Tag: لاک ڈاؤن

  • سندھ میں پیٹرول پمپس بھی شام 5 بجے بند ہوں گے

    سندھ میں پیٹرول پمپس بھی شام 5 بجے بند ہوں گے

    کراچی: صوبہ سندھ میں شام 5 بجے کے بعد تمام پیٹرول پمپس بھی بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے تمام کمشنرز اور ڈی آئی جیز کو مراسلہ ارسال کرتے ہوئے ہدایت کی گئی ہے کہ شام 5 بجے کے بعد پیٹرول پمپس بھی بند کرائےجائیں۔

    پیٹرول پمپس اور ٹائر پنکچر شاپس کے حوالے سے محکمہ داخلہ نے وضاحت کی ہے کہ شہر میں پیٹرول پمپس صبح 8 سے شام 5 بجے تک کھلیں گے، تاہم ہائی ویز پر پیٹرول پمپس اور ٹائر پنکچر شاپس کھلے رہیں گے۔

    محکمہ داخلہ سندھ نے کہا ہے کہ پیٹرول پمپس کو بھی مقررہ اوقات کے بعد بند کرایا جائے گا، پابندی کا اطلاق سندھ کے تمام شہروں پر ہوگا۔

    کراچی میں کرونا وائرس کے 2 مریض جان کی بازی ہار گئے

    خیال رہے کہ سندھ بھر میں لاک ڈاؤن کے دوران صبح 8 سے لے کر شام کے 5 بجے تک ضروری اشیا کی دکانیں کھلی رکھنے کے احکامات پر عمل در آمد کیا جا رہا ہے، شام پانچ بجے کے بعد تمام دکانیں بند کی جا رہی ہیں، پیٹرول پمپس اس سے مستثنیٰ تھے تاہم اب انھیں بھی بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

    خیال رہے کہ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کرونا وائرس کے 2 مزید مریض آج جان کی بازی ہار گئے ہیں، جس کے بعد شہر میں اب تک کرونا وائرس سے ہلاکتیں 3 ہو گئی ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 15 سو 26 ہوگئی ہے۔

  • کراچی میں سیاسی اور مذہبی رہنماؤں کی تھلیسیمیا بچوں کے لیے خون کی اپیل

    کراچی میں سیاسی اور مذہبی رہنماؤں کی تھلیسیمیا بچوں کے لیے خون کی اپیل

    کراچی: شہر قائد میں کرونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے بعد تھلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے خون کی فراہمی کا عمل شدید متاثر ہو گیا ہے، جس کے پیش نظر سیاسی اور مذہبی رہنماؤں نے عوام سے خون عطیہ کرنے کی اپیلیں کر دی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سیاسی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے تھلیسیمیا کے مریضوں اور بچوں کو خون کا عطیہ دینے کے لیے نوجوانوں اور کارکنان سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا وائراس اور لاک ڈاؤن کے نتیجے میں جو صورت حال سامنے آئی ہے اس نے ایک سنگین مسئلے کو جنم دیا ہے۔

    فاروق ستار کا کہنا تھا کہ تھلیسیمیا کے مریضوں اور بچوں کو خون کی عدم دستیابی بہت بڑا مسئلہ ہے، ان مریضوں کو ہر 15 دن میں خون چڑھایا جاتا ہے، اگر انھیں یہ خون وقت پر نہ ملے تو پھر ان بچوں کی زندگیوں خطرہ لاحق ہو جاتا ہے، میں خاص طور پر ملک کے نوجوانوں، طالب علموں اور تحریک کے کارکنوں اور ساتھیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے گھروں کے قریب تھلیسیمیا سینٹرز پر خون کا عطیہ دیں۔

    پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی راجہ اظہر خون کا عطیہ دے رہے ہیں

