Tag: لندن

  • برطانوی مسلمانوں کی جانب سے بے گھر افراد میں کھانا تقسیم

    برطانوی مسلمانوں کی جانب سے بے گھر افراد میں کھانا تقسیم

    لندن: برطانوی مسلمانوں نے اپنے خلاف تمام تر تعصب اور نفرت انگیز واقعات کے باوجود کھلے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے لندن کے بے گھر افراد میں کھانا تقسیم کیا۔

    مشرقی لندن کی مسجد سے شروع کی جانے والی اس مہم کے تحت 10 ٹن کھانا بے گھر افراد میں تقسیم کیا گیا جو زیادہ تر عیسائی مذہب سے تعلق رکھتے تھے۔ مہم میں 7 ہزار سے زائد افراد نے رضا کارانہ خدمات انجام دیں۔

    uk-5

    uk-4

    اس مہم کے لیے مالی تعاون مختلف مسلمان کاروباری افراد، اسکول، کالجوں اور یونیورسٹیوں نے فراہم کیا۔ 10 ٹن کی ان غذائی اشیا میں چاول، پاستہ، سیریل اور دیگر ڈبہ بند اشیا شامل تھیں۔

    مہم میں مسلمانوں کے ساتھ دیگر مذاہب کے افراد نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے اسے مذہبی ہم آہنگی کا ایک بہترین مظاہرہ قرار دیا۔

    uk-3

    uk-2

    واضح رہے کہ برطانیہ کے ترقی یافتہ ملک ہونے کے باوجود صرف دارالحکومت لندن میں ساڑھے 3 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہونے کے سبب سڑکوں پر رات گزارتے ہیں۔

  • یورپ اورامریکا سمیت دنیا بھر میں سردی برقرار

    یورپ اورامریکا سمیت دنیا بھر میں سردی برقرار

    واشنگٹن / لندن : یورپ اور امریکا میں سردی کا راج برقرار ہے، شدید برفباری نے متعدد علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ امریکی ریاست ارویگن میں برفباری کے باعث اسکول کی چھت گرگئی اور ایک ٹرین بھی پٹڑی سے اتر گئی۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں سردی کاراج برقرار ہے۔ یورپ اورامریکا بدستور سرد موسم اور برفباری کی لپیٹ میں ہیں، سربیا میں درجہ حرارت منفی بیس ڈگر ی تک گرگیا۔ خون جما دینے والی ٹھنڈ تارکین وطن کے لیے عذاب بن گئی۔ شدید سردی نے مہاجرین کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔

    جرمنی، رومانیہ، بلغاریہ، اٹلی میں سردی سے نظام زندگی منجمد ہو کر رہ گئی، چین میں شدید برفباری سے سمندر پر برف کی تہہ جم گئی، برطانیہ میں بھی سردی کی لہر جاری جاری ہے۔

    برفباری کے باعث ہائی ویز بلاک گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، امریکی ریاست اوریگن میں شدید برفباری کے باعث اسکول کی چھت گرگئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ کئی فٹ برف پڑنے سے ٹرین ٹریک سے اتر گئی۔

    امریکی ریاست اوہائیو میں شدید بارشیں اور سیلاب کے باعث نظام زندگی درہم برہم اور سڑک ڈھے گئی۔

  • چین سے لندن تک ٹرین سروس کا آغاز

    چین سے لندن تک ٹرین سروس کا آغاز

    بیجنگ: چین نے اپنے صوبے ژی جیانگ سے برطانیہ کے دارالحکومت لندن تک پہلی مال بردار ٹرین سروس کا آغاز کردیا۔ ٹرین براستہ قازقستان، روس، بیلا روس، پولینڈ، جرمنی، بیلجیئم اور فرانس سے لندن جائے گی۔

    چینی اخبار کے مطابق 12 ہزار کلومیٹر کا سفر طے کر کے یہ ٹرین 18 دن میں اپنا سفر طے کرے گی۔ اس سروس کے تحت پہلی ٹرین 1 جنوری کو اپنے سفر کا آغاز کر چکی ہے جو 18 جنوری کو اپنی منزل پر پہنچ جائے گی۔

