Tag: لندن

  • پیدائش سے قبل سرجری کے بعد بچے کو واپس ماں کے رحم میں رکھ دیا گیا

    پیدائش سے قبل سرجری کے بعد بچے کو واپس ماں کے رحم میں رکھ دیا گیا

    ایک نئی زندگی کا اس دنیا میں آنا معمول کا حصہ ہے، لیکن اس عمل سے جڑے بعض اوقات ایسے ایسے واقعات سامنے آتے ہیں جو ایک طرف تو ہمیں دنگ کردیتے ہیں، تو دوسری طرف میڈیکل سائنس کے لیے بھی چیلنج ثابت ہوتے ہیں۔

    لندن کے ڈاکٹرز کو بھی ایسا ہی ایک چیلنج درپیش تھا جس میں انہیں ممکنہ طور پر معذور بچے کا ماں کے رحم سے نکال کر آپریشن کرنا تھا اور پھر اسے واپس ماں کے رحم میں رکھنا تھا۔

    لندن کی رہائشی 25 سالہ بیتھن سمپسن روٹین چیک اپ کے لیے ڈاکٹر کے پاس گئی تو اسے ایک دلدوز خبر سننے کو ملی۔

    ڈاکٹر نے اسے بتایا کہ اس کا بچہ اسپائینا بفیڈا نامی مرض کا شکار ہوگیا ہے۔

    اس مرض میں ماں کے پیٹ میں موجود بچے میں ریڑھ کی ہڈی درست نشونما نہیں کرپاتی جو آگے چل کر اسے چلنے پھرنے سے معذور بنا سکتی ہے۔

    ڈاکٹر نے بیتھن کو 3 آپشنز دیے، یا تو وہ اپنے حمل کو گرا دے، یا وہ اسے ایسا ہی چلنے دے جو آگے چل کر ممکنہ طور پر ایک معذور بچے کو جنم دے سکتا تھا، یا پھر وہ ایک خطرناک سرجری کے عمل سے گزرے جس کی کامیابی کا امکان بہت کم تھا۔

    بیتھن اور اس کے شوہر نے سرجری کروانے کا فیصلہ کیا۔

    لندن کے گریٹ آرمنڈ اسٹریٹ ہاسپٹل میں کی جانے والی اس سرجری میں بچے کو ماں کے رحم سے نکال کر اس کی سرجری کی گئی جو کامیاب رہی، اس کے بعد اسے واپس ماں کے رحم میں رکھ دیا گیا تاکہ وہ حمل کا وقت پورا کرسکے۔

    یہ عمل کامیابی سے ہمکنار ہوا، جس وقت بچے کو ماں کے رحم سے نکالا گیا اس وقت اس کی عمر 24 ہفتے تھی۔

    سرجری کے بعد بیتھن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنے عزیز و اقارب کو اس کی اطلاع دی اور خدا کا شکر ادا کیا کہ وہ اور اس کا بچہ صحیح سلامت ہیں۔

    بیتھن نے کہا کہ انگلینڈ میں اس کیفیت کا شکار 80 فیصد بچوں کو قتل کردیا جاتا ہے۔ ’گو کہ یہ عمل مشکل ضرور ہے مگر اس کے بعد ایک صحت مند بچے کو جنم دینا دنیا کا خوشگوار ترین احساس ہے‘۔

    برطانیہ میں یہ سرجری اب تک صرف 4 دفعہ انجام دی گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے یہ سرجری بہت سے بچوں کی جانیں بچانے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔

  • لندن، میگھن مرکل کو ہراساں کیے جانے کا انکشاف

    لندن، میگھن مرکل کو ہراساں کیے جانے کا انکشاف

    لندن: برطانوی شہزادہ ہیری کی اہلیہ اداکارہ میگھن مرکل کو ہراساں کیے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ہالی ووڈ اداکار جارج کلونی نے ایک اںٹرویو کے دوران انکشاف کیا ہے کہ شہزادہ ہیری کی اہلیہ میگھن مرکل کو شہزادی ڈیانا کی طرح ہراساں کیا جارہا ہے۔

    جارج کلونی کا کہنا تھا کہ میگھن مرکل کو میڈیا کی جانب سے بالکل اسی طرح ہراساں کیا جارہا ہے جیسا کہ آنجہانی شہزادی ڈیانا کو کیا گیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ تاریخ خود کو دہرا رہی ہے کیونکہ جلد ماں بننے والی میگھن مرکل میں میڈیا کی دلچسپی بہت بڑھ رہی ہے۔