    ادھر رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر بھی تھیلیسیمیا مرض میں مبتلا بچوں کے لیے خون عطیہ کرنے تھیلیسیمیا سینٹر پہنچے اور خون عطیہ کیا، انھوں نے مرض میں مبتلا بچوں سے ملاقات بھی کی، ان کا کہنا تھا کہ تھیلیسیمیا میں مبتلا بچوں کی زندگیاں بچانا ہم سب کا فرض ہے، عوام سے اپیل ہے غیر ضروری گھروں سے نہ نکلیں مگر تھلیسیمیا کے بچوں کی زندگیاں بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انھوں نے کہا لاک ڈاؤن کی صورت حال میں خون عطیہ کرنے والا عمل سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، شہریوں اور خصوصاً پی ٹی آئی کے ورکرز اور پارلیمنٹیرینز سے گزارش کروں گا وہ عطیات دیں۔

    دعوت اسلامی کے امیر مولانا الیاس قادری نے بھی عوام سے اپیل کی ہے کہ لاک ڈاؤن سے تھیلیسیمیا کے مریض پریشان ہیں، ملک میں 49 ہزار تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا بچوں کی زندگی خطرے میں ہے، لاک ڈاؤن کے دوران خون دینے جاتے ہوئے حکومتی احکامات کو مدنظر رکھیں لیکن خون دینے ضرور جائیں۔ انھوں نے دعوت اسلامی کے کارکنان سے اپیل کی کہ ملک بھر سے ان بچوں کے لیے خون کے عطیات دیں۔

  • لاک ڈاؤن : وزیراعلیٰ پنجاب کا  دیہاڑی دار اور مزدور طبقے کیلئے بڑا فیصلہ

    لاک ڈاؤن : وزیراعلیٰ پنجاب کا دیہاڑی دار اور مزدور طبقے کیلئے بڑا فیصلہ

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاک ڈاؤن سےمتاثر دیہاڑی داراورمزدور طبقے کیلئےخصوصی پیکیج کا فیصلہ کرتے ہوئے پیکیج کا طریقہ کارفوری طے کرنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت بند کمرے کی بجائے لان میں اجلاس ہوا،کوروناوائرس سےاحتیاط کےباعث اجلاس لان میں منعقدکیا گیا۔

    اجلاس میں پنجاب فنانشل پیکیج کےلیےسفارشات جائزہ لیاگیا اور لاک ڈاؤن سےمتاثردیہاڑی داراورمزدور طبقے کیلئےخصوصی پیکیج کا فیصلہ کیا گیا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے دیہاڑی دار اورمزدورطبقے کیلئے پیکیج کا طریقہ کارفوری طے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا دیہاڑی داراورمزدورطبقے کوایزی پیسہ کےذریعے مالی ریلیف دیاجائے گا۔

    اجلاس میں ریلیف پیکیج کیلئےاضلاع کی سطح پرڈپٹی کمشنر کی قیادت میں کمیٹیاں بنانےکا فیصلہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ خصوصی کمیٹیوں میں عوامی نمائندوں اوردیگرمکاتب فکرکونمائندگی دی جائےگی

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کوروناوائرس کی وجہ سے شہید گورنمنٹ ملازمین کوخصوصی پیکیج دیاجائےگا، لاک ڈاؤن اورسیمی لاک ڈاؤن والے علاقوں میں متاثرین کےلواحقین کوراشن کی فراہمی جاری رہے گی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نادار طبقے کو مشکل کی گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے، تحریک انصاف کی حکومت نادار طبقے کی ضروریات کاخیال رکھے گی ریلیف پیکیج کے تحت محنت کشوں کو مالی مراعات دی جائیں گی جبکہ بی آئی ایس پی اوربیت المال سےنادار افرادکی امداد کا عمل جاری ہے۔

