Tag: لاہور

  • جناح اسپتال مریض کا زبردستی آپریشن، مقدمے کے بعد ڈاکٹر شبیر معطل

    جناح اسپتال مریض کا زبردستی آپریشن، مقدمے کے بعد ڈاکٹر شبیر معطل

    لاہور (09 اگست 2025): جناح اسپتال کے آپریشن تھیٹر میں زبردستی داخل ہونے اور مریض کا زبردستی آپریشن کرنے پر ڈاکٹر شبیر چوہدری کے خلاف مقدمے کے اندراج کے بعد محکمہ صحت نے انھیں معطل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق جناح اسپتال لاہور کے ڈاکٹر شبیر چوہدری کے خلاف دو روز قبل مریض کا زبردستی آپریشن کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس کے بعد اب محکمہ صحت پنجاب نے متحرک ہوتے ہوئے ڈاکٹر شبیر کو پیڈا ایکٹ کے تحت معطل کر دیا ہے۔

    ڈاکٹر شبیر کو محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ ادھر پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر شبیر محکمہ صحت کو رپورٹ کیے بغیر جناح اسپتال میں زبردستی داخل ہوئے تھے، ان پر اسپتال سے 1 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد کا سامان غائب کرنے کا بھی الزام ہے۔


    جناح اسپتال لاہور کے آپریشن ٹیبل، بیڈز، اے سی، وھیل چیئرز غائب


    واضح رہے کہ جناح اسپتال لاہور میں آپریشن ٹیبل، بیڈز، اے سی، وھیل چیئرز اور فرنیچر اچانک غائب ہونے پر محکمہ صحت نے نوٹس لیا تھا، اور تین رکنی کمیٹی نے تحقیقات کے بعد محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کو حیران کن رپورٹ فراہم کی۔

    بتایا گیا کہ اسپتال سے غائب اشیا میں او ٹی ٹیبلز، بیڈز، اے سی، وہیل چیئرز اور فرنیچر شامل ہیں، جن کی مالیت 1 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد ہے، یعنی قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا گیا۔ اس رپورٹ کے بعد محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے ڈاکٹر شبیر حسین کو سامان غائب ہونے پر شوکاز نوٹس جاری کیا، جس میں کہا گیا تھا کہ 7 روز میں وضاحت نہ دی گئی تو ان کے خلاف یک طرفہ کارروائی ہوگی۔

  • لاہور :   تیز رفتار کار نے شہریوں کو روند ڈالا، 3 افراد جاں بحق

    لاہور : تیز رفتار کار نے شہریوں کو روند ڈالا، 3 افراد جاں بحق

    لاہور : سندر کے علاقے میں تیز رفتار کار نے شہریوں کو روند ڈالا، جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں سندر کے علاقے میں اوورسپیڈنگ کرتے تیز رفتار کار نے موٹرسائیکل سمیت 3 افراد کو کچل دیا، جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔

    حادثے کی وجہ مبینہ طور پر اوور اسپیڈنگ اور غیر قانونی ریس بتائی گئی ہے۔

    پولیس اور عینی شاہدین نے بتایا کہ دو کاریں شاہکام فلائی اوور سے بحریہ ٹاؤن کی طرف ریس لگاتے ہوئے جا رہی تھیں، اسی دوران ایک کار فلائی اوور سے اترتے وقت بے قابو ہو کر پہلے ایک موٹرسائیکل کو ٹکر مارتی ہے، جس کے بعد کار سڑک کنارے کھڑے ریڑھی بانوں پر چڑھ دوڑی۔

    حادثے میں موقع پر موجود چار ریڑھی بانوں میں سے دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ تیسرے زخمی شخص کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ چوتھا شخص شدید زخمی حالت میں زیر علاج ہے۔

    ریس لگانے والی دوسری کار موقع سے فرار ہو گئی، جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر ذرائع سے مدد لی جا رہی ہے۔

