Tag: لندن

  • یوکرین طیارہ ایرانی میزائل سے تباہ ہوا، بورس جانسن اور جسٹن ٹروڈو کا بھی دعویٰ

    یوکرین طیارہ ایرانی میزائل سے تباہ ہوا، بورس جانسن اور جسٹن ٹروڈو کا بھی دعویٰ

    لندن: یوکرین طیارے کی تباہی سے متعلق بورس جانسن اور جسٹن ٹروڈو کا بھی دعویٰ سامنے آ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی اور کینیڈین وزرائے اعظم نے بھی دعویٰ کر دیا ہے کہ یوکرین طیارہ ایرانی میزائل لگنے سے تباہ ہوا ہے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق وزیر اعظم بورس جانسن نے بیان دیا کہ اطلاعت ہیں کہ مسافر طیارہ ایرانی میزائل سے تباہ ہوا، طیارہ تباہ ہونے سے ہلاک افراد میں 4 برطانوی بھی شامل ہیں، خطے میں کشیدگی میں کمی کے لیے تمام فریقین اقدامات کریں۔

    ادھر کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے بھی کہا ہے کہ یوکرین کا طیارہ ایرانی میزائل کا نشانہ بنا، ممکن ہے مسافر طیارے پر میزائل دانستہ نہ مارا گیا ہو تاہم انٹیلی جنس کے پاس طیارہ میزائل سے تباہ ہونے کے شواہد موجود ہیں۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ اس واقعے کی عالمی سطح پر تحقیقات کرائی جائیں، جب تک انصاف ہوتا نہیں دکھے گا چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

    یوکرینی طیارے کی تباہی کا معاملہ، ایران نے امریکی دعویٰ مسترد کردیا

    خیال رہے کہ ایران میں یوکرین کا طیارہ گر کر تباہ ہونے کے واقعے سے متعلق گزشتہ روز امریکی ہفتہ روزہ میگزین نیوز ویک نے دعویٰ کیا کہ طیارے کو ایران نے غلطی سے تباہ کیا تھا، طیارے کو اینٹی ایئر کرافٹ میزائل لگا تھا، پینٹاگون اور عراقی انٹیلی جنس کے اعلیٰ حکام نے اس حادثے سے متعلق آگاہ کیا، طیارے کو جو میزائل لگا وہ روسی ساختہ زمین سے فضا میں مار کرنے والا میزائل ٹی او آر ایم ون تھا۔

    نیوز ویک نے کہا کہ پینٹاگون حکام کے مطابق واقعہ غلطی کے باعث پیش آیا تھا، سیٹلائٹ کے ذریعے بھی میزائل فائر کرنے کے شواہد ملے ہیں، جب کہ ایرانی حکام نے طیارے کو میزائل لگنے کی تردید کی ہے۔ خیال رہے ایران میں یوکرینی طیارہ گرا تھا جس میں 176 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

  • ایران نے دبئی کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکی دے دی

    ایران نے دبئی کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکی دے دی

    تہران: برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے دبئی اور اسرائیل کو نشانہ بنانے کی دھمکی دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مشرق وسطیٰ میں امریکا اور ایران کے درمیان جاری سخت ترین کشیدگی میں فریقین میں ایک دوسرے کو دھمکیوں کا سلسلہ جاری ہے، برطانوی میڈیا نے دعویٰ کر دیا ہے کہ ایران نے دبئی اور اسرائیل کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق امریکا نے کارروائی کی تو ایران دبئی اور اسرائیل کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ رات بغداد میں امریکی فوجی اڈوں پر ایرانی حملوں کے بعد پاسداران انقلاب نے بیان میں تنبیہہ کی تھی کہ امریکا خطے سے اپنی افواج نکالے، ورنہ اسرائیل اور امریکی اتحادیوں کو بھی نشانہ بنائیں گے، اگر امریکی اتحادی ممالک سے حملہ ہوا تو اس کا بھی بھرپور جواب دیں گے، آیندہ کسی امریکی حملے کی صورت میں مزید سخت جواب دیا جائے گا۔

