Tag: لمبورگنی

  • دنیا کی مہنگی ترین کار خرید کر بوڑھے کی مضحکہ خیز حرکتیں! ویڈیو وائرل

    دنیا کی مہنگی ترین کار خرید کر بوڑھے کی مضحکہ خیز حرکتیں! ویڈیو وائرل

    کچھ خواہشیں ایسی ہوتی ہیں جنھیں پورا کرنے کے لیے کافی انتظار کرنا پڑتا ہے، بوڑھے شخص نے اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد دنیا کی مہنگی ترین کار خرید کر اپنی دیرینہ خواہش پوری کرلی۔

    انٹرنیٹ پر ایک بوڑھے شخص کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے، مذکورہ شخص مہنگے ترین برانڈز میں سے ایک لمبورگنی کار کو خریدنے کے بعد انوکھے انداز میں خوشی کا اظہار کررہا ہے اور شدت جذبات سے اس کی ہنسی ہی بند نہیں ہورہی۔

    ٹوئٹر پر اپ لوڈ کی گئی ویڈیو کلپ میں دیکھا جاسکتا ہے گنجا بوڑھا آدمی اپنی مٹیلک گرے یا سیاہ لمبورگنی کار میں بیٹھا ہوا ہے اسی دوران وہ کھلے دروازہ سے اترنے کی کوشش کرتا ہے اور مضحکہ خیز انداز میں گرتے پڑتے باہر آتا ہے۔

    پھر وہ شخص بے تحاشہ ہنستے ہوئے زمین پر ہاتھ مارنا شروع کردیتا اور اپنی خوشی کی شدت کا اظہار کرتا ہے۔

    اس ویڈیو پر لوگوں کی جانب سے کمنٹس کا سیلاب آگیا اور وہ طرح طرح سے اپنے جذبات کا اظہار کرنے لگے، کچھ لوگ اس بات پر خوش دکھائی دیے کہ بالآخر بوڑھے نے اپنا مقصد پورا کرلیا۔

    ایک صارف نے لکھا کہ یہ بہت جذباتی کردینے والا ہے، ایک نے لکھا کہ یہ بہت باوقار اور عملی ہے، ایک شخص نے کہا کہ میں دیکھ سکتا ہوں کہ یہ ایک چیلنج تھا۔

  • پولیس نے لمبورگنی میں گردہ ایک سے دوسرے شہر منتقل کیا

    پولیس نے لمبورگنی میں گردہ ایک سے دوسرے شہر منتقل کیا

    اسپورٹس کار لمبورگنی اپنی تیز رفتاری کے لیے مشہور ہے تاہم اب اس کی یہی تیز رفتاری ایک شخص کی جان بچانے کا سبب بھی بن گئی جب پولیس نے اس گاڑی میں پیوند کاری کے منتظر مریض کو بروقت گردہ پہنچا کر اس کی جان بچا لی۔

    اٹلی کے شہر پاؤڈا کی پولیس نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں ایک نیلے رنگ کی لمبورگنی کا سفر دکھایا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق اس گاڑی میں ایک گردہ پاؤڈا سے دارالحکومت روم منتقل کیا گیا جہاں ایک جاں بہ لب مریض گردے کے ٹرانسپلانٹ کا منتظر تھا۔

    مذکورہ مریض کی حالت خاصی خراب تھی اور ڈاکٹرز اس کے لیے پریشان تھے، عطیہ کردہ گردہ دوسرے شہر میں تھا اور مقامی انتظامیہ گردے کو بروقت مریض تک پہنچانے سے قاصر تھی۔

    تب ہی پولیس کی خدمات حاصل کی گئیں، پولیس نے اپنی لمبورگنی میں عطیہ کردہ گردہ چند گھنٹوں میں مریض تک پہنچا دیا۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گاڑی 230 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے سفر کر رہی ہے۔

    دونوں شہروں کے درمیان سفر میں عام طور پر 6 گھنٹے کا وقت لگتا ہے تاہم تیز رفتار لمبورگنی نے یہ فاصلہ نہایت کم وقت میں طے کیا۔

    اس کام کے لیے گاڑی میں عارضی طور پر کولڈ اسٹوریج بھی بنایا گیا، مذکورہ گاڑی پولیس ڈپارٹمنٹ کی ہی ملکیت تھی جسے مختلف امور کے لیے استعمال کیا جاتا رہا تاہم اب پہلی بار اسے اعضا کی منتقلی کے لیے بھی استعمال کیا گیا۔

  • مال مفت دل بے رحم: دوست نے ادھار مانگی لمبورگنی دیوار میں دے ماری

    مال مفت دل بے رحم: دوست نے ادھار مانگی لمبورگنی دیوار میں دے ماری

    اسپین میں ایک شخص نے اپنے دوست سے ادھار مانگی اسپورٹس کار لمبورگنی دیوار میں دے ماری اور مال مفت دل بے رحم کا محاورہ سچ کر دکھایا۔

    دوستوں کے درمیان مختلف اشیا کا تبادلہ عام بات ہے تاہم بھاری مالیت کی اشیا دوستوں سے لینے سے بھی گریز کرنا چاہیئے، تاہم ایسے افراد کی بھی کمی نہیں جو کسی شے کی مالیت کا احساس کیے بغیر اسے ادھار مانگ لیتے ہیں۔

