی حد تک پہنچ جائے تو ان لوگوں کے لیے ضرور مسئلہ ہوسکتا ہے جو کسی بھی قسم کی الرجی اور جسمانی کم زوری کا شکار ہوتے ہیں، اسی طرح یہ تناسب بچوں اور عمر رسیدہ لوگوں کو بھی متاثر کرسکتا ہے۔

    اگر یہ تھرمامیٹر یا مخصوص سسٹم پر ہوا میں کثافت کا تناسب 150 سے 200 تک جارہا ہو تو یہ ماحول کے لیے خطرے کی علامت ہے۔

  • کراچی میں جمعہ کے دن 12 بجے سے 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ

    کراچی میں جمعہ کے دن 12 بجے سے 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ

    کراچی: حکومت سندھ نے شہر قائد میں جمعہ کے دن 12 بجے سے 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں جمعہ کے دن 12 بجے سے 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کیا جائے گا، ذرایع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے اس سلسلے میں علما سے بھی مشاورت کر لی ہے۔

    ذرایع کا یہ بھی کہنا ہے کہ جمعہ کے اجتماعات کو محدود کرنے کے فیصلے سے علما متفق ہیں۔ سندھ حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے کہ کسی قسم کی بد نظمی پیدا نہ ہو۔

    جمعہ کے روز 12 سے 3 بجے کے درمیان کاروباری مراکز بھی مکمل بند رہیں گے، لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی بھی کی جائے گی۔

    کراچی، ڈرائیو تھرو، گاڑی میں بیٹھے کرونا ٹیسٹ کی سہولت متعارف

    خیال رہے کہ سندھ میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 676 ہو چکی ہے، لاڑکانہ میں 7، سکھر میں 265 کرونا کیسز ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آج پریس کانفرنس میں بتایا کہ کراچی اور دیگر اضلاع میں 404 کیسز ہیں، حیدرآباد میں کیسز کی تعداد 128 ہے، دادو میں ایک کرونا وائرس کا کیس ہے۔

    کراچی میں آج صبح تک مجموعی کیسز 275 تھے، لوکل ٹرانسمٹ کے 343 کیسز ہیں، گھروں میں 229 لوگ آئسولیشن میں ہیں، حیدرآباد میں 39 آئسولیشن میں ہیں، 27 افراد صحت یاب ہو کر گھر چلے گئے ہیں، جب کہ صوبے میں وائرس سے 8 اموات ہو چکی ہیں۔ جب کہ صوبے کا پہلا کیس 26 فروری کو سامنے آیا تھا۔

  • پنجاب میں لاک ڈاؤن کے اوقات کار میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری

    پنجاب میں لاک ڈاؤن کے اوقات کار میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری

    لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے میں لاک ڈاؤن کے اوقات کار میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے کرونا وائرس کے حوالے سے جاری لاک ڈاؤن کے دوران دکانوں کے اوقات کار تبدیل کر دیے ہیں۔ حکومت پنجاب کی جانب سے اعلان کردہ نئے اوقات کار پر کل سے عمل درآمد یقینی بنایا جائےگا۔

    صوبہ پنجاب میں نئے اعلان کردہ اوقات کار کے تحت کریانہ، فروٹ مارکیٹ،جنرل اسٹور اور سبزی کی دکانیں صبح 9 بجے سے لے کر شام 5 بجے تک کھلی رہیں گی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کل سے صوبے کے تمام کاروباری مراکز کو شام 5 بجے ہر قیمت پر بند کرا دیا جائے گا۔

    سردار عثمان بزدار کے مطابق نئے اوقات کار کا اطلاق میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیز پر نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نئے اوقات کار کا فیصلہ عوام کی صحت اور ان کی زندگی کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔

    اس سے قبل پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں کرونا وائرس کے سدباب کے لیے لاک ڈاؤن کو موثر بنانے کے لیے اشیائے ضروریہ کی تمام دکانیں صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک کھولنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    یاد رہےکہ ملک میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر حکومت پنجاب نے 23 مارچ کو صوبے بھر میں لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

  • عام افراد کو 10 روپے میں ناشتہ اور 20 روپے میں کھانا فراہم کیا جا رہا ہے، وسیم اختر

    عام افراد کو 10 روپے میں ناشتہ اور 20 روپے میں کھانا فراہم کیا جا رہا ہے، وسیم اختر

    کراچی: میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ عام افراد کو 10 روپے میں ناشتہ اور 20 روپے میں کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میئر وسیم اختر نے کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، وسیم اختر نے یوسی 26 آئی آئی چندریگر روڈ پر شہریوں میں کھانا تقسیم کیا۔