    ایران نے امریکا پر جوابی وار کر دیا، فوجی اڈوں پر دو بڑے حملوں میں 80 ہلاک

    غیر ملکی خبر ایجنسی کا کہنا تھا کہ مغربی عراق میں عین الاسد میں واقع فوجی اڈے پر 9 راکٹ گرے، پینٹاگون نے تصدیق کی ہے کہ عراق میں 2 فوجی اڈے ایرانی حملوں کا نشانہ بنے، امریکی، اتحادی افواج پر درجن سے زائد بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے، ایرانی میزائلوں کا ہدف الاسد اور اربیل میں واقع فوجی اڈے تھے، حملوں میں نقصانات کا ابتدائی تخمینہ لگایا جا رہا ہے، امریکیوں اور اتحادیوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔

  • برطانیہ نے 2 جنگی بیڑے خلیج فارس روانہ کر دیے، سعودی عرب بھی سامنے آ گیا

    برطانیہ نے 2 جنگی بیڑے خلیج فارس روانہ کر دیے، سعودی عرب بھی سامنے آ گیا

    لندن/ریاض: امریکی حملے میں ایرانی جنرل کی موت کے بعد مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورت حال کے پیش نظر برطانیہ نے اپنے 2 بحری جنگی بیڑے خلیج فارس میں روانہ کر دیے، سعودی عرب بھی خطے میں بڑھتے تناؤ کو کم کرنے کے لیے سامنے آ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ نے اپنے 2 جنگی بحری بیڑے خلیج فارس میں روانہ کر دیے ہیں، ایچ ایم ایس مونٹروز اور ڈیفنڈرز خلیج فارس میں موجود برطانوی جہازوں کی حفاظت کریں گے، یہ بحری بیڑے آبنائے ہرمز سے آئل ٹینکس اور برطانوی شہریوں کو بھی نکالیں گے۔

    ایران، امریکا کشیدگی کے باعث نو منتخب برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے اپنی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی ہیں اور وہ آج وطن واپس پہنچیں گے، وہ کیئریبین کے مسٹیک آئی لینڈ میں چھٹیاں گزار رہے تھے۔

    ادھر سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع اگلے دو روز میں امریکا اور برطانیہ کا دورہ کریں گے، شاہ خالد وائٹ ہاؤس میں اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے، سعودی میڈیا کا کہنا ہے کہ خطے میں بڑھتے تناؤ اور امن و استحکام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا، اس سلسلے میں انھیں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے دورے کی ہدایت جاری کی تھیں۔

    سعودی فرماں رواں شاہ سلمان نے بھی عراقی صدر کو ٹیلی فون کیا تھا، سعودی پریس ایجنسی کا کہنا تھا کہ شاہ سلمان نے فون پر خطے میں جاری بحران کو ختم کرنے پر زور دیا، ان کا کہنا تھا کہ خطے میں تناؤ کو کم کرنے کے لیے تمام اقدامات اٹھائے جائیں۔

    خیال رہے کہ واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے سامنے مشرق وسطیٰ سے متعلق پالیسی کے خلاف امریکیوں نے مظاہرہ کیا ہے، مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا کر ٹرمپ ہوٹل کے سامنے مارچ بھی کیا، مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ عراق، شام اور افغانستان سے امریکی فوج نکالی جائے۔

  • آرمی ایکٹ ترمیمی بل، نواز شریف کا خواجہ آصف کو لکھا اہم خط سامنے آ گیا

    آرمی ایکٹ ترمیمی بل، نواز شریف کا خواجہ آصف کو لکھا اہم خط سامنے آ گیا

    لندن: آرمی ایکٹ ترمیمی بل کے سلسلے میں میاں نواز شریف کا خواجہ آصف کو لکھا اہم خط سامنے آ گیا، جس میں انھوں نے خصوصی ہدایات دی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آرمی ایکٹ ترمیمی بل کے سلسلے میں نواز شریف نے خواجہ آصف کو ایک خط لکھ کر ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں استحکام کے لیے بل کو مثبت طریقے سے دیکھنا چاہتے ہیں۔

    نواز شریف نے لکھا کہ ایوان میں بل پیش ہونے سے قبل مسلم لیگ ن کا پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلایا جائے، لیگی ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹ کو بھی ان ہدایات سے آگاہ کر دیا جائے۔

