Tag: لاہور ایئرپورٹ

  • لاہور ایئر پورٹ کا مرکزی رن وے ایک سال کے لیے بند

    لاہور ایئر پورٹ کا مرکزی رن وے ایک سال کے لیے بند

    لاہور: علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا مرکزی رن وے ایک سال کے لیے بند کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ایئر پورٹ کا مرکزی رن وے 36۔آر R کو مرمت کے لیے تما م پروازوں کی لینڈنگ کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ایئر پورٹ کے سیکنڈری رن وے 36 ایل کو متبادل کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے، علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے مرکزی رن وے پر مرمتی کام جاری ہے۔

    سی اے اے کے مطابق لاہور ایئر پورٹ کے سکینڈری رن وے پر متبادل کے طور پر فلائیٹ آپریشن جاری ہے، ایئر پورٹ حکام کی جانب سے تمام ایئر لائنز انتظامیہ کو ہدایات بھی جاری کر دی گئیں۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ سکینڈری رن وے پر آئی ایل ایس کیٹگری 2 سٹم موجود ہے جو طیاروں کو حد نگاہ 700 میٹر تک لینڈنگ میں مدد کرتا ہے، ایئر لائنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ مسافروں کی تعداد اور فیول کی مقدار کم سے کم رکھیں۔

    ایئر پورٹ منیجر کا کہنا ہے کہ موسم سرما کے حوالے سے ملکی و غیر ملکی ایئر لائنز کو شیڈول تبدیل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، تمام ملکی و غیر ملکی ایئر لائنز اگلے ماہ سے ا پنا شیڈول تبدیل کریں گی۔

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ لاہور ایئر پورٹ کا مرکزی رن وے کا مرمتی کام نومبر 2021 تک مکمل کر لیا جائے گا۔

  • علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 34 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی اسمگلنگ ناکام

    علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 34 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی اسمگلنگ ناکام

    لاہور: علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹم اسٹاف نے کارروائی کے دوران 34 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی اسمگلنگ ناکام بنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی سی کسٹم ثاقب وڑائچ کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے اسلام آباد کے لیے ایئر لائن نے بغیر مسافر کے سامان دبئی سے لاہور بھیجا، لاہور سے ایئر بلیو نے رش ٹیگ کو دوبارہ بغیر مسافر کے اسلام آباد بھجوانا چاہا۔

    ڈی سی کے مطابق بغیر مسافر کے بیگ میں آئی فون، آئی پیڈ، کیمرے اور وائر لیس سیٹ برآمد کر لیے۔

    کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ بغیر مسافر کے بیگ سے 12 جدید آئی فون، 11 آئی فون الیون، 4 آئی پیڈ، 3 عدد سونی کیمرے اور 1 وائر لیس سیٹ برآمد کیا گیا۔

    بیرون ملک سے لاہور لایا جانے والا اسمگلنگ کا سامان ڈومیسٹک ڈپارچر سے اسلام آباد بھجوایا جانا تھا۔

    ایئر پورٹ ٹریفک کسٹم نے کارروائی کے دوران سارا سامان ضبط کر لیا، تمام ایئر لائنز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ جو بیگ مسافر کے بغیر لاہور لایا جائے گا اس کو اسکین کیا جائے گا۔

  • لاہور ایئرپورٹ کے اطراف میں بلند عمارتیں طیاروں کے لیے خطرناک قرار

    لاہور ایئرپورٹ کے اطراف میں بلند عمارتیں طیاروں کے لیے خطرناک قرار

    لاہور: ایئرپورٹ انتظامیہ نے لاہور ایئرپورٹ کے اطراف بلند عمارتیں اور کالونیوں کو طیاروں کے لیے خطرناک قرار دے دیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایئرپورٹ انتظامیہ نے لاہور ایئرپورٹ کے اطراف بلند عمارتوں اور کالونیوں کو طیاروں کے لیے خطرناک قرار دے دیا، ایئرپورٹ منیجر اختر مرزا نے سی اے اے کو تحفظات سے تحریری طور پر آگاہ کردیا۔

    ایئرپورٹ منیجر نے خط میں کہا کہ ایئرپورٹ کے 15 کلو میٹر اطراف میں غیر قانونی تعمیرات کی گئی ہیں، لاہور بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کو بارہا آگاہ کرنے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

    لاہور ایئرپورٹ منیجر کا کہنا ہے کہ ٹیک آف اور اپروچ ایریا کے گرد غیرقانونی تعمیرات کسی بھی وقت خطرناک حادثے کا باعث بن سکتی ہیں۔

    اختر مرزا کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کے پاس غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کا اختیار نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹ کے ارد گرد جابجا بڑے بل بورڈز، اینٹینا اور عمارتیں خطرناک صورتحال اختیار کرچکی ہیں، ایئرپورٹ منیجر نے بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی غفلت پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

