Tag: لاہور ایئرپورٹ

  • لاہور ایئرپورٹ کے اطراف جی پی ایس سسٹم میں خرابی، طیارہ لینڈنگ میں مشکلات کا انکشاف

    لاہور ایئرپورٹ کے اطراف جی پی ایس سسٹم میں خرابی، طیارہ لینڈنگ میں مشکلات کا انکشاف

    کراچی: علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے اطراف جی پی ایس سسٹم میں خرابی کے باعث پائلٹس کو طیارہ اتارنے میں مشکلات پیش آنے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ایئرپورٹ کے اطراف طیاروں کے جی پی ایس سسٹم میں اچانک خرابی ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس کی وجہ سے طیاروں کے پائلٹس کو ایئر پورٹ سے لینڈنگ اور ٹیک آف کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جی پی ایس سسٹم میں خرابی ایئر پورٹ سے 150 نارٹیکل میل پر پیش آتی ہے، اس وجہ سے چند دنوں میں 7 طیاروں کو جی پی ایس سگنل غائب ہونے کا سامنا رہا ہے۔

    8 دسمبر کو بھی ابوظبی سے لاہور آنے والی غیر ملکی ایئر لائن کے طیارے کو جی پی ایس سسٹم سگنل میں خرابی کا سامنا رہا، ذرائع نے بتایا کہ سگنل غائب ہونے کی وجہ سے طیارہ لینڈ نہیں کر سکا۔

    کپتان نے طیارے کو گو راؤنڈ کرتے ہی کنٹرول ٹاور سے لینڈ نگ کے لیے مدد حاصل کی۔

    ذرائع کے مطابق جی پی ایس سسٹم میں مسلسل خرابی کسی بھی وقت حادثے کا سبب بن سکتی ہے، متاثرہ پرواز کے کپتانوں نے متعلقہ حکام کو سی اے اے کو شکایات بھی درج کرا دی ہیں۔

  • لاہور ایئرپورٹ پر 2 ماہ کیلئے طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف پر پابندی عائد

    لاہور ایئرپورٹ پر 2 ماہ کیلئے طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف پر پابندی عائد

    کراچی : سول ایوی ایشن نے فضائی سفر کو محفوظ بنانے کیلئے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے لاہور ایئرپورٹ پر 2 ماہ کیلئے اللصبح طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف پر پابندی عائد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر طیاروں سے مسلسل پرندے ٹکرانے کے واقعات کے معاملے پر سول ایوی ایشن نے فضائی سفر کو محفوظ بنانے کیلئے اہم اقدام اٹھایا۔

    سول ایوی ایشن نے لاہور ایئرپورٹ پر 11جولائی سے 2 ماہ کیلئے اللصبح طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف پر پابندی عائد کردی اور اس حوالے سے نوٹم بھی جاری کردیا۔

    سی اے اے نے کہا کہ ملکی و غیر ملکی ایئرلائن نوٹم پر سختی سے عملدرآمد کریں تاہم کسی بھی ہنگامی صورت میں طیارے کو لینڈنگ کی اجازت ہوگی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ مون سون کی وجہ سے پرندوں کی آمد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ، فضائی سفر کو محفوظ بنانے کیلئے اللصبح 5بجے سے صبح کے 8 بجے تک کوئی بھی طیارہ ٹیک آف اور لینڈنگ نہیں کرسکے گا، پابندی کا اطلاق 11جولائی سے 15 ستمبر تک ہوگا۔

    سی اے اے نے عیدالاضحی پر فضائی سفر کو محفوظ بنانے کیلئے آگاہی مہم بھی شروع کررکھی ہے ، ملکی و غیر ملکی تمام ایئرلائنز کو وقت کی پابندی پر عملدرآمد کیلئے باضابطہ طور پر نوٹم جاری کردیا گیا ہے۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ قومی ایئرلائن نے بھی لاہور کیلئے اپنے پروازوں کے شیڈول میں بھی تبدیلی کردی ہے۔

  • لاہور ایئرپورٹ: طیارہ بال بال حادثے سے بچ گیا

    لاہور ایئرپورٹ: طیارہ بال بال حادثے سے بچ گیا

    لاہور: انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر ایئر ٹریفک کنٹرولر کی بروقت کارروائی سے غیر ملکی طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا، ایئر ٹریفک کنٹرولر کی ہدایت پر طیارے کوگو راؤنڈ کرنے کے بعد بحفاظت اتار لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ٹریفک کنٹرول کی بروقت کارروائی سے طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا۔