    جارج کالونی نے کہا کہ میڈیا نمائندے ہر جگہ میگھن مرکل کا تعاقب کرتے نظر آتے ہیں، وہ ایک خاتون ہیں اور 7 ماہ کی حاملہ ہیں ان کا تعاقب ڈیانا کی طرح کیا جارہا ہے ہم دیکھ چکے ہیں اس کا اختتام کس طرح ہوا تھا۔

    مزید پڑھیں: میگھن مرکل کی آمد کے بعد شاہی خاندان میں جھگڑے شروع

    یاد رہے کہ شہزادہ ہیری کی والدہ آنجہانی شہزادہ ڈیانا 1997 میں پیرس میں ایک گاڑی کے حادثے میں اس وقت ہلاک ہوگئی تھیں جب ان کا پیچھا موٹر سائیکل پر سوار فوٹو گرافر کی جانب سے کیا جارہا تھا۔

    برطانوی میڈیا کی جانب سے شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل کو ان کی شادی کے دن سے ہی کوریج دی جارہی ہے، میگھن مرکل کا آسٹریلیا کا دورہ لے لیں یا وہ کسی اسٹور سے ضروری اشیاء خرید رہی ہوں میڈیا ان کا تعاقب کرتے نظر آتا ہے۔

    ہالی ووڈ اداکار جارج کلونی اور ان کی اہلیہ امل کلونی شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل کے قریبی دوستوں میں شمار ہوتے ہیں انہوں نے ان کی شادی میں بھی شرکت کی تھی۔

  • برطانیہ میں ٹیکسی ڈرائیوروں کا ریکارڈ چیک کرنے کا قانون لانے کی تجویز

    برطانیہ میں ٹیکسی ڈرائیوروں کا ریکارڈ چیک کرنے کا قانون لانے کی تجویز

    لندن: برطانیہ میں محکمہ ٹرانسپورٹ نے عوام کے تحفظ کے لیے اہم قدم اٹھایا ہے جس کے تحت برطانیہ میں ٹیکسی ڈرائیوروں کا ریکارڈ چیک کرنے کا قانون لانے کی تجویز زیر غور ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں ٹیکسی ڈرائیوروں کا ریکارڈ چیک کرنے کا قانون لانے کی تجویز زیر غور ہے، حکام کے مطابق اس طرح کے اقدام سے حادثات کی روک تھام ہوسکے گی۔

    لندن کی محکمہ ٹرانسپورٹ نے گاڑیوں میں سی سی ٹی وی لگوانے پر بھی غور شروع کردیا ہے۔

    حکومتی رپورٹ کے مطابق موجودہ قانون جدید دنیا میں مناسب نہیں ہے، واضح رہے کہ برطانوی نژاد پاکستانیوں کی اکثریت ٹیکسی کے شعبے سے منسلک ہے۔

    مزید پڑھیں: شہزادہ فلپ نے اپنا ڈرائیونگ لائسنس رضاکارانہ طور پرسرینڈرکردیا

    یاد رہے کہ 18 جنوری کے دن ملکہ برطانیہ کے شوہر 97 سالہ شہزادہ فلپ کی کار کو حادثہ پیش آیا تھا تاہم وہ اس حادثے میں محفوظ رہے تھے لیکن خاتون زخمی ہوگئی تھیں۔

    برطانوی ملکہ الزبتھ کے شوہر اور شاہی خاندان کے سربراہ پرنس فلپ کو ٹریفک پولیس نے سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر وارننگ دی تھی، محکمہ پولیس نے خبردار کیا کہ اگر آئندہ قانون کی خلاف ورزی کی گئی تو چالان کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ حادثے میں بال بال محفوظ رہنے والی خاتون ایما نے شہزادے کے فوری معذرت نہ کرنے پر ان پر کڑی تنقید کی تھی۔

    چند روز قبل ملکہ برطانیہ کے شوہر شہزادہ فلپ نے رضاکارانہ طور پر اپنا ڈرائیونگ لائسنس ٹریفک حکام کے حوالے کردیا تھا، برطانیہ میں ٹریفک کے نئے قانون لاگو ہونے کو اسی سلسلے کی کڑی قرار دیا جارہا ہے۔

  • حمزہ شہباز کے ہاں بچی کی پیدائش، نومولود بچی کی حالت نازک

    حمزہ شہباز کے ہاں بچی کی پیدائش، نومولود بچی کی حالت نازک

    لندن: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے ہاں بچی کی پیدائش ہوئی ہے، تاہم نومولود بچی کی حالت ڈاکٹروں نے نازک قرار دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور شہباز شریف کے صاحب زادے حمزہ شہباز کے ہاں ایک بچی کی پیدائش ہوئی ہے، نومولود بچی عارضہ قلب میں مبتلا ہے۔