  • لاہور کے سرحدی علاقے  میں حساس اداروں نے بھارتی ڈرون  مار گرایا

    لاہور کے سرحدی علاقے میں حساس اداروں نے بھارتی ڈرون مار گرایا

    لاہور: صوبائی دارلحکومت لاہور کے سرحدی علاقے مناواں میں حساس اداروں نے بھارتی ڈرون مار گرایا، تحقیقات کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے مناواں کی جند یالہ روڈ پر حساس اداروں نے بھارتی ڈرون گرا دیا اور اپنی تحویل میں لے لیا۔

    ایس پی کینٹ قاضی علی رضا نے بتایا کہ ڈرون ایک ہیگزا کاپٹر ماڈل ہے اور ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے سرویلنس ڈرون بھارت کی طرف سے آیا تھا۔

    ایس پی کینٹ کا کہنا تھا کہ حساس ادارے واقعے کی مکمل تحقیقات کر رہے ہیں تحقیقات کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔

    انھوں نے کہا کہ ڈرون کی برآمدگی پاکستانی حدود میں بھارتی دراندازی کی ایک اور کوشش ہے جسے ناکام بنا دیا گیا۔

    یاد رہے حال ہی میں پاک فوج نے بھمبر کے مناور سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی کواڈ کاپٹر کو مار گرایا تھا۔

    سیکیورٹی حکام کے مطابق بھارتی ڈرون جاسوسی کے مقاصد کے لیے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا تھا، تاہم فوج کی بروقت اور مؤثر کارروائی نے بھارتی سازش کو ناکام بنا دیا۔

    ذرائع نے کہا کہ بھارتی ڈرونز کی مسلسل دراندازی پہلگام واقعے کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کا تسلسل ہے، جس میں بھارت اشتعال انگیز اقدامات اور دھمکی آمیز بیانات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    فوجی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان آرمی ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی سے کھڑی ہے۔

  • لاہور:  چلتی موٹر سائیکل پر شوہر کو دل کا دورہ، میاں بیوی فلائی اوور سے گر کر جاں بحق

    لاہور: چلتی موٹر سائیکل پر شوہر کو دل کا دورہ، میاں بیوی فلائی اوور سے گر کر جاں بحق

    لاہور: موٹر سائیکل سوار میاں بیوی فلائی اوور سے گر کر جاں بحق ہوگئے ، ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا کہ شہری کو دل کا دورہ پڑا اور موٹر سائیکل بے قابو ہو کر باؤنڈر وال سے ٹکرا گئی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں ایک دلخراش واقعے پیش آیا، جہاں موٹرسائیکل سوار میاں بیوی اکبر چوک فلائی اوور سے گر کر جاں بحق ہو گئے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ 65 سالہ شیخ افضل اور ان کی 60 سالہ اہلیہ عابدہ نور اقبال ٹاؤن سے فیروز پور روڈ پر واقع اپنی رہائش گاہ جا رہے تھے جب یہ سانحہ پیش آیا۔

    حادثے کی ابتدائی اطلاعات کے مطابق فلائی اوور سے اترتے ہوئے شیخ افضل کو دل کا دورہ پڑا، جس کے باعث وہ موٹرسائیکل پر قابو نہ رکھ سکے اور تیز رفتاری کے باعث موٹرسائیکل باؤنڈری وال سے ٹکرا گئی ، جس سے دونوں میاں بیوی فلائی اوور سے نیچے گر گئے۔

    عابدہ نور موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں، جبکہ شیخ افضل کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے۔

    مزید پڑھیں : ٹریفک حادثات میں میاں، بیوی اور بیٹی سمیت 6 جاں بحق

    دونوں میاں بیوی اقبال ٹاؤن میں واقع اپنے گھر واپس جا رہے تھے تاہم اہل خانہ نے غم کی حالت میں کسی بھی قانونی کارروائی سے انکار کر دیا ہے۔

    پولیس نے جائے حادثہ کا معائنہ کر کے ابتدائی رپورٹ تیار کر لی ہے، جبکہ لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔

    ادھر لاہور کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے دیگر ٹریفک حادثات میں مزید پانچ افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ شاہکام فلائی اوور پر ایک کار کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار ہلاک اور دو افراد زخمی ہو گئے۔

