Tag: لندن کی خبریں

  • لندن پولیس نے دہشت گردی میں ملوث 3 افراد گرفتارکرلیے

    لندن پولیس نے دہشت گردی میں ملوث 3 افراد گرفتارکرلیے

    لندن:برطانوی پولیس نے مختلف شہروں میں آپریشن کرتے ہوئے دہشت گردسرگرمیوں کےشبے میں3افراد کو گرفتار کرلیا، ان کے پاس سے قابلِ اعتراض مواد بھی برآمد ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جن افراد کو حراست میں لیا گیا ہے ان میں سے ایک کا تعلق لندن سے اور عمر 17 سال ہے، ایک کا تعلق باتھ سے اور عمر 21 سال ہے جبکہ 18 سالہ ایک شخص کا تعلق پورٹ سماؤتھ سے ہے۔؎

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے افراد مبینہ طور پر نیو نازی گروپ جسے سونین کریگ کہا جاتا ہے ، اس سے تعلق رکھتے ہیں۔

    یہ بھی کہا جارہا ہے کہ باتھ ، لندن، پورٹ سماؤتھ اور لیڈز کے علاقوں میں تلاش کا عمل جاری ہے ، پولیس کا کہنا ہے کہ یہ گرفتاریاں نارتھ ایسٹ کاؤنٹر ٹیررزم یونٹ نے طے شدہ آپریشن کے ذریعے کی ہے۔

    حراست میں لیے گئے افراد سے تفتیش جاری ہے ، 21 سالہ شخص کو دہشت گردی کے واقعات میں استعمال ہونے والا سامان اور نفرت آمیز موادبرآمد ہونے پر حراست میں لیا گیا ہے ۔

    دوسری جانب 17 سالہ شخص ہر الزام ہے کہ وہ دہشت گردی کی حوصلہ افزائی کرتا ہے اورایسا مواد شائع کرتا ہے ۔ ساتھ ہی ساتھ نسل پرستی اور مذہب پرستی کو بھی فروغ دیتا ہے۔18 سالہ شخص پر دہشت گردی کے فروغ اور مواد کی اشاعت کا الزام ہے۔

  • لندن میں ایک اورنوجوان چاقو زنی کا نشانہ بن گیا

    لندن میں ایک اورنوجوان چاقو زنی کا نشانہ بن گیا

    لندن: برطانیہ میں چاقو زنی کی وارداتیں کم ہونے کا نام نہیں لے رہیں، ایک اور 23 سالہ نوجوان چاقو زنی کا نشانہ بن گیاجسے شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز جنوبی لندن کے علاقے روپل اسٹریٹ، لیمبتھ میں نوجوان کو چاقو کے متعدد واروں کا نشانہ بنایا گیا، رواں سال چاقو زنی کی وارداتوں میں 16 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

    میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق جنوبی لندن میں نامعلوم ملزمان کے ہاتھوں چاقو کے وا ر سے زخمی ہونے والے نوجوان کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، اسپتال ذرائع کے مطابق اس کی حالت تاحال تشویش ناک ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، تاہم آلۂ قتل یعنی چاقو جائے واردات سے پولیس کو مل گیا ہے جس کی مدد سے اہم شواہد اکھٹے کیے جارہے ہیں۔

    تاحال پولیس نے اس کیس میں کوئی گرفتاری نہیں کی ہے لیکن امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ شواہد کی مدد سے جلد ملزمان قانون کے قابو میں ہوں گے۔

    یاد رہے کہ رواں سال لندن میں چاقو زنی کی وارداتوں میں 16 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، اپریل تک چاقو زنی کی 1299 وارداتیں ریکارڈ کی گئی تھیں، یہ اعداد وشمار گزشتہ دس سال کی بلند ترین سطح پر ہیں۔

    تاحال یہ طے نہیں کیا جاسکا ہے کہ یہ وارداتیں کوئی مخصوص مذہبی یا لسانی پسِ منظر رکھتی ہیں یا پھر یہ لندن میں ہونے والے جرائم کی شرح میں اضافے کا نتیجہ ہیں۔

    اگست کی 17 تاریخ کو لند ن میں چاقو زنی کے دو واقعات پیش آئے، ایک واقعے میں 42 سالہ شخص پر حملہ ہوا جبکہ دوسرے واقعے میں ایک 63سالہ شخص اپنی جان کی بازی ہار گیا۔

