Tag: لندن

  • کرونا وائرس برطانوی معیشت کو لے بیٹھا، ملک کساد بازاری کا شکار

    کرونا وائرس برطانوی معیشت کو لے بیٹھا، ملک کساد بازاری کا شکار

    لندن: کرونا وائرس کی وجہ سے برطانیہ کی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے اور برطانیہ کساد بازاری کا شکار ہوگیا ہے، ایک سروے کے مطابق رواں برس ستمبر کے آخر تک ہر 3 میں سے ایک برطانوی کمپنی تباہی کے دہانے پر پہنچ جائے گی۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق سال رواں کے پہلے 3 ماہ کے مقابلے میں برطانوی معیشت 20.4 فیصد سکڑ گئی ہے، سنہ 2009 کے بعد سے اب تک 11 سال کے دوران ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ برطانیہ کساد بازاری کا شکار ہوا ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کے مطابق ملک میں بیروزگاری کی شرح تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، صرف جون کے مہینے میں 1 لاکھ 39 ہزار سے زائد افراد اپنی ملازمتوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    کرونا وائرس کے لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہزاروں فرمز بند ہونے کے باعث بیروزگاری کا طوفان برپا ہوا جسے حکومتی کوششوں کے باوجود سنبھالا نہیں جا سکا، بیروزگاری کی شرح میں ابھی بھی مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

    برطانوی معاشی ماہرین کے مطابق گھروں میں کام کرنے والے اس بحران سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

    برطانیہ کے چارٹرڈ انسٹی ٹیوٹ آف پرسونل اینڈ ڈویلپمنٹ (سی آئی پی ڈی) کے مطابق حکومت اب اپنی ملازمتوں کی افلاس اسکیم کو ختم کرنے کے بعد کاروباروں کو بڑھتے ہوئے اخراجات کے امکان کا سامنا کر رہی ہے۔

    سی آئی پی ڈی کے ہی ایک سروے کے مطابق رواں برس ستمبر کے آخر تک ہر 3 میں سے ایک کمپنی تباہی کے دہانے پر پہنچ جائے گی۔

  • ملکہ برطانیہ کی پوتی سادگی سے رشتہ ازدواج میں منسلک

    ملکہ برطانیہ کی پوتی سادگی سے رشتہ ازدواج میں منسلک

    ملکہ برطانیہ کی پوتی شہزادی بیٹریس برطانوی بزنس مین ایڈورڈ ماپیلی موزی کے ساتھ سادگی سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں، شادی کی تقریب میں ملکہ نے بھی شرکت کی۔

    برطانوی شہزادے اینڈریو اور سارہ فرگوسن کی بیٹی شہزادی بیٹریس ایک نجی تقریب میں برطانوی بزنس مین ایڈورڈ ماپیلی موزی کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔ شادی کی تقریب رائل لاجز ونڈسر میں رائل چیپل آف آل سینٹس میں منعقد ہوئی۔

    تقریب میں ملکہ برطانیہ اور ان کے شوہر شہزادہ فلپ سمیت خاندان کے قریبی افراد نے شرکت کی۔

    اپنی زندگی کے اہم موقع پر شہزادی نے اپنی دادی کا لباس زیب تن کیا جبکہ انہوں نے تاج بھی وہی پہنا جو ملکہ برطانیہ نے اپنی شادی کے موقع پر پہنا تھا۔

    شہزادی بیٹریس کی شادی 29 مئی کو ہونا قرار پائی تھی تاہم کرونا وائرس کی وجہ سے یہ تاخیر کا شکار ہوگئی۔

    انگلینڈ میں 23 مارچ سے کرونا وائرس کے لاک ڈاؤن کے بعد سے ہر طرح کی شادی کی تقریبات پر پابندی عائد کردی گئی تھی تاہم 4 جولائی کے بعد سے 30 لوگوں پر مشتمل تقاریب کی اجازت دے دی گئی تھی، اسی اجازت کے تحت شہزادی بیٹرس کی شادی انجام پائی۔

    31 سالہ شہزادی بیٹریس ملکہ برطانیہ کے چھوٹے بیٹے اینڈریو اور ان سابق اہلیہ سارہ فرگوسن کی بڑی بیٹی ہیں، شہزادی بیٹریس تخت کے وارثوں کی فہرست میں 9 ویں نمبر پر ہیں۔

