Tag: لندن

  • امریکی ماڈل کی مدد سے افغانستان کی خواتین فٹبال ٹیم لندن پہنچ گئی

    امریکی ماڈل کی مدد سے افغانستان کی خواتین فٹبال ٹیم لندن پہنچ گئی

    امریکی فیشن ماڈل کم کرڈیشیئن نے چارٹرڈ طیارے کے ذریعے افغان فٹبال ٹیم کی تیس 30 کھلاڑیوں کو ان کے خاندانوں کے ہمراہ پاکستان سے لندن پہنچا دیا ہے۔

    افغان خواتین کی یوتھ ڈیویلپمنٹ فٹبال ٹیم کی 30 خواتین کھلاڑیوں سمیت 130 افراد جمعرات کی صبح پاکستان سے لندن پہنچے ہیں۔

    خواتین کھلاڑیوں کو ان کے خاندانوں کے ہمراہ لندن پہنچانے میں کم کرڈیشیئن کے علاوہ امریکی ریاست نیویارک میں یہودیوں کے مذہبی پیشوا اور ایک برطانوی فٹ بال کلب نے مدد کی ہے۔

    انگلش پریمیئر لیگ کلب لیڈز یونائیٹڈ نے آئندہ بھی کھلاڑیوں کی مدد کی پیشکش کی ہے۔

    لندن پہنچنے پر تمام افغان مسافروں کو دس دن کے لیے قرنطینہ میں رکھا گیا ہے جس کے بعد وہ نئے شہر میں اپنی زندگی کا باقاعدہ آغاز کریں گے۔

    یوتھ ڈیویلپمنٹ فٹ بال ٹیم کے ارکان کا تعلق غریب خاندانوں سے ہے جو طالبان کے قبضے کے بعد افغانستان سے پاکستان پہنچنے میں کامیاب ہو گئی تھیں۔

    ٹیم نے امریکی سماجی گروپ زیڈیک ایسوسی ایشن سے مدد کی درخواست کی تھی، اس گروپ نے اس سے قبل کابل میں رہنے والے آخری یہودی کو افغانستان سے نکالنے میں بھی مدد کی تھی۔

    زیڈیک ایسوسی ایشن کے بانی موشے مارگریٹن جو کم کرڈیشیئن کے ساتھ قانونی اصلاحات پر کام کر چکے ہیں نے فیشن ماڈل سے درخواست کی کہ وہ چارٹرڈ طیارے کے پیسے ادا کرنے میں مدد فراہم کریں۔

    موشے مارگریٹن کا کہنا تھا کہ زوم کال کرنے کے ایک گھنٹے بعد مجھے میسج آیا کہ کم کرڈیشیئن پوری فلائٹ فنڈ کرنا چاہتی ہیں۔

    افغان خواتین کی قومی فٹ بال ٹیم کی سابق کیپٹن خالدہ پوپل نے لڑکیوں اور خواتین کے خطرے سے باہر نکلنے پر خوشی اور تسلی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کھلاڑیوں کے چند اہل خانہ کو طالبان نے ہلاک کر دیا تھا یا پھر ساتھ لے گئے تھے۔

  • راتوں کو سڑکوں پر گھومتے خوفناک جوکر نے لوگوں کو گھروں میں قید کردیا

    راتوں کو سڑکوں پر گھومتے خوفناک جوکر نے لوگوں کو گھروں میں قید کردیا

    انگلینڈ کی کاؤنٹی کینٹ میں جوکر کا روپ دھارے ایک شخص نے مقامی افراد کو اس قدر خوفزدہ کر رکھا ہے کہ انہوں نے گھروں سے نکلنے سے انکار کردیا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق ہالی ووڈ ہارر فلم اٹ کے کردار جیسے اس جوکر نے اپنا فیس بک صفحہ بھی بنا رکھا ہے جس میں وہ لوگوں کو خود کو ڈھونڈنے کی دعوت دے رہا ہے۔

    اس صفحے پر ہالووین کی مناسبت سے جوکر کی کچھ تصاویر اور ویڈیوز بھی موجود ہیں جن میں وہ کھلی کھڑکیوں سے جھانکتا اور راہگیروں کو ڈراتا دکھائی دے رہا ہے۔