  • لندن: ہتھوڑے سے خواتین پر قاتلانہ حملہ کرنے والا شخص قتلِ عمد کا ملزم نامزد

    لندن: ہتھوڑے سے خواتین پر قاتلانہ حملہ کرنے والا شخص قتلِ عمد کا ملزم نامزد

    لندن: برطانوی دارالحکومت لندن کے جنوب مشرقی علاقے میں دو خواتین کو ہتھوڑے کے وار سے شدید زخمی کرنے والے شخص کو قتل عمد کا ملزم نامزد کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لند ن میں گزشتہ ہفتے لندن کے علاقے ایڈرلی گارڈنز، ایلتھام میں 30 سالہ آنیا گوس اور ان کی 64 سالہ بزرگ والدہ کو ہتھوڑا زنی کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کے سبب دونوں ماں بیٹی شدید زخمی ہوگئی تھیں اور تاحال اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

    میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق اس جرم میں 24 سالہ جوائے ژوریب کو حراست میں لیا گیا ہے، ملزم کا تعلق گرین وچ سے بتایا جارہا ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کو سڈ کپ کے علاقے سے گرفتار کیا گیا ہے اور آج اسے بروملے مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    حملے میں زخمی ہونے والی آنیا گوس کی والدہ پولینڈ سے اپنی بیٹی سے ملاقات کے لیے انگلینڈ تشریف لائی تھیں جہاں وہ اس اندوہناک حادثے کا شکار ہوئیں۔ پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ آنیا گوس اور ان کی والدہ دونوں میں سے کوئی بھی جوائےژوریب کا واقف کار نہیں ہے۔

    پولیس کی جانب سے بھی تاحال حملے کی وجوہات ظاہر نہیں کی گئی ہیں، تاہم انہوں نے تحقیقات مکمل کرکے جوائے کو قتل عمد کے جرم کا ملزم قرار دے دیا ہے۔

  • آکسفورڈ اسٹریٹ کی ساکھ تباہ ہوجائے گی، میئر لندن نے خبردار کردیا

    آکسفورڈ اسٹریٹ کی ساکھ تباہ ہوجائے گی، میئر لندن نے خبردار کردیا

    لندن: لندن کے میئر صادق خان نے متنبہ کیا ہے کہ اگر پیدل چلنے والوں کی راہ روکی گئی تو آکسفورڈ اسٹریٹ کی ساکھ تباہ ہوجائے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق میئر صادق خان نے نے لوکل اتھارٹی پر یکطرفہ طور پر منصوبے کو تباہ کرنے اور کوئی اور متبادل منصوبہ تجویز پیش نہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اگرچہ آکسفورڈ اسٹریٹ میں پرائیویٹ کاروں کا داخلہ ممنوع قرار دیا جاچکا ہے لیکن دھواں اُڑاتی بسوں اور ٹیکسیاں یوں ہی موجود ہیں یہ لیبر پارٹی کے میئر کا ایک اہم وعدہ ہے اور میئر کا آفس اس حوالے سے تفصیلی پلان تیار کررہا ہے کہ آکسفورڈ اسٹریٹ کو پیدل چلنے والوں کے لیے محفوظ کس طرح بنایا جاسکتا ہے۔

    رواں ماہ کے اوائل میں کنزرویٹو پارٹی کی زیر قیادت کونسل نے بعض مقامی مکینوں کی جانب سے ظاہر کی جانے والی تشویش کا حوالہ دیتے ہوئے اس تجویز پر اتفاق نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    ویسٹ منسٹر کی قائد نکی ایکن کے نام ایک خط میں میئر صادق خان نے لکھا ہے کہ بہت زیادہ بھیڑ بھاڑ اور عوام کے لیے ناقص معیار کی سہولتوں، ٹریفک کے رش، آلودگی اور سڑکوں پر خطرات کے باوجود آکسفورڈ اسٹریٹ کی کامیابی لندن اور بحیثیت مجموعی پورے لندن کے لیے اہمیت رکھتی ہے۔

    خط کے متن کے مطابق رئیل سیکٹر کے ڈھانچے میں تبدیلی آرہی ہے، انہوں نے آکسفورڈ اسٹریٹ پر واقع ہاؤس آف فریئرز کی متوقع بندش کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ایک بامعنی تبدیلی نہ کی گئی تو بحیثیت مجموعی اور بین الاقوامی سطح پر مستقبل میں لندن کی مقابلے کی حیثیت متاثر ہوگی۔

