Tag: لاہور بارش

  • لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش، موسم خوشگوار

    لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش، موسم خوشگوار

    لاہور کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ گزشتہ رات سے لاہور میں ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گلبرگ، کینٹ، جوہرٹاؤن، فیصل ٹاؤن، ٹاؤن شپ، گارڈن ٹاؤن، علامہ اقبال ٹاؤن میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور میں دوپہر کے بعد سورج نکل سکتاہے، شام کو دوبارہ مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہو سکتا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، نوکنڈی اور دالبندین میں تیز ہواؤں اور گرچ چمک کیساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

    کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ قلات میں کم سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    ایرانی صدر کی لاہور آمد، ٹریفک ایڈوائزری جاری

    سبی میں 37 ڈگری سینٹی گریڈ، نوکنڈی میں کم سے کم درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، تربت میں کم سے کم درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

  • لاہور میں موسلادھار بارش سے  فضائی آلودگی میں نمایاں کمی

    لاہور میں موسلادھار بارش سے فضائی آلودگی میں نمایاں کمی

    لاہور : صوبائی دارلحکومت لاہور میں بارش کے باعث فضائی آلودگی میں نمایاں کمی ہوئی اور ایئر کوالٹی انڈیکس468 سےکم ہو کر119پرآگیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی دارلحکومت لاہور میں تیز ہوا کے ساتھ بارش سے موسم سرد ہوگیا اور ابررحمت برسنے سے اسموگ کےبادل چھٹ گئے۔

    موسلا دھار بارش کے بعد گزشتہ روزلاہور کا ایوریج ایئر کوالٹی انڈیکس 468 سےکم ہو کر119 پر آگیا ہے۔

    ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہور کو آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا تھا لیکن بارش نے اس مسئلے کو کافی حد تک کم کردیا ہے۔

    فضائی آلودگی میں نمایاں کمی سے لاہور اب آلودہ ترین شہروں کی درجہ بندی میں نویں نمبر پر آگیا ہے۔

    گلبرگ، گارڈن ٹاؤن، اقبال ٹاؤن، ملتان روڈ، ٹھوکر نیاز بیگ، جیل روڈ، مال روڈ، جوہر ٹاؤن، کینال روڈ اور رائیونڈ روڈ سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

    محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹے کے دوران لاہورمیں گرج چمک کےساتھ مزید بارش کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزید بارش اورتیز ہواؤں سے لاہور کے ایئرکوالٹی انڈیکس میں مزید کمی متوقع ہے۔

    خیال رہے اسموگ کی خطر ناک صورتحال کے پیش نظر پنجاب کے کئی اضلاع میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ ہے، ماہرین صحت نے امید ظاہر کی ہے کہ بارشوں سے ہوا کے معیار کو بہتر بنانے اور پیدا ہونے والی بیماریوں کے علاج میں مدد ملے گی۔

  • پنجاب میں بارش کے باعث 7 افراد جاں بحق

    پنجاب میں بارش کے باعث 7 افراد جاں بحق

    لاہور: پنجاب صوبے میں کرنٹ لگنے اور چھتیں گرنے کے واقعات میں 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں گزشتہ روز کی بارش بالخصوص لاہور میں بارش نے تباہی مچا دی ہے، دس گھنٹے کی بارش نے لاہور شہر کا حشر نشر کر دیا ہے، کوئی علاقہ ایسا نہیں جہاں پانی جمع نہ ہو۔

    291 ملی میٹر بارش کے بعد شہر میں ہر طرف تباہی پھیلی ہوئی ہے، شہر میں بارش نے 30 سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے اور پورے شہر کو ڈبو دیا۔

    اس دوران صوبے میں کرنٹ لگنے اور چھتیں گرنے کے مختلف واقعات میں 7 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

    پانی میں تیرتی بجلی کی تاریں موت کا سامان بن گئیں، بوستان کالونی میں 25 سال کا عثمان پانی میں کرنٹ آنے سے دم توڑ گیا، نوجوان ڈھائی گھنٹے تک پڑا رہا، کوئی نہ آیا، سرکلر روڈ پر 55 سال کی خاتون اور پاکستان منٹ کی حدود میں 17 سال کا احتشام کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوا۔

    تیز ہواؤں کے ساتھ بارش نے درخت اور کھمبے بھی اکھاڑ ڈالے، پورے لاہور شہر میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا، گوجرانوالہ میں چھت گرنے سے ماں اور 2 بچیاں جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہو گئے۔