    مقامی افراد نے اس کے خوف سے گھروں سے نکلنے سے انکار کردیا ہے، کچھ افراد کا کہنا ہے کہ وہ باہر جا کر اس جوکر کے ہاتھوں خوفزدہ ہونے کا قطعی کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔

    یاد رہے کہ چند دن قبل شمالی امریکی ملک میکسیکو میں بدروح کا روپ دھار کر ڈرانے والی ایک خاتون کو گولی مار دی گئی تھی۔

    مذکورہ خاتون ہالووین کی مناسبت سے بدروح کا روپ دھار کر راہ چلتے لوگوں کو ڈرا رہی تھیں جب ایک نامعلوم شخص نے خوفزدہ ہو کر انہیں گولی مار دی۔

    خاتون موقع پر ہی دم توڑ گئیں جبکہ نامعلوم شخص فرار ہوگیا، پولیس مذکورہ شخص کی تلاش میں ہے۔

  • برطانیہ میں ایک روز میں کرونا وائرس کے 50 ہزار سے زائد نئے کیسز

    برطانیہ میں ایک روز میں کرونا وائرس کے 50 ہزار سے زائد نئے کیسز

    لندن: برطانیہ میں کرونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، ملک بھر میں ایک دن میں 52 ہزار کرونا کیسز رپورٹ کیے گئے جبکہ 24 گھنٹوں میں 115 افراد ہلاک ہوگئے۔

    برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وزیر صحت ساجد جاوید نے وارننگ دی ہے کہ سردیوں اور کرسمس کے دوران کیسز کی تعداد ایک لاکھ روزانہ تک جا سکتی ہے۔

    وزرا کو خدشہ ہے کہ پلان سی کے تحت دوبارہ کووڈ کی پابندیاں لگائی جاسکتی ہیں، جن میں فیس ماسک کی پابندی، ویکسین پاسپورٹ اور عوامی مقامات پر گھلنے ملنے کی پابندیاں شامل ہیں۔

    وزارت صحت نے برطانوی عوام سے اپیل کی ہے کہ بوسٹر ڈوز لگوائیں، ماسک پہنیں اور پابندیوں پر عملدر آمد کریں۔

    وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ ابھی این ایچ ایس پر مریضوں کا دباؤ قابل برداشت ہے اور پلان بی کام کررہا ہے۔ 12 تا 15 سال کے طلبا میں ویکسی نیشن تیز کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ اس وقت زیادہ کیسز ان میں سامنے آرہے ہیں۔

  • بارہ سنگھے نے میچ رکوا دیا

    بارہ سنگھے نے میچ رکوا دیا

    لندن: دو بارہ سنگھوں نے اچانک میدان میں داخل ہو کر میچ روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لندن میں فٹ بال میچ کے دوران بارہ سنگھوں کی انٹری نے دل چسپ صورت حال پیدا کر دی، بارہ سنگھے نے میدان میں کھڑے ہو کر مقابلے کے لیے للکارا بھی، لیکن مقابل نہ پا کر کچھ دیر مٹر گشت کے بعد میدان سے نکل گیا۔

    9 اکتوبر کو جنوب مغربی لندن کے علاقے ٹیڈنگٹن میں بشی پارک اسپورٹس کلب میں انڈر ٹین بچوں کا فٹ بال میچ جاری تھا، اور تماشائیوں میں بچوں کے والدین موجود تھے۔

    جب جانور بچوں کی طرف بڑھے تو وہ دنگ رہ گئے اور انھیں کھیل فوری طور پر روکنا پڑ گیا، ایک بارہ سنگھا پچ پر اترنے کے لیے باڑ سے چھلانگ لگا رہا تھا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ان بارہ سنگھوں کے ملاپ کا سیزن ہے، جس میں بالغ بارہ سنگھا مادہ بارہ سنگھے کے لیے دوسرے نر بارہ سنگھوں کے ساتھ مقابلہ کرتا ہے، مقابلے میں یہ اپنے سینگ ایک دوسرے میں پھنساتے ہیں۔

    گراؤنڈ میں موجود بچوں کی ماؤں نے اس منظر کی ویڈیو اور تصاویر بنائیں، چھالیس سالہ نکی ہڈسن نے بتایا کہ میں دوسری خواتین کے ساتھ باتیں کر رہی تھیں کہ ایک خاتون نے میری توجہ بارہ سنگھوں کی طرف مبذول کرائی، جس پر میں نے ان کی ویڈیو بنا لی۔