    اس سروس کے آغاز کے بعد برطانیہ یورپ کا وہ آٹھواں ملک بن گیا ہے جہاں چین کی مال بردار ٹرین سروس فعال ہوگئی ہے۔ لندن جانے والی خصوصی مال بردار ٹرین یہاں سے گھریلو استعمال کی اشیا سمیت گارمنٹس، بیگز، سوٹ کیسز اور دیگر مصنوعات لے کر جائے گی۔

    چینی ریلوے انتظامیہ کے مطابق چین سے برطانیہ تک یہ ٹرین سروس دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات کو بہتر کرے گی۔ یہ سروس صدر شی چن پنگ کی پالیسی ’ایک خطہ ایک روڈ‘ کے تحت شروع کی گئی ہے۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایک ہی ٹرین اتنا لمبا سفر طے نہیں کرسکتی لہٰذا مختلف مقامات پر ٹرین پر رکھے کنٹینرز کو دوسری ٹرین میں منتقل کیا جائے گا۔

  • عامر خان کے الزامات بے بنیاد ہیں، ترجمان متحدہ، عوام کی خاطر خاموش ہوں، بابر غوری

    عامر خان کے الزامات بے بنیاد ہیں، ترجمان متحدہ، عوام کی خاطر خاموش ہوں، بابر غوری

    کراچی: ایم کیو ایم کے رہنما مصطفیٰ عزیز آبادی نے عامر خان کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عامر خان کی وجہ سے ہزاروں کارکنان شہید اور جلاوطن ہوئے جبکہ سابق سینیٹر بابر غوری نے عامر خان کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی خاطر خاموش ہوں ورنہ بولنے کے لیے بہت کچھ ہے۔

    مصطفیٰ عزیزآبادی نے اے آر وائی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم آج بھی تلخی نہیں چاہتے، عامر خان کی جانب سے بے بنیاد اور گھٹیا الزامات لگائے گئے جس کی سختی سے تردید اور مذمت کرتے ہیں‘‘۔

    مصطفیٰ عزیزآبادی نے کہا کہ ’’عامر خان نے ماضی میں حقیقی بنائی جس کی وجہ سے ہزاروں کارکنان شہید ہوئے اور سینکڑوں کو جلا وطنی میں جانا پڑا، عامر خان جھوٹے الزامات لگا کر کارکنان کو ورغلانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں‘‘۔

    بابرغوری نے چائنا کٹنگ کے حوالے سے عامرخان  کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے عوام کےخاطرخاموش ہوں، الزامات درالزامات کی سیاست کوبندہوناچاہئے۔

    بابر غوری نے کہا وہ  بھی بہت کچھ بتاسکتے ہیں لیکن لڑائی نہیں چاہتے، سابق سینیٹر نے کہا کہ اگر وہ اتنے ہی برے ہیں تو ایم کیو ایم پاکستان  کا میئر ان سے امریکا میں کیوں ملاقات کرتاہے۔ انہوں نے ایم کیوایم پاکستان کے رہنماء کو مشورہ دیا کہ الزامات لگانےکےبجائےعوام کےمسائل کوحل کرنے پر توجہ دیں۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے تحت نشتر پارک جلسے میں عامر خان کی جانب سے بابر غوری پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ وہ چائنا کٹنگ سمیت دیگر معاملات میں ملوث تھے اور کٹھن حالات میں ملک سے فرار ہوگئے، جبکہ ایم کیو ایم لندن کے رہنما کارکنوں کو گرفتاری کی ہدایت کرتے ہیں اور خود مزے سے لندن میں بیٹھے ہوئے ہیں۔

  • لندن: عربی بولنے پر دو مسلمانوں کو طیارے سے اتار دیا گیا

    لندن: عربی بولنے پر دو مسلمانوں کو طیارے سے اتار دیا گیا

    لندن: برطانیہ میں عربی زبان بولنے پر مسلمان نوجوان اور اس کے دوست کو طیارے سے آف لوڈ کردیا گیا، نوجوان بلاگر آدم صالح دوست کے ہمراہ لندن سے نیویارک جارہا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق لندن سے نیویارک جانے والی ڈیلٹا ایئرلائن کی ایک پرواز اڑنے سے قبل ایک نوجوان آدم صالح نے عربی زبان میں فون پر اپنی والدہ سے گفتگو کی اور ساتھ بیٹھے دوست سے بات چیت کی تو دیگر مسافر بھڑک اٹھے اور عملے سے نوجوان اور اس کے دوست کو اتارنے کا مطالبہ کردیا۔

