Tag: لاہور قلندرز بمقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز

  • پی ایس ایل 10: لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا میچ بارش کے باعث ختم

    پی ایس ایل 10: لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا میچ بارش کے باعث ختم

    لاہور: پاکستان سپر لیگ 10 میں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہونے والا میچ بارش کے باعث ختم کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آندھی اور بارش کے باعث ختم ہونے والے میچ کےلیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کی ٹیموں کوایک ایک پوائنٹ دےدیا گیا، لاہور نے پہلے کھیلتے ہوئے 11.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنائے تھے۔

    لاہور قلندرز کی طرف سے محمد نعیم نے جارحانہ 50 رنز اسکور کیے جبکہ عبداللہ شفیق نے بھی 53 ناٹ آئوٹ رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کا میچ بیچ میں ہی آندھی کے سبب روک دیا گیا تھا اور موسم کے بہتر ہونے کا انتظار کیا جارہا تھا، تاہم ایسا نہ ہوسکا اور شائقین کو میچ دیکھے بنا ہی اسٹیدیم سے جانا پڑا۔

    اس سے قبل پاکستان سپر لیگ کے 21ویں مقابلے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

    ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل کا کہنا تھا کہ اپنی ٹیم کی پرفارمنس سے مطمئن ہوں لیکن آج نیا دن ہے، کوشش کریں گے کہ جیت کا تسلسل برقرار رکھیں۔

    لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے، اس پچ پر 170 سے 180 رنز اچھا اسکور ہوگا، اس میچ کےلیے ہم نے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔

    لاہور کے خلاف میچ کےلیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، فاسٹ بولر محمد عامر کی جگہ محمد ذیشان کو شامل کیا گیا ہے۔

  • پی ایس ایل 10: لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دیدی

    پی ایس ایل 10: لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دیدی

    راولپنڈی: پاکستان سپر لیگ کے اپنے دوسرے میچ میں لاہور قلندرز نے فتح کا ذائقہ چکھ لیا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 79 رنز سے شکست دیدی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور قلندرز کی طرف سے دیے گئے 220 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 140 رنز پر ڈھیر ہوگئی، رائلی روسو 44 اور کوشال مینڈس 28 رنز بناکر کچھ مزاحمت کرپائے، کوئٹہ کے 6 کھلاڑی ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

    آل رائونڈر فہیم اشرف نے آخر میں آئوٹ ہوئے انھوں نے 22 رنز کی اننگز کھیلی، شعیب ملک 14 رنز بنا پائے، عقیل حسین 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    لاہور کی طرف سے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے رشاد حسین نے 31 رنز دیکر کوئٹہ کے 3 بیٹرز کو پویلین کی راہ دکھائی، شاہین آفریدی، سکندر رضا اور آصف آفریدی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

    اس سے قبل لاہورقلندرز نے پہلے کھیل کر 6 وکٹوں کے نقصان پر219 رنز بنائے، جارح مزاج بلے باز فخر زمان نے 39 گیندوں پر67 رنز عمدہ اننگز کھیلی، سیم بلنگز نے 19 گیندوں پر 50 رنز کی جارحانہ اننگز سے لاہور کو بڑے ٹوٹل کا موقع فراہم کیا۔

    لاہور کی جانب سے اوپنر عبداللہ شفیق اور ڈیرل مچل نے 37،37 رنز کی اننگزکھیلی، سکندر رضا صرف 6 رنز بنا کر چلتے بنے۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی جانب سے ابرار احمد اور عقیل حسین نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، عثمان طارق اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Pakistan Super League (@thepsl)

    دریں اثنا راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں اتوار کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے چوتھے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

    پلیئنگ الیون

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز: سعود شکیل (کپتان)، فن ایلن، حسن نواز، کوسل مینڈس (وکٹ)، ریلی روسو، شعیب ملک، فہیم اشرف، عقیل حسین، محمد عامر، ابرار احمد اور عثمان طارق۔

    لاہور قلندرز: فخر زمان، محمد نعیم، عبداللہ شفیق، ڈیرل مچل، سیم بلنگز (وکٹ)، سکندر رضا، شاہین آفریدی (کپتان)، جہانداد خان، رشاد حسین، حارث رؤف اور آصف آفریدی۔

    لاہور قلندرز نے اپنی مہم کا مایوس کن آغاز کیا تھا جس میں جمعے کو پی ایس ایل 10 کے افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

  • آج لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ کھیلا جائے گا

    آج لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ کھیلا جائے گا

    لاہور: آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ کھیلا جائے گا، یہ پاکستان سپر لیگ فائیو کا 16 واں میچ ہوگا، میچ شام 7 بجے شروع ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ایس ایل 5 کے سولہویں میچ میں آج لاہور قلندرز ہوم گراؤنڈ پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ ٹکرائیں گے، پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز 8 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 6 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور کراچی کنگز 6 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

    ایلکس ہیلز اور بابر کا لاٹھی چارج، زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست

    گزشتہ روز پی ایس ایل 5 میں کراچی کنگز نے تیسری شان دار کامیابی حاصل کرتے ہوئے راولپنڈی اسٹیڈیم میں پشاور زلمی کو 6 وکٹوں شکست دے دی تھی، کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو دوسری بار ایونٹ میں ہرایا، کنگز کے بابر اعظم نے 70 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ایلکس ہیلز نے 49 رنز بنائے، جب کہ محمد عامر نے شان دار بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑی آؤٹ کیے جس پر انھیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    اب تک پی ایس ایل فائیو میں دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 3 میچز، ملتان سلطانز 4 میچز، اسلام آباد یونائیٹڈ 2 میچز، پشاور زلمی 2 میچز جیت چکی ہیں، کراچی کنگز 3 جب کہ لاہور قلندرز نے کوئی میچ نہیں جیتا۔ کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں 4 میچز کھیلے جا چکے ہیں، لاہور قذافی اسٹیڈیم میں 3 میچز، ملتان 3 اور پنڈی اسٹیڈیم میں 5 میچز کھیلے جا چکے ہیں۔