    [bs-quote quote=”نومولود بچی عارضہ قلب میں مبتلا ہے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”اسپتال ذرائع”][/bs-quote]

    ذرائع نے کہا ہے کہ ڈاکٹروں نے بچی کی زندگی بچانے کے لیے والدین کو فوری آپریشن کرانے کی ہدایت کی ہے۔

    اسپتال ذرائع کے مطابق نومولود بچی کو پیدائش کے فوراً بعد انتہائی نگہداشت یونٹ منتقل کر دیا گیا ہے، ڈاکٹروں نے حمزہ شہباز کی نومولود بچی کو آئی سی یو میں ہی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے پیدائش سے قبل ہی فیملی کو بچی کی غیر معمولی سیریس حالت کا بتا دیا تھا، حمزہ شہباز کو بھی بچی کی پیدائش سے پہلے اس کی حالت بتا دی گئی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  حمزہ شہبازشریف لندن روانہ ہوگئے

    خیال رہے کہ حمزہ شہباز 3 فروری کو لندن آئے جہاں انھیں 13 فروری تک رہنے کی اجازت ہے، انھیں 27 نومبر کو لندن آنا تھا، تاہم ای سی ایل میں نام ہونے کے باعث نہ پہنچ سکے۔

    حمزہ شہباز لاہور ہائی کورٹ کو بیرون ملک روانگی سے متعلق آگاہ کرنے کے بعد لندن کے لیے روانہ ہوئے تھے، انھوں نے اپنا نام بلیک لسٹ میں شامل ہونے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا جس پر عدالت نے ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم جاری کیا تھا۔

  • کشمیر کانفرنس میں شرکت کا مقصد عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنا ہے، شاہ محمود قریشی

    کشمیر کانفرنس میں شرکت کا مقصد عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنا ہے، شاہ محمود قریشی

    لندن : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کے بنیادی حقوق کا احترام کرے، انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس میں شرکت کا مقصد عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنا ہے۔

    یہ بات انہوں نے لندن میں ناروے کے سابق وزیراعظم سے ملاقات کے موقع پر کیا، ملاقات میں انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس کے انعقاد پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کرنے پر سابق وزیراعظم ناروے کا شکریہ ادا کیا، ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و ستم نے سنگین بحران کی سی کیفیت پیدا کر دی ہے، جس نے پوری دنیا کو چونکا کر رکھ دیا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہم یہاں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان کی آواز میں آواز ملا کر عالمی ضمیر جھنجھوڑنے آئے ہیں، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو دنیا کے سامنے لانے کا یہ نادر موقع ہے، بھارت نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کا سلسلہ فی الفور بند کرے۔

    شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ بھارت کشمیریوں کے بنیادی حق اور ان کے حق خود ارادیت کا احترام کرے، بھارت مقبوضہ علاقے میں نافذ کالے قوانین منسوخ کرے۔

    مزید پڑھیں : احتجاج کا خوف ، نریندر مودی کی آمد پر مقبوضہ کشمیر فوجی چھاؤنی میں تبدیل

    اس موقع پر سابق وزیراعظم ناروے کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق خلاف ورزیوں پر عالمی برادری میں کافی تشویش پائی جاتی ہے، جموں و کشمیر انٹر نیشنل کانفرنس کا انعقاد ایک احسن اقدام ہے، اس طرح کی کانفرنس کا انعقاد تسلسل کے ساتھ ہوتے رہنا چاہیے۔

     

  • حمزہ شہبازشریف لندن روانہ ہوگئے

    حمزہ شہبازشریف لندن روانہ ہوگئے

    لاہور: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہبازشریف لندن روانہ ہوگئے، وہ براستہ دوحا لندن پہنچیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہبازشریف قطرایئرویز کی پرواز 629 کے ذریعہ لندن روانہ ہوگئے۔ انہوں نے لاہور ہائی کورٹ کو بیرون ملک روانگی سے متعلق آگاہ کیا۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہبازطے شدہ شیڈول کے مطابق 13 فروری کو واپس وطن پہنچیں گے۔

    حمزہ شہباز شریف نے اپنا نام بلیک لسٹ میں شامل ہونے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا جس پرعدالت نے ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم جاری کیا تھا۔

