Tag: لبنان

  • کویت کے شہریوں کا لبنان سے انخلاء شروع

    کویت کے شہریوں کا لبنان سے انخلاء شروع

    کویتی شہریوں کے انخلاء کے لیے کویت کا بحری جہاز ہفتے کے روز لبنان روانہ ہو گیا، ایک دن قبل خلیجی ملک نے سلامتی کی صورتِ حال کے باعث اپنے شہریوں کو ملک چھوڑنے کے لیے ہدایات جاری کی تھیں۔

    کویت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے یو این اے کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان فوجی کشیدگی میں اضافہ ہوسکتا ہے، جس کے پیشِ نظر کویت ایئرویز نے ”لبنان سے شہریوں کو نکالنے کے لیے پہلا طیارہ روانہ کردیا ہے۔

    جمعے کے روز ایک بیان میں کویتی وزارتِ خارجہ نے شہریوں کے لئے ہدایات جاری کیں کہ خطہ میں سکیورٹی کی مسلسل پیش رفت اور بدلتے ہوئے حالات کے باعث لبنان جانے سے گریز کریں۔

    اس وقت لبنان میں موجود جن شہریوں کو وہاں رکنے کی فوری ضرورت نہیں، انہیں بھی ”جلد ازجلد” وہاں سے نکل جانے کو کہا گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق کویتی شہریوں نے لبنان سے شہریوں کی واپسی کے لیے ”ہوائی پل” قائم کرنے میں تعاون پر متعلقہ حکام کا شکریہ ادا کیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اسرائیل کی جانب سے لبنان میں حملے کے دوران آتش گیر سفید فاسفورس استعمال کرنے کا انکشاف ہوا تھا۔

    انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے حملوں میں آتش گیر سفید فاسفورس گولے استعمال کیے جو عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور جرم ہے۔

    سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی مختلف تصاویر اور ویڈیوز میں لبنان کے مختلف علاقوں میں رہائشی عمارتوں پر سفید فاسفورس کے گولے گرتے دیکھے جاسکتے ہیں۔

    روس میں دہشتگردوں کے حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 20 ہوگئی

    ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹ کے مطابق سفید فاسفورس کیمیکل انسانی گوشت اور ہڈیوں کو جلا سکتا ہے اور عمارتوں کو آگ بھی لگا سکتا ہے۔ مقامی آبادی کی جانب سے بھی فاسفورس کے استعمال کی تصدیق کی گئی ہے۔

  • اسرائیل باز نہ آیا، لبنان کی رہائشی عمارتوں پر آتش گیر سفید فاسفورس سے حملے

    اسرائیل باز نہ آیا، لبنان کی رہائشی عمارتوں پر آتش گیر سفید فاسفورس سے حملے

    غزہ ہو یا لبنان ہر طرف اسرائیلی بربریت کا سلسلہ جاری ہے، اسرائیل کی جانب سے لبنان میں حملے کے دوران آتش گیر سفید فاسفورس استعمال کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے حملوں میں آتش گیر سفید فاسفورس گولے استعمال کیے جو عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور جرم ہے۔

    سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی مختلف تصاویر اور ویڈیوز میں لبنان کے مختلف علاقوں میں رہائشی عمارتوں پر سفید فاسفورس کے گولے گرتے دیکھے جاسکتے ہیں۔

    ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹ کے مطابق سفید فاسفورس کیمیکل انسانی گوشت اور ہڈیوں کو جلا سکتا ہے اور عمارتوں کو آگ بھی لگا سکتا ہے۔ مقامی آبادی کی جانب سے بھی فاسفورس کے استعمال کی تصدیق کی گئی ہے۔

    دوسری جانب صہیونی فورسز نے ایک اور وحشیانہ کارروائی میں اقوام متحدہ کے ادارے ’ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی‘ کے قائم کردہ اسکول کو بمباری سے تباہ کر دیا، جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت 32 فلسطینی شہید ہو گئے۔

    اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی جاری ہے، وسطی غزہ میں نصیرات پناہ گزین کیمپ میں قائم UNRWA کے اسکول میں بے گھر افراد نے پناہ لی ہوئی تھی، غزہ کے سرکاری میڈیا آفس کا کہنا ہے کہ خوفناک اسرائیلی بمباری میں درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    اسرائیلی فوج نے شرمناک اعتراف کیا ہے کہ اس کے جیٹ طیاروں نے غزہ میں UNRWA کے ایک اسکول کو نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ عمارت میں حماس کے جنگجوؤں نے پناہ لی ہوئی تھی۔