  • کورونا لاک ڈاؤن ، کراچی والے ہوشیار ہوجائیں ، ایپ متعارف

    کورونا لاک ڈاؤن ، کراچی والے ہوشیار ہوجائیں ، ایپ متعارف

    کراچی : کراچی میں لاک ڈاؤن کے دوران شہریوں کی نقل و حرکت محدود رکھنے کیلئے سٹیزن مانیٹرنگ ایپ متعارف کرادی ، جس کے بعد شہری دن میں2سےزائد مرتبہ نقل و حرکت نہیں کرسکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں لاک ڈاؤن کے دوران بلاضرورت باہر نکلنے پر اب گرفتاری ہوگی، اس سلسلے میں شہریوں کی نقل وحرکت محدودرکھنےکیلئےسٹیزن مانیٹرنگ ایپ متعارف کرادی ہے۔

    ڈی آئی جی آپریشنز مقصود میمن کا کہنا ہے کہ پولیس سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروس ڈویژن نے ایپ متعارف کرائی، ایپ کا مقصد شہریوں کی نقل و حرکت محدود رکھنا ہے۔

    ،ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ ایپ چیک پوائنٹس پرافسران کےموبائل میں انسٹال ہوگی، روزانہ شہریوں کی نقل وحرکت کا ڈیٹا محفوظ کرتے رہیں گے، شہری دن میں2سےزائد مرتبہ نقل و حرکت نہیں کرسکے گا۔

    مقصود میمن کا کہنا تھا کہ ثابت ہونے پرقانونی کارروائی عمل میں لائے جائے گی، ایپ میں کسی بھی شہری کےکوائف درج کئےجا سکیں گے، ایپ لاک ڈاؤن پرعملدارآمدمؤثربنانےمیں مددگار ثابت ہو گی۔ شہری گھروں میں محدود رہیں،کوروناسے محفوظ رہیں۔

    خیال رہے سندھ کےشہریوں کی غیر سنجیدگی کےباعث آج سےسندھ بھرمیں لاک داؤن مزیدسخت کردیا گیا،میڈیکل اسٹورسمیت تمام دکانیں شام پانچ بجےبندہوجائیں گی۔

    پولیس اوررینجرز نے گشت کے دوران اب تک گیارہ سوافراد گرفتاراورتین سوتیرہ افراد کےخلاف مقدمہ درج کرلیاگیا ہے، آئی جی سندھ مشتاق مہر نے حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کیلئے پولیس کواحکامات جاری کردیے ہیں۔

    آئی جی سندھ کاکہناہےکہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے لاک ڈاؤن میں مزید سختی کی جائے گی۔

  • وزیراعظم کا لاک ڈاؤن کے دوران گرفتار افراد کو رہا کرنے کا حکم

    وزیراعظم کا لاک ڈاؤن کے دوران گرفتار افراد کو رہا کرنے کا حکم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے لاک ڈاؤن کے دوران گرفتار افراد کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اینکر پرسنز سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے وسائل کے مطابق ہی فیصلے کر رہے ہیں، کرونا کے خلاف جنگ متحد ہوکر جیت سکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ تاثر دیاگیا کہ حکومت کو سمجھ نہیں آ رہی کیا ہو رہا ہے، پاکستان نے کبھی اس قسم کی وبا کاسامنا نہیں کیا،عالمی سطح پر کرونا کی وبا آئی تو فوری نیشنل سیکیورٹی کونسل کا اجلاس بلایا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ نیشنل سیکیورٹی کونسل میں نیشنل کوآرڈی نیشن کمیٹی بنائی،فوری طور پراسکول بند،پی ایس ایل میچز کو مؤخر کیا۔انہوں نے کہا کہ شروع سے کہہ رہا تھا فوری لاک ڈاؤن پر گئے تو نچلے طبقے کو مشکلات ہوں گی، میں نے کہا نچلے طبقے پر کوئی اسٹرکچر بنانے تک مکمل لاک ڈاؤن پر نہیں جانا چاہیے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ آج اجلاس میں فیصلہ کیا کہ گڈز ٹرانسپورٹ پر کسی قسم کی پابندی نہیں ہوگی، اشیائے خوردونوش کی ملک بھر میں فراوانی نہیں روکی جائےگی، صوبوں کے درمیان اشیائے خوردونوش کی ٹرانسپورٹیشن پر پابندی نہیں ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ فیصلہ کیا کھانے پینے کی اشیا بنانے والی فیکٹریوں پر پابندی نہیں ہوگی،ایک طریقہ کار کے مطابق ایسی فیکٹریوں کو چلانے کی اجازت ہوگی، ہماری کوشش ہے لوگوں کو کھانے پینے کی اشیا کی فراہمی جاری رہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ کوشش کر رہے ہیں کروناوائرس مزید نہ پھیلے، دوسری طرف ہماری کوشش ہے ایسا نہ ہو لوگ بھوک سے مر رہے ہوں، مسافر ٹرانسپورٹ پر پابندی ہے، اشیائے خوردونوش کی ٹرانسپورٹیشن پر پابندی نہیں ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے چین سے ایک بھی کرونا کا مریض پاکستان نہیں آیا،پاکستان میں70فیصد کرونا کیسز ایران سے آئے ہیں، ایران پر پابندیاں ہیں ان کے اپنے حالات بہت برے ہیں، ایران کروناوائرس کی وبا پر کنٹرول کرنے میں ناکام ہو رہا ہے،ایران نے اپنے حالات کی وجہ سے پاکستانیوں کو بھیج دیا۔