    مسافروں کے مطالبے پر پولیس نے جہاز میں آکر دونوں کی تلاشی لی اور پوچھ گچھ کی بعدازاں مسافر کو آف لوڈ کردیا گیا۔

    نوجوان آدم صالح نے اپنی ویڈیو شیئر کی جس میں آدم نے کہا کہ مختلف زبان بولنے سے دیگر مسافروں کو کیا تکلیف پہنچی؟ ہمیں محض مختلف زبان بونے پر جہاز سے آف لوڈ کیا جارہا ہیے۔

    نوجوان نے یہ فقرہ کئی بار دہرایا کہ مجھے اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آریا کہ ہمیں طیارے سے اتارا جارہا ہے، اس نے جہاز کے عملے اور مسافروں سے کی گئی گفتگو کی ویڈیو ٹوئٹر پر پوسٹ کی جو جہاز سے اترنے کے بعد ختم ہوئی۔

    آدم صالح نے اپنی یہ ویڈیو اور دیگر تفصیلات ٹوئٹر پر پوسٹ کیں اور بتایا کہ ہمیں جہاز سے اتار کر ایک بار پھر چیکنگ کی گئی بعدازاں کافی دیر تک ایئرپورٹ کے لاؤنج میں بٹھایا گیا،ہم دوسری فلائٹ سے نیویارک کے لیے روانہ ہوئے، میں جلد اپنے وکیل کے ذریعے ایئرلائن کے خلاف عدالت سے رجوع کروں گا۔

    یوٹیوب پر چینل چلانے والے نوجوان بلاگر نے ٹوئٹر پر عوام سے اپیل کی کہ وہ اس ہتک آمیز رویے پر ڈیلٹا ایئرلائن کا بائیکاٹ کریں۔

    دوسری جانب ڈیلٹا ایئرلائن کی انتظامیہ نے موقف اختیار کیا ہےکہ ان دو مسافروں کی موجودگی پر طیارے میں بیٹھے 20 سے زائد مسافروں نے تکلیف کا اظہار کیا جس کے سبب ان دومسافروں کا آف لوڈ کیا گیا تاہم انہیں دوبارہ طیارے میں جانے کی اجازت دی گئی تاہم دونوں مسافروں نے اس پرواز سے روانگی سے انکار کیا جس پر انہیں دوسری پرواز سے نیویارک روانہ کردیا گیا۔

  • لندن: مسلمان خاتون کا حجاب اتارنے اور سڑک پر گھسیٹنے کی کوشش

    لندن: مسلمان خاتون کا حجاب اتارنے اور سڑک پر گھسیٹنے کی کوشش

    لندن: برطانوی دارالحکومت لندن میں اسلام سے نفرت پرستی کا ایک اور واقعہ پیش آگیا جس میں ایک باحجاب خاتون کو ان کے حجاب سے سڑک پر گھسیٹا گیا۔

    میٹرو پولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ 2 سفید فام نوجوانوں نے اس راہ گیر مسلمان خاتون کو دیکھ کر یہ نفرت پرستانہ اور تعصبانہ اقدام اٹھایا۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ان سفید فام لڑکوں نے خاتون کا اسکارف کھینچ کر اتارنے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں خاتون زمین پر گر گئی اور گھسٹتی چلی گئی۔

    مزید پڑھیں: خواتین حجاب کھینچے جانے پر کیا کریں

    قریب ہی واقع ایک ترکی ریستوان کے بیرے کا کہنا ہے کہ انہوں نے ریستوران سے باہر رکھی کرسیوں پر خاتون کو بہت بری حالت میں پایا۔ وہ اس کے قریب یہ سوچ کر گئے کہ شاید یہ ریستوران میں آنے والی خاتون ہے، مگر وہ رو رہی تھی اور بری طرح کانپ رہی تھی۔ ’اس نے بتایا کہ اس پر حملہ کیا گیا ہے‘۔

    واقعہ کے بعد موقع پر موجود افراد نے خاتون کی مدد کی اور انہیں مذکورہ ریستوران کے اندر پہنچایا۔