    دراصل بشی پارک جنگلی حیات کے لیے مشہور رائل پارک سے منسلک ہے، جو جانوروں کے شوقین فوٹوگرافرز کو اپنی طرف راغب کرتا ہے۔

  • برطانیہ نے غیر ملکیوں کے سفر کے لیے پاسپورٹ لازمی قرار دے دیا

    برطانیہ نے غیر ملکیوں کے سفر کے لیے پاسپورٹ لازمی قرار دے دیا

    لندن: برطانیہ نے یورپی شہریوں پر اپنے ملک کا سفر کرنے کے لیے پاسپورٹ لازمی قرار دے دیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق برطانیہ نے یورپی یونین اور یورپین اکنامک ایریا سوئز شناختی کارڈ برطانیہ کے سفر کے لیے معطل کردیا۔

    برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ تمام یورپین ممالک کے شہریوں کے لیے پاسپورٹ لازمی ہیں، بریگزٹ کے بعد برطانیہ اپنی سرحدوں کا کنٹرول واپس لے رہا ہے۔

    حکام کی جانب سے مزید کہا گیا کہ شناختی کارڈ بڑے پیمانے پر فراڈ کا سبب ہیں، پچھلے سال جعلی سفری دستاویز میں 60 فیصد شناختی کارڈز جعلی تھے۔

  • ہنر مند افراد کے لیے خوشخبری، برطانیہ کا ہزاروں ویزے جاری کرنے کا اعلان

    ہنر مند افراد کے لیے خوشخبری، برطانیہ کا ہزاروں ویزے جاری کرنے کا اعلان

    لندن: برطانیہ میں ہنر مند افراد کی کمی سے نمٹنے کے لیے ہزاروں ویزے جاری کرنے کا اعلان کردیا گیا، حکومت نے ویزے فراہم کرنے کے حوالے سے پوسٹ بریگزٹ پالیسی میں نرمی کا فیصلہ کیا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق برطانوی حکومت نے غیر ملکی ہنر مند کارکنوں کو ویزے فراہم کرنے کے حوالے سے پوسٹ بریگزٹ پالیسی میں نرمی کا اعلان کیا ہے، بریگزٹ سے پہلے برطانوی حکومت کا کہنا تھا کہ ملک میں موجود افراد کو روزگار فراہم کیا جائے گا اور غیر ملکی افراد کو روزگار کی منڈی تک رسائی سے روکا جائے گا۔

    تاہم اب برطانوی وزارت ٹریفک نے اعلان کیا ہے کہ کرسمس تک محدود مدت کے لیے تقریباً 5 ہزار ٹرک ڈرائیوروں کو ملک میں لایا جائے گا۔

    حالیہ چند روز میں ایندھن کی ترسیل نہ ہونے کہ وجہ سے متعدد برطانوی پٹرول اسٹیشن عارضی طور پر بند پڑے ہيں، ایندھن کی ڈیلیوری کا نظام متاثر ہونے کی وجہ سے حکومت نے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ پریشان نہ ہوں اور زیادہ ایندھن خریدنے کی کوشش نہ کریں۔

    اس حکومتی اعلان کے باوجود لوگوں نے افراتفری میں ایندھن خریدنے کی کوشش کی اور کئی پٹرول اور گیس اسٹیشنوں پر ایندھن ختم ہو گیا۔

    اس بحران کا ذمہ دار برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کو ٹھہرایا جا رہا ہے، مختلف اداروں کی طرف سے انہیں آگاہ کیا جا رہا تھا کہ وہ امیگریشن پالیسی میں نرمی لائیں۔ اندازوں کے مطابق برطانیہ بھر میں تقریباً ایک لاکھ ٹرک ڈرائیوروں کی کمی پیدا ہو چکی ہے۔

    اسی طرح پولٹری پروسیسنگ جیسی دیگر اہم صنعتوں کے لیے بھی 5 ہزار 5 سو ویزے جاری کیے گئے ہیں۔ برطانیہ میں اس کمی کی ایک وجہ بریگزٹ کے بعد سے امیگریشن کے سخت قوانین ہیں، جس کی وجہ سے ہنر مند کارکنوں کا برطانیہ جانا مشکل ہو گیا ہے۔