    انہوں نے کہا کہ تفتان میں قرنطینہ کے مسائل ہوئے، ہمیں اب آگے بڑھنا ہے، ہم اپنی پوری تیاری کر رہے ہیں،کرونا پر قابو کی کوشش کر رہے ہیں، لاک ڈاؤن ہوچکا ہے، ہمیں نہیں معلوم 2 ہفتے بعد ہوگی۔

    عمران خان نے کہا کہ چین نے لاک ڈاؤن کیا تو انہوں نے لوگوں کوگھروں پر کھانا پہنچایا،پاکستان میں وہ انفرا اسٹرکچر نہیں کہ لوگوں کےگھروں میں کھانا پہنچائیں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ ہم نوجوانوں کی ایک رضا کار فورس بنا رہے ہیں، سٹیزن پورٹل کے ذریعے لوگ اپنی رجسٹریشن کریں گے،31 مارچ سے نوجوان سٹیزن پورٹل پر اپنی رجسٹریشن کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ کرونا کے خلاف جنگ میں ہمیں نوجوانوں کی ضرورت پڑے گی، یوتھ فورس کے ذریعے لوگوں کےگھروں میں کھانا پہنچائیں گے، جن علاقوں میں کرونا کیسز بڑھیں گے وہاں نوجوان کھانا پہنچائیں گے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ کروناوائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے فنڈ قائم کر رہا ہوں، مستحقین کو احساس پروگرام کے ذریعے براہ راست رقم ملےگی،کرونا ریلیف فنڈ کے ذریعے بھی مستحقین کو رقم دی جائےگی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں وہ ملک ہے جہاں لوگ سب سے زیادہ خیرات دیتے ہیں، نوجوان رضا کاروں کی فورس کا نام کرونا ریلیف یوتھ ٹائیگر فورس ہوگا، خیراتی کام کرنے والوں کی رجسٹریشن کر کے انہیں علاقے دیے جائیں گے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں کرونا وائرس کی وجہ سے معیشت متاثر ہوئی ہے، پوری دنیامیں برآمدات گر رہی ہے، پاکستان کی ایکسپورٹ بھی بڑھ رہی تھیں لیکن اب متاثر ہو رہی ہیں، زرمبادلہ کے ذخائر پر بھی کرونا وائرس کی وبا کا اثر ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو اوورسیز پاکستانیوں کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، اسٹیٹ بینک میں اکاؤنٹ بنائیں گے جس میں اوورسیز پاکستانی رقم بھیجیں گے،اوورسیز پاکستان زیادہ سے زیادہ رقم بھیجیں گے تو ہماری معیشت کو سہارا ملےگا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ اشیائے خوردونوش کی کمی نہیں، ٹرانسپورٹیشن کی وجہ سےمسائل ہوئے، ہمیں سب سے زیادہ خطرہ خوف میں آکر غلط فیصلے کرنے سے ہے، لوگوں نےگھبرا کر ذخیرہ اندوزی شروع کر دی ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے فنڈ قائم کر رہا ہوں جس کے ذریعے بھی مستحقین کو رقم دی جائےگی۔ انہوں نے لاک ڈاؤن کے دوران گرفتار افراد کو رہا کرنے کا حکم بھی دیا۔