    شہزادی کسی قسم کی شاہی ذمہ داری نبھانے کے بجائے ایک کمپیوٹر کمپنی میں ملازمت کرتی رہی ہیں۔

  • جنوبی برطانیہ میں چیونٹیوں کی بارش ہو گئی

    جنوبی برطانیہ میں چیونٹیوں کی بارش ہو گئی

    لندن: جنوبی برطانیہ میں اڑنے والی چیونٹیوں کی بارش ہو گئی، محکمہ موسمیات بھی پریشان ہو گیا۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق برطانیہ کے جنوب مشرقی ساحل پر گزشتہ روز چیونٹیوں کا بادل چھا گیا تھا، محکمہ موسمیات نے پہلے اسے بارش سمجھا، تاہم معلوم ہوا کہ وہ اڑنے والی چیونٹیوں کا جھنڈ ہے جس نے علاقے کو ڈھانپ لیا ہے۔

    میٹ آفس کا کہنا تھا کہ جنوبی انگلینڈ کے ساحل کے قریب اڑنے والی چیونٹیوں کا بڑا جھنڈ موجود ہے، 50 میل چوڑا چیونٹیوں کا یہ جھنڈ خلا سے بھی دیکھا جا سکتا ہے، ابتدا میں خلا سے دیکھنے پر یہ بادل دکھائی دیے، تاہم یہ اڑنے والی چیونٹیوں کا جھنڈ نکلا۔

    ترجمان محکمہ موسمیات نے بتایا کہ چیونٹیوں کا پتا میٹ آفس کے ریڈار سے چلا، چیونٹیوں کا یہ جھنڈ کینٹ اور سسکس کے پچاس میل علاقے پر پھیلا ہوا تھا، لندن کے اوپر بھی چھوٹے جھنڈ دیکھے گئے۔

    میٹ آفس نے اس سلسلے میں ایک ٹویٹ میں لکھا کہ لندن، کینٹ اور سسکس پر بارش نہیں ہو رہی ہے اگرچہ ہمارے ریڈار نے یہی کہا تھا، تاہم ریڈار پر جو چیز نظر آئی ہے وہ اڑنے والی چیونٹیوں کا جھنڈ ہے۔

    ٹویٹ میں میٹ آفس نے کہا کہ موسم گرما کے دوران چیونٹیاں عام طور پر گرم، مرطوب اور بے ہوا دنوں میں آسمانوں میں اڑان بھر سکتی ہیں۔ محکمے کے ترجمان نے بتایا کہ جھنڈ میں لاکھوں چیونٹیاں تھیں۔

  • برطانیہ میں زیر تعلیم انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس کا کرونا کی صورت حال میں اہم مطالبہ

    برطانیہ میں زیر تعلیم انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس کا کرونا کی صورت حال میں اہم مطالبہ

    لندن: برطانیہ میں زیر تعلیم انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس نے کرونا وائرس کی وبا کی صورت حال میں مطالبہ کیا ہے کہ ان کی فیسیں منجمد کی جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاک ڈاؤن میں بھی برطانوی یونی ورسٹی نے انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس سے فیسوں کا مطالبہ کر دیا ہے، دوسری طرف جانب طلبہ نے شکوہ کیا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران وہ یونی ورسٹی کی سہولیات سے محروم رہے ہیں۔

    طلبہ کا مؤقف ہے کہ وبا کے دوران حکومت نے 3 ماہ کے لیے کرائے اور اقساط منجمد کر دی تھیں، لاک ڈاؤن کے باعث طلبہ ساڑھے تین ماہ کام بھی نہیں کر سکے، ہزاروں پاؤنڈز فیس ادا کی مگر پڑھائی آن لائن کرتے رہے، اس لیے اب ان کی فیس منجمد کی جائے۔

    طلبہ نے فیس منجمد کرنے کے لیے پارلیمنٹ کی ویب سائٹ پر پٹیشن بھی دائر کر دی ہے، جس پر 10 ہزار کے قریب افراد نے دستخط کر دیے۔

    واضح رہے کہ برطانیہ کی بروک یونی ورسٹی وبا کے دوران بھی مسلسل بین الاقوامی طلبہ کے لیے اپنے ٹیوشن فیس کے ڈھانچے میں موجود شرائط پر عمل درآمد جاری رکھے ہوئے ہے، فیسوں میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی، بلکہ وبائی صورت حال کے دوران انڈر گریڈ طلبہ کے لیے اوسطاً 5 فی صد اور گریڈ طلبہ کے لیے اوسطاً 7 فی صد کا اضافہ کیا گیا۔