    ایسے ہی ایک شخص نے اپنے دوست سے اس کی 2 لاکھ 15 ہزار پاؤنڈ مالیت کی اسپورٹس کار لمبورگنی ہراکین ادھار لے لی، دوست نے بھی دریا دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے یہ گاڑی دے دی تاہم وہ یہ نہیں جانتا تھا کہ اب وہ اپنی اس بیش قیمت گاڑی کو دوبارہ کبھی نہیں چلا سکے گا۔

    بعد ازاں سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک سبز لمبورگنی تیزی کے ساتھ دیوار میں جا گھستی ہے جس سے دیوار ٹوٹ جاتی ہے جبکہ گاڑی کا اگلا حصہ تباہ ہوجاتا ہے۔

    حادثے کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا تاہم جلد ہی پولیس نے اسے اسپتال سے حراست میں لے لیا، ڈرائیور کو حادثے میں معمولی چوٹیں پہنچی تھیں جن کے لیے وہ اسپتال پہنچا تھا۔

    پولیس کی تفتیش کے دوران ڈرائیور نے بتایا کہ اس نے یہ گاڑی اپنے دوست سے ادھار لی تھی۔ پولیس نے اسے غیر محتاط ڈرائیونگ اور تیز رفتاری کے جرم میں حراست میں لے لیا ہے۔

    مقامی افراد کے مطابق حادثے کے بعد فائر بریگیڈ کی گاڑیاں پہنچیں، اور انہیں وہاں سے دیوار کا ملبہ اور گاڑی اٹھانے کے لیے کئی گھروں کی بجلی منقطع کرنی پڑی۔

    حادثے کا شکار لمبورگنی کی مذکورہ ماڈل کی گاڑی 62 میل فی گھنٹہ فاصلہ صرف 2.9 سیکنڈز میں طے کرسکتی ہے۔

  • کرونا ریلیف فنڈ سے مہنگی اسپورٹس کار خریدنے والا امریکی شخص گرفتار

    کرونا ریلیف فنڈ سے مہنگی اسپورٹس کار خریدنے والا امریکی شخص گرفتار

    امریکا میں ایک شخص نے کاروباری افراد کی مالی معاونت کے لیے جاری کیے جانے والے قرض سے مہنگی اسپورٹس کار خرید لی، پولیس نے مذکورہ شخص کو گرفتار کرلیا۔

    امریکی محکمہ انصاف کے مطابق ریاست فلوریڈا کے شہر میامی کے رہائشی، 29 سالہ ڈیوڈ ہائنز نے وفاقی حکومت کی قرض اسکیم میں درخواست دی تھی۔

    یہ قرض اسکیم (پے چیک پروٹیکشن پروگرام لون) وفاقی حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کے معاشی اثرات کو کم کرنے کے لیے شروع کی گئی اور اس کا مقصد چھوٹے کاروباری افراد کو کم سود پر قرض فراہم کرنا تھا تاکہ وہ اپنے ملازمین اور زیر دست افراد یا اداروں کو تنخواہیں دے سکیں۔

    ڈیوڈ نے پے چیک پروٹیکشن پروگرام لون میں 13.5 ملین قرض کی درخواست کی تھی جس میں اس نے مختلف کمپنیز کے نام اپنی درخواست میں لکھے اور کہا کہ اسے ان کمپنیز کو ادائیگی کرنی ہے۔ ڈیوڈ کی درخواست کے بعد اسے 3.9 ملین (39 لاکھ) ڈالر کا قرض دیا گیا۔

    قرض کی ادائیگی کے کچھ ہی دن بعد ڈیوڈ نے اسپورٹس کار لمبورگنی کا جدید ماڈل خریدا جس کی مالیت 3 لاکھ 18 ہزار ڈالر تھی۔

    محکمہ انصاف کے مطابق ڈیوڈ کی درخواست میں بیان کی گئی ایک کمپنی نے شکایت درج کروائی کہ ڈیوڈ نے ان کی رقم انہیں ادا نہیں کی۔

    دوسری جانب ڈیوڈ نے اس رقم سے لمبورگنی کے علاوہ میامی کے مہنگے اسٹورز اور ریزورٹس سے خریداری کی، اس نے ڈیٹنگ سائٹس پر ہزاروں ڈالر خرچ کیے جبکہ مہنگے ملبوسات اور زیورات بھی خریدے۔

    علاوہ ازیں ڈیوڈ نے میامی کے پرتعیش ہوٹلوں میں قیام بھی کیا۔

    تمام انکشافات سامنے آنے کے بعد پولیس نے ڈیوڈ کو گرفتار کرلیا، ڈیوڈ پر بینک فراڈ کرنے، اپنی مالی حالت کے بارے میں گمراہ کن بیانات دینے اور رقم کے غیر قانونی استعمال کے الزمات عائد کیے گئے ہیں۔

    حکام نے ڈیوڈ کی اسپورٹس کار اور اس کے بینک اکاؤنٹ میں موجود 34 لاکھ ڈالر ضبط کرلیے ہیں۔

    پولیس کے مطابق ڈیوڈ اس سے قبل بھی پولیس کی گرفت میں آچکا ہے، جب اس نے اپنی پرانی لمبورگنی سے ایک شخص کو زخمی کیا اور فرار ہوگیا، اس وقت ڈیوڈ پر 1 لاکھ ڈالر کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