Tag: لاہور ایئر پورٹ

  • پاک بھارت کشیدگی:‌ لاہور کی ایئر اسپیس اچانک بند کردی گئی

    پاک بھارت کشیدگی:‌ لاہور کی ایئر اسپیس اچانک بند کردی گئی

    لاہور: پاکستان بھارتی کشیدگی کے تناظر میں لاہور ایئر پورٹ کی فضائی حدود ایک بار پھر بند کردی گئی۔

    ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق لاہور کی ایئراسپیس اچانک بند کردی گئی،کراچی سے لاہور نجی ایئرلائن کی پرواز کا رخ واپس کراچی موڑ دیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ ترجمان ایئرپورٹ محمد عمیر نے بتایا کہ سیالکوٹ ایئرپورٹ کا فضائی آپریشن شام 6 بجے  تک عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے۔

    پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    ترجمان ایئرپورٹ محمد عمیر نے کہا کہ نوٹم کے مطابق 3 گھنٹے  30 منٹ تک سیالکوٹ ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن بند رہے گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ 2 روز میں کئی بار ملک کے بڑے ایئر پورٹ کو بند کیا جا چکا ہے، ایئرپورٹ بند ہونے سے کئی پروازیں متاثر ہوں گی۔

    پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستان کے کئی ایئرپورٹس کو عارضی طور پر بند کیا گیا تھا، کراچی ایئرپورٹ کو گزشتہ روز رات بارہ بجے تک بند کیا گیا، جسے اب کھول دیا گیا ہے۔

  • مسافروں کی مشکل آسان ، بڑی  سہولت فراہم کردی گئی

    مسافروں کی مشکل آسان ، بڑی سہولت فراہم کردی گئی

    لاہور : لاہور ایئر پورٹ پر مسافروں کی سہولت کے لئے چیک پوسٹ پر تیسری لائن کا آغازکر دیا گیا، جس سے مصروف اوقات میں گاڑیوں کی طویل قطاروں میں کمی آئے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر شہری ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے رات گئے لاہور ایئر پورٹ کا دورہ کیا۔

    جہاں سعدرفیق نے مسافروں کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے ہدایات پر عمل درآمد کا جائزہ لیا۔

    وفاقی وزیر نے برقی سیڑھیاں فوری چلانے اور امیگریشن عملے کی تعداد میں اضافے کی ہدایت کردی۔

    مسافروں کی سہولت کے لئے چیک پوسٹ پر تیسری لائن کاآغازکردیا گیا، جس سے مصروف اوقات میں گاڑیوں کی طویل قطاروں میں کمی آئے گی۔

    لاہور ایئر پورٹ کے ڈومیسٹک لاؤنجز کو رات 10سے صبح 5 بجے تک عالمی لاؤنجز کے طور پر استعمال کیا جائے گا ، جس سے بین الاقوامی پروازوں کے لئے رش کم کرنے میں مدد ملے گی۔

    ایئر پورٹ آنے پرایک مسافر ایک فرد کی پابندی کو ختم کیا جارہا ہے ، عزیز اقارب ائرپورٹ ٹرمینل بلڈنگ تک جا سکیں گے جبکہ ایئر پورٹ کے کنکورس ہال میں اضافی نشستیں لگا دی گئی ہیں۔

  • لاہور ایئر پورٹ  غیرملکی کرنسی اسمگلنگ کی کوشش ناکام، مسافر کے جوتوں سے ایک لاکھ سعودی ریال برآمد

    لاہور ایئر پورٹ غیرملکی کرنسی اسمگلنگ کی کوشش ناکام، مسافر کے جوتوں سے ایک لاکھ سعودی ریال برآمد

    لاہور: کسٹم حکام نے علامہ اقبال ایئر پورٹ پر غیرملکی کرنسی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے مسافر کے جوتوں سے ایک لاکھ سعودی ریال برآمد کرلئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اے ایس ایف اور کسٹمز نے کارروائی کی اور لاہور سے شارجہ کرنسی اسمگل کرنے والت عادی مجرم کو گرفتار کرلیا۔

