Tag: لاہور

  • لاہور:ینگ ڈاکٹرز کا دوسرے روز بھی احتجاج جاری،نعرے بازی

    لاہور:ینگ ڈاکٹرز کا دوسرے روز بھی احتجاج جاری،نعرے بازی

    لاہور کے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ینگ ڈاکٹرز نے سروس اسٹرکچر کیلئے دوسرے روز بھی احتجاج جاری رکھا اور ریلی بھی نکالی۔ ینگ ڈاکٹرز سروس اسٹرکچر کے حصول کیلئے ایک بار پھر متحرک ہو گئے ہیں۔

    پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں دوسرے دن بھی احتجاج کیا گیا۔ ینگ ڈاکٹرز نے آؤٹ ڈور سے جیل روڈ تک ریلی نکالی۔ مظاہرین حکومت کیخلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ ینگ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ سروس اسٹرکچر دینے کے حوالے سے حکومت کے وعدے کو ایک سال گذر گیا ہے اور ابھی تک سروس اسٹرکچر پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ احتجاج کا مقصد حکومت کو اپنا وعدہ یاد دلانا ہے، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سروس اسٹرکچر ڈاکٹرز اور مریضوں کی بھلائی میں ہے۔ اس موقعے پر ینگ ڈاکٹرز نے اعلان کیا کہ پنجاب بھر میں احتجاج جاری رہے گا، 6 جنوری کو میو ہسپتال لاہور میں احتجاج جاری کریں گے۔

     

  • لاہور:گیس ہیٹر سے آتشزدگی، 2 بہنیں بری طرح جھلس گئیں

    لاہور:گیس ہیٹر سے آتشزدگی، 2 بہنیں بری طرح جھلس گئیں

    لاہور میں گیس ہیٹر سے آتشزدگی کے باعث دو بہنیں بری طرح جھلس گئیں۔

    لاہور کے علاقے گلشن راوی میں دو بہنیں سردی سے بچنے کے لئے کمرے میں ہیٹر جلا کر بیٹھی تھیں کہ اچانک کمبل ہیٹر پر گر گیا، جس کی وجہ سے آگ بھڑک اٹھی۔

    بھڑکنے والی آگ کی شدت اس قدر تھی کہ دونوں بہنوں کا بچنے کا موقع نہیں مل سکا، فضا اور مصباح نامی دونوں بہنیں بری طرح جھلس گئیں، دونوں بہنوں کو فوری طور پر میو اسپتال منتقل کر دیا گیا، ڈاکٹرز کے مطابق ایک بہن اسی فیصد جبکہ دوسری ستر سے پچھتر فیصد جھلسی ہیں۔
        

       

  • لاہور:دفعہ144کیخلاف ورزی پر 4ہزار افراد کیخلاف رپورٹ درج

    لاہور:دفعہ144کیخلاف ورزی پر 4ہزار افراد کیخلاف رپورٹ درج

    لاہور میں مال روڈ پر دفعہ ایک سوچوالیس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ریلی نکالنے پر پاکستان عوامی تحریک کے حافظ محی الدین قادری سمیت چار ہزار کارکنوں کے خلاف دو تھانوں میں رپورٹیں درج کرلی گئیں۔

    پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں اور کارکنوں کیخلاف ریلی نکالنے کے الزام میں رپورٹیں تھانہ پرانی انار کلی اور تھانہ سول لائن میں درج کی گئیں، تھانہ پرانی انار کلی میں درج رپورٹ کا نمبر بائیس جبکہ تھانہ سول لائن میں درج رپورٹ کا نمبراڑتالیس ہے، مال روڈ پر جلسے جلوس اور ریلیاں نکالنے پر پابندی ہے۔
       

  • لاہور:مہنگائی،کرپشن کیخلاف ریلی،عوامی تحریک کارکنان مال روڈ پرجمع

    لاہور:مہنگائی،کرپشن کیخلاف ریلی،عوامی تحریک کارکنان مال روڈ پرجمع

    لاہور میں پاکستا ن عوامی تحریک کی مہنگائی اورکرپشن کیخلاف احتجاجی ریلی، کارکنوں میں جوش وخروش،خواتین اور بچے بھی شریک،ڈاکٹر علامہ طاہر القادری ویڈیو لنک سےخطاب کرینگے،تفصیلات کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے کارکن مہنگائی کے خلاف لاہور مال روڈ کی سڑکوں پر جمع ہوناشروع ہوگئے۔پارٹی جھنڈے ہاتھوں میں اٹھائے مردوں سمیت خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد مظاہرے میں شریک ہورہی ہے۔