    ذرائع کے مطابق ایئر ٹریفک کنٹرولر کی بروقت نشان دہی اور کپتان کو رہنمائی فراہم کرنے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا، بحرین سے لاہور پہنچنے والی گلف ایئر کی پرواز جی ایف 764 زیر تعمیر رن وے 18 Left پر اترنے کے لیے اپروچ پر تھا، تاہم رن وے 18 مرمتی کام کی وجہ سے بند تھا۔

    اپروچ اور ٹاور پر تعینات ایئر ٹریفک کنٹرولر نے کپتان کو لینڈنگ کرنے سے فوری طور پر روکا، تاہم اس وقت طیارہ زمین سے 200 فٹ سے بھی کم بلندی پر تھا، اچانک ایئر ٹریفک کنٹرولر نے دیکھتے ہوئے فوری طور پر کپتان سے رابطہ کیا اور کپتان کو رہنمائی فراہم کی، گو راؤنڈ کی ہدایت پر کپتان طیارے کو واپس بلندی پر لے گیا۔

    ایئر ٹریفک کنٹرولر کی ہدایت پر کپتان نے طیارے کو گو راؤنڈ کرنے کے بعد رن وے نمبر 18 Right پر بحفاظت اتار لیا۔

    ذرائع کے مطابق یہ واقعہ 18 مارچ کو پیش آیا تھا، ایئر پورٹ منیجر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ واقعہ گزشتہ دنوں پیش آیا، ایئر ٹریفک کنٹرولر نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے طیارے کو حادثے سے بچایا۔

  • ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رن وے پر مرمتی کام

    ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رن وے پر مرمتی کام

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر ملتان کے  انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رن وے کی توسیع کے لیے ایک حصہ جہازوں کے لیے غیر فعال کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان کے  انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے بے 4 میں آلات کی تنصیب و مرمت کا کام کیا جا رہا ہے جس کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نوٹس ٹو ایئر مین (نوٹم) جاری کردیا ہے۔

    نوٹم میں کہا گیا ہے کہ ملتان ایئرپورٹ کا بے نمبر 4 جہازوں کے لیے غیر فعال رہے گا۔ ڈوکنگ پرنٹڈ سرکٹ بورڈ میں خرابی پیدا ہوئی ہے۔

    نوٹم کے مطابق دوران مرمت بے 4 مینول طریقے سے دستیاب ہوگا، بے 4 پر جہازوں کو روایتی انداز میں رہنمائی فراہم کی جائے گی۔

  • لاہور ایئرپورٹ  پر  مسافر سے 4 لاکھ 40 ہزار سعودی ریال برآمد

    لاہور ایئرپورٹ پر مسافر سے 4 لاکھ 40 ہزار سعودی ریال برآمد

    لاہور : کسٹمز حکام نے لاہور ایئرپورٹ کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک جانے والے مسافر سے 4 لاکھ 40 ہزار سعودی ریال برآمد کرلئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہورایئرپورٹ پر کسٹمزحکام نے کارروائی کرتے ہوئے مسافر سے 4 لاکھ 40 ہزار سعودی ریال برآمد کرلئے ، حکام نے بتایا کہ مسافر حسن علی پی آئی اے کی پروازسے دبئی جارہا تھا ، بورڈنگ سے قبل مسافرکی جیکٹ سےغیرملکی کرنسی برآمدہوئی۔

    کسٹمزحکام نے مسافر کو گرفتار کرکے منی لانڈرنگ قوانین کے تحت ایف آئی آر درج کرلی ہے۔

    یاد رہے چند روز قبل اے ایس ایف کے عملے نے باچا خان ایئرپورٹ پر کروڑوں روپے مالیت کا سونا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو افغان شہریوں کو گرفتار کرلیا تھا اور 9.9 کلو گرام سوناب رآمد کیا۔

    ترجمان اے ایس ایف نے بتایا تھا کہ افغان نیشنل مسافر مسمات سہیلہ الکوزے اور مسافر حواد خالدی سونا دو بیگوں میں لے جا رہے تھے تاہم اے ایس ایف کے عملے نے سامان کو مشکوک قرار دیتے ہوئے تلاشی کے دوران مذکورہ سونا برآمد کیا۔

  • سی اے اے کی بدانتظامی، 3 ہزار سے زائد مسافر ایئرپورٹ پر موجود

    سی اے اے کی بدانتظامی، 3 ہزار سے زائد مسافر ایئرپورٹ پر موجود

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی کی بدانتظامی کے باعث لاہور ایئر پورٹ پر اس وقت 3 ہزار سے زائد مسافر رش کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پر سی اے اے کی بدانتظامی کی وجہ سے 3 ہزار سے زائد مسافر ایئرپورٹ پر موجود ہیں اور بے پناہ رش کے باعث شدید پریشانی سے دوچار ہیں۔