    میاں نواز شریف نے خط میں بل کی منظوری کے لیے 15 جنوری تک کا ٹائم ٹیبل بھی دیا، خط میں انھوں نے ہدایت کی کہ ٹائم ٹیبل میں پارلیمنٹ اور قائمہ کمیٹیوں میں بل پر رائے لی جائے۔ نواز شریف نے خط میں حکومت پر وضع شدہ پارلیمانی طریقۂ کار کے استعمال پر بھی زور دینے کی ہدایت کی۔

    آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع، مسلم لیگ(ن) کا آرمی ایکٹ میں ترمیم کی حمایت کا فیصلہ

    انھوں نے لکھا کہ جلد بازی میں قواعد و ضوابط کی پروا نہ کرنا کسی کے مفاد میں نہیں، اس اہم بل کی منظور ی کے لیے پارلیمنٹ ربر اسٹیمپ نہیں دکھنی چاہیے، اہم بل 24 یا 48 گھنٹوں میں پاس نہیں کیے جا سکتے، پارلیمنٹ کی توقیر پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق آرمی ایکٹ میں ترمیم کی حمایت کا فیصلہ کیا تھا، حکومت نے آرمی ایکٹ میں ترمیم پر ن لیگ کی حمایت مانگی تھی۔ ن لیگ نے حمایت کا فیصلہ مشترکہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کیا تھا۔

  • بریگزٹ میں چند ہفتے باقی، تارکین وطن کی برطانیہ آنے کی کوششیں تیز

    بریگزٹ میں چند ہفتے باقی، تارکین وطن کی برطانیہ آنے کی کوششیں تیز

    لندن: برطانوی انتخابات میں بورس جانسن کی ایک بار پھر کام یابی کے بعد بریگزٹ میں اب چند ہفتے باقی رہ گئے ہیں، مختلف ممالک سے تارکین وطن نے برطانیہ آنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق 4 ہزار کے قریب تارکین وطن یورپ کے مہاجر کیمپوں میں موجود ہیں، جنھوں نے برطانیہ میں داخلے کی کوششیں تیز کر دی ہیں، تارکین وطن بریگزٹ سے قبل برطانیہ میں داخل ہونا چاہتے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق سینکڑوں تارکین وطن ہر روز یورپ سے برطانیہ داخل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں، رواں سال 1500 افراد نے غیر قانونی طور پر برطانیہ میں داخل ہونے کی کوشش کی، خیال رہے کہ برطانیہ 31 جنوری سے قبل یورپ سے نکل جائے گا۔

    برٹش ٹرک ایسوسی ایشن کی جانب سے ڈرائیورز کو تنبیہہ کی گئی ہے کہ وہ یورپ برطانیہ بارڈر پر اسٹاپ نہ کریں، یاد رہے کہ اکتوبر میں 39 ویت نامی باشندے برطانیہ آنے کی کوشش میں ہلاک ہوگئے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بریگزٹ، بلجئیم سے 42 ہزار افراد کے بےروزگار ہونے کا خدشہ

    ادھر غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بیلجئیم کی معروف لیون یونی ورسٹی اور فلامش گورنمنٹ کی جانب سے کی گئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ برطانیہ کی یورپ سے علیحدگی (بریگزٹ) کے نتیجے میں بیلجئیم کے 42 ہزار افراد اپنے روزگار سے محروم ہو جائیں گے۔

    برطانوی انتخابات میں بورس جانسن کی کام یابی کے بعد ہزاروں افراد نے لندن میں احتجاج کیا تھا، انتخابات میں کنزرویٹو پارٹی نے تاریخی فتح حاصل کی تھی۔ اسکاٹ لینڈ میں برطانیہ سے علیحدگی کی تحریک بھی زور پکڑنے لگی ہے۔

  • اتوار کو نواز شریف کے دانتوں کا معائنہ کیا جائے گا

    اتوار کو نواز شریف کے دانتوں کا معائنہ کیا جائے گا

    لندن: سابق وزیر اعظم نواز شریف کے دانتوں کا معائنہ کل بہ روز اتوار کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات نواز شریف کو اسپتال لے جایا گیا تھا جہاں ان کا چیک اپ کرایا گیا، سابق وزیر اعظم کے صاحب زادے حسین نواز نے کہا کہ اتوار کے دن ان کے والد کے دانتوں کا معائنہ کیا جائے گا۔

