Tag: لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی

  • صفائی نہ ہونے کی شکایت پر عملے کے خلاف تادیبی کارروائی ہوگی: عثمان بزدار

    صفائی نہ ہونے کی شکایت پر عملے کے خلاف تادیبی کارروائی ہوگی: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عید الاضحیٰ کے بعد صفائی آپریشن جلد نمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، شکایت آنے پر عملے کے خلاف تادیبی کارروائی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صفائی آپریشن مؤثر انداز سے جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے، عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ صفائی آپریشن پر مامور گاڑیاں گلیوں، سڑکوں اور محلوں کا گشت کریں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بر وقت آلائشیں اٹھا کر مناسب طریقے سے ٹھکانے لگائی جائیں، شہروں کی صفائی کے لیے تمام ممکنہ وسائل فراہم کیے گئے ہیں۔ صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ شکایت آنے پر عملے کے خلاف تادیبی کارروائی ہوگی، شہری صفائی کے لیے قائم سیل پر رابطہ کر کے آلائشیں اٹھوائیں۔

    دوسری جانب لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا دوسرے روز بھی صفائی آپریشن جاری ہے، لاہور میں شدید بارش کے باوجود صفائی آپریشن بلا تعطل جاری رہا۔

    ترجمان مینجمنٹ کمپنی کے مطابق گزشتہ روز 16 ہزار 500 ٹن آلائشوں کو اکٹھا کیا گیا تھا، عید کے دوسرے روز 3 ہزار ٹن آلائشیں اکٹھی کی گئیں، کل سے اب تک مجموعی طور پر 19 ہزار 500 ٹن آلائشیں اکٹھی کی جا چکی ہیں۔

    ترجمان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا کہنا ہے کہ آخری آلائش تک صفائی آپریشن جاری رہے گا۔

  • سابق ایم ڈی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی وسیم اجمل گرفتار

    سابق ایم ڈی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی وسیم اجمل گرفتار

    لاہور: قومی احتساب بیورو ( نیب) نے کارروائی کرتے ہوئے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کرپشن کیس میں سابق ایم ڈی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی وسیم اجمل کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیب نے کارروائی کرتے ہوئے سابق ایم ڈی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی وسیم اجمل کو گرفتار کرلیا۔ ملزم وسیم اجمل پر 1 ارب روپے سے زائد کی کرپشن کا الزام ہے۔

    نیب لاہور کے مطابق ملزم وسیم اجمل نے 2014 میں ایک کمپنی کو مہنگے داموں ٹھیکہ دیا، میسرز البیراک کمپنی کو غیرقانونی طور پر ویسٹ مینجمنٹ کا ٹھیکہ دیا گیا، ملزم نے لیبرکاسٹ کی مد میں1 ارب کی رقم کنٹریکٹرز کو ادا کروائی۔

    نیب حکام کے مطابق کنٹریکٹ کے مطابق لیبر کی مکمل رقم کنٹریکٹر کوعلیحدہ سے واپس کی جانی تھی، ملزم کنٹریکٹر کو لیبرکی مد میں 1ارب کی دہری ادائیگی میں ملوث ہے۔

    نیب لاہور کے مطابق ملزم کی جانب سے جعلی ایگزیمپشن پر 96 ہزار ڈالرز کی چھوٹ بھی دی گئی، ملزم نے کمپنی سیکریٹری کی پوسٹ پرغیرقانونی بھرتی میں کردار ادا کیا۔ نیب لاہور ملزم وسیم اجمل کو جسمانی ریمانڈ کے لیے کل احتساب عدالت میں پیش کرے گی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ نیب لاہور نے چنیوٹ مائنز اینڈ منرلز کیس میں بیوروکریٹ منظر حیات کو گرفتار کیا تھا۔

  • سرکاری اسپتالوں کا فضلہ تلف کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا، یاسمین راشد

    سرکاری اسپتالوں کا فضلہ تلف کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا، یاسمین راشد

    لاہور: صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ تمام سرکاری اسپتالوں کے فضلے کی محفوظ تلفی کویقینی بنانے کے لیے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی خدمات لی جا رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیرصدارت محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئراینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اجلاس منعقد ہوا جس میں اسپیشل سیکرٹری میاں شکیل، منیجنگ ڈائریکٹرلاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اجمل بھٹی ودیگر افسران نے شرکت کی۔

    وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے اجلاس میں ہاسپٹل ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کو فعال کرنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ایم ڈی لاہورویسٹ مینجمنٹ کمپنی اورمختلف سرکاری اسپتالوں کے ایم ایس حضرات نے فضلے کوتلف کرنے کے مختلف طریقہ کار پربریفنگ دی۔

    اس موقع پر وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا ہ سرکاری اسپتالوں کے فضلے کی محفوظ تلفی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام سرکاری اسپتالوں کو صاف رکھ کرآنے والے مریضوں اورلواحقین کوصاف ستھراماحول فراہم کریں گے۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ تمام سرکاری اسپتالوں کے فضلے کی محفوظ تلفی کویقینی بنانے کے لیے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی خدمات لی جا رہی ہیں۔

    ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کوبہترین طبی سہولیات فراہم کرکے عمدہ علاج گاہیں بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری اسپتالوں کا فضلہ تلف کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