    ریستوران مالک کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس سے پہلے اس جگہ پر کبھی ایسا ناخوشگوار واقعہ نہیں دیکھا۔

    مزید پڑھیں: یورپ میں مقیم مسلمانوں کو نفرت انگیز رویوں سے کیسے بچایا جائے؟

    واضح رہے کہ برطانیہ، امریکا اور مختلف یورپی ممالک میں مسلمانوں کے خلاف نفرت پرستی کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ برطانوی ماہرین سماجیات کا کہنا ہے کہ اس نسلی شدت پرستی کا نشانہ صرف مسلمان ہی نہیں بلکہ دیگر اقلیتی گروہ جیسے یہودی، مہاجرین اور ہم جنس پرست افراد بھی بن رہے ہیں۔

    لندن کی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ نفرت پرستی کے ان واقعات کی روک تھام کے لیے مختلف اقدامات پر عمل کر ہے ہیں۔

  • برطانوی شاہی خاندان کے رنگ برنگے سوئٹر

    برطانوی شاہی خاندان کے رنگ برنگے سوئٹر

    لندن: برطانیہ کا شاہی خاندان یوں تو اپنے خوبصورت ملبوسات اور پروقار فیشن کے باعث بے حد مشہور ہے، لیکن حال ہی میں شاہی خاندان کی ایسی تصویر منظر عام پر آئی جس میں پورا خاندان نہایت عجیب و غریب شوخ رنگوں والے سوئٹر پہنے نظر آرہا ہے، جسے دیکھ کر پوری دنیا حیران و پریشان رہ گئی۔

    چند روز قبل منظر عام پر آنے والی اس تصویر نے پوری دنیا میں شاہی خاندان کے مداحوں کو پریشان کردیا کہ آخر ان لوگوں کے فیشن سینس کو کیا ہوگیا۔

    royal-2

    تصویر میں ملکہ الزبتھ، ان کے شوہر شہزادہ فلپ، ولی عہد شہزادہ چارلس، ان کی اہلیہ کمیلا پارکر، جبکہ شہزادہ چارلس کے دونوں بچے شہزادہ ہیری، شہزادہ ولیم اور ولیم کی اہلیہ شہزادی کیٹ مڈلٹن موجود ہیں۔

    تاہم جلد ہی حقیقت منظر عام پر آگئی۔ تصویر میں موجود افراد دراصل خود شاہی خاندان کے نہیں بلکہ ان کے مومی مجسمے ہیں جو یہ عجیب و غریب سوئٹر پہنے لندن کے مادام تساؤ میوزیم میں نصب ہیں۔

    میوزیم کی انتظامیہ نے کرسمس کی مناسبت سے شاہی خاندان کی اجازت سے ہی ان کے مجسموں کو یہ شوخ رنگوں والے مگر کسی قدر بے تکے سوئٹر پہنائے۔

    royal-3

    royal-4

    یہ قدم دراصل برطانیہ میں بچوں کے لیے کام کرنے والی تنظیم کی مہم کرسمس جمپر ڈے کے لیے اٹھایا گیا جس کے تحت بچوں کی بہبود کے لیے عطیات جمع کیے جاتے ہیں۔

    ان رنگا رنگ سوئٹرز کا مقصد دنیا بھر کو متوجہ کر کے انہیں بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے عطیات دینے پر زور دینا ہے۔

    واضح رہے کہ برطانیہ کا شاہی خاندان فلاحی کاموں میں ویسے بھی پیچھے نہیں۔ شہزادی کیٹ مڈلٹن برطانیہ میں دماغی امراض کی آگاہی اور شہزادہ ہیری ایڈز کے خلاف شعور پھیلانے کے لیے مختلف اداروں اور مہمات کا حصہ ہیں۔

  • دنیا کی خوبصورت ترین آخری آرام گاہیں

    دنیا کی خوبصورت ترین آخری آرام گاہیں

    موت اور شہر خموشاں (قبرستان) دو ایسے الفاظ ہیں جن کی تشریح ہر شخص اپنے انداز سے کرتا ہے۔