    دوسری طرف اگر سب نہیں تو زیادہ تر کورسز آن لائن پڑھائے جا رہے ہیں، اور یہ بات سبھی جانتے ہیں کہ آن لائن کورسز پر لاگت بہت کم آتی ہے۔

  • لندن: طیارے کے بیت الخلا میں بم کی اطلاع

    لندن: طیارے کے بیت الخلا میں بم کی اطلاع

    لندن: برطانیہ میں ایک مسافر طیارے کے بیت الخلا میں بم کی اطلاع ملنے پر حکام میں کھلبلی مچ گئی۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق پولینڈ کے شہر کراکو سے آئرلینڈ کے شہر ڈبلن جانے والی ایک پرواز کو اس وقت لندن کے اسٹین سٹیڈ ایئرپورٹ اتار لیا گیا جب اس کے ٹوائلٹ سے بم کی اطلاع پر مشتمل ایک نوٹ برآمد ہوا۔

    بیت الخلا سے برآمد نوٹ میں لکھا گیا تھا کہ جہاز میں دھماکا خیز مواد موجود ہے، ایئرپورٹ حکام کو اطلاع ملتے ہی کھلبلی مچ گئی، رائن ایئر کی پرواز کو فوری طور پر لندن کے ایئرپورٹ اسٹین سٹیڈ کی طرف موڑا گیا، طیارے کو بہ حفاظت اتارنے کے لیے برطانوی رائل ایئر فورس کے 2 لڑاکا طیاروں کو بھی طلب کیا گیا، ٹائفون جیٹس نے مسافر طیارے کو ایئرپورٹ پر اتارا۔

    ایئر پورٹ پر تمام حفاظتی اقدامات پہلے سے کر دیے گئے تھے، طیارے کے اترتے ہی جہاز کو مسافروں سے مکمل طور پر خالی کرا لیا گیا۔

    برطانوی پولیس جہاز کے تمام مسافروں کو چیک کر رہی ہے، کلیئر ہونے کے بعد مسافروں کو اسپیئر جہاز کے ذریعے روانہ کیا جائے گا، طیارے میں دھماکا خیز مواد کی موجودگی کے سلسلے میں برطانوی حکام کی جانب سے تاحال کوئی اپ ڈیٹ جاری نہیں کی گئی۔

  • برطانیہ کی 200 سالہ تاریخ میں پہلی بار حاضر سروس میجر جنرل کا کورٹ مارشل

    برطانیہ کی 200 سالہ تاریخ میں پہلی بار حاضر سروس میجر جنرل کا کورٹ مارشل

    لندن: برطانیہ کی تاریخ میں پہلی بار ایک حاضر سروس میجر جنرل کا کورٹ مارشل کیا جارہا ہے، میجر جنرل نک ویلش کو بچوں کی تعلیم پر حد سے زائد اخراجات کرنے کے الزام کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی 200 سالہ تاریخ میں پہلی بار ایک حاضر سروس میجر جنرل کو کورٹ مارشل کا سامنا ہے، فراڈ کے جرم میں برطانوی فوج کے میجر جنرل نک ویلش کا کورٹ مارشل کیا جائے گا۔

    نک ویلش پر جمعہ کے روز فوجی عدالت نے فرد جرم عائد کی، میجر جنرل نک ویلش کو بچوں کی تعلیم پر حد سے زائد اخراجات کرنے کے جرم میں فوجی عدالت نے چارج لگا کر کورٹ مارشل کر دیا۔

    قانون کے مطابق بچے کی تعلیم پر سالانہ 23 ہزار پاونڈز سے زائد رقم خرچ نہیں کی جاسکتی تاہم نک ویلش پر اپنے زیر تعلیم بچے پر 50 ہزار پاونڈز خرچ کیے جانے کا الزام ہے۔

    نک ویلش برطانوی افواج اور وزارت دفاع کے اہم عہدوں پر فائض رہ چکے ہیں، وہ افغانستان میں برطانوی فوج کے سیکنڈ کمانڈ تھے اور امریکن فورسز کے ساتھ مشترکہ کاروائیوں میں حصہ بھی لے چکے ہیں۔