    سی اے اے نے ایک گھنٹے میں 13 پروازوں کو شیڈول کر دیا ہے، جس کی وجہ سے تمام شیڈول پروازوں کے مسافر بیک وقت لاہور ایئر پورٹ پہنچ گئے ہیں۔

    ایک وقت میں اتنی تعداد میں مسافروں کی موجودگی کے باعث ایئرپورٹ پر بورڈنگ اور چیکنگ کاؤنٹرز پر مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

  • لاہور ایئرپورٹ کے رن وے پر کارگو طیارے کے ٹائرپھٹنے کے واقعے کی تحقیقات کا حکم

    لاہور ایئرپورٹ کے رن وے پر کارگو طیارے کے ٹائرپھٹنے کے واقعے کی تحقیقات کا حکم

    لاہور : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے لاہور ایئرپورٹ کے رن وے پر کارگو طیارے کے ٹائرپھٹنے کے واقعے اور فضائی آپریشن معطل ہونے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر کارگو طیارے کو حادثہ اور رن وے بند ہونے سے متعلق واقعہ کا نوٹس لے لیا۔

    ڈی جی سی اے اے نے لاہور ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن معطل ہونے اور غیر ملکی کارگو طیارے کو حادثے پر تحقیقات کا حکم دے دیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی کمپنی کے طیارے کے ٹائر برسٹ ہونے کے معاملے کی تحقیقات ہوگی۔

    اس حوالے سے سی اے اے کے شعبہ فلائٹ اسٹینڈرڈ کو تحقیقات کا ٹاسک دے دیا گیا ہے، تحقیقاتی ٹیم پتہ لگائے گی کہ طیارے کے ٹیک آف کے دوران رن وے پر چھ ٹائر برسٹ کیوں ہوئے۔

    دوسری جانب ایئرکرافٹ ایکسیڈنٹ اینڈ انویسٹیگیشن بورڈ نے لاہور ایئرپورٹ پر ڈی ایچ ایل کارگو حادثے پر تحقیقات شروع کردی گئی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹیگیشن بورڈ الگ سے تحقیقات کرے گا اور اپنی رپورٹ اعلیٰ حکام کو پیش کرے۔

    خیال رہے لاہور ایئرپورٹ پر غیرملکی کارگو طیارے کے ٹائرپھٹنے کے بعد رن وے پر آپریشن معطل ہوگیا تھا ، جہازمیں سامان بھرا ہونے کی وجہ سے ٹائر تبدیل نہیں کیے جاسکتے تھے تاہم سامان اتارنے کے بعد جہاز رن وے سے ہٹایا گیا۔

  • ایئر پورٹ پر ماسک نہ لگانے پر کتنا جرمانہ کیا جائے گا؟

    ایئر پورٹ پر ماسک نہ لگانے پر کتنا جرمانہ کیا جائے گا؟

    کراچی: اندرون و بیرون ملک جانے والے مسافر اب ہوشیار ہو جائیں کیوں کہ کرونا وبا ایس او پیز عمل نہ کر نے پر جرمانے ہوں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کرونا وائرس کی تیسری لہر اور حفاظتی اقدامات کے پیش نظر جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کراچی، علامہ اقبال اور ملتان انٹرنیشنل ایئر پورٹس پر اقدامات سخت کر دیے گئے ہیں۔

    کسی بھی مسافر یا عملے نے ماسک استعمال نہیں کیا تو 1 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا، این سی او سی کی ہدایات پر مسافروں کو احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل در آمد کرایا جا رہا ہے۔

    سینئر ایڈیشنل ڈائریکٹر ملتان ایئر پورٹ مبارک شاہ نے بتایا کہ ملتان ایئر پورٹ پر ماسک نہ لگانے والے مسافر اور عملے کے افراد کے خلاف کارروائی ہوگی، داخلہ بھی ممنوع ہوگا۔

    جناح انٹرنیشل ایئر پورٹ کے سینئر ایڈیشنل ڈائریکٹر عمران خان نے بتایا کہ مسافروں کی آمد کے موقع پر سامان کو وصول کر نے والی بیلٹ پر سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔

    انھوں نے کہا کسی بھی مسافر یا عملے کے فرد نے ماسک استعمال نہیں کیا تو 1 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا۔

    حفاظتی اقدامات کے تحت ایئر پورٹس پر کنکورس ہال میں سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے 3 سیٹر صوفوں میں سے ایک درمیانی سیٹ نکال دی گئی ہے۔

    لاہور کے علامہ اقبال ایئر پورٹ پر اسپیشل کرونا ٹاسک فورس بھی بنا دی گئی ہے، یہ ٹاسک فورس مسافروں کے سماجی فاصلے اور فیس ماسک کے استعمال کو یقینی بنائے گی۔