    میئر کراچی کا کہنا تھا کہ تمام یوسی چیئرمین شہریوں کو کھانا اور راشن دینے کا انتظام کریں، یوسی 26 کے چیئرمین قیصر امتیاز کا 800 افراد کے روز کھانے کا انتظام مثال ہے،عام افراد کو 10 روپے میں ناشتہ اور 20 روپے میں کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔

    وسیم اختر نے برنس روڈ پر فائر بریگیڈ کی گاڑیوں سے اسپرے کا افتتاح کیا انہوں نے کہا کہ برنس روڈ ، سبزی مارکیٹ، ہائی کورٹ اور ملحقہ علاقوں میں اسپرے آج ہو جائےگا۔

    میئر کراچی کا کہنا تھا کہ خدمت خلق فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام راشن تقسیم کیا جائے گا، غریبوں اور کم آمدنی والے افراد کا ڈیٹا یوسی سطح پر جمع کیا جا رہا ہے۔انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ لاک ڈاؤن پرعمل کرنا ہی وبا سے بچنے کا ذریعہ ہے۔

    کرونا وائرس: سندھ میں کیسز کی تعداد 627 ہو گئی

    دوسری جانب وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ سندھ میں 61 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد کرونا وائرس سے متاثرہ کیسز کی تعداد 627 ہو گئی ہے، وائرس سے 7 مریض انتقال کر چکے ہیں جب کہ 42 مریض بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں 45 نئے کیسز کی تصدیق کے بعد تعداد 294 ہو گئی ہے، حیدرآباد میں 14 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد تعداد 57 ہوگئی ہے، جامشورو میں 2 اور جیکب آباد میں ایک کیس سامنے آیا ہے۔

  • کرونا ریلیف ٹائیگر فورس، وزیر اعظم آج شام رجسٹریشن کا آغاز کریں گے

    کرونا ریلیف ٹائیگر فورس، وزیر اعظم آج شام رجسٹریشن کا آغاز کریں گے

    اسلام آباد: وزیر اعظم آفس میں کرونا ریلیف ٹائیگر فورس کا ٹیسٹ رن مکمل کر لیا گیا، وزیر اعظم آج شام نوجوانوں کی رجسٹریشن کا آغاز کریں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک میں ممکنہ لاک ڈاؤن کے پیش نظر کرونا ریلیف ٹائیگر فورس کی تشکیل کے سلسلے میں رجسٹریشن آج شروع ہوگی، اس سلسلے میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار نے ڈیٹا بیس سسٹم پر کام شروع کر دیا ہے۔

    وزیر اعظم آفس میں کرونا ریلیف ٹائیگر فورس کا ٹیسٹ رن بھی مکمل کر لیا گیا، عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ رجسٹریشن پورٹل وزیر اعظم کی منظوری سے آج شام آن لائن دستیاب ہوگا، نوجوان سٹیزن پورٹل پر خود کو رجسٹر کر سکیں گے۔

    پاکستان: کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1865 ہو گئی، 25 جاں بحق

    عثمان ڈار نے کہا کہ ٹائیگر فورس قومی سطح پر سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر تشکیل دی جائے گی، رضا کاروں کی رجسٹریشن 10 اپریل تک جاری رہے گی، یہ فورس مکمل لاک ڈاؤن یا ہنگامی صورت میں کام کرے گی اور ان نوجوانوں کو گھروں تک راشن سپلائی کی تربیت دی جائے گی۔

    انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے نوجوانوں کو ہنگامی حالات میں مدد کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے، ہم وزیر اعظم کا نوجوانوان پر اعتماد درست ثابت کریں گے، ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف سمیت نوجوان بھی اب فرنٹ لائن فورس بنیں گے، امید ہے نوجوان قومی فریضہ سمجھتے ہوئے اپنا بہترین کردار ادا کریں گے۔

    خیال رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 1865 ہو گئی ہے، جب کہ وائرس سے اموات 25 تک پہنچ گئیں۔

  • لاک ڈاؤن: غریبوں کی مدد کے لیے حرا مانی بھی میدان میں آگئیں

    لاک ڈاؤن: غریبوں کی مدد کے لیے حرا مانی بھی میدان میں آگئیں

    کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حرا مانی لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے غریب افراد کی مدد کے لیے میدان میں آگئیں اور متاثرین میں راشن تقسیم کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ یہ راشن چوتھی بار غربا میں تقسیم کیا جارہا ہے جو میری خود کی محنت ہے۔

    انہوں نے اپنے مداحوں سمیت دیگر افراد سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی ان کی ٹیم کا حصہ بنیں اور روزانہ کی بنیاد پر دیہاڑی کمانے والے افراد اور مستحقین تک راشن پہنچانے میں مدد فراہم کریں۔

