Tag: لاہور

  • لاہور میں مون سون کا تیسرا اسپیل رات 9 بجکر 10 منٹ پر شروع، علاقے زیر آب

    لاہور میں مون سون کا تیسرا اسپیل رات 9 بجکر 10 منٹ پر شروع، علاقے زیر آب

    لاہور: پنجاب کا شہر لاہور تیز بارشوں کی زد پر ہے، شہر میں مون سون کا تیسرا اسپیل رات 9 بجکر 10 منٹ پر شروع ہو گیا ہے، جس سے کئی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں مون سون کا تیسرا اسپیل رات 9 بجکر 10 منٹ پر شروع ہو گیا ہے، تیسرا سپیل وقفے وقفے سے شدید بارش کا باعث بن رہا ہے، شدید بارش کے باعث متعدد علاقے زیر آب آ گئے ہیں، اور اہم شاہراہیں ڈوب گئی ہیں۔

    موسلا دھار بارش کے باعث متعدد افسوس ناک واقعات بھی پیش آئے ہیں، شہر میں بوسیدہ چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سے 10 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، ہربنس پورہ میں کرنٹ لگنے سے 2 بچے جا ں بحق ہوئے۔

    ٹھوکر نیاز بیگ کے گاؤں مرید وال میں چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے، رائیونڈ میں چھت گرنے سے 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔

    محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے آئندہ 24 گھنٹے میں شدید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

    پنجاب میں گزشتہ روز سے جاری بارش میں ہلاکتوں کی تعداد 18 ہو گئی ہے، صرف لاہور میں بارش کے دوران حادثات میں دس افراد جان سے گئے۔

  • لاہور :‌ کبوتروں پر ظلم کا انکشاف، ملزم گرفتار

    لاہور :‌ کبوتروں پر ظلم کا انکشاف، ملزم گرفتار

    لاہور : جوہر ٹاؤن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کبوتروں پر تشدد کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں جوہر ٹاؤن کے علاقے میں کبوتروں پر ظلم کا انکشاف سامنے آیا ، کبوتروں کو اونچا اچھالنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی اپلوڈ کی جاتی تھی۔

    پولیس نے بتایا کہ جوہر ٹاؤن میں کبوتروں کو زیادہ اپر اچھالنے پر انعام دیا جاتا تھا تاہم جوہر ٹاؤن پولیس نے کبوتروں پر تشدد کا مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    پولیس اینیمل ریسکیو سینٹر نے کارروائی کرتے ہوئے 80 سے 90 کبوتر برآمد کیے ، جن میں سے 5 کبوتر زخمی، جن کو پنجوں میں شدید چوٹے آئی ہوئی تھی جبکہ 10 سے 15 کبوتر کمزور حالت میں پائے گئے۔

    ملزم سوشل میڈیا پر کبوتروں کی ویڈیوز اپلوڈ کرتا تھا اور شہریوں سے کبوتروں پر تشدد کرواتا تھا۔

    کبوتروں پر تشدد کرنے پر ملزم عالم شیر کے خلاف ٹریفک وارڈن شمع محمد جمیل کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا اور کبوتروں کو پولیس اینیمل ریسکیو سینٹر میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

    کبوتروں کو اونچا اچھالنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی اپلوڈ کی جاتی تھی، جس پر پولیس نے مقدمہ درج کر دیا ۔

  • جانوروں پر تشدد اور مارنے کی دھمکی دینے والی خاتون کے خلاف مقدمہ درج

    جانوروں پر تشدد اور مارنے کی دھمکی دینے والی خاتون کے خلاف مقدمہ درج

    لاہور کے علاقے ڈیفنس میں پولیس نے جانوروں پر تشدد کر نے والی خاتون کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے ڈیفنس فیز 2 میں خاتون کے خلاف جانوروں پر تشدد کا مقدمہ درج کرلیا گیا، انسٹاگرام پر خرگوش کی ہلاکت اور بلی کو مارنے کی دھمکی کی جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    مقدمہ تھانہ ڈیفنس بی میں وائلڈ لائف قوانین کے تحت درج کیا گیا، پولیس نے بتایا ملزمہ زخمی جانوروں کی تصاویر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرتی تھی۔