    دوسری جانب برٹش چیمبر آف کامرس کے صدر روبی میک گریگور اسمتھ نے کہا ہے کہ یہ حکومتی اعلان آٹے میں نمک کے برابر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ کا یہ مسئلہ بہت بڑا ہے اور حکومتی اقدامات ناکافی ہیں۔

    دریں اثنا برطانوی وزارت تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے پارٹنر اداروں کو کئی ملین کے فنڈ ادا کرے گی تاکہ ملک میں ٹرک ڈرائیوروں کی کمی پوری کرنے کے لیے نئے لوگوں کو تربیت فراہم کی جا سکے۔

  • وزیر خارجہ 3 روزہ دورے پر لندن پہنچ گئے

    وزیر خارجہ 3 روزہ دورے پر لندن پہنچ گئے

    لندن: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی امریکا کے 6 روزہ دورے کے بعد لندن پہنچ گئے جہاں وہ برطانوی ہم منصب سے ملاقات سمیت اہم ملاقاتیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی برطانیہ کے 3 روزہ دورے پر لندن پہنچ گئے، وزیر خارجہ آج رات پاکستان ہاؤس میں منعقدہ عشایئے میں شرکت کریں گے۔

    عشایئے میں وزیر خارجہ پاکستانی کمیونٹی کی نمائندہ شخصیات سے ملاقات کریں گے جبکہ برطانوی فارن افیئرز کمیٹی کے سربراہ اور ارکان پارلیمنٹ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

    وزیر خارجہ برطانوی ہم منصب الزبتھ ٹرس سے ملاقات کریں گے، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون اور اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    شاہ محمود قریشی لندن میں میڈیا نمائندگان سے بھی گفتگو کریں گے اور پاک برطانیہ تعلقات اور علاقائی و عالمی امور پر نقطہ نظر سے آگاہ کریں گے۔ وزیر خارجہ کا دورہ برطانیہ دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطح کے روابط کے فروغ کا مظہر ہے۔

  • کیٹ مڈلٹن اور یو ایس اوپن کی فاتح کے درمیان ٹینس کا میچ

    کیٹ مڈلٹن اور یو ایس اوپن کی فاتح کے درمیان ٹینس کا میچ

    لندن: برطانوی شہزادہ ولیم کی اہلیہ شہزادی کیٹ مڈلٹن نے یو ایس اوپن چیمپیئن شپ جیت کر وطن واپس لوٹنے والی اسٹار کھلاڑی ایما روڈا کانو کی استقبالیہ تقریب کے موقع پر ان کے ساتھ ٹینس کھیلی۔

    برطانوی شہزادی کیٹ میڈلٹن نے ٹینس کھلاڑی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ٹینس کٹ پہن کر ان کے ساتھ میچ کھیلا، اس دوران وہ بہت لطف اندوز ہوئیں اور پرجوش دکھائی دیں۔

    یو ایس اوپن چیمپیئن شپ جیتنے والی کھلاڑی ایما نے شہزادی کے ساتھ کھیلنے کے بعد کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی کے بہترین لمحات کیٹ مڈلٹن کے ساتھ ٹینس کھیل کر گزارے ہیں اور جو تجربہ حاصل کیا ہے وہ ناقابل بیان ہے۔

    اسٹار کھلاڑی 18 سالہ ایما کی شاندار کامیابی پر ان کے اعزاز میں یہ استقبالیہ تقریب نیشنل ٹینس سینٹر میں منعقد ہوئی تھی جس میں برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن نے شرکت کی اور یو ایس اوپن چیمپئین شپ جیت کر لوٹنے والی کھلاڑی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

    شہزادی کیٹ مڈلٹن نے برطانوی ٹینس اسٹار ایما روڈاکانو سے ملاقات کے موقع پر انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایک میچ ان کے خلاف کھیلا تو ایک میچ میں وہ ان کی پارٹنر بنیں۔

    39 سالہ برطانوی شہزادی نے 18 سالہ ٹینس اسٹار کی کامیابی پر بے پناہ مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹینس کے میدان میں شاندار کامیابی نہایت متاثر کن ہے۔

    یاد رہے کہ ایما روڈا کانو 44 سال میں گرینڈ سلم ٹائٹل جیتنے والی پہلی برطانوی خاتون کھلاڑی ہیں۔

