Tag: لاہور کی خبریں

  • مقامی اخبار کے دفتر میں کام کرنے والی عروج قتل، سابق شوہر پر الزام

    مقامی اخبار کے دفتر میں کام کرنے والی عروج قتل، سابق شوہر پر الزام

    لاہور: قلعہ گجر سنگھ میں مقامی اخبار کے دفتر میں فائرنگ سے لڑکی جاں بحق ہو گئی، جس کی شناخت 25 سالہ عروج کے نام سے ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے قلعہ گجر سنگھ میں ایک اخبار کے دفتر میں کام سیکھنے والی نوجوان لڑکی عروج کو گزشتہ رات فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا، مقتولہ کے سر میں گولی ماری گئی، ورثا نے سابق شوہر پر قتل کا الزام لگا دیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 25 سالہ خاتون عروج کے قتل کا مقدمہ مقتولہ کے بھائی یاسر کی مدعیت میں تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں درج کر دیا گیا ہے، خاتون کی لاش کو بھی مردہ خانے منتقل کر دیا گیا، ورثا نے الزام لگایا ہے کہ عروج کو سابق شوہر دلاور نے قتل کیا۔

    پولیس کے مطابق مقتولہ نے 7 ماہ قبل دلاور نامی شخص سے پسند کی شادی کی تھی، دلاور اور عروج مقامی اخبار کے دفتر میں کام کرتے تھے، ذاتی رنجش کے باعث کچھ عرصہ قبل دونوں میں علیحدگی ہوئی، عروج نکلسن روڈ پر ایک فلیٹ میں رہایش پذیر تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:   قتل ہونے والی 15 سالہ عائشہ کے قاتل تا حال آزاد

    پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ مقامی اخبار کے دفتر میں پیش آیا، عروج کو گولی مار کر قتل کیا گیا، واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ ستمبر میں پنجاب کے شہر نارووال میں 15 سالہ عائشہ کو قتل کر دیا گیا تھا، تھانہ صدر کی حدود میں کھیتوں سے ایک لڑکی کی تشدد زدہ لاش ملی تھی، بعد ازاں معلوم ہوا کہ لڑکی کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کیا گیا تھا۔

  • لاہور: تھانہ سندر کی حدود میں 2 ملزمان  کی 13 سال کے بچے سے مبینہ زیادتی

    لاہور: تھانہ سندر کی حدود میں 2 ملزمان کی 13 سال کے بچے سے مبینہ زیادتی

    لاہور: پنجاب کے صوبائی دارالحکومت کے علاقے تھانہ سندر کی حدود میں 2 ملزمان نے 13 سال کے بچے کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے تھانہ سندر کی حدود میں تیرہ سالہ بچے کے ساتھ دو ملزمان نے زیادتی کی، جس پر متعلقہ تھانے میں بچے کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ملزمان شان اور بلال نے اسلحے کے زور پر بچے کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔

    ایک دوسرے واقعے میں لاہور کے علاقے فیکٹری ایریا میں غیرت کے نام پر بیوی پر تشدد کرنے والے شوہر کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    آج کی خبریں پڑھیں:  لاہور میں گھریلو تنازعے کے باعث خاتون نے خودکشی کرلی

    پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون شازیہ پر اس کے شوہر سجاد نے مبینہ طور پر تشدد کیا، خاتون کی درخواست پر شوہر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، زخمی شازیہ جنرل اسپتال میں زیر علاج ہے، جب کہ ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

    ادھر لاہور ہی کے علاقے تھانہ گلشن راوی سے چند قدم کے فاصلے پر سر عام منشیات فروشی جاری ہے، اے آر وائی نیوز کو موصول فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بندروڈ گندے نالے کے قریب منشیات فروشی ہو رہی ہے۔

    فوٹیج میں منشیات فروش افراد نشہ کرتے اور بھنگ پلاتے بھی دیکھے جا سکتے ہیں، اہل علاقہ نے منشیات فروش عناصر کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • پولیس تشدد سے عامر مسیح کی موت کی پوسٹ مارٹم رپورٹ منظر عام پر