    ناگاساکی ایٹمی حملہ، تقریب میں اسرائیلی سفیر کا ’داخلہ بند‘

    اسرائیلی فوج نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ حماس کے جنگجوؤں نے پناہ گاہ کو استعمال کیا، اور اسکول کے علاقے سے کارروائیاں کیں، اسرائیلی فوج نے انھیں نشانہ بنا کر ختم کر دیا۔ عام شہریوں کو نقصان کم سے کم ہو، اس مقصد کے لیے بھی اقدامات کیے گئے۔

  • لبنان کی فرح دخل اللہ نیٹو کی نئی ترجمان مقرر

    لبنان کی فرح دخل اللہ نیٹو کی نئی ترجمان مقرر

    نیٹو نے لبنان سے تعلق رکھنے والی خاتون فرح دخل اللہ کو تنظیم کی نئی ترجمان مقرر کر دیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن(نیٹو)  کے سیکرٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ  نے تنظیم کی نئی ترجمان کے طور پر فرح دخل اللہ کو تعینات کیا ہے۔

    لبنانی نژاد برطانوی شہری فرح دخل اللہ نے کئی سرکاری اور نجی شعبوں میں اہم ذمہ داریاں نبھائی ہیں، جبکہ اس عہدے سے متعلق بھی وہ وسیع تجربہ رکھتی ہیں۔

    فرح دخل اللہ اس سے قبل اقوام متحدہ، برطانوی حکومت اور آسٹرازینکا سمیت کئی میڈیا تنظیموں سمیت عالمی ادارہ صحت میں کمیونیکیشن مینیجر اور برطانوی فارن اینڈ کامن ویلتھ آفس میں عربی ترجمان کے طور پر بھی خدمات سر انجام دے چکی ہیں۔

    کیمبرج یونی ورسٹی سے بین الاقوامی تعلقات عامہ میں اور لندن اسکول آف اکنامکس سے میڈیا اور مواصلات میں ماسٹر کی ڈگریاں حاصل کرنے والی فرح نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر لکھا کہ اس نازک دور میں نیٹو تنظیم کی ترجمانی اور پریس اور میڈیا کی قیادت کرنا اعزاز کی بات ہے۔

  • جنوبی لبنان پر اسرائیلی سفید فاسفورس بم داغے جانے کا بھیانک نتیجہ

    جنوبی لبنان پر اسرائیلی سفید فاسفورس بم داغے جانے کا بھیانک نتیجہ

    بیروت: اسرائیل نے جنوبی لبنان پر مہلک کیمیکل سفید فاسفورس والے بم داغ دیے ہیں۔

    عرب میڈیا کے مطابق لبنان سے حزب اللہ کے حملے کے جواب میں اسرائیل نے سدرن لبنان پر مہلک کیمیکل سفید فاسفورس والے بم داغ دیے ہیں جس سے زیتوں کے ہزاروں درخت جل کر راکھ ہو گئے۔

    بیروت میں فضائی حملے میں شہری آبادی کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

    حزب اللہ کے راکٹ حملوں کے بعد اسرائیل نے جنوبی لبنان میں متعدد اہداف کو نشانہ بنایا، اسرائیلی ڈیفنس فورس نے X پر کئی حملوں کی فوٹیج شیئر کر دی ہیں، جن میں متعدد عمارتوں اور دیہی مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔

    حزب اللہ اور القدس بریگیڈ نے اسرائیل پر اچانک راکٹوں کی بارش کر کے ہوش اڑا دیے

    اسرائیلی جیٹ طیاروں نے جن علاقوں کو نشانہ بنایا اُن میں عیتا الشعب، یارون اور رمیا میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

  • اسرائیلی فوج نے ایک اور شہر خالی کرنے کا حکم دے دیا

    اسرائیلی فوج نے ایک اور شہر خالی کرنے کا حکم دے دیا

    اسرائیلی فوج نے لبنانی شہر کو خالی کرنے کا حکم دیا ہے، یہ اعلان لبنان کے ساتھ سرحد پر حزب اللہ کے جنگجوؤں کے ساتھ ہونے والی جھڑپوں کے بعد کیا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تھوڑی دیر پہلے شہر کریات شمونہ کے میئر کو فیصلے سے آگاہ کردیا گیا ہے، اس منصوبے کا انتظام مقامی اتھارٹی، وزارتِ سیاحت اور وزارتِ دفاع کریں گے۔