    کوئی موت کو زندگی کا خاتمہ سمجھتا ہے، کسی کو موت ایک نئی زندگی کا دروازہ لگتی ہے، کسی کو موت ایک پرسکون شے معلوم ہوتی ہے جس میں نہ کوئی غم ہوگا، نہ کوئی مصیبت، اور نہ ہی دنیا کے جھمیلے، بقول شاعر۔۔

    اب تو گھبرا کے یہ کہتے ہیں کہ مر جائیں گے
    مر کے بھی چین نہ پایا تو کدھر جائیں گے

    لیکن ایک بات طے ہے، دنیا کی اکثریت مرنا نہیں چاہتی اور زندگی کی رنگینیوں سے سدا لطف اندوز ہونا چاہتی ہے لیکن ایسا ممکن نہیں۔

    یہی تصور قبرستان کا ہے۔ ادب میں شہر خموشاں کو اداسی اور دکھ کے سائے میں لپٹا ایسا مقام دکھایا جاتا ہے جہاں کسی نہ کسی صورت رومانویت بہر حال محسوس ہوتی ہے۔

    بدقسمتی سے پاکستان میں موجود زیادہ تر قبرستان خوف و دہشت کا مقام اور دگرگوں حالت میں نظر آتے ہیں۔ ملک میں سرگرم کفن چور، مردے چور، جادو ٹونے والے افراد، نشیئوں اور لواحقین کی غفلت اور بے حسی نے قبرستانوں کو اس حال میں پہنچا دیا ہے کہ وہاں جا کر رومانویت تو خاک محسوس ہوگی، البتہ رات کے وقت خوف سے موت ضرور واقع ہوسکتی ہے۔

    لیکن مغربی ممالک میں ایسا نہیں ہے۔ وہاں لوگ مرنے کے بعد بھی اپنے پیاروں کو یاد رکھتے ہیں اور باقاعدگی سے ان کی قبر پر جاتے ہیں۔ وہاں قبرستانوں کی دیکھ بھال بھی حکومتوں کی ایسی ہی ترجیح ہے جیسے زندہ انسانوں کی دیکھ بھال۔

    دنیا میں بعض آخری آرام گاہیں ایسی ہیں جو فن تعمیر اور آرٹ کا نمونہ ہیں۔ یہ یا تو تاریخی لحاظ سے نہایت اہم اور قدیم ہیں یا پھر انہیں نہایت خوبصورت انداز میں تعمیر کیا گیا ہے جس کی وجہ سے یہ قبرستان کم اور سیاحتی مقام زیادہ معلوم ہوتی ہیں۔

    آج ہم نے دنیا بھر سے ایسے ہی کچھ قبرستانوں کی تصاویر جمع کی ہیں جنہیں دیکھ کر آپ بے اختیار وہاں جانا چاہیں گے۔

    :زینٹرل فریڈ ہوف قبرستان ۔ آسٹریا

    4

    آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں واقع اس قبرستان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اگر آپ ویانا آئے اور اس قبرستان کو نہ دیکھا تو آپ کے ویانا آنے کا کوئی فائدہ نہیں۔

    3

    یہاں پر معروف موسیقار بیتھووین ابدی نیند سو رہا ہے جس کی سمفنی (موسیقی کی ایک قسم) دنیا بھر میں محبت کرنے والوں کے دل کے تاروں کو چھیڑ دیتی ہے۔

    :لا ریکولیٹا قبرستان ۔ ارجنٹائن

    1

    سنہ 1822 میں تعمیر کیے گئے اس قبرستان کو سیاحتی اہمیت حاصل ہے اور اپنے پیاروں کی قبروں پر آنے والوں کے علاوہ یہاں سیاح بھی خاصی تعداد میں آتے ہیں۔

    2

    اس قبرستان میں ارجنٹائن کی مختلف معروف شخصیات دفن ہیں۔ قبرستان کے اندر خوبصورت پگڈنڈیاں، مجسمے اور ترتیب سے قبریں موجود ہیں۔

    :سمٹرل ویسل ۔ رومانیہ

    10

    رومانیہ کے اس قبرستان کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں تمام قبروں کے کتبے نیلے رنگ کے ہیں۔