    پولیس تشدد سے عامر مسیح کی موت کی پوسٹ مارٹم رپورٹ منظر عام پر

    لاہور: تھانہ شمالی چھاؤنی لاہور میں پولیس تشدد سے ہلاک ہونے والے عامر مسیح کی موت کی پوسٹ مارٹم رپورٹ منظر عام پر آ گئی، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تشدد کی تصدیق ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پوسٹ رپورٹ میں تصدیق کی گئی ہے کہ عامر مسیح کے جسم کے مختلف حصوں پر تشدد کے نشانات پائے گئے۔

    پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عامر مسیح کے دونوں ہاتھوں اور پاؤں پر تشدد کے نشان تھے، کمر اور بازو پر بھی تشدد کے نشانات تھے، پسلیاں بھی ٹوٹی ہوئی تھیں۔

    پوسٹ مارٹم رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عامر مسیح پر کسی کند آلے سے تشدد کیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  صلاح الدین کو انصاف دو! شہریوں کی اے ٹی ایم کو زبان چڑاتی سیلفیاں

    یاد رہے کہ پولیس تشدد سے ہلاک ہونے والے 25 سالہ عامر مسیح کو 28 اگست کو چوری کے الزام میں تھانہ شمالی چھاؤنی بلایا گیا تھا جہاں 4 روز تشدد کرنے کے بعد 2 ستمبر کو نازک حالت میں صدر کینٹ کے اسپتال پہنچایا گیا۔

    عامر مسیح نے سروسز اسپتال میں دم توڑا، جس کے بعد ورثا نے جیل روڈ پر پولیس کے خلاف شدید احتجاج کیا۔

    خبریں میڈیا کی زینت بننے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی عارف نواز خان نے بھی نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کی، ایک پولیس افسر کو گرفتار کیا گیا جب کہ ایس پی کینٹ انویسٹی گیشن کو عہدے سے ہٹایا گیا۔

    عامر مسیح کے قتل کے الزام میں سب انسپکٹر ذیشان سمیت چھ پولیس افسران کو نامزد کیا گیا ہے، جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    واضح رہے ان دنوں میں پنجاب پولیس کے ہاتھوں تشدد کے کیسز تواتر کے ساتھ سامنے آ رہے ہیں جس پر عوامی سطح پر بھی سخت احتجاج کیا جا رہا ہے، گزشتہ دنوں پولیس حراست میں ایک ذہنی معذور اے ٹی ایم چور کو بھی بے دردی سے قتل کیا گیا۔

  • پنجاب ریونیو اتھارٹی کا پرائیویٹ کلینکس کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ

    پنجاب ریونیو اتھارٹی کا پرائیویٹ کلینکس کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ

    لاہور: پنجاب ریونیو اتھارٹی نے لاہور میں پرائیویٹ کلینکس کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے فنانس ایکٹ 2019 کی منظوری دے دی گئی ہے، جس کے تحت فیصلہ کیا گیا ہے کہ لاہور کے تمام پرائیویٹ کلینکس کو سیلز ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جائے گا۔

    پنجاب ریونیو اتھارٹی کے چیئرمین کی جانب سے انفورسمنٹ افسران کو ٹاسک سونپ دیے گئے۔

    واضح رہے اس سے قبل کراچی میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ڈاکٹرز اور سرجنز کے گرد بھی گھیرا تنگ کیا تھا، ایف بی آر کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز اور سرجنز کا بڑے پیمانے پر ٹیکس ادا نہ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایف بی آر نے کراچی کے ڈاکٹرز اور سرجنز کے گرد گھیرا تنگ کر دیا

    ایف بی آر کی جانب سے ایک دستاویز جاری کی گئی جس میں کہا گیا کہ پی ایم ڈی سی میں رجسٹریشن کے باوجود ڈاکٹرز ٹیکس ادا نہیں کر رہے ہیں، اس سلسلے میں ایف بی آر کی جانب سے شہر کے معروف اسپتالوں کو نوٹس جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ ڈاکٹروں کی آمدن پر مبنی تفصیلات فوری فراہم کی جائیں۔

    ایف بی آر کی طرف سے مذکورہ نوٹسز کراچی کے 30 بڑے اسپتالوں کو جاری کیے گئے۔ ایف بی آر نے ڈاکٹروں کے شناختی کارڈ نمبر اور نام بھی طلب کیے۔

    حکومت پاکستان کی جانب سے خصوصی ہدایات کے بعد ریونیو ادارے سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کے سلسلے میں مختلف شعبہ جات کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