    شواہد کی روشنی میں نک ویلش کا اگلے سال باقاعدہ ٹرائل شروع کیا جائے گا۔

  • لندن:17 منزلہ عمارت میں آتشزدگی،18 افراد زخمی

    لندن:17 منزلہ عمارت میں آتشزدگی،18 افراد زخمی

    لندن: برطانوی دارالحکومت لندن میں 17 منزلہ عمارت میں آگ لگنے سے 18 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی لندن کے علاقے میں واقع 17 منزلہ رہائشی عمارت میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 18 افراد زخمی ہوگئے۔پولیس حکام کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    آگ لگنے کی اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے، 60 فائر فائٹر اور 8 فائر انجن آگ بجھانے کے عمل میں مصروف ہیں۔

    فائر بریگیڈ حکام نے بتایا کہ 17 منزلہ عمارت کے گراؤنڈ فلور کے فلیٹ میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، آگ لگنے کی وجہ معلوم نہ ہوسکی، اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

  • 6 سالہ بچے کو اونچی عمارت سے پھینکنے والے شخص کو کتنے سال کی سزا ہوئی؟

    6 سالہ بچے کو اونچی عمارت سے پھینکنے والے شخص کو کتنے سال کی سزا ہوئی؟

    لندن: برطانوی دارالحکومت لندن میں 10ویں منزل سے 6 سالہ بچے کو نیچے پھینکنے والے شخص کو 15 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق لندن کی ٹیٹ ماڈرن گیلری کی عمارت کی 10ویں منزل سے 6 سالہ بچے کو نیچے پھینکنے والے برطانوی نوجوان کو 15 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

    اولڈ بیلی کی عدالت میں جج میکگوان نے ملزم جونٹی بریوری کو سزا سناتے ہوئے کہا کہ اس دن جو کچھ تم نے کیا اس سے یہ بات واضح ہے کہ تم لوگوں کے لیے ایک سنگین خطرہ ہو۔

    خیال رہے کہ 6 سالہ بچہ فرانس سے لندن سیر کرنے اپنے والدین کے ساتھ آیا تھا،عدالت میں پیش کی جانے والی ویڈیو کے مطابق مجرم نے بچے کو اٹھایا اور بغیر کسی ہچکچاہٹ وہ جنگلے کی طرف گیا اور اسے جنگلے کے اوپر سے نیچے پھینک دیا، بچہ سر کے بل پانچویں منزل کی بالکونی پر آگرا۔

    ماں نے نومولود بچے کو کھڑکی سے باہر کیوں پھینکا؟

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے برازیل کے شہر ساؤ پالو میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا تھا جہاں 20 سالہ ماں نے بچے کو جنم دینے کے بعد اپارٹمنٹ کی کھڑکی سے نیچے پھینک دیا تھا جس کے نتیجے میں نوزائیدہ بچہ جان کی بازی ہار گیا تھا۔

  • چاکلیٹس اور بسکٹس کے ساتھ اب فیس ماسک بھی وینڈنگ مشین سے نکلیں گے

    چاکلیٹس اور بسکٹس کے ساتھ اب فیس ماسک بھی وینڈنگ مشین سے نکلیں گے

    لندن/سنگاپور: کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اب فیس ماسک بھی وینڈنگ مشین سے مل سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وبا کے دوران لندن اور سنگاپور میں عوام کے لیے نئی سہولت فراہم کی گئی ہے، چاکلیٹس، بسکٹس، اور کولڈ ڈرنکس ہی نہیں اب فیس ماسک بھی وینڈنگ مشین سے مل سکتے ہیں۔

    لندن میں کرونا وبا کی تشویش ناک صورت حال کے پیش نظر یہ اقدام اٹھایا گیا ہے، شاپنگ مالز اور عام دکانوں کے ساتھ ساتھ عوام کی سہولت کے لیے جگہ جگہ ماسک وینڈنگ مشین نصب کر دی گئی ہیں۔

    حکومت کی جانب سے فیس ماسک کو لازمی قرار دینے کے بعد اپریل میں ایک نئی لانچ ہونے والی کمپنی ماسکیو نے یہ آئیڈیا پیش کیا، کمپنی کے مالک 42 سالہ ایڈم فری مین نے بتایا کہ کرونا وائرس کی وبا کے شروع میں وہ اپنے ایک دوست اور پڑوسی روسل سے گفتگو کر رہا تھا کہ یہ آئیڈیا ذہن میں آیا۔