    سردیوں کی ٹھنڈی صبح۔یخ بستہ ہوائیں۔ہر سو سردی کا کا راج۔ لیکن عوامی تحریک کے کارکنان نے اپنے قائدڈاکٹرطاہرالقادری کی آوازپر لبیک کہہ کرسرد موسم کو بھی گرما دیا۔پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹرطاہرالقادری نے ہوشربا مہنگائی کے خلاف لاہور مال روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان کیاتھا۔

    عوامی تحریک کےکارکنوں کی بڑی تعدادہاتھوں میں قومی پرچم اور پارٹی جھنڈے اٹھائے صبح سے ہی مقررہ مقام پرپہنچنا شروع ہوگئے۔ موسم کو گرماتے پارٹی کارکن پرجوش انداز میں نعرے بازی کرتے نظر آئے۔ شرکا نے فیس پینٹنگ اور ہاتھوں میں پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے ہیں۔

    بعض منچلے ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے بھی نظر آئے۔ ریلی کے شرکا کا کہناہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے انہیں گھروں سے باہرآنے پر مجبورکردیا ہے۔

    ناصر باغ سے پنجاب اسمبلی تک جانےوالی ریلی کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئےہیں۔ریلی سے جماعت کےروح رواں ڈاکٹر طاہرالقادری کینیڈا سے وڈیولنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔ مال روڈ ریلی کی قیادت ڈاکٹر طاہر القادری کے صاحبزادے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کررہے ہیں۔
        
       

  • موجودہ حکومت سے وابستہ امیدیں دم توڑ چکی ہیں،مولانا سمیع الحق

    موجودہ حکومت سے وابستہ امیدیں دم توڑ چکی ہیں،مولانا سمیع الحق

    جے یو آئی سمیع الحق گروپ کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ پاکستانی طالبان ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہیں، ڈرون اور خودکش حملے دونوں جائز نہیں، موجودہ حکومت سے وابستہ امیدیں دم توڑ چکی ہیں۔

    لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سمیع الحق کا کہنا تھا کہ حکومت اور طالبان دونوں اپنے اپنے مؤقف پر ڈٹے ہوئے ہیں، مذاکرات ہونے چاہیئیں۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کیخلاف آپریشن کا ردعمل ملک بھر کو لپیٹ میں لے سکتا ہے۔

    لاہور سمیت بڑے شہروں میں خودکش حملوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات کے سوا دوسرا کوئی آپشن نہیں لیکن جب بھی مذاکرات شروع ہوتے ہیں تو امریکہ ڈرون حملہ کردیتا ہے۔

    انہوں نے ڈرون اور خودکش حملوں کو ناجائز قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت سے قوم کو بہت سی توقعات اورامیدیں وابستہ تھیں جو اب ختم ہوچکی ہیں، طاہرالقادری سمیت جو بھی ملک کی خاطر جدوجہد کرے گا، اس کا خیر مقدم کرینگے۔

  • لاہور:ماڈل بازاروں کا دائرہ کاربڑھایاجائے،وزیراعلٰی شہبازشریف

    لاہور:ماڈل بازاروں کا دائرہ کاربڑھایاجائے،وزیراعلٰی شہبازشریف

    وزیراعلٰی شہباز شریف نے عوام کو اشیائے ضروریہ سستے داموں فراہم کرنے کیلئے ماڈل بازاروں کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
    لاہور میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلٰی شہبازشریف نے کہا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو عام آدمی کی پہنچ میں رکھنے کیلئے پرائس کنٹرول میکانزم پر سختی سے عملدرآمد کیا جارہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مرحلہ وار پروگرام کے تحت صوبے کے ہر ضلع میں ماڈل بازار قائم کئے جائیں گے۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے منتخب نمائندوں کوذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔ حکومت کے بروقت اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف ملا ہے۔

     

     

  • پنجاب میں جمع کرائےگئےکاغذات سے متعلق نوٹیفیکیشن جاری

    پنجاب میں جمع کرائےگئےکاغذات سے متعلق نوٹیفیکیشن جاری

    پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لئے تیاریاں شیڈول کے مطابق زورشور سے جاری ہیں، الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخاب کے لئے جمع کرائے گئے کاغذات سے متعلق نوٹی فیکیشن جاری کردیا۔

    لاہور کی دو سو چوہتر یونین کونسلز پر عوام کی خدمت کے لئے چودہ ہزار نوسو اکیانوے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ جنرل نشستوں کے لئے سات ہزار چھ سو آٹھ امیدوار مقابلے کے خواہش مند ہیں۔

    کاغذات کی جانچ کا عمل چار جنوری تک جاری رہےگا، جس کے بعد منظور یا مسترد کاغذات کے خلاف اپیلیں سات جنوری تک دائر کی جاسکیں گی، اپیلوں پر فیصلے آٹھ سے گیارہ جنوری تک سنائے جائیں گے۔