    حسین نواز نے بتایا کہ پیر کو نواز شریف کا کارڈیک پی اے ٹی اسکین بھی کیا جائے گا۔

    دریں اثنا، نواز شریف سے پرویز مشرف کے خلاف فیصلے سے متعلق صحافی کے سوال پر نواز شریف خاموش رہے، غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے حسین نواز نے کہا کہ نواز شریف کو فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا تھا، ہم اسپتال میں تھے جب یہ فیصلہ آیا، نواز شریف نے کہا میں نے معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  نواز شریف کوعلاج کے لیے امریکا لے جایا جائے گا، ڈاکٹر عدنان

    خیال رہے کہ طبی بنیادوں پر ضمانت پر رہائی کے بعد نواز شریف کو علاج کے لیے لندن منتقل کیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے، تاہم ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے کہا تھا کہ انھیں زیادہ بہتر علاج کے لیے امریکا منتقل کیا جائے گا۔

    ذاتی معالج نے کہا تھا کہ نواز شریف کے دماغ کو خون دینے والی شریان میں اسٹنٹنگ کی جائے گی، ان کا 6 مختلف اسپتالوں میں علاج جاری ہے۔ ایماٹولوجسٹ ٹیم نے انھیں صحت مند قرار نہیں دیا، ان کے دل اور شریانوں کا مسلسل معائنہ کیا جا رہا ہے، پلیٹ لیٹس متوازن ہونے تک کوئی پروسیجر نہیں کیا جا سکتا، پلیٹ لیٹس گرنے کی وجوہ معلوم کرنا چیلنج بن گیا ہے۔

    انھوں نے مزید کہا تھا کہ برطانوی ڈاکٹرز نواز شریف کی بیماری کی تشخیص ابھی تک نہیں کر سکے ہیں، وہ کتنے دن برطانیہ میں رہیں گے کچھ کہنا ممکن نہیں ہے۔

  • بورس جانسن کی کامیابی پر ہزاروں افراد کا لندن میں احتجاج، بریگزٹ پر کام کا اعلان

    بورس جانسن کی کامیابی پر ہزاروں افراد کا لندن میں احتجاج، بریگزٹ پر کام کا اعلان

    لندن: برطانوی انتخابات میں بورس جانسن کی ایک بار پھر کام یابی پر لندن میں ہزاروں افراد سراپا احتجاج بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی انتخابات میں بورس جانسن کی کام یابی کے بعد ہزاروں افراد نے لندن میں احتجاج کیا اور بورس جانسن کے خلاف نعرے لگائے، انتخابات میں کنزرویٹو پارٹی نے تاریخی فتح حاصل کی ہے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق پولیس اور مظاہرین کے درمیان تصادم میں متعدد افراد زخمی ہوئے، ادھر اسکاٹ لینڈ میں برطانیہ سے علیحدگی کی تحریک زور پکڑنے لگی ہے.

    بورس جانسن کی جماعت نے برطانیہ میں پانچ سال کے عرصے میں تیسرے عام انتخابات میں 365 نشستیں جیتیں، کام یابی کے بعد وزیر اعظم بورس جانسن نے ملکہ الزبتھ سے ملاقات کی اور حکومت بنانے کی اجازت لی۔

    یہ بھی پڑھیں:  برطانیہ میں پارلیمانی انتخابات، کنزرویٹو پارٹی نے میدان مار لیا

    وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا کہ عوام کا مینڈیٹ ملنے کے بعد بریگزٹ پر تیزی سے کام کریں گے، اب بریگزٹ کی بحث اپنے خاتمے تک پہنچ جائے گی۔

    واضح رہے کہ برطانیہ کے پارلیمانی انتخابات میں کنزرویٹو پارٹی نے واضح اکثریت کے ساتھ میدان مار لیا ہے، جب کہ اپوزیشن لیڈر جیرمی کوربن نے اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے نتائج کو پارٹی کے لیے مایوس کن قرار دیا۔

    کنزرویٹو پارٹی 650 میں سے 365 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہی جب کہ لیبر پارٹی 203 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔ ایس این پی 48، ایس ایف 7، ایل ڈی 11، ڈی یو پی 8، پی سی کو 4، ایس ڈی ایل پی کو 2 جب کہ گرین پارٹی اور الائنس پارٹی کو ایک ایک نشست ملی ہے۔