    خیال رہے کہ 22 مئی جمعۃ الوداع کو لاہور سے کراچی آنے والا پی آئی اے کا طیارہ ایئرپورٹ کے قریب واقع ماڈل کالونی جناح گارڈن کی رہائشی آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں 97 مسافر ہلاک جبکہ 2 مسافر معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔

  • ایئرپورٹ کارگو میں کرپشن، ملوث اہل کاروں کو سزائیں مل گئیں

    ایئرپورٹ کارگو میں کرپشن، ملوث اہل کاروں کو سزائیں مل گئیں

    لاہور: ایئر پورٹ کارگو میں سروس چارجز کی مد میں کرپشن کے انکشاف پر ہونے والی انکوائری کے بعد سول ایوی ایشن (سی اے اے) کے ملوث اہل کاروں کو سزائیں مل گئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کرپشن میں ملوث سی اے اے کے اہل کاروں کو سزائیں دینے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، اہل کاروں نے لاہور ایئرپورٹ کارگو میں سروس چارجز کی مد میں 7 کروڑ روپے کی کرپشن کی تھی۔

    کرپشن کے معاملے کی انکوائری رپورٹ بھی سامنے آ گئی، سی اے اے گریڈ ٹو کے آفیسر فرحان احمد کو نوکری سے معطل کر دیا گیا ہے، جب کہ گریڈ ٹو کے آفیسر بختاور گل کو ایک گریڈ تنزلی کی سزا دی گئی۔

    انکوائری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کارگو سروس چارجز کی مد میں سی اے اے اہل کاروں نے سات کروڑ کا فراڈ کیا تھا، اہل کاروں نے سروس چارجز کے پیسے خزانے میں جمع نہیں کرائے، ملزمان کو سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کے ذریعے پکڑا گیا۔

    انکوائری رپورٹ کے مطابق فراڈ میں ملوث اہل کاروں نے 2 کروڑ روپے کی رقم بھی خزانے میں جمع کرا دی ہے۔

  • لاہور ایئرپورٹ پر طیارے سے منسلک بورڈنگ برج خراب، مسافر خوفزدہ

    لاہور ایئرپورٹ پر طیارے سے منسلک بورڈنگ برج خراب، مسافر خوفزدہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں علامہ اقبال انٹرنیشل ایئرپورٹ پر طیارے سے منسلک بورڈنگ برج خراب ہوگیا جس سے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشل ایئرپورٹ پر طیارے سے منسلک بورڈنگ برج خراب ہوگیا، مسافروں کے سوار ہونے کے بعد بورڈنگ برج طیارے سے الگ نہیں ہوا۔

    اس موقع پر بورڈنگ برج میں خرابی کو مسافر، طیارےمیں خرابی سمجھ بیٹھے اور ان میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ کچھ مسافر خوف کے باعث طیارے سے اتر گئے۔

    بورڈنگ برج میں خرابی کے باعث کراچی جانے والی پرواز ایک گھنٹہ تاخیر سے روانہ ہوئی۔

    خیال رہے کہ بورڈنگ برج سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ملکیت ہوتا ہے، برج کے ذریعے مسافر ایئرپورٹ کی عمارت سے جہاز میں داخل ہوتے ہیں۔

    گزشتہ روز قومی ایئر لائن کے طیارے کے خوفناک حادثے نے پورے ملک کو سوگوار کردیا ہے، پی آئی اے کا طیارہ گزشتہ روز لاہور سے کراچی پہنچنے کے بعد لینڈنگ سے صرف چند لمحے قبل آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا۔

    المناک حادثے میں اب تک 97 افراد کی موت کی تصدیق کی جاچکی ہے جبکہ 2 افراد معجزانہ طور پر زندہ بچ گئے جو اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

  • لاہور ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی، شراب کی اسمگلنگ ناکام

    لاہور ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی، شراب کی اسمگلنگ ناکام

    لاہور: علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹمز حکام نے کاررائیوں کے دوران شراب اور سگریٹ کی اسمگلنگ ناکام بنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشل ایئرپورٹ پر کسٹم حکام نے بنکاک سے آنے والے مسافر کے سامان سے شراب کی 81 بوتلیں برآمد کرلیں۔ مسافر مظہر اقبال دوستوں کے ہمراہ بنکاک سے لاہور آ رہا تھا۔

    کسٹم حکام کی جانب سے دوسری کارروائی لاہور سے مانچسٹر جانے والی پرواز میں کی گئی، مسافر محمد یعقوب کے سامان سے سگریٹ کے 60 بنڈل برآمد کیے گئے۔