    ایف آئی آر کے متن کے مطابق ویڈیو میں ملزمہ بلی اور خرگوش پر تشدد کرتی، انہیں مارنے کی دھمکیاں دیتی تھیں، ملزمہ کے گھر سے بڑی تعداد میں جانور ملے، جن میں بیشتر جانور بدتر حالت میں پائے گئے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ تمام جانور وائلڈ لائف پنجاب کے حوالے کر دیئے گئے، پولیس حکام کے مطابق ملزمہ کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں ہے، اُسے ذہنی امراض کے نجی کلینک میں داخل کرا دیا گیا ہے۔

  • لاہور میں  8 گھنٹے بارش کا تاریخی اسپیل، نیا ریکارڈ بن گیا

    لاہور میں 8 گھنٹے بارش کا تاریخی اسپیل، نیا ریکارڈ بن گیا

    لاہور : پنجاب کے دارلحکومت لاہور میں 8 گھنٹے سے بارش کا تاریخی اسپیل جاری ہے ، اوسطاً 136 ملی میٹربارش کا نیا ریکارڈ بن گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں مون سون بارشوں کا زوردار اسپیل جاری ہے، آٹھ گھنٹوں سے جاری موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔

    ماہرین موسمیات نے اسے سنچری بارش قرار دیا ہے، جو مون سون کی شدت کی واضح علامت ہے۔

    سمن آباد کا علاقہ دریا کا منظرپیش کرنے لگا، جس سے شہریوں کیلئے آمدورفت مشکل ہوگئی، سب سے زیادہ بارش نشتر ٹاؤن میں ایک سو اٹھہتر ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ اقبال ٹاؤن اور پانی والا تالاب میں ایک سو پچھہتر ملی میٹربارش ہوئی۔

    لاہور سٹی 115، لکشمی چوک 110، چوک ناخودا اور سمن آباد 109، نشتر ٹاؤن 108 ، فرخ آباد 102، گلشن راوی 98، گلبرگ 97، قرطبہ چوک 96، جیل روڈ 94، مغل پورہ 87، اور ایئرپورٹ 33 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ۔

    زیر آب آنے والے علاقوں سے پانی کی نکاسی جاری ہے، واسا کی ٹیمیں اور افسران فیلڈ میں موجود ہیں۔

    موسم سے متعلق خبریں

    موسلا دھار مون سون بارش تاحال وقفے وقفے سے جاری ہے، جس نے شہر بھر میں معمولات زندگی کو متاثر کیا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے تاہم مون سون بارشوں کا دوسرا اسپیل 13 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

    پی ڈی ایم اے پنجاب نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کچے گھروں، بوسیدہ عمارتوں اور بجلی کے کھمبوں یا کھلی تاروں سے دور رہیں، کیونکہ مزید بارشوں کی پیش گوئی کے باعث حادثات کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

    نشیبی علاقوں کے مکینوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے، ریسکیو اور واسا ٹیموں کو فیلڈ میں رہتے ہوئے نکاسی آب کے عمل کو تیز کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں لاہور سمیت بالائی پنجاب کے دیگر شہروں میں مزید بارش کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں سیلابی کیفیت پیدا ہو سکتی ہے۔

    شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بارش سے متعلق الرٹس پر توجہ دیں۔

  • لاہور : 15 پر جھوٹی اطلاعات دینے والے  2 ملزمان گرفتار

    لاہور : 15 پر جھوٹی اطلاعات دینے والے 2 ملزمان گرفتار

    لاہور : ون فائیو پر جھوٹی اطلاعات دینے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، پولیس کی تفتیش کے دوران ملزمان نےسچ اگل دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں بادامی باغ پولیس نے ون فائیو پر جھوٹی اطلاعات دینے والے دو ملزمان کو گرفتارکرلیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم جاوید نے ون فائیو پر کال کر کے بتایا 3 ڈاکو رکشہ اورموبائل چھین کر لے گئے جبکہ دوسرے ملزم عثمان نے ون فائیو پر کال کر کے بتایا ڈاکو موٹرسائیکل، موبائل، نقدی چھین کرفرارہوئے۔

