Tag: لاہور میں بارش

  • لاہور میں بارش کا 44 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، پانی اسپتال اور گھروں میں داخل

    لاہور میں بارش کا 44 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، پانی اسپتال اور گھروں میں داخل

    لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، موسلا دھار بارش کے باعث پانی اسپتال اور گھروں میں بھی داخل ہو گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں ہونے والی دھواں دھار بارش سے سروسز اسپتال کی ایمرجنسی میں پانی داخل ہوگیا، اسپتال کی ایمرجنسی میں بارش کا پانی جمع ہونے سے مریضوں کو سخت اذیت کا سامنا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق لاہور کے نواحی علاقے چوہنگ میں بھی موسلا دھار بارش کاسلسلہ جاری ہے، علاقے تاج پورہ میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے اور مون سون بارشوں کا سلسلہ 6 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

    لاہور کے علاوہ پنجاب کے شہروں شیخوپورہ، قصور، پاکپتن، سرگودھا، جہلم، مری، راولپنڈی، اسلام آباد میں بھی موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔

    لاہور ائیرپورٹ پر سب سے زیادہ 337 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ نشتر ٹاؤن میں 250 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

    ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہوں پر موسلا دھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، مانگا منڈی، پتوکی، رینالہ خورد اور اوکاڑہ کے مقامات پر بارش ہو رہی ہے جبکہ موٹر وے ایم 3 پر فیض پور سے ننکانہ صاحب تک بارش ہے۔

    اس کے علاوہ موٹروے ایم 2 پر پنڈی بھٹیاں، شیخوپورہ، کالا شاہ کاکو اور ٹھوکر نیازبیگ تک بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

    لیسکو حکام کے مطابق لاہور میں بارش سے 400 سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے ہیں، بارش کا سلسلہ رکنے کے بعد بجلی کی بحالی کا کام شروع کیا جائے گا۔

    کراچی میں طوفانی بارش، نشیبی علاقے زیر آب

    واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے اعداد و شمار کے مطابق لاہور ائیر پورٹ پر ہونے والی بارش 44 سال میں ریکارڈ کی گئی سب سے زیادہ ہے۔

  • لاہور میں 315 ملی میٹر بارش ، 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    لاہور میں 315 ملی میٹر بارش ، 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    لاہور: صوبائی دارلحکومت لاہور میں بارش کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، تاجپورہ کے علاقے میں سب سے زیادہ 315 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی دارلحکومت لاہور میں صبح سویرے شروع ہونے والی موسلادھار بارش مختلف علاقوں میں دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہی۔

    شہر کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کے چار اسیپل ہوئے، سب سے زیادہ تین سو پندرہ ملی میٹر بارش تاجپورہ کے علاقے میں ریکارڈ کی گئی، موسلادھار بارش سے شہر کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرتی رہیں، شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا اور شہریوں نے واسا عملے کی شکایات کے انبار لگادیے۔

    صوبائی دارلحکومت میں ہونے والی موسلا دھا بارش نے تیس سالہ ریکارڈ توڑ دیا، سب سے زیادہ بارش 315 ملی میٹر تاجپورہ میں ریکارڈ کی گئی جبکہ لکشمی چوک 170، نشتر ٹاون 162 اور چوک ناخدا میں 155 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    سیالکوٹ اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش ہورہی ہے، بارش نے میونسپل انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے، سڑکوں گلیوں میں پانی جمع ہے، شہریوں کو آمدورفت میں دشواری کا سامنا ہے۔

  • لاہور، اسلام آباد اور گردو نواح میں تیز بارش سے موسم خوشگوار

    لاہور، اسلام آباد اور گردو نواح میں تیز بارش سے موسم خوشگوار

    لاہور، اسلام آباد اور گردو نواح میں موسلا دھار بارش سے گرمی اور سخت حبس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں موسلا دھار بارش کے بعد دو روز سے جاری حبس میں شدید کمی واقع ہوئی ہے، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 28 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سینٹی گریڈ رہنے کاامکان ہے، شہر میں آج ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔

    اس کے علاوہ ٹاؤن شپ جوہر ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، مال روڈ، گڑھی شاہو، ریلوے اسٹیشن، برانڈرتھ روڈ، لکشمی چوک،ایبٹ روڈ، شملہ پہاڑی اور ملحقہ علاقوں میں بارش سے جل تھل ہوگیا۔

    چنیوٹ، ملکوال، جہلم، ٹانک اور مضافات میں بھی موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، لوئر دیر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

    کراچی آنے والی ٹرین بڑے حادثے سے بچ گئی

    پی ڈی ایم اے کے مطابق 4 سے8جولائی تک پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش کاامکان ہے، پنجاب میں مون سون کے دوسرے اسپیل میں بارشیں زیادہ ہونے کا امکان ہے۔

  • لاہور میں بارش کے بعد اسموگ میں کمی

    لاہور میں بارش کے بعد اسموگ میں کمی

    لاہور: پنجاب حکومت مصنوعی بارش کی پلاننگ کرتی رہ گئی، قدرتی بارش کے بعد لاہو میں  اسموگ میں واضح کمی دیکھی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں ساتویں نمبر پر آگیا تاہم کراچی 206 پرٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ د نیا کے آلودہ ترین شہروں میں تیسرے نمبرپر آگیا ہے۔

    لاہور کے مختلف علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات کہیں ہلکی تو کہیں تیز  بارش  ہوئی جس سے آسمان پر کئی روز سے چھائے اسموگ کے بادل کم ہوگئے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج مری، گلیات  سمیت بالائی علاقوں میں ژالہ باری جبکہ پنجاب کے مختلف علاقوں  آج ہلکی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

