Tag: لاہور ہائیکورٹ

  • زرتاج گل نے اپنی سزا لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردی

    زرتاج گل نے اپنی سزا لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردی

    لاہور : تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل نے اپنی سزا لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردی، جس میں اے ٹی سی فیصل آباد کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی درخواست کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل نے 9 مئی کیس میں سنائی گئی سزا کے فیصلے کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔

    زرتاج گل نے اپنے وکیل بیرسٹر علی ظفر کے توسط سے اپیل دائر کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ انسدادِ دہشت گردی عدالت فیصل آباد کی سنائی گئی سزا قانون کے مطابق نہیں۔

    درخواست میں کہا گیا کہ زرتاج گل کو مقدمے میں نامزد نہیں کیا گیا تھا بلکہ بعد میں سپلیمنٹری چالان میں نام شامل کیا گیا۔

    اپیل میں مؤقف اپنایا گیا کہ زرتاج گل موقع پر موجود نہیں تھیں اور نہ ہی ان کی موجودگی کے شواہد پیش کیے گئے، جبکہ مرکزی گواہوں نے بھی ان کی موجودگی اور میٹنگ میں شرکت سے متعلق تردید کی۔

    9 مئی کیسز : عمر ایوب، شبلی فراز اور زرتاج گل سمیت مرکزی قیادت کو 10 سال قید کی سزا

    درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اے ٹی سی فیصل آباد کافیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

    واضح رہے کہ فیصل آباد میں انسداد دہشتگردی کی عدالت نے 31 جولائی کو 9 مئی کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا ، فیصلے میں پی ٹی آئی رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز، زرتاج گل سمیت مرکزی قیادت کو 10سال قید کی سزا سنائی تھی۔

    اے ٹی سی فیصل آباد نے 9 مئی کیس میں 108 ملزموں کو سزا سنائی جبکہ 77 ملزمان کو بری کر دیا تھا۔

  • سلیمان شہباز  کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا

    سلیمان شہباز کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا

    لاہور : لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعظم شہبازشریف کے بیٹے سلیمان شہباز کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا آرڈر کالعدم قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں شہباز شریف کے بیٹے سلیمان شہباز کیخلاف مقدمہ درج کرنے کے فیصلے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

    وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ پولیس نے ٹرائل کورٹ میں جواب جمع نہ کرایا مگرعدالت نےمقدمہ درج کرنےکا حکم دےدیا ، ٹرائل کورٹ نےسنےبغیر یکطرفہ مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔

    وکیل مدعی کا کہنا تھا کہ میں نے کمپنی کی طرف سے 17 لیپ ٹاپ فروخت کیے، مجھےکمپنی نے جو دو چیک دیے وہ باؤنس ہوئے، جس کے بعد کمپنی نے مدعی سے لیپ ٹاپ نہیں خریدے۔

    وکیل کا موقف میں کہا کہ کمپنی کےملازم محمد رضا نے ذاتی حیثیت میں 11لیپ ٹاپ خریدے ، محمد رضا کیخلاف دو چیک چوری کرنے کا مقدمہ درج ہے، مدعی نےحقائق چھپا کر ماتحت عدالت سےاندراج مقدمہ کا آرڈر حاصل کیا۔

    لاہورہائیکورٹ نے سلیمان شہباز کیخلاف مقدمہ درج کرنےکاآرڈر کالعدم قرار دے دیا اور مدعی کو شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کر دی۔

  • ریسٹورنٹس کتنے بجے بند ہوں گے؟ بڑا حکم آگیا

    ریسٹورنٹس کتنے بجے بند ہوں گے؟ بڑا حکم آگیا

    لاہور : لاہور ہائیکورٹ نے رات 12 بجے کے بعد ریسٹورنٹس کھولنے والوں کیخلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی سے بچاو کیلئے درخواستوں پر سماعت کی۔

    عدالت نے ریسٹورنٹس کی جانب سے وقت کی پابندی نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وقت کی پابندی نہ کرنے والے ریسٹورنٹس کیخلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔

    عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ریسٹورنٹ رات بارہ بجے بند ہوں گے اور خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے، ماحولیاتی تبدیلی اہم معاملہ ہے اس پر سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔

    عدالتی کمیشن کے رکن نے بتایا کہ پنجاب کے 760 کالجز میں شجر کاری ہوگی، جس پر عدالت نےقرار دیا کہ نہر پر عدالت کی اجازت کے بغیر کوئی درخت نہیں کٹے گا، عدالت درخت کاٹنے والوں کیخلاف کاروائی کے بارے میں حکم جاری کرے گی۔

    حکومت کی آمدنی بڑھانے کے نسخے 

    عدالت نے ہدایت کی کہ ہرن مینار کے قریب دھواں چھوڑنے والے بھٹے کو فوری بھاری جرمانہ کریں ۔ شیخوپورہ میں تمام بھٹہ مالکان کو آگاہ کر دیں کہ خلاف ورزی ہوئی تو بھٹہ گرا دیا جائیگا۔

    بعد ازاں لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے درخواستوں پر مزید سماعت 28 جولائی تک ملتوی کردی۔

  • لاہور ہائی کورٹ کی بھکاری مافیا کیخلاف موثر کارروائی کیلئے موبائل ایپ بنانے کی ہدایت

    لاہور ہائی کورٹ کی بھکاری مافیا کیخلاف موثر کارروائی کیلئے موبائل ایپ بنانے کی ہدایت

    لاہور : لاہور ہائیکورٹ نے اینٹی بیگری ایکٹ پر مکمل عمل درآمد کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بھکاری مافیا کیخلاف موثر کارروائی کیلئے موبائل ایپ بنائی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں اینٹی بیگری ایکٹ پرعمل درآمد کی درخواست پرسماعت ہوئی۔

    جسٹس ساجد محمودسیٹھی نے نفیر اے ملک کی درخواست پر سماعت کی۔

    درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ صوبے میں بھکاری مافیا کے خاتمے کیلئے قانون بنایا گیا، عدالت نے حکومت کو صوبے بھر سے بھکاری مافیاختم کرنےکاحکم دیا۔

    عدنان احسان ایڈووکیٹ نے بتایا کہ سرکاری محکمے عدالتی حکم پر عمل درآمد نہیں کررہے، بیرون ملک بھی بھکاری مافیابدنامی کا باعث بن رہاہے، استدعا ہے کہ عدالت پنجاب حکومت کو بھکاری مافیا کیخلاف مؤثر کارروائی کا حکم دے۔

    مزید پڑھیں : بیرونی ممالک سے کتنے پاکستانی بھکاری ملک بدر کئے گئے؟ تفصیلات سامنے آگئیں

    لاہور ہائیکورٹ نے اینٹی بیگری ایکٹ پر مکمل عمل درآمد کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ 3ماہ میں عدالتی حکم پرعمل درآمد کرکےرپورٹ پیش کی جائے۔

    عدالت نے ہدایت کی بھکاری مافیا کیخلاف موثر کارروائی کیلئے موبائل ایپ بنائی جائے اور چھوٹے بچوں سے بھیک منگوانے والوں کیخلاف مقدمات درج کیے جائیں ساتھ ہی بھکاریوں کیلئے بنائے گئے فلاحی سینٹر فعال کئے جائیں۔

    عدالت نے محکمہ داخلہ کی رپورٹ پرعدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ عدالتی احکامات پرعمل درآمد کرکےرپورٹ لائیں۔

    عدالت نے کیس کی سماعت 3ماہ کیلئے ملتوی کر کے رپورٹ طلب کرلی۔

  • خلع لینے والی خواتین کے حق مہر کے حوالے سے اہم فیصلہ

    خلع لینے والی خواتین کے حق مہر کے حوالے سے اہم فیصلہ

    لاہور : لاہور ہائیکورٹ کا خلع کی صورت میں خواتین کے حق مہر کے حوالے سے اہم فیصلہ سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق جسٹس راحیل کامران شیخ نے شہری آصف محمود کی درخواست پر فیصلہ جاری کیا، عدالتی فیصلے میں قرآنی آیات کا بھی ذکر کیا گیا جس میں اس نے خلع کی بنیاد پر حق مہر اور جہیز کی رقم دینے کی ڈگری کو چیلنج کیا۔