    7اکتوبر کو جنوبی اسرائیل میں حماس کے مسلح افراد کے حملہ کے بعد سے لبنان کی ایرانی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ اور اتحادی فلسطینی گروہوں نے اسرائیل کے ساتھ کئی دنوں سے سرحد پار فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ اسرائیلی حکام کے مطابق مذکورہ حملے میں کم از کم 1,400 افراد ہلاک ہوئے جن میں زیادہ تر عام شہری تھے۔

    حماس کے زیرِانتظام وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق غزہ کی پٹی میں 3,700 سے زیادہ فلسطینی جوابی اسرائیلی بمباری میں ہلاک ہو چکے ہیں جن میں بنیادی طور پر عام شہری ہیں۔

    اسرائیل کی فوج نے کہا ہے کہ اس کی افواج حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہی ہیں کیونکہ سرحد پر کشیدگی بڑھ رہی ہے۔

    فوج نے جمعے کے اوائل میں کہا، "آئی ڈی ایف (اسرائیلی دفاعی افواج) نے حزب اللہ کے بنیادی ڈھانچے کے خلاف متعدد حملے کیے جن میں مشاہداتی چوکیاں بھی شامل ہیں۔”

    "اس کے علاوہ آئی ڈی ایف کے لڑاکا طیاروں نے تین دہشت گردوں کو نشانہ بنایا جنہوں نے اسرائیل کی طرف ٹینک شکن میزائل داغنے کی کوشش کی۔”

    اسرائیلی حکام شمالی سرحد کے پار کمیونٹیز کو مستقل طور پر خالی کر رہے ہیں کیونکہ گوریلا فوجی اور ٹینک اور بکتر بند گاڑیاں بڑی تعداد میں علاقے میں داخل ہو رہی ہیں۔

    شیعہ مسلم حزب اللہ تحریک لبنان کا واحد مسلح گروہ تھا جو 1975-1990 کی خانہ جنگی کے بعد غیر مسلح نہیں ہوا۔ اس گروہ نے آخری بار 2006 میں اسرائیل کے ساتھ ایک بڑا تنازع لڑا تھا۔

  • حزب اللہ کا حماس اسرائیل جنگ میں امریکی مداخلت پر دھمکی آمیز بیان

    حزب اللہ کا حماس اسرائیل جنگ میں امریکی مداخلت پر دھمکی آمیز بیان

    بیروت: لبنان کے مسلح گروپ حزب اللہ نے حماس اسرائیل جنگ میں امریکی مداخلت پر دھمکی آمیز بیان جاری کر کے امریکا کو خبردار کر دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس کے بعد حزب اللہ بھی اسرائیل کے خلاف جنگ میں شامل ہو گیا ہے، فلسطینی علاقوں پر دہائیوں سے قابض صہیونی فورسز کو حماس کے بعد اب ایک اور محاذ کا بھی سامنا ہے۔

    ترک میڈیا کے مطابق حزب اللہ کے ترجمان نے سرکاری بیان میں کہا ہے کہ فلسطین یوکرین نہیں ہے، براہ راست امریکی مداخلت پر خطے میں تمام امریکی مقامات ہمارے اہداف بن جائیں گے۔

    ترجمان حزب اللہ نے کہا ’’اگر امریکا براہ راست مداخلت کرتا ہے تو خطے میں تمام امریکی مقامات مزاحمتی محور کے جائز اہداف بن جائیں گے اور انھیں ہمارے حملوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘‘ ترجمان نے مزید کہا ’’اس دن کوئی سرخ لکیر باقی نہیں رہے گی۔‘‘

    اسرائیلی فوج کی لبنان کے سرحدی علاقے پر گولا باری

    واضح رہے کہ امریکا نے اسرائیل کے لیے طیارہ بردار جنگی بحری بیڑہ بھیجنے کا اعلان کر دیا ہے، امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کا کہنا ہے یو ایس ایس جیرالڈ آر فورڈ کا رخ اسرائیل کی طرف کر دیا گیا ہے، 6 جہازوں کے امریکی بیڑے میں گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر اور گائیڈڈ میزائل کروزر بھی شامل ہیں۔

    ’امریکی بحری بیڑے کی مدد پر حماس کاردعمل‘

    پینٹاگون کے مطابق امریکا مشرق وسطیٰ میں موجود لڑاکا طیاروں کی تعداد بڑھا رہا ہے، طیاروں میں ایف سولہ، ایف پندرہ، ایف تھرٹی فائیو اور اے ٹین شامل ہیں۔ امریکی وزیر دفاع نے کہا اسرائیل کی مدد کے لیے جنگی بحری بیڑٖے روانہ کر رہے ہیں، اسرائیل کے لوگوں کی حفاظت کی جائے گی۔

