Tag: لاہور ایس ایچ او

  • سی آئی اے اہلکار منشیات فروشوں سے ملے ہوئے ہیں، لاہور ایس ایچ او کا الزام

    سی آئی اے اہلکار منشیات فروشوں سے ملے ہوئے ہیں، لاہور ایس ایچ او کا الزام

    لاہور: لاہور میں ایس ایچ او ہڈیارہ محمد خالد خان نے سی آئی اے اہلکاروں پر منشیات فروشوں سے گٹھ جوڑ کا الزام عائد کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے ہڈیارہ کے ایس ایچ او محمد خالد نے سی آئی اے اہلکاروں پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ منشیات فروشوں سے ملے ہوئے ہیں۔

    ایس ایچ او ہڈیارہ نے ایک ویڈیو میں کہا کہ سی آئی اے اہلکار علاقے سے منشیات فروش لے جا کر چھوڑ دیتے ہیں، ملزمان کی گرفتاری پر ضابطے کی کارروائی بھی پوری نہیں کی جاتی۔

    انھوں نے کہا منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کا ٹاسک اعلیٰ افسران نے مجھے سونپا ہے، لیکن سی آئی اے اہلکار مجھے کارروائی کرنے پر ہراساں کر رہے ہیں، جب معاملے کی نشان دہی کی تو میرے خلاف اب جھوٹی رپورٹ مرتب کی جا رہی ہے۔

    ایس ایچ او خالد خان نے اعلیٰ افسران سے اس معاملے کا نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سی آئی اے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

    دوسری طرف آج ہفتے کو لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں صبح سویرے پولیس مقابلے میں ایک کانسٹیبل جاں بحق جب کہ ایک کانسٹیبل شدید زخمی ہو گیا ہے، اور مقابلے میں دو ڈاکو بھی مارے گئے۔ باغبانپورہ میں واقع ایک پٹرول پمپ پر دو موٹر سائیکل سوار ڈاکو ڈکیتی کی واردات کر رہے تھے کہ گشت پر مامور دو پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔

    پولیس کو دیکھتے ہی ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی، پولیس کے جوانوں نے بھی فائرنگ کی، دو طرفہ فائرنگ سے دونوں ڈاکو موقع پر مارے گئے جب کہ پولیس اہلکار زخمی ہو گئے، جنھیں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم کانسٹیبل عمران حیدر جاں بر نہ ہو سکا۔

  • لاہور  کا ایس ایچ او منشیات فروشوں کا سہولت کار نکلا

    لاہور کا ایس ایچ او منشیات فروشوں کا سہولت کار نکلا

    لاہور : پنجاب کے دارلحکومت لاہور میں ایس ایچ او شاہدرہ صغیر میتلا نے منشیات فروش سے 3 کروڑ روپے رشوت لی، جس پر ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او شاہدرہ کو معطل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کا ایس ایچ او منشیات فروشوں کاسہولت کارنکلا ، ایس ایچ او شاہدرہ صغیر میتلا نے 3 کروڑ روپے رشوت لی۔

    ایس ایچ او شاہدرہ صغیرمیتلا انکوائری میں پیش ہونے کی بجائے فرار ہوگئے ، جس کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او شاہدرہ کو معطل کر دیا۔

    چند روز قبل ایس ایچ شاہدرہ نے 3 منشیات فروش پکڑ کر بھاری مقدارمیں منشیات برآمد کی اور 3 کروڑ روپے رشوت لیکر منشیات کی مقدارکم کر کےمقدمہ درج کیا۔

    سی سی پی او لاہور نے شکایت موصول ہونے پر سی آئی اے کو انکوائری کا حکم دے دیا ہے ، سی آئی اے پولیس صغیر میتلا کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہی ہے۔