  • چوہدری شوگر ملز کیس: مریم نواز کو کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا

    چوہدری شوگر ملز کیس: مریم نواز کو کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا

    لاہور: سابق سزا یافتہ وزیر اعظم نواز شریف کی صاحب زادی مریم نواز کو کل چوہدری شوگر ملز کیس میں احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق چوہدری شوگر ملز کیس میں ایک ملزم یوسف عباس کو گرفتار کیا جا چکا ہے، کل احتساب عدالت میں یوسف عباس کو مریم نواز کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔

    چوہدری شوگر ملز کیس میں چند دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، ملزمان آفتاب محمود اور شاہد شفیق نے وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواست دے دی ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ ان ملزمان کو کل بیان کے لیے چیئرمین نیب کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ ادھر نیب نے احتساب عدالت سے ملزمان کا راہ داری ریمانڈ بھی حاصل کر لیا ہے۔

    گزشتہ روز وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ چوہدری شوگر مل منی لانڈرنگ کرنے کا ایک گڑھ رہا، جس کے بنانے کے لیے 15 ملین ڈالر قرض لیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  چوہدری شوگر مل منی لانڈرنگ کرنے کا ایک گڑھ رہا: شہزاد اکبر

    شہزاد اکبر نے کہا کہ 1991 میں چوہدری شوگر ملز بنانے کے لیے 15 ملین ڈالر قرض لیا گیا لیکن قرض لینے سے قبل ہی شوگر مل کھل گئی اور مشینیں بھی لگ گئیں، اسٹیٹ بینک کو بتایا گیا کہ قرض بیرون ملک سے آ رہا ہے لہٰذا رقم اکاؤنٹ میں ڈالی جائے، لیکن اسٹیٹ بینک کے ریکارڈ سے پتا چلا کہ کمپنی کا قرض پاکستان پہنچا ہی نہیں، یہ قرض ایل سی کھولنے اور مشینری خریدنے کے لیے لیا گیا تھا۔

    معاون خصوصی کے مطابق مریم نواز کو 2008 میں ساڑھے 7 ملین سے زاید شیئر ٹرانسفر کیے گئے تھے، انھوں نے 2010 میں یہ شیئرز یوسف عباس کو ٹرانسفر کر دیے۔

    شہزاد اکبر نے کہا کہ اس کیس سے جڑے کردار ناصر لوتھا کے نام پر بریک تھرو ہوا ہے، یہ کیس ابھی انویسٹی گیشن انکوائری پر ہے، ناصر لوتھا گواہ کے طور پر تحقیقات میں شامل ہوئے کہ فراڈ ہوا ہے۔

  • لاہور: مناواں میں لیڈی پولیو ورکر کے قتل کا معمہ حل

    لاہور: مناواں میں لیڈی پولیو ورکر کے قتل کا معمہ حل

    لاہور: پولیس نے مناواں میں لیڈی پولیو ورکر کے قتل کا معمہ حل کر لیا، لیڈی پولیو ورکر کا قاتل پولیو ورکر ہی نکل آیا۔

    تفصیلات کے مطابق انویسٹی گیشن پولیس کا کہنا ہے کہ مناواں میں لیڈی پولیو ورکر کو ایک اور پولیو ورکر ہی نے قتل کیا، قاتل کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عابد علی نے ایک ماہ قبل 24 سالہ لیڈی پولیو ورکر کو قتل کیا تھا، ملزم پولیو ورکر ہے اور مقتولہ کے ساتھ کام کرتا تھا۔

    پولیس کے مطابق مقتولہ کی نعش بی آر بی نہر سے ملی تھی، خاتون کی شناخت بشریٰ کے نام سے ہوئی، قتل کی تفتیش کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس نے قتل کا معمہ حل کیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ پولیو ورکر عابد علی نے قتل کا اعتراف کر لیا ہے، ملزم نے بتایا کہ اس نے مقتولہ سے چالیس ہزار روپے لے رکھے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پولیو ورکرز کو سیکورٹی خطرات، ملک بھر میں انسداد پولیو مہم معطل

    معلوم ہوا ہے کہ لیڈی پولیو ورکر نے ایک کزن کو ملازمت پر رکھوانے کے لیے ملزم عابد علی کو چالیس ہزار روپے دیے تھے، تاہم ملزم مقتولہ کے کزن کو بھرتی نہ کروا سکا تھا۔