  • برطانیہ: گائیوں میں خطرناک وائرس، حکام نے علاقہ سیل کردیا

    برطانیہ: گائیوں میں خطرناک وائرس، حکام نے علاقہ سیل کردیا

    لندن: برطانیہ میں پاگل پن کا شکار گائے سامنے آنے کے بعد سرکاری حکام نے وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے علاقے کو سیل کر دیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق برطانیہ میں میڈ کاؤ ڈیزیز سامنے آنے پر علاقے کو سیل کر دیا گیا۔

    برطانیہ کے جنوب مغربی علاقے سمرسٹ کے ایک فارم پر میڈ کاؤ کی نشاندہی ہوئی جس کے بعد سرکاری حکام نے وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے علاقے کو سیل کر دیا۔

    حکام کے مطابق بیماری کا شکار جانور مر گیا اور اسے تلف بھی کر دیا گیا ہے تاہم علاقے میں احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ فوڈ سیفٹی کو کوئی خطرہ نہیں ہے تاہم مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں اور بیماری کی تفصیلات بھی جاننے کی کوشش ہو رہی ہے۔

    میڈ کاؤ ڈیزیز کا نام بوائین اسپونگ فورم انسیفالوپیتی (بی ایس ای) ہے اور اس سے قبل اس قسم کا کیس سال 2018 میں سامنے آیا تھا جب اسکاٹ لینڈ کے ایک فارم پر یہ بیماری سامنے آئی تھی۔

    ابر ڈین شائر کے ایک فارم میں پاگل پن کے مرض میں مبتلا گائے مرض کی تشخیص کے لیے ٹیسٹ سے قبل ہی ہلاک ہو گئی تھی جبکہ احتیاطی تدابیر کے طورپر مزید 3 سے 4 گائے ذبح کی گئی تھیں۔

  • ایسا کپڑا جسے دھونے کی ضرورت نہیں

    ایسا کپڑا جسے دھونے کی ضرورت نہیں

    لندن: برطانیہ میں ماہرین نے ایسا کپڑا تیار کیا ہے جسے دھونے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور یہ سورج کی روشنی میں خود بخود صاف ہوجائے گا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق برطانوی کارڈف یونیورسٹی میں کیمسٹری کے شعبے کی تحقیقی ٹیم ایک نئے قسم کے کپڑے کی ایجاد میں کامیاب ہوئی ہے جسے سورج کی روشنی کے سامنے کرنے پر 99 فیصد بیکٹیریا ختم ہو جاتے ہیں۔

    سورج کی روشنی کپڑے سے داغ اور بدبو کو دور کر دیتی ہے، جس کے بعد آپ انہیں چند منٹ میں دوبارہ استعمال کر سکتے ہیں۔

    یونیورسٹی کی ویب سائٹ کے مطابق ماہرین نے حفظان صحت کے مقاصد کے لیے کپڑا تیار کیا ہے جو غیر زہریلی دھاتوں کے ساتھ مل کر سورج کی توانائی بیکٹیریاز کو مارنے، داغوں اور بدبو دور کرنے کے لیے استعمال کرتا ہے۔

    محقق جینیفر ایڈورڈز نے وضاحت کی کہ اس کپڑے کو پہلے پانی سے دھویا جاتا ہے اور پھر بیکٹیریاز کو مارنے کا عمل شروع کرنے کے لیے دھوپ میں خشک کرنے کے لیے چھوڑ دیا جاتا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ اس منفرد کپڑے کو دوبارہ استعمال کے قابل سینیٹری پیڈز میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

    تحقیقاتی ٹیم نے انکشاف کیا کہ سب سے اہم چیز اینٹی بیکٹیریل سرگرمی ہے اور یہ صرف روشنی کے تحت ہوتی ہے اور اندھیرے میں غیرمؤثر ہوتی ہے۔

    ماہرین نے بل اور میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن سے مالی اعانت حاصل کی ہے۔ ماہرین اپنی اس ایجاد کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی کوششوں کو تیز کر رہے ہیں اور اگلے 12 ماہ کے اندر ایک ایسی پروڈکٹ تیار کر رہے ہیں جو مہلک انفیکشن کے امکان کو کم کرنے میں کارآمد ہو۔