  • لاہور میں بارش کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    لاہور میں بارش کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    لاہور : پنجاب کے دارلحکومت لاہور میں بارش کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، شہر کی سڑکوں پر اربن فلڈنگ کی صورتحال ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارلحکومت لاہور میں بارش کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، 10گھنٹےمیں 291ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، گلبرگ، کینال روڈ، لکشمی چوک اور نشتر ٹاؤن سمیت بیشترعلاقے زیر آب ہیں، اسپتالوں میں پانی داخل ہوگیا ہے۔

    نشیبی علاقوں میں مکانات ڈوب گئے ہیں، شہر بھرکے انڈر پاس بند کردیئے گئے جبکہ شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی معطل ہے

    شہر بھر کے درجن سے زائد علاقوں میں 200 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ ہوئی ، انتظامیہ اور واسا کے تمام افسران و اسٹاف نکاسی آب کیلئے مکمل متحرک ہیں۔

    کمشنرلاہور علی رندھاوا نے بتایا کہ رواں سال لاہورمیں 256 ملی میٹر بارش 26 جون کوہوئی تھی، گزشتہ سال 2022میں لاہور میں 238 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ 2018میں لاہور میں 288ملی میٹربارش ریکارڈکی گئی تھی، 30سال میں لاہور میں اتنے کم وقت میں اتنی بارش نہیں ہوئی۔

    ایم ڈی واسا غفران احمد نے کہا کہ بارش تھمنے کے چند گھنٹےمیں ہی نشیبی علاقے کلیئرکردیئےجائیں گے، سسٹم اپنی مکمل استعداد پر نکاسی آب کو ممکن بنا رہا ہے۔

    دوسری جانب نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ لاہور میں 8گھنٹےسے جاری موسلادھار بارش نے ریکارڈ توڑ دیئے، لاہور کی سڑکوں پر اربن فلڈنگ کی صورتحال ہے اور کینال بھی اوورفلو ہوگیا۔

    محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پانی کی نکاسی کیلئے کابینہ اور تمام انتظامیہ سڑکوں پر موجود ہے، امدادی سرگرمیوں کی خود مانیٹرنگ کررہاہے،انتظامیہ سے رابطے میں ہوں۔

    لاہور میں مسلسل بارش کے باعث پانی گھروں اور دفاتر میں داخل ہوگیا ہے، نشیبی علاقے تالاب ،سڑکیں اورگلیاں ندی نالے بن گئے، پانی سے بھری سڑکیں عوام کیلئے مشکلات کا سبب بن گئیں۔

  • لاہور میں شدید بارش، وزیر اعلیٰ کی پانی میں پھنسی خواتین کی مدد، ویڈیو وائرل

    لاہور میں شدید بارش، وزیر اعلیٰ کی پانی میں پھنسی خواتین کی مدد، ویڈیو وائرل

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور میں شدید بارش کے بعد سیف سٹیز اتھارٹی کا ہنگامی دورہ کیا، انھوں نے بارش میں پھنسی خواتین اور بچوں کو اپنی گاڑی میں بٹھا کر محفوظ مقام پر پہنچایا۔

    تفصیلات کے مطابق بارش کے بعد وزیر اعلی عثمان بزدار لاہور کے دورے پر نکل پڑے، انھوں نے شہر کے مختلف علاقوں کا جائزہ لیا اور ایک مقام پر بارش کے جمع پانی میں پھنسے افراد کو اپنی گاڑی میں بٹھا لیا۔

    بارش میں پھنسے افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے، اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب گاڑی خود ڈرائیو کر رہے تھے۔

    وزیر اعلی نے شہر میں موسلا دھار بارش کے بعد نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا، عثمان بزدار نے خود گاڑی چلا کر شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کیا، اور بارش کے پانی میں پھنسی خواتین اور بچوں کو اپنی گاڑی میں لفٹ دی۔

    [bs-quote quote=”لاہور کو پیرس بنانے کا دعویٰ کرنے والوں نے نکاسیٔ آب کا کوئی منصوبہ نہیں بنایا۔” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    دریں اثنا، ایم ڈی علی عامر ملک اور چیف آپریٹنگ آفیسر اکبر ناصر خان نے وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دی، وزیر اعلیٰ نے سیف سٹیز کیمروں کی مدد سے نکاسی آب کا جائزہ لیا۔

    عثمان بزدار نے ضلعی انتظامیہ اور واسا کو شہر سے فوری پانی نکالنے کی ہدایت کی، خیال رہے کہ لاہور کو پیرس بنانے کا دعویٰ کرنے والوں نے نکاسیٔ آب کا کوئی منصوبہ نہیں بنایا۔

    ادھر لاہور اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے، جس سے نشیبی علاقے زیر آب آ چکے ہیں، شہریوں کی موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں خراب ہو کر بند ہو گئیں، فلائٹ شیڈول متاثر اور 100 فیڈر ٹرپ کر گئے۔

    ترجمان لیسکو کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث ٹرپ 86 میں سے 50 فیڈرز بحال کیے جا چکے ہیں، متاثرہ دیگر فیڈرز کی بحالی کا کام بھی جاری ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لکشمی چوک پر 250 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، پانی والا تالاب پر 213 ملی میٹر، فرخ آباد میں 203 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، سمن آباد میں 166، ایئر پورٹ پر 136، واسا ہیڈ آفس کے اطراف 144 ملی میٹر بارش ہوئی۔

    ادھر وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے بھی پرانے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، وزیر قانون پنجاب نے بارش سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن کا جائزہ لیا، اس موقع پر انھوں نے عملے کو ہدایت کی کہ پانی کی نکاسی مکمل ہونے تک افسران اور عملہ فیلڈ میں رہیں۔