    پولیس کے مطابق مقتولہ ورکر نے رقم کی واپسی کا تقاضا کیا جس پر عابد علی نے بشریٰ کو نشہ آور گولیاں کھلا کر گلے میں پھندا ڈال کر قتل کر دیا اور لاش بی آر بی نہر میں بہا دی۔

    خیال رہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں آئے دن پولیو ورکرز پر قاتلانہ حملے ہوتے ہیں، 27 اپریل کو پولیو ورکرز کو لاحق سیکورٹی خطرات کے باعث ملک بھر میں انسداد پولیو مہم معطل کر دی گئی تھی۔

  • انسداد دہشت گردی عدالت نے 12 ملزمان کو سزائیں سنا دیں

    انسداد دہشت گردی عدالت نے 12 ملزمان کو سزائیں سنا دیں

    لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت نے 12 ملزمان کو سزائیں سنا دیں، سی ٹی ڈی لاہور کا کہنا ہے کہ ملزمان کو قید اور جرمانے کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ لاہور کا کہنا ہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے 12 ملزمان کو سزائیں سنا دی ہیں، 4 ملزمان کو 2 سال قید، جرمانہ اور آٹھ ملزمان کو 5 سال قید کی سزائیں سنائی گئیں۔

    ملزمان پر کالعدم تنظیموں کے لیے چندہ جمع کرنے کا الزام تھا، ملزمان کے خلاف 2 کالعدم جماعتوں کے لیے چندہ اکٹھا کرنے کے مقدمات درج تھے۔

    سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزمان کو راولپنڈی، گوجرانوالہ، اور رحیم یار خان سے گرفتار کیا گیا تھا، کالعدم تنظیموں کو فنڈنگ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سی ٹی ڈی کی گوجرانوالہ میں کارروائی، 3 دہشت گرد گرفتار

    یاد رہے کہ پانچ روز قبل صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں سی ٹی ڈی نے 3 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر کے بارودی مواد برآمد کیا تھا، جن کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔

    دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد، ڈیٹونیٹرز، چندہ اکٹھا کرنے کی پرچیاں اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا تھا، ملزمان نے گوجرانوالہ میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔

    اس سے قبل سی ٹی ڈی پنجاب نے ملتان میں کالعدم تنظیم کے دو مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا، دہشت گرد رضوان عرف ڈاکٹر،عمران عرف ساقی کا نام ریڈبک میں شامل تھا۔

  • داتا دربار دھماکا: تفتیش میں تاحال کوئی بریک تھرو نہیں ملا

    داتا دربار دھماکا: تفتیش میں تاحال کوئی بریک تھرو نہیں ملا

    لاہور: داتا دربار کے باہر دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم ذرایع کا کہنا ہے کہ دھماکے کی تفتیش میں تا حال کوئی بریک تھرو نہیں مل سکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق داتا دربار کے باہر دھماکے کی تحقیقات میں کوئی بڑی پیش رفت نہیں ہو سکی ہے، ذرایع نے بتایا ہے کہ دھماکے کا بارودی مواد مال روڈ دھماکے میں بھی استعمال ہوا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ خود کش بمبار کو جیکٹ دربار کے قریب پہنچ کر فراہم کی گئی تھی، اسی طرح کی جیکٹ کیپٹن مبین پر حملے میں بھی استعمال ہوئی۔

    جیو فینسنگ کے دوران مشکوک کالز بھی شارٹ لسٹ کر لی گئی ہیں، اب تک درجنوں مشکوک افراد سے تفتیش کی جا چکی ہے، تاہم دھماکے کی تفتیش میں تا حال کوئی بریک تھرو نہیں ملا۔

    یہ بھی پڑھیں:  داتا دربار دھماکا : شہدا کی تعداد 13 ہوگئی، مبینہ سہولت کار تفتیش کے بعد رہا

    یاد رہے کہ 8 مئی داتا دربار کے قریب ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 5 پولیس اہل کاروں سمیت 13 افراد شہید اور 25 زخمی ہوئے تھے۔

    دو دن بعد سیکورٹی اداروں نے داتا دربار خود کش حملے کے چار سہولت کاروں کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا تھا تاہم تفتیش کے بعد ان میں سے ایک کو رہا کر دیا گیا۔

    دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں مہر ذیشان نامی نوجوان کو مشتبہ شخص قرار دیا گیا تھا۔

  • وزیر اعظم عمران خان لاہور پہنچ گئے، وزیر اعلیٰ پنجاب نے استقبال کیا

    وزیر اعظم عمران خان لاہور پہنچ گئے، وزیر اعلیٰ پنجاب نے استقبال کیا

    لاہور: وزیر اعظم عمران خان لاہور پہنچ گئے، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ان کا استقبال کیا، وزیر اعظم ایوان وزیر اعلیٰ میں ڈویلپمنٹ پروگرام کا جائزہ لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان لاہور پہنچ گئے، لاہور دورے کے دوران وزیر اعظم عمران خان ترقیاتی پروگرام کا جائزہ لیں گے اور ان کو صوبائی وزیر خزانہ مجوزہ بجٹ پر بریفنگ دیں گے۔

    وزیر اعظم کی زیر صدارت کچھ دیر میں صوبائی کابینہ ارکان کا مشاورتی اجلاس ہوگا۔

    اجلاس میں داتا دربار دھماکے، سیکورٹی صورت حال اور ڈاکٹرز کے احتجاج کا جائزہ لیا جائے گا، اجلا س میں بعض وزارتوں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

    رمضان میں مصنوعی مہنگائی، ذخیرہ اندوزی سمیت حکومتی امور پر بات ہوگی، ذرایع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم 6 بجے شوکت خانم افطار ڈنر میں شرکت کے لیے روانہ ہوں گے۔

    ذرایع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زمان پارک میں اہم ملاقاتیں بھی ہوں گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعظم نے دواؤں کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ تک رکھنے کی ہدایت کر دی

    واضح کہ آج وزیر اعظم عمران خان نے نیشنل ہیلتھ ٹاسک فورس کے اجلاس میں مؤثر ڈرگ پرائسنگ پالیسی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ ادویات کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ میں لائی جائیں۔

    آج وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں حکومت 70برس کی خرابیوں کو ٹھیک کر رہی ہے، مشکل وقت ہے، جو جلد ختم ہو جائے گا، لوٹ مار کی سیاست کا دورگزرچکا ہے، انشاء اللہ عوام کی امیدیں پوری کریں گے۔

  • لاہور دھماکا: ہمیں سیکورٹی پالیسی پر نظر ثانی کرنا ہوگی: وزیر داخلہ اعجاز شاہ

    لاہور دھماکا: ہمیں سیکورٹی پالیسی پر نظر ثانی کرنا ہوگی: وزیر داخلہ اعجاز شاہ

    لاہور: وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق لاہور دھماکا خود کش ہے، ایلیٹ فورس کی گاڑی کو ٹارگٹ کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے لاہور دھماکے سے متعلق ابتدائی رپورٹس شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ خود کش حملہ تھا اور اس حملے میں ایلیٹ فورس کی گاڑی کو ٹارگٹ کیا گیا۔

    وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ تحقیقات جاری ہیں، جس طرح کڑیاں ملتی جائیں گی تحقیقات میں پیش رفت ملے گی۔

    اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ دوبارہ ایسے واقعات کا ہونا بد قسمتی ہے، ہمیں سیکورٹی پالیسی پر نظر ثانی کرنا ہوگی، سیکورٹی پالیسی پر نظر ثانی کی جا سکتی ہے۔

    وزیر داخلہ نے کہا کہ سیکورٹی کو بہتر بنانے کی گنجایش ہمیشہ رہتی ہے، سیکورٹی معاملات میں لوپ ہولز بند کیے جائیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  داتا دربار کے باہردھماکہ، 10 افراد شہید، 25 زخمی

    وزیر داخلہ اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ وہ واقعے کے بعد سے تحقیقاتی اداروں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

    واضح رہے کہ آج لاہور میں داتا دربار کے قریب ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب دھماکے میں 5 پولیس اہل کاروں سمیت 10 افراد شہید اور 25 زخمی ہوئے ہیں۔

    ایلیٹ فورس کی گاڑی داتا دربار کے گیٹ نمبر 2 پر کھڑی تھی، خود کش حملے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی جب کہ قریب کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