    حماس نے رد عمل میں کہا ہے کہ امریکا کے بحری بیڑے ہمیں خوف زدہ نہیں کر سکتے، امریکا کو اپنے اقدام کے نتائج کا ادراک کرنا چاہیے۔

  • لبنان کی حمایت کا سلسلہ جاری رہے گا، ایرانی وزیر خارجہ

    لبنان کی حمایت کا سلسلہ جاری رہے گا، ایرانی وزیر خارجہ

    اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کی جانب سے لبنان کی حمایت کا سلسلہ جاری رہے گا، انہوں نے کہا کہ دوسری حکومتوں سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مالیاتی بحران کے دوران لبنانی حکومت کی مدد کریں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کے روز بیروت کے ہوائی اڈے پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں آج لبنان میں ہوں اور یہ کہ ایران لبنان کی بہتری اور کے استحکام کے سوا کچھ نہیں چاہتا۔

    سعودی عرب کے اپنے حالیہ دورہ کا حوالہ دیتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ”سعودی حکام کے ساتھ بات چیت میں ہم نے لبنان کی صورتحال میں مدد کے حوالے سے تعمیری رویہ پایا، جس کی ہم بھرپور حمایت کرتے ہیں۔

    ایرانی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ”ہم تمام ممالک کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ لبنان کو اقتصادی امداد فراہم کریں، اس سلسلے میں ایران لبنان کی حمایت جاری رکھے گا۔

    واضح رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ شام کے دارالحکومت دمشق سے لبنان پہنچے، جہاں انہوں نے صدر بشار الاسد، وزیراعظم حسین ارنوس اور اپنے شامی ہم منصب فیصل مقداد سے ملاقات کی۔

  • لبنان میں مسلح گروہوں نے اسکولوں پر قبضہ کرنا شروع کردیا

    لبنان میں مسلح گروہوں نے اسکولوں پر قبضہ کرنا شروع کردیا

    لبنان کے اسکولوں پر مسلح گروہوں نے قبضہ کرلیا، حال ہی میں عين الحلوة فلسطینی پناہ گزین کیمپ میں ایک اسکول پر ہتھیار بند گروہ قابض ہوا ہے۔

    غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین (یو این آر ڈبلیو اے) کے ڈائریکٹر ڈوروتھی کلاز نے میڈیا کو بتایا کہ ’’ یہاں عمارتوں کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے جب کہ اسکولوں سے تعلیمی سامان اور آلات کی لوٹ مار کی واضح اطلاعات آرہی ہیں۔‘‘

    بیروت سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق جنوبی لبنان میں باغی گروہوں نے فلسطینی پناہ گزین کیمپ کے اسکول پر قبضہ کیا ہے، جن اسکولوں پر قبضہ ہوا ہے ان کی تعداد اب آٹھ ہوگئی ہے۔

    یو این آر ڈبلیو نے زور دیا ہے کہ اسکولوں سمیت عين الحلوة فلسطینی پناہ گزین کیمپ پر مسلح گروپوں کا قبضہ فوری ختم کرایا جائے۔

    قبضہ اقوام متحدہ کی سلامتی کی سنگین خلاف ورزی ہے اور کیمپ میں مقیم ہزاروں فلسطینی پناہ گزین بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ آنے والے تعلیمی سال کے بروقت آغاز کے لیے بھی انتہائی خطرناک ہے۔

    یو این آر ڈبلیو اے نے مسلح گروپوں کی جانب سے اپنی تنصیبات پر قبضے کے خلاف احتجاجاً جمعہ کو کیمپ میں اپنی خدمات معطل کر دی تھیں تاہم ہفتے کی صبح دوبارہ سے خدمات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • لبنان میں فلسطینی پناہ گزین کیمپ میں جھڑپیں جاری، 11 ہلاک

    لبنان میں فلسطینی پناہ گزین کیمپ میں جھڑپیں جاری، 11 ہلاک

    بیروت: لبنان کے ایک فلسطینی پناہ گزین کیمپ میں جھڑپیں جاری ہیں، جس میں ہلاکتوں کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔

    الجزیرہ کے مطابق لبنان کے سب سے بڑے فلسطینی پناہ گزین کیمپ عین الحلوہ میں دو گروپوں کے درمیان تیسرے روز بھی جھڑپیں ہوئیں، جس میں اب تک گیارہ افراد ہلاک اور 24 زخمی ہو چکے ہیں۔

    پناہ گزین کیمپ کے قریب لبنانی فوجی اڈے پر راکٹ گرنے سے ایک اہلکار زخمی ہو گیا ہے، واضح رہے عین الحلوہ کیمپ اپنی لاقانونیت کے لیے جانا جاتا ہے اور وہاں تشدد معمولی بات ہے۔

    مہاجرین کیمپ میں جھڑپیں سیاسی پارٹی کے کارکنوں اور شدت پسندوں کے حامیوں کے درمیان ہو رہی ہیں، رپورٹس کے مطابق عین الحِلوہ کیمپ میں یہ جھڑپیں گزشتہ ایک ہفتے سے جاری ہیں۔

    روئٹرز کے مطابق جھڑپوں کا آغاز گزشتہ روز سخت گیر اسلام پسندوں سے ہمدردی رکھنے والے ایک گروپ کے رہنما محمود خلیل پر قاتلانہ حملے کی ناکام کوشش سے ہوا تھا جس میں ایک شخص مارا گیا تھا۔ واقعے کے بعد مسلح عسکریت پسندوں کی طرف سے الفتح کے ہیڈ کوارٹر پر فائرنگ اور حملے کیے گئے۔

    اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اس کیمپ میں تقریباً 55 ہزار لوگ رہتے ہیں، جو 1948 میں اسرائیلی افواج کے ہاتھوں بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کی رہائش کے لیے قائم کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ لبنان کے 12 فلسطینی کیمپوں میں تقریباً 4 لاکھ فلسطینی پناہ گزین موجود ہیں۔

  • لبنان میں دو فلسطینی دھڑوں کے درمیان جھڑپوں میں شدت، 6 افراد جاں بحق

    لبنان میں دو فلسطینی دھڑوں کے درمیان جھڑپوں میں شدت، 6 افراد جاں بحق

    بیروت: لبنان میں دو فلسطینی دھڑوں کے درمیان جھڑپوں میں شدت آ گئی ہے، جس میں 6 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لبنان کے ایک پناہ گزین کیمپ میں فلسطینی دھڑوں کے درمیان جھڑپوں نے شدت اختیار کر لی ہے، جس میں چھ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

    مہاجرین کیمپ میں جھڑپیں سیاسی پارٹی کے کارکنوں اور شدت پسندوں کے حامیوں کے درمیان ہو رہی ہیں، رپورٹس کے مطابق عین الحِلوہ کیمپ میں یہ جھڑپیں گزشتہ ایک ہفتے سے جاری ہیں۔

    الجزیرہ کے مطابق فلسطینی حکام نے بتایا کہ جنوبی بندرگاہی شہر سیڈون کے قریب لبنان کے سب سے بڑے فلسطینی پناہ گزین کیمپ میں جھڑپوں میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور سات زخمی ہو گئے ہیں۔ فلسطینی دھڑے الفتح نے اتوار کو ایک بیان میں اپنے کمانڈر اشرف العرموشی اور ان کے چار ساتھیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی، جنھیں شدت پسندوں نے گھات لگا کر مارا۔

    روئٹرز کے مطابق جھڑپوں کا آغاز گزشتہ روز سخت گیر اسلام پسندوں سے ہمدردی رکھنے والے ایک گروپ کے رہنما محمود خلیل پر قاتلانہ حملے کی ناکام کوشش سے ہوا تھا جس میں ایک شخص مارا گیا تھا۔ واقعے کے بعد مسلح عسکریت پسندوں کی طرف سے الفتح کے ہیڈ کوارٹر پر فائرنگ اور حملے کیے گئے۔

    الجزیرہ کے مطابق لبنانی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایک مارٹر گولہ کیمپ کے باہر ایک فوجی بیرک پر لگا جس میں ایک فوجی زخمی ہوا، جس کی حالت مستحکم ہے۔ عین الحلوہ وہ کیمپ ہے جو اپنی لاقانونیت کے لیے مشہور ہے، اور وہاں تشدد کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اس کیمپ میں تقریباً 55 ہزار لوگ رہتے ہیں، جو 1948 میں اسرائیلی افواج کے ہاتھوں بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کی رہائش کے لیے قائم کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ لبنان کے 12 فلسطینی کیمپوں میں تقریباً 4 لاکھ فلسطینی پناہ گزین موجود ہیں۔