    لاہور ایئرپورٹ پر مسافر سے پستول کی گولیاں برآمد

    یاد رہے کہ رواں ماہ 8 فروری کو لاہور ایئرپورٹ پر مسافر سے پستول کا میگزین اور 21 گولیاں برآمد کی گئی تھیں، مسافر حسن محمود بٹ پی کے 263 سے ابوظہبی جا رہا تھا، مسافر نے غلطی سے اسلحہ بیگ میں لانے کا اعتراف کیا تھا۔

    اس سے قبل گزشتہ 13 جنوری کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تعینات سیکورٹی اہلکاروں نے خاتون مسافر کے سامان سے پستول کی گولیاں برآمد کی تھیں۔

    نجی ایئرلائن کی پرواز سے جدہ جانے والی خاتون کا کہنا تھا کہ وہ بیگ ان کے بھائی کا ہے جس کے پاس نائن ایم ایم پستول کا لائسنس بھی ہے، غلطی سے گولیاں اس بیگ میں رہ گئیں۔

  • پاکستان سے فیس ماسک اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام

    پاکستان سے فیس ماسک اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام

    لاہور: کرونا وائرس کے بعد بڑھتی مانگ کے پیش نظر لوگ فیس ماسک بھی اسمگل کرنے لگے، تاہم کسٹم حکام نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر فیس ماسک اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کسٹم حکام نے لاہور ایئرپورٹ پر ڈیڑھ من فیس ماسک پکڑ لیے، بڑی مقدار میں فیس ماسک لاہور سے بنکاک اسمگل کیے جا رہے تھے، ماسک دو مسافروں کے سامان سے برآمد کیے گئے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ فیصل آباد کے رہایشی عزیز اکبر اور ریحان اظہر نامی مسافر تھائی ایئر کی پرواز ٹی جی 346 سے بنکاک جا رہے تھے، دونوں مسافر اے ایس ایف اور اے این ایف کے کاؤنٹرز سے بہ آسانی گزر گئے تھے تاہم کسٹم ویجیلنس عملے نے مسافروں کے سامان کی چیکنگ کے دوران بیگ میں سے فیس ماسک برآمد کر لیے۔

    ذرایع کے مطابق کسٹم عملے نے دونوں مسافروں کے سامان سے تقریباً ڈیڑھ من فیس ماسک برآمد کیے، جو پانچ کارٹنوں میں بند تھے، یہ کارٹن دو بڑے بیگز میں رکھ کر لے جائے جا رہے تھے، برآمد شدہ فیس ماسک کسٹم حکام نے قبضے میں لے لیے۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر فیس ماسک کی ایئر پورٹ سے بیرون ملک ترسیل پر پابندی عائد ہے۔

  • لاہور ایئرپورٹ پر مسافر سے پستول کی گولیاں برآمد

    لاہور ایئرپورٹ پر مسافر سے پستول کی گولیاں برآمد

    لاہور: علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافر سے پستول کی 21 گولیاں اور میگزین برآمد کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر مسافر سے پستول کا میگزین اور 21 گولیاں برآمد کر لی گئیں، مسافر حسن محمود بٹ پی کے 263 سے ابوظہبی جا رہا تھا، مسافر نے غلطی سے اسلحہ بیگ میں لانے کا اعتراف کیا۔

    اے ایس ایف ذرائع کے مطابق تحریری معافی پر مسافر کو ابوظہبی سفر کی اجازت دے دی گئی، مسافر کے پاس اسلحے کا لائسنس موجود تھا، اسلحہ ضبط کر لیا گیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 13 جنوری کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تعینات سیکورٹی اہلکاروں نے خاتون مسافر کے سامان سے پستول کی گولیاں برآمد کی تھیں۔

    ایئرپورٹ سیکورٹی فورس کے مطابق نجی ایئرلائن کی پرواز سے جدہ جانے والی خاتون کا کہنا تھا کہ وہ بیگ ان کے بھائی کا ہے جس کے پاس نائن ایم ایم پستول کا لائسنس بھی ہے، غلطی سے گولیاں اس بیگ میں رہ گئی ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں اے ایس ایف نے غیرملکی ایئر لائن کی پرواز کیو آر 629 کے ذریعے دوحہ جانے والے مسافر کے سامان سے 3 سو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کی تھی۔

  • لاہور ایئرپورٹ پر ناک سے خون بہنے والا چینی مسافر کرونا وائرس کا شکار تھا؟

    لاہور ایئرپورٹ پر ناک سے خون بہنے والا چینی مسافر کرونا وائرس کا شکار تھا؟

    لاہور: پنجاب کے ہیلتھ سروسز کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ہارون جہانگیر کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز لاہور ایئرپورٹ پر طبیعت خرابی کا شکار چینی مسافر کرونا وائرس سے متاثر نہیں، مسافر کو ناک سے خون بہنے پر فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لاہور ایئرپورٹ پر ایک چینی مسافر کی اچانک طبیعت خرابی نے ایئرپورٹ انتظامیہ میں کھلبلی مچا دی تھی۔ چینی مسافر کی ناک سے خون جاری ہوگیا تھا جس کے بعد لاہور ائیرپورٹ پر محکمہ صحت کے عملے کی دوڑیں لگ گئیں۔