    بارہ جنوری کو امیدوار کاغذات واپس لے سکیں گے جبکہ تیرہ جنوری کو امیدواروں کی حتمی فہرست نشانات کے ساتھ جاری کردی جائے گی، صوبے میں پولنگ تیس جنوری اور نتائج کا اعلان دو جنوری کو کیا جائے گا۔

  • لاہور:فیکٹری میں آتشزدگی،2سیکورٹی گارڈزجھلس کرجاں بحق

    لاہور:فیکٹری میں آتشزدگی،2سیکورٹی گارڈزجھلس کرجاں بحق

    لاہور میں گتے اور فوم بنانے والی فیکٹری میں آگ لگ گئی، جس کے باعث دو سکیورٹی گارڈز جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق لاہور میں قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ کوٹ لکھپت میں واقع ایک فیکٹری میں رات گئے اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے فیکٹری کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، ڈیوٹی پر موجود دوسکیورٹی گارڈز نے ریسکیو کو اطلاع کرنے کے بعد آگ بجھانے کی کوشش کی، اس دوران دونوں بری طرح جھلس گئے۔

    ریسکیو اہلکاروں نے عمران نامی سیکیورٹی گارڈ کو جناح ہسپتال جبکہ نذیر نامی سیکیورٹی گارڈ کو جنرل ہسپتال منتقل کیا لیکن دونوں جانبر نہ ہو سکے اور دم توڑ گئے، ریسکیو اہلکاروں نے دو گھنٹے کی جدو جہد کے بعد آگ پر قابو پالیا، ہلاک ہونے والے دونوں سکیورٹی گارڈز کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہیں۔

    آگ لگنے سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا، ریسکیو ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ گیس ہیٹر کی وجہ سے لگی، پولیس نے کچھ ملازمین کو بھی تفتیش کے لئے حراست میں لے لیا ہے۔

  • پی آئی اے کی لندن سے آنے والی پرواز بالاخر 3دن بعد لاہور پہنچ گئی

    پی آئی اے کی لندن سے آنے والی پرواز بالاخر 3دن بعد لاہور پہنچ گئی

    پی آئی اے کی لندن سے آنے والی پرواز بالاخر تین دن بعد لاہور پہنچ گئی، پرواز کی تاخیر سے کسی کا رشتہ ٹوٹ گیا تو کسی کا جنازہ چھوٹ گیا، باکمال لوگوں نے مسافروں کی چیخیں نکلوادیں۔

    لاجواب سروس کی دعویدار پی آئی اے نے مسافروں کو رُلا دیا، شادیوں کا بندھن جڑتے جڑتے رہ گیا، چہروں کی خوشیاں ماند پڑگئیں اور کوئی جاں بحق ہونے والے اپنوں کا آخری دیدار بھی نہ کرسکا۔

    لندن سے آنے والی پرواز پی کے 758 باون گھنٹے کی تاخیر کے بالاخر لاہور پہنچ گئی، لندن میں پی آئی اے کے طیارے کے کنٹرول پینل میں خرابی تین دن ٹھیک نہ ہوسکی، جس سے جہاز کے تین سو بیس مسافروں کو شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔

    مسافروں نے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا ہے، پی آئی اے حکام کا موقف ہے کہ کرسمس کی چھٹیوں کے باعث تاخیر کا ملبہ قومی ائیرلائن پر پڑگیا۔

  • احمد مختارکی جانب سے باکسرعامرخان کے اعزاز میں استقبالیہ

    احمد مختارکی جانب سے باکسرعامرخان کے اعزاز میں استقبالیہ

    سابق وفاقی وزیردفاع اور پیپلز پارٹی کے رہنما احمد مختار نے باکسرعامر خان کو ناشتے پر استقبالیہ دیا۔ لاہور کے مقامی ہوٹل میں ناشتے پرعامرخان اپنے والد اور دوستوں کے ساتھ شریک ہوئے۔

    اس موقع پر احمد مختار نے ان کا استقبال کیا اور کہا کہ پوری قوم کو عامر خان پر فخر ہے۔ اور دعا ہے کہ وہ مستقبل میں مذید کامیابیاں حاصل کریں۔ عامر خان نے کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ لیکن سہولیات کے فقدان کی وجہ سے سپورٹس کو ترقی نہیں مل رہی۔

    اولمپکس 2012 میں بھارت کی پوری باکسنگ ٹیم نے شرکت کی جبکہ پاکستان کے باکسرز کوالیفائی ہی نہیں کر سکے۔ جس پرافسوس ہے۔