Tag: لاہور میوزیم

  • لاہور کی قدیم عمارت جو تہذیب و تمدّن کی یادگاروں سے بھری ہوئی ہے

    لاہور کی قدیم عمارت جو تہذیب و تمدّن کی یادگاروں سے بھری ہوئی ہے

    1894ء میں تعمیر کیے گئے لاہور میوزیم کو جنوبی ایشیا کا اہم اور تاریخی ثقافتی مرکز بھی کہا جاسکتا ہے۔ پاکستان کے شہر لاہور کی معروف شاہراہ مال روڈ پر واقع اس میوزیم کی عمارت بھی اپنے طرزِ تعمیر کے لحاظ سے بھی پُرکشش اور ایک شاہ کار ہے۔

    یہ میوزیم مغلیہ طرزِ تعمیر کا ایسا نمونہ ہے جو دنیا بھر میں مشہور ہے۔ اس میوزیم میں مغل اور سکھ دور کے نوادرات کے علاوہ برطانوی دور کی اشیا اور فن پارے محفوظ ہیں، جن میں لکڑی اور دھات کی بنی ہوئی اشیا، مشینیں، اوزار، ہتھیار، سکّے، آلاتِ موسیقی، مصوّری کے فن پارے، مجسمے، مورتیاں، دست کاری اور انسانی ہاتھوں کے ہنر کے کئی نمونے شامل ہیں۔

    لاہور کے اس قدیم عجائب خانے میں زیورات، برتن، ملبوسات بھی موجود ہیں جو ایک عہد کی تہذیب اور ثقافت کی کہانی سناتے ہیں۔ اس میوزیم کے مختلف گوشوں میں قدیم ریاستوں اور والیان و امرائے ماضی کی یادگاریں بھی محفوظ ہیں۔ یہاں‌ بدھا دور کی یادگاریں بھی ہیں۔

    آرٹ، کلچر، قدیم آثار اور تاریخ سے متعلق نایاب نوادرات اس عجائب گھر کی زینت ہیں جن میں‌ خاص طور پر اس خطّے کی تہذیب اور ثقافت سے متعلق اشیا میں دنیا بھر سے آنے والے سیّاح خاص دل چسپی لیتے ہیں۔

    لاہور کا یہ قدیم میوزیم علمی و ثقافتی اعتبار سے نہایت اہمیت کا حامل ہے اور تاریخ و فنون کے طلبا کا اس میوزیم کا مطالعاتی دورہ معلومات افزا ثابت ہوتا ہے۔

    اس میوزیم میں‌ مقامی لوگوں کے علاوہ مختلف ممالک سے عام سیّاحوں کے علاوہ اساتذہ اور ماہرینِ آثار بھی علمی اور مطالعاتی دورے پر آتے رہتے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے یہاں اہم اور یادگار دنوں کی مناسبت سے بھی تاریخی اور قدیم اشیا کی نمائش کی جاتی ہے اور بڑی تعداد میں‌ لوگ یہ نمائش دیکھنے آتے ہیں۔

    کرونا کے سبب بندشِ عامّہ کے دوران لاہور کا یہ میوزیم بھی سیر و تفریح کے لیے بند کردیا گیا تھا، لیکن ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے آج پھر سیّاح اور شائقین یہاں کا رخ کرسکتے ہیں۔

  • ثقافت کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے: وزیرِ مملکت زرتاج گل

    ثقافت کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے: وزیرِ مملکت زرتاج گل

    لاہور: وزیرِ مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر نے کہا ہے کہ ثقافت کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی خاتون رہنما اور وزیر زرتاج گل نے لاہور میوزیم میں پاکستان کے عظیم مصور صادقین کی 32 ویں برسی کے موقع پر ان کے فن پاروں کی نمائش کا افتتاح کیا۔

    [bs-quote quote=”صادقین کی خدمات کو تا دیر یاد رکھا جائے گا۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”زرتاج گل”][/bs-quote]

    مشہور مصور، خطاط، نقاش اور شاعر صادقین کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے لاہور میوزیم میں محکمہ فن و ثقافت کے تحت ایک فنکشن کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں زرتاج گل نے بہ طورِ مہمان خصوصی شرکت کی۔

    صادقین کے فن پاروں کی نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے وزیرِ مملکت زرتاج گل نے عجائب گھر کا بھی دورہ کیا اور نمائش میں رکھے گئے فن پارے دیکھے۔

    اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ مملکت نے کہا کہ ثقافت کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، ہم پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے لیے سیاحت کو فروغ دے رہے ہیں۔

    زرتاج گل وزیر نے کہا کہ ثقافت کے فروغ کے لیے صادقین کی خدمات کو تا دیر یاد رکھا جائے گا۔

    مزید پڑھیں:  پاکستان کےعظیم مصوراورخطاط صادقین کی 32 ویں برسی

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کے مشہور پینٹر، خطاط، نقاش اور شاعر صادقین کی 32 ویں برسی منائی گئی، 1930 میں سید صادقین احمد نقوی امروہہ کے جس سادات گھرانے میں پیدا ہوئے، وہ خاندان اپنے فن خطاطی کے حوالے سے نہایت مشہور تھا۔ صادقین کے دادا خطاط تھے، جب کہ ان کے والد باقاعدہ خطاط تو نہ تھے، البتہ نہایت خوش خط تھے۔