    حکام نے کہا کہ سیف سٹی کیمروں اوراردگرد علاقوں کی جانچ پرکوئی وقوعہ سامنے نہیں آیا۔

    پولیس کی تفتیش کے دوران ملزمان نےسچ اگل دیا، جاوید کا رکشہ اور موبائل قرض کے بدلے قرض خواہ لے گیا تھا جبکہ عثمان نے موبائل اور نقدی کھوجانے پر بے عزتی کے ڈر سے جھوٹی کال کی۔

    مزید پڑھیں : 11 لاکھ روپے ڈکیتی کی جھوٹی کال کرنے پر 2 ملزمان گرفتار

    یاد رہے اپریل میں الہ آباد میں گیارہ لاکھ روپے ڈکیتی کی جھوٹی کال کرنے پر دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

    پولیس نے بتایا تھا کہ اعظم نامی شہری نے گیارہ لاکھ روپے کی ڈکیتی کی اطلاع دی، پولیس نے موقع پر پہنچ کر اور حالات و واقعات کا جائزہ لیا اور چار گھنٹے کی تفتیش پر پتہ چلا کہ کالر نے اپنے کزن اویس کیساتھ ملکر واردات کا ڈرامہ رچایا تھا۔

    پولیس نے کہا تھا کہ ملزمان نے گیارہ لاکھ روپے جاز کیش کمپنی کو ادا کرنے تھے، جس کیلئے واردات کی منصوبہ بندی کی تاہم دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔

  • لاہور شاہدرہ واقعہ، آئی جی پنجاب نے والدین کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کر دی

    لاہور شاہدرہ واقعہ، آئی جی پنجاب نے والدین کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کر دی

    لاہور: آئی جی پولیس پنجاب نے شاہدرہ میں کار کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق اور 3 کے زخمی ہونے کا نوٹس لے لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کم عمر ڈرائیورز کی ٹریفک خلاف ورزیوں پر اظہار برہمی کرتے ہوئے صوبے بھر میں کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

    آئی جی پنجاب نے کہا حادثات کا موجب بغیر لائسنس کم عمر ڈرائیورز کو ہرگز سڑکوں پر نہ آنے دیا جائے، اور سیف سٹیز کیمروں کی مدد سے قوانین کی خلاف ورزیوں کی نشان دہی کی جائے۔

    انھوں نے کہا کہ کم عمر ڈرائیورز کے والدین کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، اوور سپیڈنگ،اوور لوڈنگ، ون وے خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس اپنائیں۔


    لاہور شاہدرہ میں کم عمر ڈرائیور نے 3 موٹر سائیکلوں کو کچل دیا، ویڈیو


    واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے علاقے شاہدرہ میں کم عمر ڈرائیور نے 3 موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا تھا، ایک بھائی جاں بحق دوسرا زخمی ہو گیا، جس کے بعد 14 سالہ ملزم حاشر کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    شاہدرہ ٹاؤن کے علاقے میں رات ساڑھے 10 بجے کے قریب ملزم حاشر نے لگژری گاڑی سے موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا تھا، جس میں موٹر سائیکل سوار ایک بھائی امین موقع پر جاں بحق جب کہ فرید زخمی ہو گیا۔ تیسرا شہری عمران بھی گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہوا۔

    واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی، شہریوں نے موقع پر ملزم کو گاڑی سے اتارا اور اس پر تشدد کیا، تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر 14 سالہ حاشر کو حراست میں لے کر حوالات میں بند کر دیا۔