  • نواز شریف کو ایک نہیں کئی بیماریوں کا سامنا، لندن میں طبی معائنہ

    نواز شریف کو ایک نہیں کئی بیماریوں کا سامنا، لندن میں طبی معائنہ

    لندن: سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ ان کو ایک نہیں کئی بیماریوں کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لندن کے رائل برامپٹن اسپتال میں نواز شریف کا طبی معائنہ کیا گیا، معلوم ہوا ہے کہ سابق وزیر اعظم کو ایک نہیں کئی بیماریاں لاحق ہیں، اے آر وائی نیوز نے میڈیکل رپورٹ حاصل کر لی۔

    رپورٹ کے مطابق نواز شریف کو بہ ظاہر آئی ٹی پی کی بیماری ہے جس کی وجہ سمجھ نہیں آ رہی ہے، پلیٹ لیٹس کا معاملہ کنٹرول میں نہ آیا تو ٹوکسی کولوجی اسکریننگ کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز عدالتی وقت ختم ہونے پر نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ لاہور ہائی کورٹ آفس نے وصول نہیں کی تھی، آج جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نواز شریف کے وکیل امجد پرویز میڈیکل رپورٹ آج جمع کرائیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ کل جمع کرانے کی ہدایت

    سابق وزیر اعظم کی صحت پر رپورٹ برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن سے تصدیق شدہ ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس مستحکم کرنے کے لیےعلاج جاری ہے، محفوظ علاج کے لیے 50 ہزار سے ڈیڑھ لاکھ پلیٹ لیٹس ہونے چاہئیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کو دل میں خون کی شریانوں میں مسائل کا بھی سامنا ہے، بائی پاس کے بعد نواز شریف کی طبیعت بہتر ہے مگر شریانوں میں مسائل ہیں، نواز شریف کے دل کی ایم آر آئی بھی ہو رہی ہے۔

    میڈیکل رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ نواز شریف کو دن میں 2 مرتبہ واک بھی کرنی چاہیے، نواز شریف کے مرض کی مکمل تشخیص کا عمل بھی جاری ہے۔

  • برطانیہ میں پارلیمانی انتخابات، کنزرویٹو پارٹی نے میدان مار لیا

    برطانیہ میں پارلیمانی انتخابات، کنزرویٹو پارٹی نے میدان مار لیا

    لندن: برطانیہ کے پارلیمانی انتخابات میں کنزرویٹو پارٹی نے میدان مار لیا ہے، اپوزیشن لیڈر جیرمی کوربن نے شکست تسلیم کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں پانچ سال کے عرصے میں تیسرے عام انتخابات میں کنزرویٹو جماعت نے مطلوبہ 326 نشستیں حاصل کر لیں، بورس جانسن کی جماعت کنزرویٹو اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی۔

    کنزرویٹو پارٹی 650 میں سے 365 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جب کہ لیبر پارٹی 203 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ جب کہ ایس این پی 48، ایس ایف 7، ایل ڈی 11، ڈی یو پی 8، پی سی کو 4، ایس ڈی ایل پی کو 2 جب کہ گرین پارٹی اور الائنس پارٹی کو ایک ایک نشست ملی ہے۔

    برطانوی پارلیمنٹ کی 650 نشستوں پر انتخابات کے لیے ووٹ ڈالے گئے ہیں، برطانوی میڈیا نے ایگزٹ پول جاری کیا تھا، جس میں پیش گوئی کی گئی تھی کہ لیبر پارٹی کو 191 نشستیں جب کہ کنزرویٹو پارٹی کو 368 نشستیں ملنے کا امکان ہے، اسکاٹش نیشنل پارٹی کو55 نشستیں مل سکتی ہیں، لبرل ڈیموکریٹس 13 سیٹیں جیت سکتی ہے، پلیڈ سائمرو 3، گرین پارٹی کو ایک نشست مل سکتی ہے، جب کہ حکومتی جماعت کنزرویٹوپارٹی کو واضح اکثریت ملنے کا امکان ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  برطانیہ میں عام انتخابات ، ووٹنگ کا عمل جاری