    لاہور ہائی کورٹ میں حمزہ شہبازکے وکیل اعظم نذیرتارڑ نے یقین دہائی کرائی تھی کہ ان کے موکل 10 دنوں میں واپس پاکستان آجائیں گے۔

    حمزہ شہباز شریف کو 10دن کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی

    عدالت نے حمزہ شہباز کی درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کیا تھا۔ بعد ازاں وفاقی وزارت داخلہ نے حمزہ شہباز کا نام بلیک لسٹ سے نکال دیا تھا۔

    واضح رہے کہ 11 جنوری 2019 کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے چنیوٹ میں رمضان شوگر ملز کیس کا ریفرنس مکمل کرکے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو ملزم نامزد کیا تھا، چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد ریفرنس عدالت میں دائر کیا جائے گا۔

  • برفباری اور خراب موسم، لندن میں زرد وارننگ جاری

    برفباری اور خراب موسم، لندن میں زرد وارننگ جاری

    لندن: برفباری اور خراب موسم کے امکان کے سبب لندن میں زرد وارننگ جاری کردی گئی ہے، زرد وارننگ جمعے کی رات تک کے لیے جاری کی گئی ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق لندن میں برفباری اور خراب موسم کے امکان کے پیش نظر زرد وارننگ جاری کردی گئی ہے، زرد وارننگ کل رات تک کے لیے جاری کی گئی ہے، برطانوی دارالحکومت میں تین سینٹی گریڈ برف پڑنے کا امکان ہے۔

    رپورٹ کے مطابق زرد وارننگ کا اطلاق برطانیہ کے دیگر علاقوں پر بھی کیا گیا ہے، مسافروں اور ڈرائیورز کو خصوصی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

    دوسری جانب گریٹر مانچسٹر اور گردونواح کے علاقوں کو برفباری نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، مانچسٹر میں برف باری کی وجہ سے 200 سے زائد اسکول بند کردئیے گئے ہیں جبکہ مانچسٹر ایئرپورٹ کو بھی پروازوں کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: امریکا میں سردی کا نصف صدی کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، ڈھائی کروڑ افراد متاثر، 12 ہلاک

    رپورٹ کے مطابق سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی آمدورفت کچھ وقت کے لیے بند رہی تاہم مانچسٹر سٹی کونسل کی گاڑیوں نے سڑکوں کو صاف کرنے کا کام جاری رکھا جبکہ مانچسٹر ایئرپورٹ کے رن وے سے بھی برف کو ہٹایا جارہا ہے۔

    علاوہ ازیں مانچسٹر کے ساتھ جڑے علاقوں ٹریفورڈ کونسل، سلفورڈ کونسل، اولڈہم کونسل، اسٹاکپورٹ کونسل، بری کونسل میں 214 اسکول برف کی وجہ سے بند کرنے پڑے اس کے ساتھ لیور پول ایئرپورٹ بھی برفباری کے سبب پروازوں کے لیے بند کرنا پڑا۔

    مانچسٹر پولیس کے مطابق متعدد فون کالیں برف کی وجہ سے موصول ہوئیں کئی ایکسیڈنٹ رپورٹ ہوئے، مانچسٹر پولیس اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سڑکوں پر گاڑی چلاتے ہوئے دوسروں کا خیال رکھیں۔

  • لندن میں چاقو زنی کی ایک اور واردات، 17 سالہ نوجوان ہلاک

    لندن میں چاقو زنی کی ایک اور واردات، 17 سالہ نوجوان ہلاک

    لندن : برطانوی دارالحکومت میں 17 سالہ نوجوان چاقو کے متعدد وار کے باعث ہلاک ہوگیا، قتل کے شبے میں پولیس نے تین نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے شمالی علاقے اسلنگٹن میں نامعلوم افراد نے ایک نوجوان کو چاقو کے متعدد وار کرکے شدید زخمی کردیا تھا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وقوعہ پر ہی ہلاک ہوگیا۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ پولیس کو شام بجے چاقو زنی کی واردات سے متعلق اطلاع موصول ہوئی تاہم جب تک پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی متاثرہ نوجوان جان کی بازی ہار چکا تھا۔

    اسکاٹ لینڈ یارڈ کا کہنا ہے کہ پولیس نے 17 سالہ نوجوان کے قتل کے شبے میں 16 اور 17 سالہ نوجوان کو جائے وقوعہ کے نزدیک سے ہی حراست میں لےلیا تھا جبکہ 18 سالہ ملزم کو اسکے گھر سے بعد میں گرفتار کیا گیا۔