    انہوں نے خط میں متنبہ کیا کہ دسمبر میں اس علاقے میں کراس ریل ٹرینوں کی سروس شروع ہونے سے صورت حال اور زیادہ خراب ہوسکتی ہے، میں یہ جاننا چاہتا ہوں کہ آپ آکسفورڈ اسٹریٹ کو کیا دینا چاہتے ہیں اور اس کو درپیش چیلنجز کا کس طرح مقابلہ کریں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عمران فاروق کے قاتلوں کو ضرور پکڑیں گے، اسکاٹ لینڈ یارڈ

    عمران فاروق کے قاتلوں کو ضرور پکڑیں گے، اسکاٹ لینڈ یارڈ

    لندن: ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی تفتیش رک گئی ہے، تاہم اسکاٹ لینڈ یارڈ نے عزم ظاہر کیا ہے کہ ان کے قاتلوں کو ضرور پکڑیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق لندن میں عمران فاروق قتل کیس میں پیچیدگیوں کا انکشاف ہوا ہے، کیس کی تفتیش رکی ہوئی ہے، اسکاٹ لینڈ یارڈ نے کہا ہے کہ قاتلوں کو ضرور پکڑا جائے گا۔

    قبل ازیں ہوم افیئرز سلیکٹ کمیٹی میں حزب اختلاف کی جماعت لیبر پارٹی کی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے عمران فاروق قتل کا معاملہ اٹھایا۔

    اسکاٹ لینڈ یارڈ کے چیف کریسیڈا ڈک ہوم افیئرز سلیکٹ کمیٹی میں پیش ہوئے، کریسیڈا ڈک نے کمیٹی کے سامنے کہا کہ عمران فاروق قتل کیس میں بہت پیچیدگیاں ہیں۔

    کریسیڈا ڈک نے کمیٹی کے سامنے بیان دیتے ہوئے کہا کہ عمران فاروق قتل کیس کے سرے برطانیہ سے باہر جاتے ہیں، جس کی وجہ سے تفتیش رکی ہوئی ہے، کیس میں کئی پیچیدگیاں ہیں جنھیں سلجھایا جا رہا ہے۔

    اسکاٹ لینڈ یارڈ کے چیف نے کہا کہ تفتیش کے لیے پاکستان کے ساتھ مسائل حل کرنے ہوں گے، اس سلسلے میں دفتر خارجہ و متعلقہ حکام سے مل کر معاملہ پاکستان کے ساتھ اٹھایا جار رہا ہے۔

    کریسیڈا ڈک نے کمیٹی کے سامنے اپنے بیان میں کہا کہ عمران فاروق قتل کیس پر برطانوی عوام کا بہت پیسا خرچ ہو چکا ہے، قاتلوں کو ضرور پکڑا جائے گا۔

    عمران فاروق قتل کیس: 3 ملزمان پرفرد جرم عائد


    واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹرعمران فاروق کو 16 ستمبر2010 کو لندن کے علاقے ایج ویئر کی گرین لین میں ان کے گھر کے باہر قتل کیا گیا تھا۔

    ڈاکٹرعمران فاروق قتل کیس میں لندن پولیس اب تک 7697 دستاویزات کی چھان بین اور 4556 افراد سے پوچھ گچھ کرچکی ہے جبکہ 4323 اشیا قبضے میں لی گئیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • لندن میں چاقو زنی کی وارداتوں میں اضافہ، تین شہری زخمی

    لندن میں چاقو زنی کی وارداتوں میں اضافہ، تین شہری زخمی

    لندن: برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں چاقو کے وار سے تین شہری زخمی ہوگئے، ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لندن میں تین مختلف واقعات میں چاقو کے وار سے تین شہری زخمی ہوگئے، ایک شخص کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے، ایک شخص کو حراست میں لے لیا گیا۔

    سترہ سالہ لڑکے کو شمالی لندن میں چاقو کے وار سے نشانہ بنایا گیا، جو اسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہے، لندن کے ساؤتھ ویل روڈ پر 20 سالہ لڑکے پر بھی چاقو سے حملہ کیا گیا اس کے جسم کے مختلف حصوں پر چاقو سے وار کیا گیا تاہم اسپتال انتظامیہ کے مطابق اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق ایک اور شخص پر بھی چاقو سے حملہ کیا گیا، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اسے طبی امداد دی جارہی ہے، تمام وارداتیں 6 سے 8 بجے درمیان پیش آئیں۔

    اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس کا کہنا ہے کہ ساؤتھ ویل روڈ سے ایک شخص کو حراست میں لیا ہے تاہم بقیہ دونوں وارداتوں کے حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