  • لاہور شاہدرہ میں کم عمر ڈرائیور نے 3 موٹر سائیکلوں کو کچل دیا، ویڈیو

    لاہور شاہدرہ میں کم عمر ڈرائیور نے 3 موٹر سائیکلوں کو کچل دیا، ویڈیو

    لاہور: پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقے شاہدرہ میں ایک 14 سالہ ڈرائیور نے 3 موٹر سائیکلوں کو کچل دیا، حادثے میں ایک شخص کی موت واقع ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے شاہدرہ میں سنگیت سینما کے قریب کم عمر ڈرائیور نے تین موٹر سائیکلوں کو کچل دیا، پولیس کے مطابق حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوئے۔

    کم عمر بچے کی ڈرائیونگ کرتے ہوئے دو سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آ گئے ہیں، فوٹیج میں گاڑی چلاتے ہوئے بچے کو واضح طور پر دیکھا گیا، حادثے کے بعد مشتعل افراد نے بچے کو پکڑ کر تھپڑ مارے۔

    بچہ مشتعل افراد سے جان بچا کر بھاگ کر دکان میں داخل ہوا، وہاں موجود لوگوں نے بچے کو مشتعل افراد سے بچا کر پولیس کے حوالے کر دیا، پولیس کے مطابق گاڑی چلانے والے بچے کی عمر چودہ سال ہے۔

    شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے کم عمر ڈرائیور دس سالہ حاشر کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مرحوم کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔

  • لاہور :  شیر کا شہریوں پر حملہ، شیر کے مالک سمیت3  افراد گرفتار ، مقدمہ درج

    لاہور : شیر کا شہریوں پر حملہ، شیر کے مالک سمیت3 افراد گرفتار ، مقدمہ درج

    لاہور : شاہ دی کھوئی جوہر ٹاؤن میں شیر کے شہریوں پر حملے کے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے شیر کے مالک سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں فارم ہاؤس سے نکل کر شہریوں پر حملہ کرنے والے شیر کے مالک سمیت تین ملزمان کو دھر لیا گیا ، گرفتار ہونے والوں میں ملک اعظم عرف شانی، اس کا بیٹا بہرام اور بھائی ملک ناظم شامل ہیں۔

    وائلڈ لائف حکام نے شیر کو تحویل میں لے کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا ہے، ملک اعظم نے شیر کو اپنے دوست کے ڈیرے پر چھپا رکھا تھا۔

    دوسری جانب پولیس نے قیصر باجوہ کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے ، مقدمے میں وائلڈ لائف ایکٹ، اقدامِ قتل سمیت دیگر دفعات شامل کی گئیں تھیں۔

    پولیس نے بتایا کہ ملک شانی نے دو ماہ قبل شیر لیا تھا اور ملزم کے پاس شیر رکھنے کا لائسنس بھی نہیں ہے۔

    گزشتہ روز جوہرٹاؤن میں فارم ہاؤس کی دیوار پھلانگ کر شیر سڑک پر آگیا تھا، شیر کے حملے میں دو بچوں سمیت تین افراد زخمی ہوئے تھے۔

    پولیس کے مطابق اعظم عرف شانی نے گھر میں شیر رکھا ہوا تھا جو پنجرہ کھلا ہونے پر دیوار پھلانگ کر گلی میں آگیا تھا۔

    مزید پڑھیں : لاہور میں شیر کا شہریوں پر خوفناک حملہ، دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آگئی

    وائلڈ لائف کا کہنا تھا کہ کوئی بھی شخص بغیر لائسنس شیر کو اپنےپاس نہیں رکھ سکتا، غیر قانونی اور بلا لائسنس شیر کو رکھنا ناقابل ضمانت جرم ہے، غیر قانونی طورپرشیرپالنےکی سزا7 سال،50لاکھ روپے جرمانہ ہے۔

    بعد ازاں ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی تھی اور کہا تھا کسی کا شوق شہریوں کی جان کےلیےخطرہ بنے یہ قبول نہیں کیا جا سکتا۔

  • 8 محرم الحرام: لاہور سمیت پنجاب بھر میں سیکیورٹی سخت کردی گئی

    8 محرم الحرام: لاہور سمیت پنجاب بھر میں سیکیورٹی سخت کردی گئی

    لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر میں 8 محرم الحرام کے موقع پر عزاداری کے سلسلے میں جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں 8 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ دربارِ حسین اندرون موری گیٹ سے برآمد ہو گیا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا شام کو امام بارگاہ بیت الرضا پرانی انار کلی پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔

    جلوس کی گزرگاہوں پر دکانیں اور مارکیٹیں سیل کردی گئی ہیں، جلوس میں شریک عزادار ماتم، زنجیر زنی اور سینہ کوبی کریں گے، شبیہ ذوالجناح کا یہ جلوس اندرون موری گیٹ سے ہوتا ہوا کوچہ چراغاں سے گزرے گا، جلوس جامعہ رضویہ، بخاری چوک، لوہاری گیٹ سے ہوتا ہوا انار کلی پہنچے گا۔

    ترجمان لاہور پولیس کے مطابق پنجاب بھر میں 58 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی پر مامور ہوں گے، لاہور میں 3600 سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہوں گے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں آج 1365 جلوس اور 3940 مجالس کا انعقاد ہوگا جبکہ لاہور میں آج 86 جلوس، 416 مجالس منعقد ہو رہی ہیں، 27 ہزار سے زائد کمیونٹی رضا کار سیکیورٹی میں معاونت کررہے ہیں۔

    آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ عشرہ محرم کے دوران سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، دفعہ 144 پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جارہا ہے، ہوائی فائرنگ، اسلحہ نمائش، اشتعال انگیزی پر مکمل پابندی ہوگی۔

    آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ غیر طے شدہ مقامات پر مجالس وجلوس کی اجازت نہیں ہوگی،  سیف سٹیز اتھارٹی وضلعی کیمروں سے مکمل مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

    آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ لاؤڈ اسپیکر ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا، سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی نگرانی اور کارروائی جاری ہے، تمام اضلاع کےکنٹرول رومز مرکزی کنٹرول روم سے منسلک ہے۔

  • لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہر  زلزلے سے لرز اٹھے

    لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہر زلزلے سے لرز اٹھے

    لاہور : پنجاب کے دارلحکومت لاہور سمیت مختلف شہر زلزلے سے لرز اٹھے ، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

    لاہور ، قصور، اوکاڑہ اور شیخوپورہ ، صفدرآباد، خانقاہ ڈوگراں اور گردونواح میں زلزلہ محسوس کیا گیا۔

    زلزلہ پیما مرکز نے بتایا زلزلے کی شدت4.4ریکارڈکی گئی اور مرکز لاہور سے 25 کلو میٹر جنوب مغرب میں تھا جبکہ زلزلے کی گہرائی 14 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔

    پی ڈی ایم اے کو پنجاب کے تمام اضلاع سے زلزلہ سے متعلق ابتدائی رپورٹ موصول ہوگئی ہے، جس میں بتایا کہ لاہور سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں زلزلہ محسوس کیاگیا، قصور ،اوکاڑہ ،شیخوپورہ ،مرید کےودیگراضلاع میں زلزلہ محسوس کیا گیا۔

    پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر کی انتظامیہ عمارتوں کی چیکنگ میں مصروف ہے اور زلزلہ کے آفٹر شاکس سے نمٹنے کیلئےمشینری ،عملہ الرٹ ہے، اس کے ساتھ پراونشل کنٹرول روم سمیت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرزالرٹ ہیں۔

    مزید پڑھیں : بلوچستان میں 5.5 شدت کے زلزلے کے جھٹکے

    یاد رہے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں 5.5 شدت کا زلزلہ آیا تھا، زلزلے کا مرکز ڈیرہ غازی خان سے تقریباً 80 کلومیٹر شمال مغرب میں تھا۔

    مقامی انتظامیہ نے تصدیق کی تھی کہ زلزلے کے جھٹکوں نے راشام کے علاقے میں زمینی نقصان پہنچایا، جہاں دو مکانات گر گئے اور پانچ دیگر مکانوں کو جزوی نقصان پہنچا ہے، واقعے میں تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے حکام نے بتایا تھا کہ فی الحال نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