  • کاشتکاروں کی سہولت کے لئے پنجاب حکومت کا بڑا اقدام

    کاشتکاروں کی سہولت کے لئے پنجاب حکومت کا بڑا اقدام

    لاہور(7 اگست 2025): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی موجودگی میں محکمہ زراعت اور جی سی آئی کے درمیان ایم او یو پر دستخط ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان، بہاولپور، سرگودھا اور ساہیوال کے ایگریکلچر مال میں کاشتکاروں کو ون سٹاپ سلوشن ملے گا، چاروں ماڈل ایگریکلچر مال  45 ایام میں فنکشنل ہو جائیں گے۔

    ماڈل ایگریکلچر مال پر زرعی مداخل، لون اور دیگر سروسز مہیا کی جائیں گی، ماڈل ایگریکلچر فارم پر جدید زرعی مشینری اور ٹریکٹر کی سروسز موجود ہوں گی، مشینی کاشت کے فروغ کے لئے جدید ترین زرعی مشینری بھی رینٹ پر مہیا کی جائے گی ۔

    کاشتکاروں کو ڈرون اسپرے کی سروسز بھی موجود ہوں گی،  مزید 10اضلاع میں کاشتکاروں کی آسانی کیلئے ماڈل ایگریکلچر مالزبنائے جائیں گے، ماڈل ایگریکلچر فارم پر کاشتکاروں کے مسائل کا حل اور ضروریات کا حصول ایک چھت تلے ممکن ہوگا۔

    مریم نوازشریف کا کہنا تھا کہ ماڈل ایگریکلچر مال کے قیام سے کاشتکار کو مڈل مین کا محتاج یا جگہ جگہ خوار نہیں ہونا پڑے گا، کاشتکار بھائیوں کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے۔

    مریم نواز نے مزید کہا کہ کاشتکار کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، مختصر عرصے میں کاشتکاروں کے لئے ریکارڈ اینیشی ایٹو لیکر آئے، عملی اور تاریخی اقدامات کرکے ثابت کردیا کہ کاشتکار ہمارے بھائی ہیں۔

  • لاہور میں کرنٹ لگنے سے 4 افراد جاں بحق

    لاہور میں کرنٹ لگنے سے 4 افراد جاں بحق

    لاہور: شاہدرہ کے علاقے میں کرنٹ لگنے سے 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ چاروں افراد دکان کی چھت پر نصب لوہے کا بل بورڈ اتار رہے تھے کہ حادثے کا شکار ہوگئے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ لوہے کا بل بورڈ اتارتے ہوئے بجلی کی تاروں سے ٹکرا گیا، بورڈ اور بلڈنگ میں کرنٹ آنے سے چاروں افراد موقع پر چل بسے۔

    عینی شاہد کا کہنا ہے کہ پیرا فورس کی جانب سے شہریوں کو دکان پر لگے بورڈ اتارنے کا کہا گیا تھا، کاریگر نہ ملنے اور ایف آئی آر کے خوف سے دکاندارخود بورڈ اتار رہے تھے۔

    حادثے میں 45 سالہ ندیم، 25 سالہ نعمان، 26 سالہ اویس اورایک نامعلوم شخص جاں بحق ہوئے۔

    اس سے قبل بھی لاہور میں برساتی پانی کے اندر بچی بجلی کے کھمبے سے چپک گئی تھی لیکن اس کا بال بیکا نہ ہوا۔

    رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ لاہور کے علاقے شالیمار لنک روڈ کے قریب پیش آیا، جہاں رہائشی آبادی میں بارش کا پانی جمع تھا۔

    9 سالہ رامین اپنے چھوٹے بھائی کے ساتھ اسی برساتی پانی سے گزر کرجا رہی تھی کہ اچانک وہ راستے میں آنے والے بجلی کے کھمبے سے چپک گئی۔

    کرنٹ لگنے سے کراچی میں 2 گدھے ہلاک

    لیکن جس کو اللہ رکھے تو اس کا کوئی بال بیکا نہیں کر سکتا۔ رامین کو فوری طور پر اس کے چھوٹے بھائی نے کھینچ کر کھمبے سے الگ کیا، جس کی وجہ سے اس کی جان بچ گئی۔