    پولیس نے میڈیا ادارے کو بتایا کہ قتل کی واردات اماراتی اسٹیڈیم سے کچھ فاصلے ہوئی جہاں منگل کے روز فٹبال ٹورنامنٹ ہورہا تھا۔

    مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس تاحال مقتول کی شناخت معلوم کرنے کےلیے پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کررہی ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مذکورہ نوجوان رواں برس جنوری میں ہلاک ہونے والا پانچواں شخص ہے، مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے اسلنگٹن میں قانون نہیں ہے، کچھ مہینوں میں یہاں متعدد چاقوزنی کی وارداتیں رونما ہوچکی ہیں۔

    مقامی میڈیا کے مطابق منگل کے روز دارالحکومت لندن میں چاقو زنی کے دو الگ الگ واقعات ایک مرد اور خاتون زخمی ہوئے تھے جنہیں اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    مزید پڑھیں : لندن : چاقو زنی کی واردات، ایک شخص ہلاک، ملزم گرفتار

    مزید پڑھیں : مانچسٹر میں چاقو بردار شخص کا حملہ، تین افراد زخمی

    یاد رہے کہ رواں برس کے آغاز پر برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں واقع وکٹوریہ ریلوے اسٹیشن پر مسلح شخص نے شہریوں کو چاقو کے وار سے زخمی کردیا تھا، چاقو زنی کی واردات میں زخمی ہونے والے متاثرین کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    برطانیہ کی ٹرانسپورٹ پولیس کا کہنا تھا کہ چاقو بردار شخص کے حملے میں ایک خاتون اور مرد سمیت پولیس افسر زخمی ہوا ہے، پولیس افسر کو کندھے پر زخم آئے تھے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چاقو زنی کی واردات میں ملوث ہونے کے شبے میں ایک شخص کو گرفتار کیا تھا جس کی دماغی حالت ٹھیک نہیں تھی۔

    مزید پڑھیں : چاقوحملوں نےلندن کومیدان جنگ میں تبدیل کردیا ہے‘ ڈونلڈ ٹرمپ

    یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ برس کا کہا تھا کہ لندن میں بندوقیں نہیں ہوتیں لیکن وہاں چاقو ہوتے ہیں، لندن کا اسپتال چاقو حملوں کے زخمیوں سے بھرگیا اورکسی وارزون میں تبدیل ہوگیا۔

  • بریگزٹ ڈیل: پانچ ترمیمی بل برطانوی پارلیمنٹ میں مسترد

    بریگزٹ ڈیل: پانچ ترمیمی بل برطانوی پارلیمنٹ میں مسترد

    لندن: بریگزٹ ڈیل سے متعلق ایک بار پھر برطانوی پارلیمنٹ میں ووٹنگ ہوئی، اراکین نے ڈیل سے متعلق پانچ ترمیمی بل مسترد کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی پارلیمنٹ میں وزیراعظم تھریسامے کے یورپی یونین سے انخلاء کے لیے کیے گئے بریگزٹ منصوبے پر ایک بار پھر ووٹنگ ہوئی، اراکین پارلیمنٹ نے ایک کے بعد ایک، پانچ ترمیمی بل مسترد کیے۔

    اجلاس کے دوران بریگزٹ ڈیل پر برطانوی پارلیمنٹ میں پہلی ترمیم کے حق میں 296 اور مخالفت میں 327 ووٹ ڈالے گئے، ترمیم میں بحث کے لیے مزید وقت کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

    بریگزٹ ڈیل پر برطانوی پارلیمنٹ میں دوسری ترمیم بھی ناکام ہوئی، ترمیم کے حق میں 39 اور مخالفت میں 327 ووٹ ڈالے گئے، دوسری ترمیم کو 288ووٹوں کی اکثریت سے شکست ہوئی، دوسرا ترمیمی بل اسکاٹ لینڈ کو یورپی یونین سے زبردستی نکالنے سے روکنے کے بارے میں تھا۔

    اجلاس میں بریگزٹ پر تیسری ترمیم بھی ناکام ہوئی، ترمیم کی مخالفت میں 321 اور حق میں 301 ووٹ ڈالے گئے۔

    بریگزیٹ کو مؤخر کرنے سے متعلق چوتھی ترمیمی بل بھی مسترد ہو گیا، ترمیم کی مخالفت میں 321 اور حمایت میں 298 ووٹ ڈالے گئے۔