    لاہور ایئر پورٹ پر مسافروں اور امیگریشن عملے کے مابین سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے کے لیے کاؤنٹرز پر شیشے لگا دیے گئے۔

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ اندرون و بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کے مسافروں کی مکمل طبی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے، مسافروں کو اترنے کے بعد جہاز کو مکمل طور پر ڈس انفیکٹ بھی کیا جا رہا ہے۔

  • وزیر اعظم کی ہدایت پر لاہور کے ایئر پورٹ پر بڑا کاروباری منصوبہ

    وزیر اعظم کی ہدایت پر لاہور کے ایئر پورٹ پر بڑا کاروباری منصوبہ

    کراچی: لاہور کے والٹن ایئر پورٹ پر بڑے کاروباری منصوبے کے ابتدائی خدو خال سامنے آ گئے، وزیر اعظم عمران خان نے حتمی پلان بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق والٹن ایئر پورٹ پر سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ بنانے کے منصوبے کے ابتدائی خدو خال سامنے آ گئے، اس کاروباری ضلع میں 2 ہزار کنال کے رقبے پر تعمیرات کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    ابتدائی طور پر 5 سو کنال پر کمرشل ایریا اور 161 کنال پر کارپوریٹ آفسز بنانے کی تجویز ہے، منصوبے کے تحت 207 کنال اراضی پر اپارٹمنٹس بلڈنگ اور ہوٹل تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق آئی ٹی ٹاور، بینک اسکوائر اور شاپنگ مالز کے لیے 143 کنال اراضی مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے، منصوبے کے تحت منی گالف کورس اور پارکس اور گرین ایریا کے لیے 80 کنال اراضی رکھی جائےگی۔

    ہیلتھ کلب، انتظامی عمارتوں اور یوٹیلیٹی اسٹور کے لیے 64 کنال اراضی مختص کرنے کی تجویز ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کے ابتدائی خدوخال کے حوالے سے متعلقہ حکام نے وزیر اعظم پاکستان کو بھی بریفنگ دے دی ہے، وزیر اعظم نے جامع منصوبہ بندی اور تمام قانونی تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے حتمی پلان بنانے کی ہدایت کی ہے۔

  • لاہور ایئرپورٹ پر شدید دھند، متعدد پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار

    لاہور ایئرپورٹ پر شدید دھند، متعدد پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شدید دھند کے باعث متعدد پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہوگئیں، کئی پروازوں کا رخ اسلام آباد کی طرف موڑ دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شدید دھند کے باعث پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہوگیا، ائیرپورٹ رن وے پر حد نگاہ 100 میٹر سے بھی کم ہوگیا۔

    ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق شارجہ سے لاہور آنے والی پرواز 413 دھند کے باعث اسلام آباد ایئر پورٹ کی طرف موڑ دی گئی، ایئر بلیو کی پرواز 413 کے فضا میں کافی دیر چکر لگانے کے بعد کنٹرول ٹاور نے اس کا رخ اسلام آباد کی طرف موڑ دیا۔

    شارجہ سے آنے والی پی آئی اے کی پرواز 186 کا رخ بھی اسلام آباد کی طرف موڑ دیا گیا۔

    لاہور میں شدید دھند کے باعث 8 پروازوں کو منسوخ کردیا گیا جبکہ 6 تاخیر کا شکار ہوگئیں، کویت سے آنے والی پرواز 203، پی آئی اے کی کراچی سے آنے والی پرواز 306، ایئر بلیو کی دبئی سے آنے والی پرواز 417، نجف سے آنے والی پرواز 341 اور لاہور سے نجف جانے والی پرواز 342 منسوخ کردی گئی۔

    اسی طرح ایئر بلیو کی دبئی جانے والی پرواز 416، پی آئی اے کی کراچی جانے والی پرواز 307 اور ایئر بلیو کی شارجہ جانے والی پرواز 412 بھی منسوخ کردی گئی۔

    ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق ترکش ایئر کی استنبول جانے والی پرواز 715 دو گھنٹے سے زائد تاخیر سے ساڑھے 10 بجے کے بعد روانہ ہو گی، فلائی ناس کی ریاض جانے والی پرواز 318 دس گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہو کر دوپہر دوبجے کے بعد روانہ ہوگی۔

    اسی طرح اتحاد ایئر کی ابو ظہبی جانے والی پرواز 242 دو گھٹے سے زائد تاخیر سے روانہ ہوگی، قطر ایئر ویز کی دوحہ جانے والی پرواز 629 تیس منٹ، ریاض سے آنے والی پرواز 317 نو گھٹے اور ترکش ایئر کی استنبول سے آنے والی پرواز 714 دو گھنٹے کی تاخیر کا شکار ہے۔