  • سندھ میں کرفیو کا کوئی امکان نہیں: ناصر حسین شاہ

    سندھ میں کرفیو کا کوئی امکان نہیں: ناصر حسین شاہ

    کراچی: وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سندھ میں کرفیو کا کوئی امکان نہیں۔

    ناصر حسین شاہ نے صوبہ سندھ میں کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورت حال کے تناظر میں عوام کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ عوام افواہوں پر کان نہ دھریں، صوبے میں کرفیو کا کوئی امکان نہیں۔

    انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا ہر اقدام عوام کے مفاد اور تحفظ کے لیے ہوگا، عوام کسی پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں۔

    لاک ڈاؤن مزید سخت، کراچی میں سناٹے کے ڈیرے

    دو روز قبل وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے ٹویٹر کے ذریعے کہا تھا کہ سندھ حکومت غیر معمولی اقدام اور مشکل فیصلے میں تاخیر نہیں کرے گی، یہ عالم گیر وبا انفرادی نہیں بلکہ اجتماعی نقصان کی حامل ہے، حکومت کو ان حالات میں عوام کا تعاون درکار ہوتا ہے، عوام کی بھلائی کے لیے کرفیو کی تجویز پر غور کیا جا سکتا ہے۔

    انھوں نے ٹویٹ میں لکھا تھا کہ کرونا وائرس سے پیدا صورت حال پر عوام سے ہاتھ جوڑ کر اپیل کرتا ہوں، حکومت سندھ کے احکامات، ہیلتھ ایڈوائزری پر سختی سے عمل کریں، عوام نے عمل نہ کیا تو مجبوراً سخت اور مشکل اقدام لینا پڑے گا۔

    خیال رہے کہ کراچی میں کرونا وائرس کے پیش نظر لاک ڈاؤن مزید سخت کر دیا گیا ہے، شہر میں گزشتہ رات 8 بجے کے بعد تمام دکانیں بند کرا دی گئیں، پرچون، دودھ اور دیگر دکانیں، سی این جی اسٹیشنز اور پیٹرول پمپس بھی بند رہے۔ تاہم شہر کے میڈیکل اسٹورز اور ٹیسٹنگ لیبارٹریز کھلی رہیں۔

  • لاک ڈاؤن: سندھ حکومت نے صحافیوں کے ساتھ بدسلوکی کا نوٹس لے لیا

    لاک ڈاؤن: سندھ حکومت نے صحافیوں کے ساتھ بدسلوکی کا نوٹس لے لیا

    کراچی: سندھ میں کروناوائرس کے پیش نظر نافذ العمل لاک ڈاؤن کے دوران شعبہ صحافت سے تعلق رکھنے والے افراد سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی بدسلوکی کا صوبائی حکومت نے نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن میں صحافی فرائض انجام دے سکتے ہیں، سندھ حکومت کی جانب سے صحافیوں پر کوئی پابندی نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ احتیاط کے ذریعے ہی کرونا کی وبا کا خاتمہ کرسکتے ہیں، میڈیاورکرز فرائض کی انجام دہی میں فاصلہ ضرور رکھیں۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے میڈیا ورکرز سے تعاون کریں۔

    مرتضی وہاب کا مزید کہنا تھا کہ میڈیاورکرز اپنے ساتھ ادارے کا کارڈ لازمی رکھیں، قوم مشترکہ جدوجہد کے ساتھ کرونا کو شکست دے گی۔

    یاد رہے کہ ایک روز قبل سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اشیائے خوردونوش کی دکانیں 12 گھنٹے بند رکھنے کا اعلان کیا اور دکانداروں کو ہدایت کی تھی کہ وہ مقررہ 12 گھنٹوں یعنی صبح 8 سے رات 8 تک کاروبار کریں۔

    کراچی سمیت سندھ بھر میں آج لاک ڈاؤن کا تیسرا روز ہے، حکومتی احکامات کی ہدایات کی روشنی میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہر کی مختلف شاہراؤں پر ناکے لگائے ہوئے ہیں جہاں سڑک پر چلنے والے شہریوں کو روک کر اُن سے گھروں میں نہ بیٹھنے کی وجوہات پوچھی جارہی ہیں۔

    لاک ڈاؤن کی خلاف ورزیوں‌ پر سندھ پولیس کا کریک ڈاؤن، 712 شہری گرفتار، 215 مقدمات درج

    اہلکاروں کی جانب سے بنا ضرورت گھروں سے باہر نکلنے والے شہریوں کو واپس بھیجا جارہا ہے جبکہ کراچی کی کچھ شاہراؤں کو اہلکاروں نے گاڑیاں کھڑی کر کے مستقبل بند کردیا۔

    حکومتی احکامات کی روشنی میں صحافی، میڈیا کارکنان، فلاحی اداروں کے رضا کار، پولیس اہلکار اور طبی عملے کو لاک ڈاؤن سے مستشنیٰ حاصل ہے البتہ شہر میں تعینات اہلکار مذکورہ شعبوں سے تعلق رکھنے والے کارکنان کو بھی روک کر اُن سے سختی سے پیش آرہے ہیں۔

  • ماہرہ خان کا اپنے مداحوں کے لیے پیغام

    ماہرہ خان کا اپنے مداحوں کے لیے پیغام

    کراچی: معروف اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے مداحوں سے کہا ہے کہ وہ ان افراد کا خیال رکھیں جو اس لاک ڈاؤن میں مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں اور ایسے افراد کو تنخواہ کے ساتھ چھٹیاں دے دیں۔

    تفصیلات کے مطابق معروف پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اگر آپ اس قابل ہیں کہ ایک ماہ اپنے کام کے بغیر (یا تنخواہ حاصل کیے بغیر) گزارہ کرسکتے ہیں یا آپ کے پاس طاقت یا سہولیات ہیں تو یہ جنگ کسی اور سے زیادہ آپ کی ہے۔

    ماہرہ نے کہا کہ ہمیں ان افراد کا خیال رکھنا ہے جو ہماری پوزیشن پر نہیں ہیں۔ ہمیں ایسے لوگوں کو شعور دینا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ایسے افراد کو تنخواہ کے ساتھ چھٹیاں دے دیں اور ان کی زندگی آسان بنائیں۔

    ماہرہ خان کا اشارہ گھروں میں کام کرنے والے ملازمین، ڈرائیورز، اور روزانہ اجرت کمانے والے ان افراد کی طرف ہے جو لاک ڈاؤن کی وجہ سے سخت مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں۔

    ایسے افراد کی مدد کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے خصوصی پیکج کا اعلان بھی کیا ہے جبکہ ملک بھر میں فلاحی اداروں و مخیر حضرات کی بڑی تعداد غریب گھروں میں راشن اور دیگر اشیائے ضروریہ پہنچا رہی ہے۔

  • بھارت میں21 روزہ لاک ڈاؤن کا اعلان

    بھارت میں21 روزہ لاک ڈاؤن کا اعلان

    نئی دہلی: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ملک بھر میں 21 دن کے لیے لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا، فیصلے پر رات 12 بجے سے عمل درآمد شروع ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے باعث بھارتی حکومت نے ملک بھر میں 21 روزہ لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا۔ لاک ڈاؤن سے متعلق فیصلے پر رات 12 بجے سے عملدرآمد شروع ہوگا۔

    بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا تھا کہ آئندہ21 دن کوئی گھر سے باہر نہ نکلے،اگر21 دن خیال نہ رکھا تو 21 سال پیچھے چلے جائیں گے۔

    کرونا وائرس : بھارت میں 31مارچ تک لاک ڈاؤن نافذ

    اس سے قبل گزشتہ روز بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مکمل لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔نئی دہلی میں بس اور میٹرو سروسز کے ساتھ مسافر ٹرینوں اور غیر ضروری مسافر گاڑیوں کو روڈ پر لانے کی پابندی بھی عائد کی گئی۔

    وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کا کہنا تھا کہ نئی دہلی لاک ڈاؤن کے دوران ضروری اشیاء کی سپلائی اور ضروری دکانیں کھلی رہیں گی، اس کے علاوہ تمام ڈومیسٹک پروازیں بھی 31 مارچ تک بند رہیں گی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے عوام پر زور دیا تھا کہ وہ 22 مارچ کو خود پر جنتا کرفیو نافذ کریں۔ نریندر مودی کا کہنا تھا کہ یہ کرفیو خود پر قابو رکھنے کی علامت ہوگا، ہر شخص 10 لوگوں کا انتخاب کرے اور انہیں کسی بھی ذریعے سے اس کرفیو سے متعلق آگاہ کرے۔

  • لاک ڈاؤن میں باہر نکلنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے، وزیراعلیٰ سندھ کی پولیس کو ہدایت

    لاک ڈاؤن میں باہر نکلنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے، وزیراعلیٰ سندھ کی پولیس کو ہدایت

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ پولیس مشتاق مہر کو ہدایت کی ہے کہ لاک ڈاؤن میں باہر نکلنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ سندھ میں کرونا کے 394 کیسز ہیں، کراچی میں 134، سکھر فیز ون میں 151، فیز ٹو میں 109 ہیں۔

    ناصر حسین شاہ نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ کرونا کے 83 مقامی منتقلی کے کیسز شہر میں رپورٹ ہوئے، ملیر میں 98 زائرین رکھے گئے ہیں، لاک ڈاؤن کی رپورٹس مثبت آئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ سے کسی ریلوے اسٹیشن سے مسافر کو جانے نہ دیا جائے، سندھ میں بذریعہ ریل آنے والوں کا فیصلہ کچھ دیر میں کر لیں گے۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ پولیس مشتاق مہر کو ہدایت کی ہے کہ لاک ڈاؤن میں باہر نکلنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کرونا ٹیسٹنگ کی گنجائش مزید بڑھائی جائے گی، گزشتہ ہفتے 10اسپتالوں میں 180ٹیسٹ کرنے کی گنجائش تھی، صوبے بھر کے اسپتالوں میں اس ہفتے 1200 ٹیسٹ کی گنجائش کر دی گئی ہے، آئندہ ہفتے 3400 ٹیسٹ کرنے کی گنجائش کی جائے گی۔

    وزیراعلیٰ سندھ کے زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاڑکانہ میں 83 لوگوں کے ٹیسٹ کروائیں جائیں گے، ملیر میں رکھےگئے 98 افراد کے بھی ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔

    مراد علی شاہ نے صوبے کے تمام اخراجات کنٹرول کرنے اور تنخواہ، پینشن کے علاوہ تمام ادائیگیاں روکنےکی ہدایت کر دی۔ وزیراعلیٰ نے گریجویٹی، ایکیشمینٹ، ایل پی آر وغیرہ کی ادائیگیاں فی الحال روک دیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر محکمہ خزانہ نے اکاؤنٹنٹ جنرل کو خط لکھ دیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے کے ریٹائرڈڈ ملازمین کو جلد پینشن دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ مراد علی شاہ نے محکمہ فنانس کو 25 مارچ سے پینشن دینے کی ہدایت کر دی۔