Tag: لاہور سے لندن

  • مسافروں کو تھپڑ، پی آئی اے فضائی میزبانوں کے لیے اہم احکامات جاری

    مسافروں کو تھپڑ، پی آئی اے فضائی میزبانوں کے لیے اہم احکامات جاری

    کراچی: لاہور سے لندن جانے والی پرواز میں مسافروں کو تھپڑ مارنے کے افسوس ناک واقعے کے بعد پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے فضائی میزبانوں کے لیے اہم احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بیرون ملک جانے والی پی آئی اے کی پروازوں میں مسافروں کا بلک ہیڈ سیٹوں پر قبصہ کر کے بیٹھنے کے معاملے پر انتظامیہ نے نئی ہدایات جاری کر دیں، ذرایع کا کہنا ہے کہ چند دن قبل لاہور سے لندن کی پرواز میں بدتمیزی کا واقعہ پیش آیا تھا، واقعے میں ملوث کیبن کریو کو ہیڈ آفس طلب کر لیا گیا ہے، ان کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے، جس میں شو کاز یا معطل کیا جانا شامل ہو سکتے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مینجر فلائٹ سروسز نے لندن پرواز واقعے کے بعد کیبن کریو کے نام خط لکھ کر کہا ہے کہ کچھ مسافر بورڈنگ کے بعد بلک ہیڈ سیٹوں پر اضافی چارجز دیے بغیر بیٹھ جاتے ہیں، اس کے بعد پی آئی اے کے عملے سے بد تمیزی اور بد کلامی بھی کی جاتی ہے، اس طرح کے واقعات نہ صرف کیبن کریو بلکہ دیگر مسافروں کے لیے بھی زحمت اور فلائٹ میں تاخیر کا باعث بنتے ہیں۔

    لاہور سے لندن جانے والی پرواز میں مسافروں کو عملے نے تھپڑ مار دیا

    اے آر وائی نیوز کو موصول ہونے والے خط کی کاپی میں کیبن کریو کو ہدایت کی گئی ہے کہ آیندہ اس طرح کے مسافروں سے نرمی سے بات کر کے اضافی چارجز لیے جائیں، فلائٹ سپروائزر اس طرح کے معاملات میں اپنا کردار ادا کریں، بلک ہیڈ سیٹ پر زبردستی اور اضافی چارجز کے بغیر قبضہ کرنے والوں کو اگلے ائیرپورٹ پر متعلقہ پولیس کے حوالے کیا جائے۔

    پی آئی اے کی جانب سے جاری کیا گیا لیٹر

    خط میں کہا گیا ہے کہ بد تمیزی اور بد کلامی کرنے والے مسافر کی تمام تر تفصیلات نوٹ کر کے اگلے اسٹیشن پر متعلقہ اداروں کو دی جائیں گی، بلک ہیڈ سیٹ پر بغیر اضافی چارجز دیے اور بدتمیزی و بدکلامی کرنے والے مسافروں کو بلیک لسٹ کر دیا جائے گا۔

    ادھر ترجمان پی آئی اے نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلک ہیڈ سیٹیں اضافی چارجز پر دی جاتی ہیں، کیبن کریو مسافروں کو بلک ہیڈ سیٹوں کے چارجز ادا کرنے یا خالی کرانے کو کہتا ہے تو مسافر سیٹیں خالی کرنے سے انکار کر دیتے ہیں اور عملے سے گالم گلوچ بھی کرتے ہیں۔

  • لاہور سے لندن جانے والی پرواز میں مسافروں کو عملے نے تھپڑ مار دیا

    لاہور سے لندن جانے والی پرواز میں مسافروں کو عملے نے تھپڑ مار دیا

    لاہور: لندن جانے والی پی آئی اے کی پرواز میں مسافر اور عملے کے درمیان جھگڑا ہونے پر عملے کے رکن نے مسافروں کو تھپڑ مار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیر کے روز لاہور سے لندن جانے والی پرواز پی کے 757 میں مسافر اور عملے کے درمیان تلخ کلامی پر عملے نے مسافروں کو تھپڑ رسید کر دیا، اے آر وائی نیوز نے واقعے کی ویڈیو بھی حاصل کر لی۔

    رپورٹ کے مطابق بلک ہیڈ نشست پر شروع ہونے والا جھگڑا تکرار سے مار کٹائی تک جا پہنچا تھا، دوران پرواز دو مسافر بنا ادائیگی کے بلک ہیڈ نشستوں پر جا بیٹھے تھے، کیبن کریو نے مسافروں کو بلک ہیڈ نشستوں سے اٹھ کر واپس اپنی نشستوں پر جانے کا کہا تو تکرار شروع ہو گئی۔

    مسافروں اور کیبن کریو کی تکرار بڑھنے پر دونوں فریق آپس میں الجھ پڑے، اے آر وائی نیوز کو ملنے والی ویڈیو میں کیبن کریو کے ایک رکن کو مسافروں کو تھپڑ مارتے ہوئے صاف دیکھا جا سکتا ہے، عملے کے رکن نے پہلے مرد مسافر کو تھپڑ مارا اور پھر خاتون مسافر کو بھی تھپڑ رسید کر دیا۔

    بعد ازاں عملے نے کپتان کو مسافروں کی شکایت کی، جھگڑے کی اطلاع ہیتھرو ائیرپورٹ پر سیکورٹی کو بھی دی گئی جس پر پرواز کے ہیتھرو ائیرپورٹ اترتے ہی دونوں مسافروں کو لندن پولیس نے حراست میں لے لیا۔

    ادھر پی آئی اے انتظامیہ نے کہا ہے کہ اس واقعے کا نوٹس لیا گیا ہے، جی ایم فلائٹ سروس کا کہنا تھا کہ دوران پرواز عملے کو مسافروں پر ہاتھ نہیں اٹھانا چاہیے تھا، عملے کے خلاف تحقیقات کی جا رہی ہیں۔