    اداکارہ کا کہنا تھا کہ مدد کے لیے جو بھی ممکن ہوسکے اپنا حصہ ڈالیں، پانی کی صرف ایک بوتل سے بھی مدد کی جاسکتی ہے، میرے اس کار خیر کا مقصد تشہیر کرنا نہیں بلکہ میں چاہتی ہوں کہ دیگر افراد بھی میری مدد کے لیے سامنے آئیں، اسی وجہ سے اس تصویر کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔

    کرونا لاک ڈاؤن، شوبز اور کرکٹ اسٹارز غریبوں کی مدد کے لیے میدان میں آگئے

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد روز مرہ کے معمولات بری طرح سے متاثر ہوگئے، بالخصوص لاک ڈاؤن کے بعد یومیہ اجرت کمانے والوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

    کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے مختلف ممالک کی حکومتوں نے شہروں کو لاک ڈاؤن کرتے ہوئے عوام کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی، اس وجہ سے دیہاڑی دار طبقہ بہت زیادہ متاثر ہوا کیونکہ اگر وہ کام پر نہیں جاتے تو اپنے اہل خانہ کے لیے اشیائے ضروریہ کا بندوبست نہیں کرپاتے۔

  • کراچی: لاک ڈاؤن سے متاثرہ شہریوں کے لیے موبائل کیفے کا انتظام

    کراچی: لاک ڈاؤن سے متاثرہ شہریوں کے لیے موبائل کیفے کا انتظام

    کراچی: شہر قائد میں لاک ڈاؤن سے متاثرہ شہریوں اور دیہاڑی دار مزدوروں کے لیے ایک شہری نے موبائل کیفے کا انتظام کر لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق حکومتی دعوؤں سے تنگ آ کر کراچی کے شہری نے پارلیمنٹ ریٹ کے نام سے ایک موبائل دستر خوان لگا لیا، آئی آئی چندریگر روڈ پر موبائل کیفے میں صبح کا ناشتہ اور دوپہر کا کھانا نہایت سستے ریٹس پر فراہم کیا جا رہا ہے۔

    موبائل کیفے پر صبح کا ناشتہ 10 روپے اور دوپہر کا کھانا 20 روپے میں دیا جا رہا ہے، کیفے کی جانب سے بے روزگار افراد کے لیے ناشتہ اور کھانا مفت تقسیم کرنے کا انتظام بھی رکھا گیا ہے۔

    وزیر اعظم کا دیہاڑی دار افراد کے لیے ریلیف پیکج کا اصولی فیصلہ

    موبائل کیفے کھولنے والے شہری قیصر امتیاز کا کہنا تھا کہ اس عملی اقدام کا مقصد حکومت کو بتانا ہے کہ عوام کی خدمت کے لیے حکومتوں کی ضرورت نہیں، پارلیمنٹ میں وزرا جس ریٹ پر کھانا کھاتے ہیں اسی پارلیمنٹ ریٹ پر ناشتہ اور کھانا تقسیم کر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے لاک ڈاؤن متاثرین کو خوراک گھروں پر پہنچانے کے اعلانات کر رکھے ہیں، ادھر کراچی میں لاک ڈاؤن متاثرین نے کورنگی ڈپٹی کمشنر آفس کا گھیراؤ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے بچے بھوک سے مر رہے ہیں اور کھانا نہیں ملا۔ کمشنر آفس کے گھیراؤ پر پولیس نے راشن کے لیے آنے والے مستحقین پر تشدد بھی کیا اور کئی کے سر پھاڑ دیے۔

    لاک ڈاؤن کے باعث شہر قائد کی قدیم بستیوں کے مکین بھی راشن کے متلاشی ہیں، متاثرین کا کہنا ہے کہ روزانہ اجرت بند ہے گھروں میں راشن ختم ہو چکا ہے، ذرایع آمد و رفت بند ہونے سے اشیائے خورد و نوش کی قلت ہے، ان قدیم بستیوں میں پیر بخش سموں گوٹھ، پیر بخش دھنی آباد، تارو مینگل گوٹھ و دیگر شامل ہیں۔

    سندھ کے ایک اور شہر ٹھٹھہ میں بھی لاک ڈاؤن کے باعث غریب طبقے کے لوگ بے روزگار ہو گئے ہیں، راشن نہ ملنے سے غریب خاندان فاقہ کشی پر مجبور ہیں، اے آر وائی نیوز کے مطابق 9 دن گزرنے کے باوجود بھی ضلعی انتظامیہ راشن کی فراہمی نہ کر سکی، حکومتی راشن پر یو سی چیئرمین اور انتظامیہ میں اختلاف بھی سامنے آیا، راشن بیگ کی تعداد کم ہونے پر چیئرمین ناراض ہو گئے اور راشن لینے سے انکار کر دیا۔