    11

    ہر کتبے پر ایک نظم لکھی گئی ہے جو اس کے اندر دفن شخصیت کو بیان کرتی ہے۔

    :کی ویسٹ قبرستان ۔ فلوریڈا

    7

    امریکی ساحلی ریاست فلوریڈا میں ویسے تو صرف 30 ہزار افراد آباد ہیں مگر یہاں واقع خوبصورت قبرستان میں 1 لاکھ سے زائد افراد دفن ہیں۔

    21

    اس قبرستان میں معروف ادیب و شاعر اور دیگر شخصیات دفن ہیں جن کے کتبوں پر ان کے اپنے ہی آخری الفاظ لکھے گئے ہیں۔ جیسے ایک کتبے پر لکھا ہے، ’میں نے تم سے کہا تھا کہ میں بیمار ہوں‘۔ ایک کتبے پر رقم ہے، ’میں اپنی آنکھوں کو آرام دے رہا ہوں‘۔

    :آکلینڈ قبرستان ۔ جارجیا

    5

    6

    سنہ 1850 میں قائم کیے جانے والے اس قبرستان میں وکٹورین، یونانی، اور مصری طرز کا فن تعمیر استعمال کیا گیا ہے۔

    :میلان یادگاری قبرستان ۔ اٹلی

    19

    چوٹی کے اطالوی ماہر تعمیرات کی جانب سے تعمیر کردہ اس قبرستان میں صرف اشرافیہ سے تعلق رکھنے والے افراد ہی دفن ہیں۔

    18

    مرنے والوں کے پیاروں نے ان کی یاد میں روتے ہوئے فرشتے، گلے ملتی روحوں اور مذہبی مناظر کو سنگ تراشی کی صورت میں نصب کروایا ہے جس نے اس قبرستان کو ایک میوزیم کی شکل دے دی ہے۔

    :اوکونوئن قبرستان ۔ جاپان

    17

    ایک مقامی بدھ رہنما کے نام سے منسوب کیے جانے والے اس قبرستان میں 2 لاکھ سے زائد افراد دفن ہیں۔

    16

    یہاں دفن افراد کے بارے میں کہا جاتا ہے، کہ ’یہ موت سے ہمکنار نہیں ہوئے بلکہ یہ ابدیت کا انتظار کرنے والی روحیں ہیں‘۔

    :سمٹری ڈی پیری لیشز ۔ پیرس

    13

    دنیا کے خوبصورت ترین شہر پیرس کا یہ قبرستان خوبصورتی میں اپنی مثال آپ ہے اور یہ یہاں آنے والوں پر ایک خوف بھرا سحر طاری کردیتا ہے۔

    12

    پیرس کو ویسے بھی فن و ثقافت کا شہر کہا جاتا ہے جہاں سے دنیا بھر کے فن و ادب کو عروج ملا۔ کئی شاعروں، ادیبوں اور فنکاروں نے اسی شہر بے مثال میں مرنا پسند کیا۔ ان میں سے اکثر معروف افراد اسی قبرستان میں دفن ہیں۔

    :ساؤتھ پارک اسٹریٹ قبرستان ۔ کلکتہ

    15

    سنہ 1767 میں بھارتی شہر کلکتہ میں قائم کیے گئے اس قبرستان کو اگر باغ کہا جائے تو زیادہ بہتر ہوگا۔ یہاں دفن بھارت کی نمایاں عیسائی شخصیات کی قبروں کو مندر کی شکل میں تعمیر کیا گیا ہے جس کے لیے مرنے والوں کے لواحقین نے کوئی اعتراض نہیں کیا۔ یہ دراصل بھارتیوں کا ان غیر ہندو شخصیات سے اظہار عقیدت ہے۔

    14

    اٹھارویں صدی کے وسط میں اس قبرستان کو بند کر کے اسے قومی ثقافتی ورثے کی حیثیت دے دی گئی۔

    :ہائی گیٹ قبرستان ۔ لندن

    8

    لندن کے اس قبرستان کو ایک تاریخی و ثقافتی مقام کی حیثیت حاصل ہے۔ یہاں مشہور فلاسفی کارل مارکس بھی دفن ہے۔

    9

    قبرستان میں قبروں پر خوبصورت لکڑی سے آرائش کی گئی ہے جبکہ پورا قبرستان ایک نباتاتی گارڈن معلوم ہوتا ہے۔