    شور سن کر گھروں سے لوگ بھاگتے ہوئے آئے اور دونوں بہن بھائیوں کو انکے گھر تک پہنچایا۔

  • جناح اسپتال لاہور کے آپریشن ٹیبل، بیڈز، اے سی، وھیل چیئرز غائب

    جناح اسپتال لاہور کے آپریشن ٹیبل، بیڈز، اے سی، وھیل چیئرز غائب

    لاہور (05 اگست 2025): جناح اسپتال لاہور میں ری ویمپنگ کے دوران قیمتی سامان غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جناح اسپتال لاہور میں آپریشن ٹیبل، بیڈز، اے سی، وھیل چیئرز اور فرنیچر اچانک غائب ہونے پر محکمہ صحت نے نوٹس لیا، تین رکنی کمیٹی نے تحقیقات کے بعد محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کو حیران کن رپورٹ فراہم کی۔

    بتایا گیا کہ اسپتال سے غائب اشیا میں او ٹی ٹیبلز، بیڈز، اے سی، وہیل چیئرز اور فرنیچر شامل ہیں، جن کی مالیت 1 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد ہے، یعنی قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا گیا۔


    کیا پمز میں سانپ کے کاٹے کی ویکسین نہیں ہے؟ زیر گردش ویڈیو کے حقائق سامنے آ گئے


    اس رپورٹ کے بعد محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے ڈاکٹر شبیر حسین کو سامان غائب ہونے پر شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ 7 روز میں وضاحت نہ دی گئی تو ان کے خلاف یک طرفہ کارروائی ہوگی۔

    شوکاز نوٹس کے مطابق محکمے کو 3 رکنی کمیٹی کی جانب سے ڈاکٹر شبیر پر سنگین بدعنوانی کے شواہد دیے گئے ہیں، اور یہ بتایا گیا ہے کہ مہنگا طبی سامان جان بوجھ کر غائب کیا گیا، جس سے قومی خزانے کو 1 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان پہنچا۔

    شوکاز نوٹس میں کہا گیا کہ محکمہ صحت نے یہ معاملہ پیڈا ایکٹ 2006 کے تحت اٹھایا ہے، اگر وضاحت نہ دی گئی تو محکمہ صحت کی جانب سے ڈاکٹر شبیر حسین کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

  • شہری ہوشیار! مرغی کا ذبح شدہ گوشت خریدنے سے گریز کریں”

    شہری ہوشیار! مرغی کا ذبح شدہ گوشت خریدنے سے گریز کریں”

    لاہور : ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے مرغی کا گوشت خریدنے والے شہریوں کو خبردار کردیا اور کہا پہلے سے ذبح شدہ گوشت خریدنے سے گریز کریں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی ہدایت پر لاہور بھر میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ملاوٹ مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے گوشت کی دکانوں اور سپلائرز کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا۔

    ترجمان فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں 42 میٹ شاپس اور گوشت سپلائرز کی چیکنگ کی گئی، جن میں سے 2 کے خلاف مقدمات درج کیے گئے، جبکہ 2 پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔

    کارروائی کے دوران 65 ہزار کلو گوشت کی چیکنگ کی گئی، جن میں سے 1610 کلو ناقص گوشت اور مردہ مرغیاں تلف کر دی گئیں۔

    شیرشاہ کے علاقے میں ایک گاڑی سے مردہ مرغیاں برآمد ہوئیں، جنہیں موقع پر ہی تلف کر دیا گیا، فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے ملزم کو موقع پر گرفتار کر کے اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔

    مزید پڑھیں : فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹس کو سپلائی کیا جانیوالا مردہ مرغیوں کا گوشت پکڑا گیا

    ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہا کہ متعدد دکانوں میں صفائی کے ناقص انتظامات دیکھنے میں آئے اور ملازمین کے میڈیکل سرٹیفکیٹس بھی موجود نہیں تھے، جو فوڈ سیفٹی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

    انہوں نے خبردار کیا کہ بیمار یا مردہ مرغیاں سپلائی کرنا ایک سنگین جرم ہے اور اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی معیار کے مطابق گوشت کی تیاری اور ترسیل کے نظام پر کام جاری ہے، اور جعلساز مافیا کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

    ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پہلے سے ذبح شدہ گوشت خریدنے سے گریز کریں اور مرغی ہمیشہ اپنی آنکھوں کے سامنے ذبح کروائیں تاکہ محفوظ اور حلال گوشت کا حصول یقینی بنایا جا سکے۔

  • دنیا کا پہلا جدید ترین اینٹی اسموگ سسٹم پاکستان کے کس شہر میں تعینات کیا گیا ہے؟

    دنیا کا پہلا جدید ترین اینٹی اسموگ سسٹم پاکستان کے کس شہر میں تعینات کیا گیا ہے؟

    (2 اگست 2025): لاہور میں اسموگ کے تدارک کیلئے جدید ترین ڈسٹ سسپنشن سسٹم اسمبلنگ شروع کردی گئی، یہ سسٹم بروقتِ ضرورت مختلف مقامات پر تعینات کیا جائے گا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس حوالے سے ایکس پر کی گئی پوسٹ میں بتایا کہ دنیا کا پہلا آزمودہ ڈسٹ سسپنشن سسٹم 15 جدید اینٹی اسموگ گنز کے ساتھ لاہور پہنچ چکا ہے اور اسے اسمبل کیا جارہا ہے۔

    مریم نواز نے بتایا کہ جدید فوگ کینن باریک پانی کی دھند سے خطرناک فضائی ذرات PM2.5 اور PM10 کو زمین پر گرا کر ہوا صاف کرتے ہیں، اینٹی اسموگ گنز لاہور میں نصب ایئر کوالٹی نیٹ ورک اور ماحولیات تحفظ فورس سے منسلک ہوں گی۔

    کیا پنجاب کا نیا اسموگ پلان کارآمد ہوگا؟ ایک تجزیہ

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آلودگی کی شدت بڑھنے پر اینٹی اسموگ گنز  خودکار طور پر فعال ہو جائیں گی، یہ اینٹی اسموگ گنز سسٹم سیٹلائٹ ڈیٹا، ڈرونز، کیو آر کوڈڈ  بھٹہ خشت اور اے ائی ٹریکنگ سسٹم سے منسلک ہوگا۔

    مریم نواز کا کہنا تھا کہ اینٹی اسموگ گنز ماحولیات کے تحفظ کے لئے انقلابی قدم ہے، ٹیکنالوجی، جدت اور شہریوں کی شمولیت کے ساتھ اسموگ کے خلاف جنگ جیتیں گے۔

  • لاہور: شوہر کے سامنے خاتون سے مبینہ زیادتی کرنیوالے ملزمان پولیس مقابلے میں ہلاک

    لاہور: شوہر کے سامنے خاتون سے مبینہ زیادتی کرنیوالے ملزمان پولیس مقابلے میں ہلاک

    لاہور سی سی ڈی ماڈل ٹاؤن سے مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران چوہنگ میں شوہر کے سامنے بیوی سے اجتماعی زیادتی کرنے والے چار میں سے دو ملزمان مبینہ پولیس مقابلے میں مارے گئے۔

    سی سی ڈی ترجمان کے مطابق کچھ عرصہ قبل چار ملزمان نے چوہنگ میں شوہر کے سامنے بیوی سے بار بار زیادتی کی، شوہر کو بھی کپڑے اتار کر تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

    ترجمان کا بتانا ہے کہ زیادتی کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے تھے، پولیس نے چاروں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا تھا تاہم رات گئے پولیس نے ایک ملزم اویس کو گرفتار کرلیا۔

    سی سی ڈی ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم کی نشاندہی پر نشتر کالونی کے علاقے بھیرہ گائوں میں دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا تو ملزمان کے ساتھیوں نے فائرنگ کردی۔

    فائرنگ سے ملزمان کا اپنا ساتھی اویس اور ارشاد مارا گیا جبکہ باقی دو ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے، پولیس نے لاشوں کو مردہ خانے جمع کروا دیا۔

    سی سی ڈی کے مطابق قتل ہونے والے ریکارڈ یافتہ ملزمان دوران واردات لڑکیوں سے زیادتی کرتے تھے۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-memon-goth-girl-gang-rap3-pregnant/