Tag: لاہورگنگارام اسپتال

  • زندہ بچے کی ماں کو مردہ اور مردہ بچے کی ماں کو زندہ بچہ حوالے کرنے کا انکشاف

    زندہ بچے کی ماں کو مردہ اور مردہ بچے کی ماں کو زندہ بچہ حوالے کرنے کا انکشاف

    لاہور: لاہورگنگارام اسپتال میں ایک ہی نام کی 2 خواتین کے بچے تبدیل ہو گئے، زندہ بچے کی ماں کو مردہ اور مردہ کی ماں کو زندہ بچہ حوالہ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گنگارام اسپتال عملے کی غفلت سامنے آئی ہے، والدہ کا نام ایک جیسا ہونے کے  باعث نومولود بچے تبدیل ہوگئے۔

    ذرائع نے بتایا کہ دونوں خواتین کے ہم نام ہونے کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا، سلامت پورہ کی رہائشی مقدس وقاص کے ہاں مردہ بچہ پیدا ہوا جبکہ چائنہ اسکیم کی مقدس اعجاز کے ہاں زندہ بچے کی پیدائش ہوئی۔

    ذرائع نے بتایا کہ مقدس وقاص کے رشتہ داروں نے مردہ بچے کی تدفین بھی کردی، دونوں بچے بدل جانے کا انکشاف ایک ڈاکٹر نے ہی لواحقین سے کیا۔

    گنگارام اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر عامر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بچے بدل جانے کا واقعہ میرے علم میں اب آیا ہے، زندہ بچے کا ڈی این اے کرائیں گے۔

    دوسری جانب گنگا رام اسپتال کی انتظامیہ نے واقعے پر 3 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی، نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر نوید اختر اس کے سربراہ ہوں گے، کمیٹی 24 گھنٹے میں تحقیقات مکمل کرنے کی پابند ہوگی۔