  • صنفی امتیاز سے بچانے والا لفظ

    صنفی امتیاز سے بچانے والا لفظ

    لندن: برطانیہ کی قدیم ترین آکسفورڈ یونیورسٹی نے مختلف صنف کے افراد کو خفت اور مشکل سے بچانے کے لیے فیصلہ کیا ہے کہ یونیورسٹی کے اندر طلبا اپنی گفتگو اور پڑھائی میں ’ہی‘ اور ’شی‘ کے بجائے متبادل لفظ ’زی‘ استعمال کریں گے۔

    یہ فیصلہ کرنے کی ضرورت اس لیے پیش آئی کیونکہ آکسفورڈ یونیورسٹی میں مروج ضابطے کے مطابق کسی شخص کو اس کی مقابل جنس (لڑکی کو لڑکا، یا لڑکے کو لڑکی) سے پکارا جانا معیوب بات ہے۔

    مزید پڑھیں: دنیا کی عظیم درسگاہ آکسفورڈ کی سیر کریں

    غیر ملکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس فیصلے سے طلبا پر امید ہیں کہ درسگاہ میں لیکچرز اور سیمینارز کے دوران لفظ ’زی‘ کا استعمال کیا جائے گا تاکہ کسی بھی جنس کے افراد کی دل آزاری نہ ہو۔

    یونیورسٹی میں تیسری جنس کے حقوق کے لیے سرگرم گروہوں کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا تعلق سیاسیات یا آزادی اظہار سے نہیں ہے، بلکہ یہ ہر جنس کے افراد کی حقیقت اور ان کے حقوق کو تسلیم کرنے کی طرف ایک قدم ہے۔

    یونیورسٹی نے یہ فیصلہ نہ صرف تیسری جنس کے افراد کے لیے کیا ہے، بلکہ اسے کرتے ہوئے ان افراد کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے جو وقت کے ساتھ اپنی مرضی یا طبی وجوہات کی بنا پر اپنی جنس تبدیل کروا لیتے ہیں۔

  • پی آئی اے کی پرواز26گھنٹےتاخیرکےبعدلندن سےکراچی روانہ

    پی آئی اے کی پرواز26گھنٹےتاخیرکےبعدلندن سےکراچی روانہ

    لندن : لندن سےکراچی آنے والی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی پرواز 26 گھنٹے تاخیر کےبعدکراچی کےلیے روانہ ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 788 کو تکنیکی خرابی کے باعث گزشتہ روزلندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر روک لیا گیاتھا۔پرواز میں تاخیر کی وجہ سے لندن ایئرپورٹ پرمسافروں کوشدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    پی آئی اے کے ترجمان دانیال گیلانی کے مطابق لندن سے کراچی آنے والی پرواز پی کے 788 کو معمولی تکنیکی خرابی کے باعث گذشتہ رات ایک بجے کے قریب ایئرپورٹ پر روکا گیا،تاہم اب طیارے کی خرابی دور کردی گئی ہے۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ پرواز منسوخ کیے جانے کے بعد تمام مسافروں کو ہوٹل میں ٹھہرایا گیاتھااورپرواز آج صبح لندن سے کراچی کے لیے روانہ ہوگئی ہے۔

    پی آئی اے کی پرواز تقریباً چھبیس گھنٹے تاخیر کاشکار ہوئی۔پرواز میں تین سو پچاس مسافرہیں۔

    مزید پڑھیں:پی آئی اے کے ایک اور اے ٹی آر طیارے میں آتشزدگی

    خیال رہے کہ دو روز قبل پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے کا ایک اور مسافر اے ٹی آر طیارے میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا،تاہم اے ٹی آر طیارہ بڑے حادثے سے محفوظ رہاتھا۔

    مزید پڑھیں:شیک ڈاؤن ٹیسٹ‘پی آئی اے کےاے ٹی آر طیارےگراؤنڈ

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کےتمام اے ٹی آرطیاروں کو چانچ پڑتال کےلیےگراؤنڈ کردیاگیاتھا۔

    مزید پڑھیں: پی آئی اے طیارے کو حادثہ، 47 افراد سوار، تمام شہید

    واضح رہے کہ 7دسمبر کو پی آئی اے کا چترال سے اسلام آباد آنے والا اے ٹی آر مسافر طیارہ حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہونے سے جہاز کے عملے سمیت47افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