اسلام آباد : لاہور سیالکوٹ موٹر وے بغیر ڈیزائن تیار کیے جانے کا انکشاف سامنے آیا، موٹر وے کے ڈیزائن پر این ایچ اے نے2بار اعتراض اٹھایا تھا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین نورعالم خان کی زیر صدارت پارلیمان کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وزارت مواصلات کے مالی سال20-2019 کے آڈٹ پیراز کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں 43 ارب روپے لاگت سے مکمل لاہورسیالکوٹ موٹروےبغیر ڈیزائن تیارکیےجانے کا انکشاف ہوا، لاہورسیالکوٹ موٹر وے ڈیزائن پر این ایچ اے کےاعتراضات پس پشت ڈال دیے گئے۔
آڈٹ حکام نے بتایا کہ 43 ارب روپے مالیت کی موٹر وے بغیر ڈیزائن منظوری کے 2020 میں مکمل کر لی گئی اور موٹر وے کے ڈیزائن پر این ایچ اے نے2بار اعتراض اٹھایا تھا۔
حکام کا کہنا تھا کہ لاہورسیالکوٹ موٹروے نیلامی کے بغیر ٹرانسفر کی بنیاد پر تیار کیا گیا،این ایچ اے نے تمام کاموں کی پہلے منظوری دینا تھی، جب ڈیزائن پر اعتراض اٹھا تو کام نہیں ہونا چاہیے تھا۔
حکام ایف ڈبلیو او نے بتایا کہ ہم نے این ایچ اے کو ڈیزائن کی مکمل تفصیلات فراہم کی تھیں، معاہدے کے تحت اعتراضات 28 دن کے اندر اٹھائے جانے تھے، 28 دن کے اندر کوئی اعتراض نہیں آیا اور ہم نے کام آگے بڑھا دیا، منصوبہ ابھی تک مکمل نہیں ہوا۔