    اسی طرح پانچویں ترمیم بھی برطانوی پارلیمنٹ میں منظور نہ ہوسکی، یہ ترمیم 290 کے مقابلے میں 322 ووٹوں سے مسترد ہو گئی۔

    البتہ بریگزٹ ڈیل پر برطانوی پارلیمنٹ میں چھٹی ترمیم منظور ہوگئی، ترمیم کی حمایت میں 318 اور مخالفت میں 310 ووٹ پڑے، چھٹی ترمیم ڈیل کے بغیر یورپی یونین سے نہ نکلنے سے متعلق ہے، ترمیم کنزرویٹوپارٹی کے کیرولین سپیل مین کی جانب سے پیش کی گئی تھی۔

    علاوہ ازیں پارلیمنٹ میں ساتویں ترمین بھی منظور ہوئی، ترمیم کی حمایت میں 317 اور مخالفت میں 301 ووٹ پڑے، ارکان کی اکثریت نے بیک اسٹاپ میں تبدیلی کے ساتھ ڈیل کی حمایت کا اظہار کیا۔

    بریگزٹ ڈیل مسترد، تھریسامے کو تاریخی شکست

    خیال رہے کہ دو ہفتے قبل بریگزٹ معاہدے پر پارلیمنٹ میں ووٹنگ ہوئی تھی جس میں برطانوی حکومت کوشکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔حکومت کی شکست کے بعد اپوزیشن نے وزیراعظم تھریسا مے کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی پیش کی گئی تھی جوناکام رہی۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل برطانیہ کے سابق چانسلر اوسبورن نے کہا تھا کہ یورپی یونین سے برطانیہ کے انخلا کو ملتوی کرنا ہی اس وقت سب سے بہتر آپشن ہے، حکومت کو چاہیے کہ وہ ملک کو اس خطرناک صورتحال کی جانب نہ لے کر جائے۔

  • بریگزٹ ڈیل نہ ہونے پر برطانیہ میں مارشل لاء لگنے کا خطرہ

    بریگزٹ ڈیل نہ ہونے پر برطانیہ میں مارشل لاء لگنے کا خطرہ

    لندن: بریگزٹ ڈیل نہ ہونے پر برطانیہ میں مارشل لاء لگنے کا خدشہ پیدا ہوگیا، بریگزٹ پر پارلیمںٹ میں ووٹنگ منگل کو ہوگی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بریگزٹ ڈیل نہ ہونے پر برطانیہ میں مارشل لاء لگ سکتا ہے، اندرونی خانہ جنگی ہوئی تو آپشن استعمال کیا جاسکتا ہے، ہنگاموں سے نمٹنے کے لیے فوج کی مدد کے ساتھ کرفیو کا آپشن بھی زیر غور ہے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق بریگزٹ ڈیل پر پارلیمنٹ میں ووٹنگ منگل کو ہوگی، امن و امان کی بگڑتی صورت حال پر مارشل لاء لگایا جاسکتا ہے۔

    برطانوی حکومت نے تمام امکانات سے نمٹنے کے لیے تیاری شروع کردی ہے، وزیراعظم تھریسامے نے کہا کہ ہر طرح کے حالات سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

    برطانوی وزیر صحت میٹ ہین کوک نے کہا کہ مارشل لاء کا آپشن قانون میں موجود ہے تاہم ابھی تک ایسے کسی آپشن پر غور نہیں کیا جارہا ہے۔

    مزید پڑھیں: بریگزٹ کو ملتوی کرنا ہی سب سے بہتر آپشن ہے: سابق چانسلر

    واضح رہے کہ چند روز قبل برطانیہ کے سابق چانسلر اوسبورن نے کہا تھا کہ یورپی یونین سے برطانیہ کے انخلا کو ملتوی کرنا ہی اس وقت سب سے بہتر آپشن ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ ملک کو اس خطرناک صورتحال کی جانب نہ لے کر جائے۔

    جارج اوس بورن کا مزید کہنا تھا کہ نو ڈیل کی صورت میں بندوق برطانیہ کی کنپٹی پر ہوگی لہذا ایسی کسی صورتحال سے دور رہنا ہی بہتر ہے۔

    دوسری جانب وزیراعظم تھریسا مے کا کہنا تھا کہ نو بریگزٹ کے نقصانات کا سب سے بہتر طریقہ یہی ہے کہ یورپی یونین کے ساتھ کی گئی مجوزہ بریگزٹ ڈیل کو منظور کرلیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بغیر ڈیل کے یورپین یونین سے انخلا ناممکن ہے۔