    گرفتار ملزم سے 50 لاکھ روپے مالیت کے برابر 1 لاکھ سعودی ریال برآمد ہوئے ، لاہور کا رہائشی سبئیل طاھر کرنسی جوتوں میں چھپا کر اسمگلنگ کرنے کی کوشش کررہا تھا۔

    گرفتار مسافر سبئیل طاہر پی کے 185 سے شارجہ جارہا تھا ، اے ایس ایف حکام نے مسافر کو کسٹم کے حوالےکردیا ہے ، جہاں اس سے پوچھ گچھ جاری ہے۔

  • لاہور ایئر پورٹ پر لاکھوں روپے مالیت  کے موبائل فونز اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    لاہور ایئر پورٹ پر لاکھوں روپے مالیت کے موبائل فونز اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    لاہور : لاہور ایئر پورٹ پر کسٹم حکام نے لاکھوں روپے مالیت کے موبائل فونز اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔

    تفصیلات کے مطابق کسٹم حکام نے لاہورائیرپورٹ پر اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی اور 4 مسافروں کے سامان سے 150موبائل فونز برآمد کرلئے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ سامان میں لیپ ٹاپ،سمارٹ واچ بھی شامل ہیں تاہم سامان قبضے میں لیکر مسافروں کو جانے کی اجازت دی گئی۔

    یاد رہے پشاور کے باچا خان ایئرپورٹ پر حکام نے سونے اور موبائل فونز اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے انٹر نیشنل آرائیول لاونچ کے ٹوائلٹ سے 10قیمتی موبائل فونز برآمد کرلئے تھے۔

    ایئرپورٹ منیجر کا کہنا تھا کہ دبئی سے پشاور آنیوالی پی آئی اے کی پروازپی کے 284 پہنچی تو ائیرپورٹ سروسز کا آفیسر معمول کی انسپیکشن پر تھا کہ عملے کو ٹوائلٹ میں موبائل فون پڑے ہو ئے ملے۔

  • لاہور  ایئر پورٹ پر کسٹم حکام کی بڑی کارروائی،  لاکھوں روپے مالیت کے موبائل فون برآمد

    لاہور ایئر پورٹ پر کسٹم حکام کی بڑی کارروائی، لاکھوں روپے مالیت کے موبائل فون برآمد

    لاہور : علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر کسٹم  حکام نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کے موبائل فون برآمد کرلئے ، ڈی سی کسٹم نے کہا مسافر نے جسم کے ساتھ آئی فون لگا رکھے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق کسٹم حکام نے لاہور ایئر پورٹ پر بڑی کاروائی کرتے ہوئے مسافر سے لاکھوں روپے مالیت کے موبائل فون برآمد کرلئے ، ڈی سی کسٹم ثاقب وڑائچ نے بتایا کہ مسافر برطانیہ سے قطر سے وایا لاہور پرواز 620سے لاہور پہنچا ، کسٹم کے سپاہی وحید نے شک پڑنے مسافر کو روکا تو مسافر نے جسم کے ساتھ آئی فون لگا رکھے تھے۔

    ثاقب وڑائچ کا کہنا تھا کہ جہلم کے رہائشی مرزا عرفان بیگ کے پاس برطانیہ اور پاکستان کا پاسپورٹ تھا ، جو وہ اسمگلنگ میں استعمال کررہا تھا، مسافر نے بڑی چالاکی سے اپنی پنٹ اور کوٹ کے نیچے موبائل فون جسم کے ساتھ ٹیپ کے ساتھ لگا رکھے تھے ۔

    ڈی سی کسٹم کے مطابق 39 قیمتی آئی فون جن کی لاگت 70 لاکھ سے زائد بتائی جارہی ہے جبکہ برآمد ہونے والے موبائل فونز میں 20 قیمتی جدید آئی فون 18 سام۔ سنگ گلیکسی نوٹ 10/11 شامل ہیں۔

    ثاقب وڑائچ نے بتایا کہ ایک قیمتی موٹو رولا فون بیس ہینڈ فری پلس چارجر ، بیس خالی بوکس موبائل فون بھی برآمد ہوئے ، مسافر کے خلاف سمگلنگ ایکٹ کے تحت مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔

  • لاہور ایئرپورٹ سے جانے اور آنے والی متعدد پروازیں منسوخ

    لاہور ایئرپورٹ سے جانے اور آنے والی متعدد پروازیں منسوخ

    لاہور: علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اطراف شدید دھند کے باعث لاہور ایئرپورٹ سے جانے اور آنے والی 5 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں جبکہ 10 تاخیر کا شکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ایئرپورٹ کے اطراف شدید دھند ہے اور رن وے پر حد نگاہ 600 میٹر رہ گئی ہے۔

    دھند کے باعث لاہور ایئرپورٹ سے جانے اور آنے والی 5 پروازیں منسوخ جبکہ 10 تاخیر کا شکار ہیں۔

    ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق لاہور سے اوسلو جانے والی پرواز پی کے 751، دمام سے لاہور آنے والی پرواز ایکس وائی 883، لاہور سے دمام جانے والی پرواز ایکس وائی 884، ابو ظہبی سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 264 اور لاہور سے کراچی جانے والی پرواز پی کے 307 منسوخ کردی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور سے کویت جانے والی پرواز 502 ساڑھے 7 گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔ ریاض سے لاہور آنے والی پرواز ایکس وائی 317 چھ گھنٹے، ریاض جانے والی پرواز ایکس وائی 318 پانچ گھنٹے 45 منٹ اور لاہور سے ریاض جانے والی پرواز پی کے 755 ساڑھے 4 گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔

    اسی طرح لاہور سے کراچی جانے والی پرواز پی کے 303 ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر کا شکار ہے جبکہ لاہور سے جدہ کی دو طرفہ پروازیں بھی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئی ہیں۔

    پروازوں میں تبدیلی کے پیش نظر پی آئی اے انتظامیہ نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ اپنے ٹکٹس بک کرواتے ہوئے موبائل نمبرز کا ضرور اندراج کروائیں تاکہ ان کو پروازوں میں ردوبدل سے مطلع کیا جاسکے۔

    ترجمان پی آئی اے نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ وہ ایئرپورٹ آنے سے قبل پی آئی اے کال سینٹر سے اپنی مطلوبہ پرواز کے متعلق معلومات بھی حاصل کریں۔

  • لاہور ایئرپورٹ پر قیمتی بلی غائب، شہری کی سٹیزن پورٹل پر شکایت

    لاہور ایئرپورٹ پر قیمتی بلی غائب، شہری کی سٹیزن پورٹل پر شکایت

    لاہور: علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے قیمتی بلی غائب ہونے کا معاملہ وزیر اعظم سٹیزن پورٹل تک جا پہنچا۔

    تفصیلات کے مطابق ایئرپورٹ پر بلی غائب ہونے کی شکایت پر سیٹزن پورٹل نے لاہور ائیر پورٹ مینجر کو واقعے کی تحقیقات کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوری طور پر مسافر کی بلی ڈھونڈ کر شہری کے حوالے کی جائے۔

    سعودی عرب سے آنے والے مسافر نے اپنی بلی چوری ہونے پر وزیر اعظم سٹیزن پورٹل پر شکایت کی تھی، مسافر سعودی عرب سے 3 لاکھ روپے مالیت کی دو بلیاں لایا تھا، اس کا الزام تھا کہ لاہور ائیرپورٹ پہنچنے پر عملے نے مبینہ طور پر پنجرہ توڑ کر ایک بلی غائب کر دی ہے۔

    بتایا گیا ہے کہ مسافر نے پہلے ائیر پورٹ حکام سے بلی غائب ہونے کی شکایت کی تھی لیکن شنوائی نہ ہونے پر اس نے سیٹزن پورٹل سے رجوع کر لیا جس پر سیٹزن پورٹل نے لاہور ائیر پورٹ مینجر کو فوری مسافر کی بلی ڈھونڈنے کے احکامات جاری کیے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی ایئرپورٹ پر نجی ایئرلائن کا طیارہ بڑے حادثے سے بچ گیا

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق مسافر سعودی عرب سے سفید اور سیاہ رنگ کی دو قیمتی بلیاں لایا تھا جن کی مالیت تین لاکھ روپے بتائی گئی۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل ملتان کے انٹر نیشنل ایئر پورٹ سے 2 جیب کتروں کو گرفتار کیا گیا تھا، جو بیرون ملک سے آنے والوں کی جیبوں کا صفایا کرتے تھے، اے ایس ایف حکام نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔

  • لاہور ایئر پورٹ پر پرندوں کی آمد کا سلسلہ ایک بار پھر شروع، طیاروں کو خطرہ

    لاہور ایئر پورٹ پر پرندوں کی آمد کا سلسلہ ایک بار پھر شروع، طیاروں کو خطرہ

    کراچی : لاہور ایئر پورٹ پر پرندوں کی آمد ایک بار پھر شروع ہوگئی، جس کے باعث ایئر پورٹ پر پروازوں کی ۤآمد ورفت متاثر ہونے سے ساتھ طیاروں کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر پرندوں کی آمد کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا، پرندوں کی آمد کی وجہ سے طیاروں کو خطرات لاحق ہوگئے۔

    لاہور ایئرپورٹ پر پرندوں کو بھگانے کے حوالے سے کوئی خاطر خواہ انتظامات نہیں کئے گئے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ آٹھ ماہ کے دوران لاہور ایئرپورٹ پر اٹھارہ سے زائد پرندے ٹکرانے کے واقعات پیش آئے۔

    پی آئی اے سمیت غیر ملکی ایئرلائنوں سے پرندے ٹکرانے کی وجہ سے جہازوں کو نقصان پہنچا، اس کے علاوہ کراچی میں پرندے ٹکرانے کے پندرہ واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔

    مزید پڑھیں: لاہور ایئر پورٹ پر لگے پینا فلیکس جہازوں کیلئے خطرہ بن گئے، پرندوں نے گھونسلے بنا لیے

    پرندے ٹکرانے کے سب سے زیادہ واقعات لاہور ایئرپورٹ پر ہوئے، لاہور ایئرپورٹ کے قریب پرندے ٹکرانے کی وجہ رواں ماہ تین ستمبر کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے ہیلی کاپٹر کو بھی نقصان پہنچا تھا۔

  • لاہور ایئر پورٹ پر لگے پینا فلیکس جہازوں کیلئے خطرہ بن گئے، پرندوں نے گھونسلے بنا لیے

    لاہور ایئر پورٹ پر لگے پینا فلیکس جہازوں کیلئے خطرہ بن گئے، پرندوں نے گھونسلے بنا لیے

    لاہور : ایئرپورٹ پر پی ایس او کے پینا فلیکس جہازوں کیلئے خطرے کا باعث بن گئے، طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لگے پی ایس او کے پینا فلیکس پھٹنے کی وجہ سے پرندوں نے گھونسلے بنانا شروع کردیئے، پرندوں کی آمد کی وجہ سے لاہور ایئرپور ٹ پر اندرون و بیرون ملک سے آنے اور جانے والی پروازوں کو خطرات لاحق ہوگئے۔

    گذشتہ ایک ہفتے کے دوران جہازوں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں بھی اضافہ ہورہا ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے پی ایس او کو پھٹے ہوئے پینا فلیکس کو ہٹانے اور تبدیلی کیلئے متعدد بار خط لکھے گئے لیکن پی ایس اور انتطامیہ نے پینا فلیکس تبدیلی کے حوالے سے کوئی اقدامات نہیں کیے۔

    ان پینا فلیکس کی وجہ سے پی آئی اے سمیت غیر ملکی ایئرلائنز کے طیاروں سے پرندے ٹکرانے سے جہازوں کو نقصان پہنچا، ذرائع کے مطابق جہازوں کو نقصان پہنچنے کی وجہ سے پروازوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہورہا ہے۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے پرندوں کو بھگانے کے حوالے سے ایئرپورٹ پر جدید آلات نصب کرنے کے حوالے سے اقدامات کررہی ہے۔

    یاد رہے کہ لاہور ایئرپورٹ پر طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، لندن سے لاہور پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے58 کے انجن نمبر ایک سے پرندہ ٹکرا گیا، کپتان نے مہارت سے طیارے کو ایئرپورٹ پر اتار لیا۔

    ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے بوئنگ777طیارے کے انجن نمبر ایک سے پرندہ ٹکرانے کی وجہ سے انجن کو نقصان پہنچا۔ پاکستانی ائر پورٹس پر طیاروں سے پرندے ٹکرانے کا سلسلہ رکنے میں نہیں آرہا۔

    گزشتہ روز لاہور میں پی آئی اے کی پرواز پی کے758سے پرندہ ٹکرانے کے بعد رواں سال میں اس طرح کے واقعات کی نصف سنچری مکمل ہو گئی۔

    پرندے ٹکرانے کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہو نے سے نہ صرف پی آئی اے کو بھاری مالی نقصانات کا سامنا ہے بلکہ پروازوں میں غیر متوقع تاخیر اور مسافروں کو ہونے والی تکالیف اور پریشانیاں الگ ہیں۔

    اس سلسلے میں جب ترجمان پی آئی اے سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ پرندے ٹکرانے سے مالی نقصانات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور پروازوں میں تاخیر کی وجہ سے ہماری ساکھ بھی متاثر ہوتی ہے اور چونکہ یہ معاملہ ائیر لائن کے دائرہ کار سے باہر ہے۔

    لہٰذا ان واقعات کا سدباب کرنے کے لئے متعلقہ اداروں کو اپنا کردار مستعدی سے ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی آگہی کے لئے یہ بتانا ضروری ہو گا کی عموما ایک واقعہ سے تین سے چار پروازیں متاثر ہوتی ہیں جس کا خمیازہ ائیر لائن کو بھگتنا پڑتا ہے۔

  • لاہور ایئرپورٹ کا واحد اسکینر 2 سال سے خراب، گاڑیاں بغیر چیکنگ اندر جاتی رہیں

    لاہور ایئرپورٹ کا واحد اسکینر 2 سال سے خراب، گاڑیاں بغیر چیکنگ اندر جاتی رہیں

    لاہور: علامہ اقبال ایئرپورٹ کے واحد اسکینر کے 2 سال سے خراب ہونے کا انکشاف ہوا ہے، ایئرپورٹ پر آج صبح پیش آنے والے فائرنگ واقعے کی رپورٹ ہوا بازی ڈویژن کو ارسال کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشل ایئرپورٹ پر فائرنگ کے واقعے کی ابتدائی انکوائری رپورٹ تیار کرلی گئی۔ رپورٹ میں ایئر پورٹ کے واحد اسکینر کے 2 سال سے خراب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) ذرائع کا کہنا ہے کہ اسکینر خراب ہونے کے باعث گاڑیوں کی اسکیننگ نہیں ہو رہی، سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کو ہر ماہ اسکینر کی خرابی سے متعلق آگاہ کیا جاتا رہا، آگاہ کرنے کے باوجود اسکینر کو ٹھیک نہ کروایا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئر پورٹ پر واحد اسکینر صرف ڈیپارچر لاؤنج تک جانے والی گاڑیوں کو اسکین کرتا ہے، پارکنگ ایریا میں جانے والی گاڑیوں کو چیک کرنے کے لیے کوئی اسکینر نہیں۔

    ذرائع کے مطابق خراب اسکینر کی انسپکشن کے لیے آج ہی جاپان سے ٹیم لاہور پہنچی ہے، انسپیکشن ٹیم جانچ پڑتال کرنے کے بعد اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

    واقعے کی ابتدائی رپورٹ ہوا بازی ڈویژن کو ارسال کردی گئی ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات کے لیے کراچی سے ٹیم لاہور ایئرپورٹ پہنچ گئی ہے۔ اعلیٰ افسران پر مشتمل ٹیم جائے حادثہ کا دورہ کرے گی، ٹیم دورے کے بعد اپنی مفصل رپورٹ بھی وزارت ہوا بازی کو ارسال کرے گی۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے۔ ملزمان کی فوٹیج حاصل کر کے تحقیقات جاری ہیں۔ ملزمان اسلحے سمیت کیسے ایئر پورٹ میں داخل ہوئے اور ان کے ساتھ کتنے افراد تھے اس سےمتعلق بھی تحقیقات جاری ہیں۔

    خیال رہے کہ آج صبح لاہور ایئر پورٹ کی پارکنگ کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ اے ایس ایف کے مطابق فائرنگ کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