    لاہور میں کلمہ چوک، گلبرگ، ماڈل ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، کینال روڈ، لکشمی چوک، نشتر ٹاؤن زیر آب آ گئے، گھروں میں پانی آ گیا، گنگا رام اسپتال کے جنرل وارڈ میں پانی داخل ہوا، قبرستان بھی ڈوب گیا، جوہر ٹاؤن میں دو سو ملی میٹر بارش کے بعد کشتیاں چل گئیں، اور نہر ابلی تو کینال روڈ پر پانی کے ساتھ مچھلیاں بھی آ گئیں۔

    محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مون سون اسپیل 8 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

  • پنجاب میں طوفانی بارش اور آندھی نے تباہی مچا دی، 5 بچے ایک خاتون جاں بحق

    پنجاب میں طوفانی بارش اور آندھی نے تباہی مچا دی، 5 بچے ایک خاتون جاں بحق

    لاہور: پنجاب میں طوفانی بارش اور آندھی نے تباہی مچا دی، 5 بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں طوفانی بارش اور آندھی کے باعث میانوالی میں دیوار گرنے سے چار بچے جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے ہیں۔

    جھنگ میں شیڈ گرنے سے خاتون اور بچہ جاں بحق، جب کہ 20 افراد زخمی ہو گئے ہیں، بھکر میں دیوار گرنے سے خاتون اور بچہ زخمی ہوئے۔

    آندھی کے باعث مختلف علاقوں میں درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، ملتان میں دکان کی چھت زمین بوس ہو گئی، جس کی وجہ سے ایک شخص اور بچی زخمی ہو گئی۔ گھر کی چھتیں گرنے سے 7 افراد زخمی ہوئے۔

    پنڈی بھٹیاں میں بل بورڈ گر گئے، حادثات میں چار افراد زخمی ہوئے، مختلف علاقوں میں بارش اور آندھی کے بعد فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی ترسیل بری طرح متاثر ہو گئی ہے۔

    ادھر لاہور اور گرد و نواح میں طوفانی بارش، اور آندھی کے باعث سو سے زائد فیڈر بند ہو گئے، جوہر ٹاؤن، ٹاؤن شپ، ایئر لائن سوسائٹی، واپڈا ٹاؤن، نواب ٹاؤن، ٹھوکر نیاز بیگ، باغبان پورہ، فیروز پور روڈ، کوٹ لکھپت، غازی روڈ، کاہنہ اور بند روڈ بھی اندھیرے میں ڈوبے رہے، لیسکو ترجمان کا کہنا ہے کہ بارش اور آندھی رکتے ہی بجلی بحالی کا کام شروع کر دیا جائے گا۔

  • عید کا دوسرا روز، لاہور میں موسلا دھار بارش

    عید کا دوسرا روز، لاہور میں موسلا دھار بارش

    لاہور: عید الاضحیٰ کے دوسرے روز لاہور میں موسلا دھار بارش کے باعث سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آج صبح سویرے لاہور میں جل تھل ایک ہو گیا ہے، موسلا دھار بارش کے باعث سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگی ہیں، فاروق گنج انڈر پاس میں جمع پانی بچوں کا سوئمنگ پول بن گیا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں 71 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

    تیز بارش سے والٹن روڈ، گلبرگ کی مختلف شاہراہیں، فیروزپور روڈ، مزنگ اور قذافی اسٹیڈیم کے اطراف اور دیگر شاہراہوں پر جگہ جگہ پانی جمع ہو گیا ہے، فاروق گنج انڈر پاس میں بارش کا پانی بچوں کا سوئمنگ پول بن گیا، بچوں نے بارش کے پانی میں ڈبکیاں لگانی شروع کر دیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج سب سے زیادہ بارش تاج پورہ میں 71 ملی میٹر تک ریکارڈ کی گئی، لکشمی چوک 69 ملی میٹر، شاہدرہ 65 ملی میٹر، اندرون شہر 63 ملی میٹر، ایئر پورٹ 50 ملی میٹر، گلبرگ 35 ملی میٹر، نشتر ٹاؤن 42 ملی میٹر، پنجاب یونی ورسٹی 25 ملی میٹر، جوہر ٹاؤن 20 ملی میٹر اور سب سے کم بارش سمن آباد میں 10 ملی میٹر تک ریکارڈ کی گئی۔

    ایم ڈی واسا کے مطابق عملہ فیلڈ میں متحرک ہے، شہر کی بیش تر شاہراہوں سے برساتی پانی کی نکاسی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، سڑکوں کے کناروں اور ناہموار سڑکوں سے مشینری کی مدد سے پانی کی نکاسی کا عمل جاری ہے۔

  • لاہور میں بارش کے دوران دیوار گرنے سے 4 افراد جاں بحق

    لاہور میں بارش کے دوران دیوار گرنے سے 4 افراد جاں بحق

    لاہور: پنجاب کے شہر لاہور میں موسلا دھار بارش کے دوران دیوار گرنے سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں موسلا دھار بارش کے دوران دیوار گرنے سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے، جاں بحق افراد لاشیں علاقے میں پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔

    [bs-quote quote=”سجاول تین بچوں کا کفیل اور رکشا ڈرائیور تھا” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    رپورٹ کے مابق ناواں کے گاؤں گنجا پنڈ میں موسلا دھار بارش اور تیز ہوا کے باعث کرکٹ کھیلنے والے نوجوان بارش سے بچنے کے لیے ایک حویلی کی دیوار کے ساتھ پناہ لیے ہوئے تھے۔

    حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت سجاول کے ساجد، علی اور ریحان کے ناموں سے ہوئی، نوجوان ملبے تلے دب کر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ تین نوجوان زخمی بھی ہوئے۔

    لاشیں قانونی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئیں جبکہ زخمیوں کو سروسز اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق لاشیں ایک ہی گاؤں پہنچنے پرکہرام مچ گیا، پولیس کے مطابق یہ اتفاقی حادثہ ہے، مقتول سجاول تین بچوں کا کفیل اور رکشا ڈرائیور تھا مگر کرکٹ کھیلنے کا جنون کی حد تک شوق تھا۔

    مزید پڑھیں: کینجھر جھیل اور حب ندی میں 7 افراد ڈوب گئے، کراچی میں کرنٹ لگنے سے ایک اور ہلاکت

    ادھر کراچی میں حب ندی میں 5 افراد ڈوب گئے، جن میں سے 4 کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، ڈوبنے والوں میں 13 سالہ حفضہ، 34 سالہ مہ جبین، سہیل، 4 سالہ اریب شامل ہیں۔

  • لاہور میں شدید بارش، وزیر اعلیٰ کی پانی میں پھنسی خواتین کی مدد، ویڈیو وائرل

    لاہور میں شدید بارش، وزیر اعلیٰ کی پانی میں پھنسی خواتین کی مدد، ویڈیو وائرل

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور میں شدید بارش کے بعد سیف سٹیز اتھارٹی کا ہنگامی دورہ کیا، انھوں نے بارش میں پھنسی خواتین اور بچوں کو اپنی گاڑی میں بٹھا کر محفوظ مقام پر پہنچایا۔

    تفصیلات کے مطابق بارش کے بعد وزیر اعلی عثمان بزدار لاہور کے دورے پر نکل پڑے، انھوں نے شہر کے مختلف علاقوں کا جائزہ لیا اور ایک مقام پر بارش کے جمع پانی میں پھنسے افراد کو اپنی گاڑی میں بٹھا لیا۔

    بارش میں پھنسے افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے، اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب گاڑی خود ڈرائیو کر رہے تھے۔

    وزیر اعلی نے شہر میں موسلا دھار بارش کے بعد نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا، عثمان بزدار نے خود گاڑی چلا کر شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کیا، اور بارش کے پانی میں پھنسی خواتین اور بچوں کو اپنی گاڑی میں لفٹ دی۔

    [bs-quote quote=”لاہور کو پیرس بنانے کا دعویٰ کرنے والوں نے نکاسیٔ آب کا کوئی منصوبہ نہیں بنایا۔” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    دریں اثنا، ایم ڈی علی عامر ملک اور چیف آپریٹنگ آفیسر اکبر ناصر خان نے وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دی، وزیر اعلیٰ نے سیف سٹیز کیمروں کی مدد سے نکاسی آب کا جائزہ لیا۔

    عثمان بزدار نے ضلعی انتظامیہ اور واسا کو شہر سے فوری پانی نکالنے کی ہدایت کی، خیال رہے کہ لاہور کو پیرس بنانے کا دعویٰ کرنے والوں نے نکاسیٔ آب کا کوئی منصوبہ نہیں بنایا۔

    ادھر لاہور اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے، جس سے نشیبی علاقے زیر آب آ چکے ہیں، شہریوں کی موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں خراب ہو کر بند ہو گئیں، فلائٹ شیڈول متاثر اور 100 فیڈر ٹرپ کر گئے۔

    ترجمان لیسکو کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث ٹرپ 86 میں سے 50 فیڈرز بحال کیے جا چکے ہیں، متاثرہ دیگر فیڈرز کی بحالی کا کام بھی جاری ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لکشمی چوک پر 250 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، پانی والا تالاب پر 213 ملی میٹر، فرخ آباد میں 203 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، سمن آباد میں 166، ایئر پورٹ پر 136، واسا ہیڈ آفس کے اطراف 144 ملی میٹر بارش ہوئی۔

    ادھر وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے بھی پرانے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، وزیر قانون پنجاب نے بارش سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن کا جائزہ لیا، اس موقع پر انھوں نے عملے کو ہدایت کی کہ پانی کی نکاسی مکمل ہونے تک افسران اور عملہ فیلڈ میں رہیں۔