    درخواست گزار نے خلع لینے پر بیوی کے مہر طلب کرنے کو چیلنج کیا تھا، عدالت نے اپنے فیصلہ میں قرار دیا کہ بیٹی کو جہیز دینا ہمارے معاشرے میں سرائیت کرچکا ہے، والدین جتنی بھی استطاعت رکھتے ہوں وہ اپنی بیٹی کو جہیز لازمی دیتے ہیں۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ طلاق دینا بنیادی طور پر شوہر کا حق ہوتا ہے، سورۃ البقرہ کی روشنی میں طلاق کی صورت میں شوہر اہلیہ سے تحائف و حق مہر واپس نہیں مانگ سکتا اور سورۃ النساء میں بھی شوہر کو بیوی کو دیئے گئے مال اور تحائف واپس مانگنے سے روکا گیا ہے۔

    طلاق یا خلع ، معاشرتی عتاب کا نشانہ صرف عورت ؟

    عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے تحت خلع کی صورت میں خاتون کو حق مہر واپس کرنا ہوگا، خاوند کے تشدد، برے رویے کی وجہ سے خلع پر عدالت خاتون کو حق مہر کی رقم واپس نہ کرنے کا حکم دے سکتی ہے، محض خلع لینے کی بنیاد پر خاتون کو حق مہر کی رقم سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔

    لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ حق مہر کی رقم کو خاتون کے لئے ایک سکیورٹی تصور کیا جاتا ہے، اگر خاوند کا رویہ خاتون کو خلع لینے پر مجبور کرے تو وہ حق مہر لینے کی مکمل حقدار ہے۔

    عدالت نے قرار دیا کہ درخواست گزار آصف محمود نے بیوی پر تشدد اور ظلم کے الزامات کی تردید فیملی عدالت میں نہیں کی، جو خاتون اپنے شوہر کے برے رویے، ظلم سے تنگ آکر خلع لے اسے حق مہر سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔

    عدالت نے شہری آصف محمود کی جانب سے ماتحت عدالت کی ڈگری کے خلاف دائر اپیل کو مسترد کردی اور خلع کی صورت میں خاتون کو حق مہر کا حق دار قرار دے دیا۔

  • پانی کی کمی سے بچاؤ کیلئے  واٹر ایمرجنسی نافذ کرنے کی تجویز

    پانی کی کمی سے بچاؤ کیلئے واٹر ایمرجنسی نافذ کرنے کی تجویز

    لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے خشک سالی سے بچاو کیلئے واٹر ایمرجنسی نافذ کرنے کی تجویز کرنے کی تجویز دے دی اور ہدایت کی کہ واٹر ایمرجنسی کا معاملہ کابینہ میں پیش کرا کر آئندہ سماعت پر اس بارے میں رپورٹ پیش کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک کیلئے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کر دیا۔

    جس میں عدالت نے باور کرایا کہ یہ وقت کی ضرورت ہے کہ پانی کی کمی سے بچاو کیلئے کورونا کی طرز پر ایمرجنسی کا نافذ کیا جائے اور واٹر ایمرجنسی کیلئے اس کی سمری کابینہ میں پیش کی جائے۔

    عدالت نے واٹر ایمرجنسی پر کابینہ کی رپورٹ بھی مانگ لی، فیصلے میں نشاندہی کی گئی کہ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ماحولیاتی تبدیلی کے پیش نظر دریائوں میں پانی کی کمی کا خدشہ ظاہر کیا۔

    عدالت نے زور دیا کہ پی ڈی ایم اے کو خشک سالی سے بچاو کیلئے بنیادی کردار ادا کرنا ہو گا، اسی پی ڈی ایم اے پانی کے بچاؤ کیلئے پنجاب میں دیگر محکموں کیساتھ ملکر پیشگی اقدامات کرے۔

    عدالت نے قرار دیا کہ ایمرجنسی کا نفاذ پی ڈی ایم اے کو پانی کے تحفظ کیلئے اقدامات میں مزید مضبوط کرے گا اور پانی کے تحفظ کیلئے مخلتف محکموں کے فوکل پرسنز کی کمیٹی بنائی جائے۔

    فیصلے میں کہا گیا کہ فوکل پرسن پانی کے تحفظ کے بارے میں اقدامات کی رپورٹ بھی عدالت پیش کریں جبکہ دو صفحات کے فیصلے میں عدالت نے گھروں میں پانی ضائع کرنیوالوں اور سوسائٹی انتظامیہ کیخلاف بھی کارروائی کا حکم دے دیا۔