    چینی مسافر ڈیمنگ یاؤ کو فوری طور پر آئسولیشن روم منتقل کیا گیا تھا اور اس کی مکمل اسکریننگ کی گئی جس کے بعد اسے ایمبولینس پر سروسز اسپتال روانہ کردیا گیا۔

    ڈی جی ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹر ہارون جہانگیر کے مطابق 28 سالہ مذکورہ مسافر میں کرونا وائرس کی تشخیص نہیں ہوئی، مسافر کو لاہور ایئرپورٹ کی جانب سے کرونا وائرس کے مشتبہ مریض کے طور پر ریفر کیا گیا تھا تاہم اس میں کرونا کی علامات نہیں پائی گئیں۔

    ڈاکٹر ہارون کے مطابق اسپتال میں چینی مسافر کا تفصیلی معائنہ اور ٹیسٹ کیے گئے۔ مذکورہ مسافر کو گزشتہ 10 سال سے نکسیر پھوٹنے کا مرض لاحق ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ چینی مسافر کو بخار، فلو اور کھانسی کی شکایت نہیں تھی، مکمل معائنہ کرنے کے بعد یہ یقین سے کہا جا سکتا ہے کہ چینی مسافر کرونا وائرس کا مشتبہ مریض نہیں، اسپتال میں علاج کے بعد چینی شخص کو ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق مذکورہ چینی مسافر 18 جنوری کو کراچی پہنچا تھا اور بعد ازاں پی آئی اے کی پرواز 313 کے ذریعے کراچی سے لاہور پہنچا، مسافر لاہور سے چین کے شہر ارومچی جانا چاہتا تھا تاہم چین کی پروازیں بند ہونے سے لاہور ایئرپورٹ کے لاؤنج میں بیٹھا تھا۔

    دوسری جانب چین سے عارضی طور پر معطل شدہ فلائٹ آپریشن آج بحال کردیا گیا ہے، جس کے بعد صبح 9 بجے ارومچی سے سدرن چائنا ایئر کی پرواز سی زیڈ 6007 اسلام آباد پہنچی۔

    مذکورہ پرواز کے ذریعے 61 پاکستانی وطن واپس پہنچے ہیں، ایئرپورٹ پر معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا بھی موجود تھے جنہوں نے اسکریننگ کی نگرانی کی۔

    دوپہر 12 بجے چین سے ایک اور پرواز سی زیڈ 5241 اسلام آباد ایئرپورٹ پر پہنچی جس میں 82 مسافر سوار تھے، چین سے پہنچنے والے تمام مسافروں کی سخت اسکریننگ کی جارہی ہے۔

  • لاہور ایئرپورٹ پر چینی مسافر کی طبیعت اچانک خراب، ناک سے خون بہنے لگا

    لاہور ایئرپورٹ پر چینی مسافر کی طبیعت اچانک خراب، ناک سے خون بہنے لگا

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے ایئرپورٹ پر اس وقت انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں جب لاؤنج میں بیٹھے ایک چینی مسافر کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی اور اس کی ناک سے خون نکلنے لگا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر موجود چینی مسافر کی اچانک طبیعت خراب ہوگئی اور اس کی ناک سے خون جاری ہوگیا، لاہور ائیرپورٹ پر محکمہ صحت کے عملے کی دوڑیں لگ گئیں۔

    چینی مسافر ڈیمنگ یاؤ کو فوری طور پر آئسولیشن روم منتقل کیا گیا، مذکورہ مسافر کی مکمل اسکریننگ کی گئی جس کے بعد اسے ایمبولینس پر سروسز اسپتال روانہ کردیا گیا۔

    اسپتال انتظامیہ کے مطابق چینی باشندے کو سروسز اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں داخل کردیا گیا ہے، مسافر میں ابتدائی علامات کرونا وائرس کی نہیں ہیں۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ چینی باشندے کے خون کے نمونے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) بھجوا دیے گئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی مسافر پی آئی اے کی پرواز 313 کے ذریعے کراچی سے لاہور پہنچا تھا، مسافر لاہور سے چین کے شہر ارومچی جانا چاہتا تھا تاہم چین کی پروازیں بند ہونے سے لاہور ایئرپورٹ کے لاؤنج میں بیٹھا تھا۔

    خیال رہے کہ چین میں کرونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 304 ہوگئی ہے، کروناسے ایک ہلاکت فلپائن میں بھی سامنے آئی ہے۔ چین میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 15 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