    واضح رہے کہ لندن کے شمال میں واقع ٹیوب اسٹیشن کے قریب چاقو بردار کے حملے میں ایک 30 سالہ شہری شدید زخمی ہوگیا تھا جیسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔

    خیال رہے کہ رواں سال برطانیہ میں چاقو زنی کی وارداتوں میں رواں سال اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور متعدد افراد اپنی جان سےجا چکے ہیں جبکہ کئی زخمی بھی ہوئے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • لندن میں چاقو بردار کے بعد برمنگھم میں ہتھوڑا گروپ سرگرم

    لندن میں چاقو بردار کے بعد برمنگھم میں ہتھوڑا گروپ سرگرم

    لندن: برطانیہ میں جرائم کی وارداتوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے، لندن میں چاقو بردار کے بعد برمنگھم میں ہتھوڑا گروپ بھی سرگرم ہوگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق موبائل فون سے بنی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چند افراد کار ڈرائیور کو چاروں طرف سے گھیر رکھا ہے اور ہتھوڑے سے اس پر وار کررہے ہیں۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سلور کلر کی ہنڈائی گاڑی میں بیٹھے شخص کو نامعلوم افراد ہتھوڑے سے تشدد کا نشانہ بنارہے ہیں، واقعہ جمعرات کی رات 8:30 بجے پیش آیا۔

    گاڑی اندر موجود شخص دوسرے دروازے سے نکلنے کی کوشش کررہا ہے تاہم گروہ میں موجود دوسرے افراد اس کی اس کوشش کو ناکام بنارہے ہیں پھر اچانک دھواں چھاجاتا ہے۔

    ہتھوڑا گروپ کی جانب سے مذکورہ شخص کو گاڑی سے باہر نکلنے کے لیے کہتے رہے مگر وہ شخص گاڑی سے باہر نہیں نکلا، گاڑی کی پچھلی سیٹ پر خاتون بھی موجود تھیں۔

    موبائل سے بنی ویڈیو کی مدد سے برمنگھم پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے تاہم پولیس کو ابھی تک کوئی کامیابی نہیں مل سکی ہے۔

    ملزمان کی گرفتاری کے لیے لندن پولیس سے عوام سے مدد مانگی ہے لندن پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ ملزمان کے بارے میں کسی بھی قسم کی اطلاع ہو تو فوری طور پر پولیس کو آگاہ کیا جائے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • لندن میں چاقو زنی کا شکارایک سالہ بچے کی حالت نازک

    لندن میں چاقو زنی کا شکارایک سالہ بچے کی حالت نازک

    لندن : برطانیہ میں ایک سالہ بچے اور اس کی ماں کو چاقو کے وار کرکے زخمی کردیا گیا، بچے کی حالت تشویش ناک ہے ، پولیس کے مطابق حملہ آور جان پہچان کا شخص ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چاقو زنی کا یہ واقعہ گزشتہ روز مغربی لندن کے علاقے  سوئن فیلڈ کلوز میں ایک گھر میں پیش آیا  ، ایک شخص نے گھر میں داخل ہوکر تیس سالہ ماں اور ایک سالہ بچے پر چاقو سے وار کیے۔

    اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ماں کو پیش آنے والے زخم مہلک نہیں ہیں تاہم شیر خوار بچے کے جسم پر لگنے والے وار کاری ہیں جن  کے سبب اس کی حالت تشویش ناک ہے۔پولیس اور طبی  امداد فراہم کرنے والے عملے کو گزشتہ شام فون پر واقعے کی اطلاع دی گئی۔ ماں  اور بچے  کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا  جہاں ان کاعلاج جاری ہے۔

    پولیس کے مطابق حملہ آور کو متاثرہ خاتون پہچانتی ہیں  اور اس کا پتا بھی فراہم کیا گیا ہے تاہم وہ فراہم کردہ پتے پر موجود نہیں ہے ۔ پولیس اس کی تلاش کررہی ہے۔ پولیس کی جانب سے متاثرہ ماں اور بچے کی شناخت جاری نہیں کی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ برطانیہ میں چاقو زنی کی وارداتوں میں  رواں سال اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور متعدد افراد اپنی جان سےجا چکے ہیں جبکہ کئی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ا س حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ لندن  کو  بندوقوں کے حملوں نے نہیں بلکہ چاقوحملوں نے  وارزون میں تبدیل کردیا  ہے۔

    خیال رہے کہ برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں رواں سال چاقو زنی کی وارداتوں میں 50 سے زائد افراد قتل ہوچکے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں