Tag: لفٹ

  • نوکری کے پہلے دن ڈیلیوری مین کے ساتھ لفٹ میں خوف ناک واقعہ

    نوکری کے پہلے دن ڈیلیوری مین کے ساتھ لفٹ میں خوف ناک واقعہ

    ادانہ: ترکی کے ایک شہر میں نوکری کے پہلے دن ڈیلیوری مین کے ساتھ لفٹ میں جان لیوا حادثہ پیش آ گیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترکی کے شہر ادانہ میں نیل پولات نامی شہری نے گروسری ڈیلیوری کی نوکری شروع کی تو اسے گمان بھی نہیں تھا کہ نوکری کا یہ پہلا دن اس کی زندگی کا آخری دن بن جائے گا۔

    چار بچوں کا باپ نیل پولات اس وقت بالکل اچانک خوف ناک موت کا شکار ہو گیا جب وہ ایک ٹرالی کے ساتھ الٹے قدموں سے لفٹ میں داخل ہوا، اندر ایک خلا تھا جس کی وجہ سے وہ 9 منزل نیچے جا گرا۔

    ترکی اخبار کے مطابق 47 سالہ شہری نے اسی دن ہی ایک نئے گروسری اسٹور پر ڈیلیوری مین کی حیثیت سے ملازمت کی شروعات کی تھی، وہ ایک گھر پر گروسری سے بھری ایک ٹرالی پہنچانے گیا تھا لیکن بدقسمتی سے واپس پر مہلک حادثہ پیش آ گیا۔

    سامان پہنچانے کے بعد وہ خالی ٹرالی لے کر لفٹ میں اپنی پشت کی طرف سے داخل ہو رہا تھا، اس لیے اسے پتا نہ چل سکا کہ اندر ابھی لفٹ نہیں آئی ہے اور وہ ابھی اوپری منزل پر ہے، اس لیے جب اس نے اندر قدم رکھا تو سیدھا نو منزل نیچے گر گیا۔

    اپارٹمنٹ کے رہائشیوں نے فوری طور پر پولیس اور طبی عملے کو اطلاع کر دی لیکن بہت دیر ہو چکی تھی، پولات تقریباً 40 میٹر اونچائی سے گرا تھا، اس لیے وہ گرتے ہی مر گیا تھا۔

    یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ جب لفٹ اوپری منزل پر تھی تو لفٹ کا دروازہ کیسے کھلا، پولیس اس عجیب واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

  • 2 سالہ بچی کے ساتھ لفٹ میں خوفناک واقعہ، کمزور دل افراد نہ دیکھیں

    2 سالہ بچی کے ساتھ لفٹ میں خوفناک واقعہ، کمزور دل افراد نہ دیکھیں

    ہوبائی: چین کے صوبے ہوبائی کے ایک علاقے میں لفٹ کے اندر 2 سالہ بچی کے ساتھ ایک نہایت دل دوز واقعہ پیش آیا، اس واقعے کی ویڈیو جس نے بھی دیکھی، دل تھام کر رہ گیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق دو سالہ ایک بچی ایک خاتون کے ساتھ لفٹ کے پاس کھڑی تھی، اس کے ہاتھ میں حفاظتی پٹا بندھا ہوا تھا جس کا دوسرا سرا خاتون کے ہاتھ میں تھا، لفٹ کھلنے پر وہ اندر چلی گئی، خاتون ابھی باہر تھی جب اچانک لفٹ کا دروازہ بند ہو گیا اور لفٹ نیچے چلنے لگی۔

    لفٹ کے اندر کیمرے نے یہ دل دوز منظر ریکارڈ کر لیا، لفٹ جیسے ہی نیچے کی طرف چل پڑی، بچی تیزی کے ساتھ اوپر چھت کی طرف اٹھی اور وہاں پھنس گئی۔

    یہ واقعہ جمعرات کو ہوبائی صوبے کے شہر ڈیو میں پیش آیا تھا، خاتون تین بچوں کے ساتھ جا رہی تھی، اور بچوں کے ہاتھوں میں حفاظتی پٹے بندھے ہوئے تھے، ایسے پٹوں کا استعمال چین میں عام ہے جس کا مقصد بچوں کو اغوا ہونے اور کھونے سے بچانا ہوتا ہے۔

    یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ واقعے کے وقت خاتون کیا کر رہی تھی، بچی لفٹ کے اندر اکیلی گئی، اس کا پٹا بدستور خاتون کے ہاتھ میں تھا، جب لفٹ کا دروازہ بند ہو گیا اور بچی اچانک ایک جھٹکے سے اوپر اٹھ کر چھت کے ساتھ خوف ناک انداز میں جھول گئی۔

    خوش قسمتی سے لفٹ کے اندر لڑکی کی غیر معمولی حرکت سے اندر کا ایمرجنسی سسٹم خود بہ خود متحرک ہو گیا اور لفٹ فوراً رک گئی، بچی کئی منٹ تک اوپر جھولتی رہی، تاہم لفٹ پھر خود ہی اوپر کی طرف آئی اور بچی دھیرے سے فرش پر دوبارہ پیروں پر کھڑی ہو گئی۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق اس واقعے میں بچی خوش قسمتی سے چوٹ سے محفوظ رہی تھی۔

  • تھائی لینڈ میں کرونا سے بچنے کے لیے بہترین اقدام

    تھائی لینڈ میں کرونا سے بچنے کے لیے بہترین اقدام

    بنکاک: تھائی لینڈ میں شاپنگ مال کو کروناوائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لیا گیا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تھائی لینڈ میں قائم ایک شاپنگ مال انتظامیہ نے لفٹ سسٹم کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے وبائی مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے بہترین اقدام اٹھایا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق شاپنگ مال میں لفٹ بٹن کو پاؤں کے ذریعے استعمال کرنے کا موقع دیا گیا ہے تاکہ بغیر ہاتھ لگائے شہری لفٹ کی مدد سے اپنی مقررہ منزل تک پہنچ سکیں۔

    حالیہ دنوں غیرملکی میڈیا پر ایسی خبریں بھی منظرعام پر آئی تھیں جس میں کہا گیا تھا کہ کئی ایسے شہری وبا کو شکار ہوئے جنہوں نے کسی عمارت یا شاپنگ مالز کا لفٹ استعمال کیا تھا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ کرونا مریض اگر کسی جگہ کو ہاتھ لگائے اور کوئی دوسرا شخص اسے چھولے تو کرونا اس میں بھی منتقل ہوسکتا ہے۔ اسی کے پیش نظر پاؤں کے ذریعے لفٹ کا استعمال یقینی بنایا جارہا ہے۔

    ممکنہ طور پر مذکورہ سسٹم تھائی لینڈ کے دیگر شاپنگ مالز اور عمارتوں میں بھی نصب کیا جاسکتا ہے۔

  • الیکٹریشن لفٹ میں پھنس کر ہلاک

    الیکٹریشن لفٹ میں پھنس کر ہلاک

    ممبئی: بھارتی شہر ممبئی میں لفٹ میں پھنس کر 52 سالہ الیکٹریشن رامانند کرشنا پٹکر جان کی بازی ہار گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس حکام کہنا ہے کہ جمعرات کے روز لفٹ اچانک بند ہوگئی تھی، نجی لفٹ کمپنی کے الیکٹریشن نے اسے ٹھیک کیا لیکن جمعے کے روز لفٹ دوبارہ خراب ہوگئی۔

    پولیس نے بتایا کہ جمعے کے روز 52 سالہ الیکٹریشن رامانند کرشنا پٹکر لفٹ ٹھیک کر رہے تھے کہ اچانک لفٹ کے دروازے بند ہوگئے، ان کی ٹانگیں دروازے میں پھنس گئیں اور چوتھی منزل سے لفٹ نیچے آگری۔

    پولیس کے مطابق الیکٹریشن رامانند کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جان کی بازی ہار گئے۔ پولیس نے بتایا کہ الیکٹریشن کی ٹانگیں ٹوٹنے اور سر پر شدید چوٹیں آنے کے باعث موت واقع ہوئی۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ حادثے میں مرنے والے رامانند نے سوگواران میں بیوی، بیٹا اور بیٹی چھوڑی ہے۔

    یاد رہے کہ رواں سال ستمبر میں ممبئی میں ایس اے گراؤنڈ ٹاور کی لفٹ گرنے سے بلڈنگ کے رہائشی خوفزدہ ہوگئے تھے، جائے وقوعہ پر زبیر نامی شخص لفٹ میں پھنس گیا تھا جسے فائر بریگیڈ اور پولیس کی مدد سے باہر نکالا گیا تھا۔

  • لاہور: میو اسپتال کی لفٹ نے معصوم بچے کی جان لے لی

    لاہور: میو اسپتال کی لفٹ نے معصوم بچے کی جان لے لی

    لاہور: میواسپتال لاہور میں‌ پیش آنے والے ایک افسوس ناک واقعے میں چودہ سالہ بچہ اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا.

    تفصیلات کے مطابق چودہ سالہ فہد میو اسپتال کی لفٹ میں پھنس کر زندگی کی بازی ہاری گیا.

    انتظامیہ کے مطابق بچے کا سر چلتی لفٹ میں جنگلے میں‌ پھنس گیا تھا، جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا.

    وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعے کی فوری تحقیقات اورذمہ داروں کاتعین کرکےکارروائی کی ہدایت کردی ہے.

    اسپتال انتظامیہ نے چاررکنی کمیٹی بنا دی ،جو چوبیس گھنٹےمیں اس افسوس ناک واقعے کی رپورٹ پیش کرے گی. لفٹ آپریٹرکومعطل کردیاگیا.

    مزید پڑھیں: کراچی، لفٹ میں پھنسنے سے 14 سالہ گھریلو ملازم جاں بحق، چار گھنٹے بعد لاش ریسکیو

    واقعے کے بعد وزیر صحت یاسمین راشد نے میو اسپتال کا دورہ کیا، انھوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے واقعے کو حادثہ قرار دیا.

    ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ بچےکی موت پرکمیٹی بنا دی ،24 گھنٹےمیں رپورٹ جمع کرائے گی.

    ایم ایس میواسپتال کے مطابق آریٹر کو معطل کیا جاسکتا ہے، لفٹ پرانی ہے، واقعے حادثاتی طور پر پیش آیا.

  • شکاگو:‌95ویں منزل سے لفٹ گرنے کا حادثہ، معجزانہ طور پر سب محفوظ رہے

    شکاگو:‌95ویں منزل سے لفٹ گرنے کا حادثہ، معجزانہ طور پر سب محفوظ رہے

    نیویارک: امریکی شہر شکاگو میں واقع 95ویں منزلہ بلند ترین عمارت کی لفٹ گر گئی، معجزانہ طور پر واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی شہر شکاگو کی چوتھی بلند ترین عمارت کی 95ویں منزل سے لفٹ ایک دم نیچے آکر گری، واقعے کے وقت لفٹ کے اندر حاملہ خاتون سمیت 6 افراد موجود تھے۔

    رپورٹ کے مطابق جمعے کے روز مقامی افراد صبح کے وقت گھروں سے دفاتر کے لیے روانہ ہورہے تھے کہ انہوں نے 95 ویں منزل سے گراؤنڈ فلور پر پہنچنے کے لیے لفٹ بلائی۔

    لفٹ میں ایک حاملہ خاتون سمیت چھ افراد سوار تھے کہ اچانک اس کا بیلٹ ٹوٹ گیا جس کے بعد یہ 95ویں منزل سے گر کر گیارہویں فلور پر آکر اٹک گئی۔

    اندر پھنسے لوگوں میں سے ایک شخص نے اپنے دوستوں سے رابطہ کر کے انہیں ہدایت کی کہ فوری طور پر فائربریگیڈ اور دیگر ریسکیو اداروں سے مدد طلب کرو اور ہماری جانوں کو محفوظ بناؤ۔

    لفٹ کے گرنے کی آواز اتنی زور دار تھی کہ وہاں موجود تمام ہی افراد خوفزدہ ہوگئے تھے، ہر شخص کا اندازہ تھا کہ اندر موجود افراد یقینی طور پر مرچکے ہوں گےمگر جب اندر پھنسے لوگ سامنے آئے تو سب ہی ششدر رہ گئے۔

    مقامی افراد اور ریسکیو حکام نے تین گھنٹے کی طویل جدوجہد کے بعد اندر پھنسے لوگوں کو محفوظ طریقے سے باہر نکالا، واقعے کے نتیجے میں کسی کو معمولی خراش تک نہیں آئی۔ امدادی کارکنوں نے سمینٹ گیارہویں منزل کی دیوار کو توڑ کر لِفٹ میں پھنسے لوگوں کو باہر نِکالا۔

    فائربریگیڈ حکام کے مطابق ’لفٹ کے تار ٹوٹنے کی وجہ سے واقعہ پیش آیا مگر معجزاتی طور پر زمین پر گرنے کے بجائے گیارہویں منزل پر آکر رک گئی جس کی وجہ سے لوگ محفوظ رہے‘۔

    اپنی اہلیہ کے ساتھ سوار ہونے والے پچاس سالہ جیمی مونٹے لفٹ معمول کے مطابق جارہی تھی کہ اچانک آوازیں آنے لگیں اور چند لمحوں بعد اندر مٹی بھر گئی تھی۔

  • عمران خان لاہور کے مقامی ہوٹل کی لفٹ میں پھنس گئے

    عمران خان لاہور کے مقامی ہوٹل کی لفٹ میں پھنس گئے

    لاہور: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اسلام آباد سے لاہور پہنچ گئے، عمران خان مقامی ہوٹل پہنچنے پر لفٹ میں پھنس گئے۔

    عمران خان لاہور کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں شرکت کے لئے ہوٹل پہنچ کر لفٹ کے ذریعے اوپری منزل کی جانب جارہے تھے کہ اس دوران بجلی چلی گئی جس کے باعث وہ لفٹ میں پھنس گئے۔

    ہوٹل انتظامیہ نے کافی دیر کوشش کے بعد عمران خان کو لفٹ سے نکالا اور پھر وہ سیڑھیوں کے ذریعے تقریب میں شریک ہوئے، مقامی ہوٹل کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بیک اپ جنریٹر موجود تھے لیکن انہیں اسٹارٹ ہونے میں کچھ وقت لگتا ہے۔

    بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف تحریک اپنی جگہ مگر سب پاک فوج اور کشمیریوں کیساتھ کھڑے ہیں، عمران خان کا کہنا تھا پاناما معاملے پر تمام پارٹیاں متحد ہیں اس معاملے پرخاموش نہیں رہ سکتے۔