    قبل ازیں، عام انتخابات میں پولنگ کا عمل صبح 7 سے رات 10 بجے تک جاری رہا تھا، پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کی لمبی قطاریں لگی رہیں، پاکستانی کمیونٹی نے بھی انتخابی عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، کئی پاکستانی نژاد برطانوی شہری دارالعوام کی نشستوں کے لیے امیدوار ہیں۔

  • برطانیہ کے انتخابات میں 15 پاکستانی نژاد اپنی نشستوں پر کامیاب

    برطانیہ کے انتخابات میں 15 پاکستانی نژاد اپنی نشستوں پر کامیاب

    لندن: برطانیہ کے عام انتخابات میں 15 پاکستانی نژاد امیدوار اپنی نشستوں پر کامیاب ہو گئے ہیں، جن میں سے زیادہ تعداد ہارنے والی جماعت لیبر پارٹی سے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں پانچ سال کے عرصے میں تیسرے عام انتخابات میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے، برطانیہ کے سابق وزیر داخلہ ساجد جاوید نے برومس گرو سے اپنی نشست جیت لی ہے، ساجد جاوید نے مد مقابل روری شینن کو 23106 ووٹوں سے شکست دی، انھوں نے کنزرویٹو پارٹی کی جانب سے عام انتخابات میں حصہ لیا۔

    دوسری طرف لیبر پارٹی کی ناز شاہ بریڈ فورڈ سے کامیاب ہو گئی ہیں، ناز شاہ مسلسل تیسری بار اپنی نشست کا دفاع کرنے میں کامیاب ہوئیں۔ لیبر پارٹی کے پاکستانی نژاد خالد محمود نے بھی برمنگھم سے اپنی نشست جیت لی ہے۔ لیبر پارٹی ہی کی یاسمین قریشی بھی ساؤتھ بولٹن سے کامیاب ہو گئی ہیں۔

    تازہ ترین:  برطانیہ عام انتخابات: ووٹوں کی گنتی جاری، کنزرویٹوپارٹی کی برتری

    لیبر پارٹی کے افضل خان مانچسٹر کے علاقے گورٹن سے، لیبر پارٹی کے پاکستانی نژاد طاہر علی برمنگھم کے ہال گرین سے، لیبر پارٹی کے محمد یاسین بریڈ فورڈ شائر سے، لیبر پارٹی کے عمران حسین بریڈ فورڈ ایسٹ سے، لیبر پارٹی کی پاکستانی نژاد زارا سلطانہ کوونٹری ساؤتھ سے، لیبر پارٹی کی شبانہ محمود برمنگھم لیڈی ووڈ سے ایک بار پھر، لیبر پارٹی کی روزینہ علی اپنی نشست پر کام یاب ہوئے۔

    کنزرویٹو کی پاکستانی نژاد نصرت غنی وئیلڈن سے، کنزرویٹو پارٹی کے پاکستانی نژاد عمران احمد بیڈ فورڈ شائر سے، کنزرویٹو پارٹی کے رحمان چشتی گلنگھم سے جب کہ کنزرویٹو پارٹی کے امیدوار ثاقب بھٹی میریڈن سے کامیاب ہوئے۔

    ادھر لیبر پارٹی رہنما جیرمی کوربن نے عام انتخابات میں اپنی شکست تسلیم کر لی ہے، انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ رات لیبر پارٹی کے لیے مایوس کن رہی۔ خیال رہے کہ اپوزیشن لیڈر جیرمی کوربن نے بھی اپنی سیٹ جیت لی ہے۔

    تازہ ترین:  اگلے انتخابات میں لیبر پارٹی کی صدارت نہیں کروں گا: جیرمی کوربن

    واضح رہے کہ برطانیہ میں پانچ سال کے عرصے میں تیسرے عام انتخابات میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے، 650 میں سے 649 نشستوں کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ کنزرویٹو پارٹی 364 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جب کہ لیبر پارٹی 203 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جب کہ ایس این پی 48، ایس ایف 5، ایل ڈی 11، پی سی کو 2 نشستیں ملی ہیں۔

    اب تک کے موصولہ نتائج کے مطابق کنزرویٹو پارٹی کو واضح اکثریت حاصل ہے۔