    عدالت نے ہدایت کی کہ کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ گھروں میں گاڑیاں دھونے والے اور سوسائٹی انتظامیہ کو بھی جرمانے کرے اور گھروں میں پائپ لگا کر صاف پانی ضائع کرنے پر بھی مکمل پابندی عائد کی جائے تاہم درخواستوں پر آئندہ سماعت 11 اپریل کو ہوگی۔

  • ایکس پر پابندی کی قانونی حیثیت کیا ہے؟  اٹارنی جنرل پاکستان عدالت میں طلب

    ایکس پر پابندی کی قانونی حیثیت کیا ہے؟ اٹارنی جنرل پاکستان عدالت میں طلب

    لاہور : لاہور ہائیکورٹ نے  ایکس کی بندش کیخلاف درخواست پر اٹارنی جنرل پاکستان کو 17 اپریل کیلئے طلب کر لیا اور کہا آکر بتائیں ٹویٹر پر پابندی کی قانونی حیثیت کیا ہے؟

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے ایکس کی پابندی کے معاملے پر سماعت کی۔

    فل بنچ نے ہدایت کی کہ اٹارنی جنرل پاکستان بتائیں کہ سوشل میڈیا ایکس پر پابندی کے نوٹیفکیشن کی کیا قانونی حیثیت ہے؟

    سماعت کے دوران عدالتی حکم پر پی ٹی اے سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسر پیش ہوئے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل مرزا نصر احمد نے بتایا کہ پی ٹی اے کی طرف سے جواب اور رپورٹ داخل ہوچکا ہے۔

    چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے باور کرایا کہ فل بنچ یہ چاہتا ہے اٹارنی جنرل پاکستان عدالت میں موجود ہوں اور وہ عدالت میں آکر ٹویٹر پر پابندی کی قانونی حیثیت کا بتائیں۔

    فل بنچ نے ریمارکس دیئے کہ اٹارنی جنرل پاکستان کی وجہ سے ہی یہ کیسز رکے ہوئے ہیں۔

  • شوہر کے قتل کے مقدمے میں سزائے موت پانیوالی بیوی کو بری کردیا گیا

    شوہر کے قتل کے مقدمے میں سزائے موت پانیوالی بیوی کو بری کردیا گیا

    لاہور : شوہر کے قتل کے مقدمے میں سزائے موت پانیوالی بیوی اور ساتھی کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں شوہر کے قتل کے مقدمے کے ملزمان کی سزا کے کیخلاف اپیلوں پر سماعت ہوئی۔

    لاہور ہائیکورٹ نے شک کا فائدہ دیتے ہوئے ملزمان کی اپیلوں کو منظور کرلیا اور شوہر کے قتل کے مقدمے میں سزائے موت پانیوالی بیوی اور ساتھی بری کردیا۔

    جسٹس شہرام سرور کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ، جس میں کہا کہ مقدمےکے مطابق بیوی حنااور منیر احمد شادی کی تقریب میں گئے، شادی کی تقریب سےمنیر واپس نہ آیا تلاش کرنے پر اس کی لاش ملی۔

    پراسیکیوشن کے مطابق اہلیہ اور دلاور نےدو نامعلوم افراد کیساتھ ملکر شوہر کو قتل کیا، پراسیکیوشن کیس ثابت کرنے میں ناکام رہی،موقع پر کوئی گواہ نہیں تھا، اعلیٰ عدلیہ کے فیصلے کی روشنی میں شک کا فائدہ ملزم کو دیا جاتا ہے۔

    خیال رہے ملزمان کیخلاف تھانہ سرگودھا پولیس نے 2019 میں قتل کا مقدمہ درج کیا تھا۔

  • زیادتی یا شادی کے بغیر پیدا ہونے والے بچوں کی کفالت کون کرے گا؟ عدالت نے فیصلہ سنا دیا

    زیادتی یا شادی کے بغیر پیدا ہونے والے بچوں کی کفالت کون کرے گا؟ عدالت نے فیصلہ سنا دیا

    لاہور: ہائیکورٹ نے زیادتی یا شادی کے بغیر پیدا ہونے والے بچوں کی کفالت کرنا بائیولوجیکل والد کی ذمہ داری قرار دے دیا ہے۔

    لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس احمد ندیم ارشد نے محمد افضل کی درخواست کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا، عدالت نے ٹرائل کورٹ کو شواہد کی روشنی میں دوبارہ فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی۔

    عدالت نے تمام فریقین کو ٹرائل کورٹ کے روبرو پیش کرنے کی ہدایت کر دی، عدالت نے قرار دیا کہ اگر بچی کا بائیولوجیکل والد ثابت ہو جائے تو وہ اس کے اخراجات کا پابند ہے، جو بچی کے پیدا ہونے کا ذمہ دار ہے وہی اس کے اخراجات کا بھی ذمہ دار ہے۔


    سپریم کورٹ کا بڑا فیصلہ، والد کی جگہ شادہ شدہ بیٹی سرکاری نوکری کے لیے اہل قرار


    عدالتی فیصلے کے مطابق بائیولوجیکل والد کی اخلاقی ذمہ داری بھی ہے کہ وہ اپنے ناجائز بچے کی ذمہ داری اٹھائے۔

    تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ریکارڈ کے مطابق 2020 میں درخواست گزار نے خاتون مریم سے مبینہ زیادتی کی تھی، درخواست گزار کے خلاف زیادتی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا، مبینہ زیادتی کے نتیجے میں خاتون نے بیٹی کو جنم دیا، جس کے بعد خاتون نے بچی کے خرچے کے لیے بائیولوجیکل والد کے خلاف دعوی دائر کیا۔


    سپریم کورٹ نے آئس کیس سے ڈسچارج شہری کو پولیس میں بھرتی کے لیے اہل قرار دے دیا


    درخواست گزار نے ٹرائل کورٹ میں بیان دیا کہ بچی اس کی نہیں ہے، دعویٰ مسترد کیا جائے، ٹرائل کورٹ نے خاتون کا دعویٰ تسلیم کرتے ہوئے بچی کا 3000 خرچہ مقرر کر دیا، جس پر درخواست گزار نے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔

  • بتایا جائے پابندی کے باوجود کون سے حکومتی ادارے ایکس استعمال کر رہے ہیں؟

    بتایا جائے پابندی کے باوجود کون سے حکومتی ادارے ایکس استعمال کر رہے ہیں؟

    لاہور : لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی وزرات داخلہ سے ایکس کےاستعمال سےمتعلق رپورٹ طلب کرلی اور کہا بتایا جائے پابندی کے باوجود کون سے حکومتی ادارے ٹوئٹراستعمال کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا ایپس پر پابندی کیخلاف درخواست پرہائیکورٹ میں سماعت ہوئی ، عدالر نے وفاقی وزرات داخلہ سے ایکس کے استعمال سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔

    فل بینچ نے پی ٹی اے کے ذمہ دارافسر کو بھی ریکارڈسمت طلب کر لیا ، چیف جسٹس عالیہ نیلم نے کہا کہ بتایا جائے پابندی کے باوجود کون سےحکومتی ادارے ٹوئٹراستعمال کررہےہیں اور یہ بھی بتایاجائےایکس کی حیثیت قانونی ہے یاغیرقانونی۔

    چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ تمام فریقین عدالت میں جواب داخل کرانے کے پابند ہیں۔

    پی ٹی اےوکیل کی جانب سےدرخواستوں کی مخالفت کی گئی، ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا کہ وزرات داخلہ کی ہدایات کی روشنی میں پی ٹی اے نےایکس پرپابندی لگائی۔

    جس پر ،چیف جسٹس نے کہا کہ وزرات داخلہ نےایکس کی موجودہ صورتحال کےبارےمیں آگاہ کرنا ہے،جسٹس علی ضیا نے کہا کہ ایکس یاٹویئربلاک ہونےکے باوجوداستعمال ہورہاہےتواسکا ذمہ دارکون ہے۔

    وکیل پی ٹی اے نے بتایا کہ وی پی این کے ذریعے ایکس ٹوئٹراستعمال ہوتاہے تاہم عدالت نے وفاقی حکومت اور وزارت داخلہ کوجواب داخل کرانےکی ہدایت کر دی

    بعد ازاں چیف جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نےسماعت 20مارچ تک ملتوی کردی گئی۔