    دریں اثنا، سنگاپور نے بھی ایسی وینڈنگ مشینیں لانچ کر دی ہیں جن سے عوام مفت میں فیس ماسک حاصل کر سکیں گے، یہ سہولت این جی او تماسک فاؤنڈیشن فراہم کر رہی ہے، جس کا آغاز 29 جون سے ہوگا، بتایا گیا ہے کہ سنگاپور بھر میں 1 ہزار 200 مشینیں لگائی جائیں گی، جن سے ہر شہری 2 فیس ماسک مفت حاصل کر سکے گا۔

    واضح رہے کہ برطانیہ میں کرونا وائرس سے ہونے والی اموات بڑھ کر 43,230 ہو چکی ہیں جب کہ 307,980 افراد وائرس سے اب تک متاثر ہو چکے ہیں۔ دوسری طرف سنگاپور میں اب تک صرف 26 افراد ہی وائرس سے ہلاک ہوئے ہیں تاہم 42,955 افراد وائرس سے متاثر ہوئے۔

  • طیارے پر تین بار آسمانی بجلی گرنے کے بعد کیا ہوا؟ ویڈیو دیکھیں

    طیارے پر تین بار آسمانی بجلی گرنے کے بعد کیا ہوا؟ ویڈیو دیکھیں

    لندن: برطانیہ کے مشہور ایئرپورٹ ہیتھرو کی طرف جانے والے ایک طیارے کو تین بار آسمانی بجلی نے آ لیا، اس منظر نے دیکھنے والوں کی کچھ دیر تک سانسیں روک لیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہیتھرو ایئرپورٹ لندن کی طرف بڑھنے والے ہوائی جہاز پر تین آسمانی بجلیاں گر پڑیں، یہ ایک ناقابل یقین لمحہ تھا، اس واقعے کی فوٹیج بھی سامنے آ گئی جسے دیکھ کر دیکھنے والے ششدر رہ گئے۔

    وسطی لندن کی فضائیں اس دن طوفانی ہواؤں کی زد پر تھیں، آسمان پر گہرے کالے بادل چھائے ہوئے تھے، کہ اس دوران ایک طیارہ ہیتھرو ایئر پورٹ کی طرف بڑھتا دکھائی دیا، یکایک آسمان بجلی کڑکنے کی آواز سے گونج اٹھا، اور بجلی کا ایک خوف ناک کڑاکا نکل کر طیارے پر گرا۔

    اس ناقابل یقین منظر کو ویپنگ ہائی اسٹریٹ کے علاقے میں ایک فلیٹ میں موجود شخص نے دیکھا تو خوف زدہ ہو گیا، تاہم نے اس کیمرا نکال کر اسے ریکارڈ کر لیا، اس کا کہنا تھا کہ یہ منظر دیکھ کر میں نے کہا یہی موقع ہے جب کیمرا نکالا جانا چاہیے۔

    عینی شاہد کا کہنا تھا کہ اس نے دیکھا، یکے بعد دیگرے تین بار آسمانی بجلی کڑکی اور طیارے پر گری، میرے منہ سے چیخیں نکلیں، میں سمجھا کہ بس اب طیارہ گر کر تباہ ہو جائے گا۔

    عینی شاہد کے مطابق علاقے میں آسمانی بجلی کڑکنے کی خوف ناک آوازیں پھیلی ہوئی تھیں، ایک بجلی اتنی بڑی تھی کہ اس نے پورے علاقے کو گھیر لیا، تین بار مختلف مقامات سے آسمانی بجلی نکل کر طیارے پر گری۔

    6 جون کو ریکارڈ کی گئی ویڈیو میں یہ خوف ناک منظر دیکھا جا سکتا ہے، ایک لمحے کے لیے لگتا ہے کہ اب ہوائی جہاز گر کر تباہ ہو جائے گا، تاہم طیارہ بہ حفاظت ہیتھرو ایئرپورٹ پر اتر گیا۔

    واضح رہے کہ تمام مسافر طیارے الیکٹریکل شیلڈ کے ساتھ بنائے جاتے ہیں، جو طیارے کے اندر کے حصے کو آسمانی بجلیوں کے اثرات سے بچاتا ہے، اندر بیٹھے ہوئے افراد کو عموماً پتا بھی نہیں چلتا کہ طیارے سے آسمانی بجلی ٹکرا گئی ہے۔