Tag: لندن

  • روز شام کے وقت غائب ہوجانے والے مجسمے

    روز شام کے وقت غائب ہوجانے والے مجسمے

    آپ کسی نئی جگہ جاتے ہوئے وہاں موجود چیزوں یا مقامات کو یاد کرلیتے ہوں گے تاکہ دوبارہ وہاں جائیں تو مطلوبہ مقام ڈھونڈنے میں آسانی ہو، لیکن اگر ایسا ہو کہ آپ صبح کے وقت کہیں جائیں اور وہاں موجود کچھ مجسموں کو بطور نشانی یاد رکھیں، لیکن اگر شام میں جائیں تو آپ کو مجسمے وہاں مل ہی نہ سکیں کیونکہ وہ غائب ہوچکے ہوں؟

    یہ بات کافی حیرت انگیز لگتی ہے کہ مضبوطی سے نصب مجسمے اپنی جگہ سے کیسے غائب ہوسکتے ہیں، لیکن یہ ایک حقیقت ہے اور آرٹ اور تعمیرات کا یہ منفرد نمونہ لندن میں موجود ہے۔

    t6

    برطانوی مجسمہ ساز جیسن ٹیلر نے ان حیرت انگیز مجسموں کو بنایا ہے جو دریائے ٹیمز کے کنارے موجود ہیں۔ یہ دن کے صرف دو حصوں میں مکمل طور پر نظر آتے ہیں جب دریا کی لہریں نیچی ہوتی ہیں۔

    t3

    t8

    t7

    شام میں جب دریا کی لہریں اونچی ہوجاتی ہیں اور پانی کنارے تک آجاتا ہے تب یہ مجسمے پانی میں ڈوب جاتے ہیں اور ذرا سے ہی دکھائی دیتے ہیں۔

    t5

    اس کے تخلیق کار کا کہنا ہے کہ ان مجسموں کے ذریعہ وہ دنیا کی توجہ موسمیاتی تبدیلیوں یعنی کلائمٹ چینج کی طرف دلانا چاہتا ہے کہ کس طرح ان کے باعث سمندروں کی سطح اونچی ہوجائے گی اور ہم ڈوبنے کے قریب پہنچ جائیں گے۔

    t2

    یہ مجسمے 4 گھوڑوں کے ہیں جن پر دو صنعت کار اور دو بچے براجمان ہیں۔ گھوڑوں کے منہ آئل پمپس جیسے ہیں جو دنیا میں تیل کے لیے جاری کھینچا تانی کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ یہ مجسمے ہمیں ایک لمحے کے لیے یہ بھی سوچنے پر مجبور کرتے ہیں کہ ہمیں اپنی آئندہ نسل کے لیے ماحولیاتی طور پرایک بہتر دنیا چھوڑ کر جانی چاہیئے۔

  • متحدہ لندن قیادت کا بلاول کے بیان کا خیرمقدم

    متحدہ لندن قیادت کا بلاول کے بیان کا خیرمقدم

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ لندن کے کنوینر ندیم نصرت نے بلاول بھٹو زرداری کے مائنس ون کے خلاف خیالات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے بارے میں چیئرمین پیپلزپارٹی کے خیالات نہایت مثبت اور حقیقت پسندانہ ہیں۔

    لندن سے جاری کردہ اعلامیے میں کنوینر ایم کیو ایم ندیم نصرت نے کہا کہ بانی ایم کیو ایم کے بارے میں بلاول بھٹو کے خیالات نہایت مثبت اور حقیقت پسندانہ ہیں، اختلافات کی بنیاد پر کسی عوام شخص کو منظر نامے سے ہٹانے کی کوشش مناسب نہیں ہے۔

    کنوینر ایم کیو ایم لندن نے بلاول بھٹو کے مائنس ون فارمولے پر بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ ’’کسی بھی معاملے کو اپنی ذاتی انا کا مسئلہ بنانا ملکی مفاد میں نہیں، ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے سیاسی حقیقتوں کو تسلیم کیا جانا چاہیے‘‘۔

    mqm-l

    ندیم نصرت نے کہا کہ دنیا بھر میں کسی بھی مسئلے کو حل کرنے کے لیے بات چیت کا راستہ اختیار کیا جاتا ہے تاہم ذاتی انا کی خاطر کسی کو منظر عام سے ہٹانا درست عمل نہیں ہے۔

    انہوں نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ تمام معاملات کو حل کرنے کے لیے بات چیت کی راہ اپناتے ہوئے اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔

    پڑھیں: انکل الطاف کراچی کی سیاسی حقیقت تھے اور ہیں 

     اُن کا کہنا تھا کہ سیاسی اور جمہوری لوگ مائنس ون کے فارمولے پر یقین نہیں رکھتے بلکہ ان کا ماننا یہ ہے کہ عوام میں مقبول لیڈران کو کسی بھی ظلم و تشدد اور جبر کے ذریعے مائنس نہیں کیا جاسکتا۔

    رکن رابطہ کمیٹی گلفراز خٹک کی گرفتاری کی مذمت اور رہائی کا مطالبہ

    قبل ازیں ایم کیو ایم کنونیر ندیم نصرت نے سابق رکن گلفراز خان خٹک کی غیر قانونی گرفتاری اور انہیں جھوٹے مقدمات میں ملوث کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں فی الفور رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔

    ندیم نصرت نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’’ایم کیو ایم کو ختم کرنے اور بے گناہ کارکنان کی بلاجواز گرفتاریوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ گلفرازخٹک پیشے کے لحاظ سے وکیل ہیں باوجود اس کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انہیں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر سے گرفتار کیا۔

    انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی ایم کیو ایم کے رہنماؤں، منتخب نمائندوں ، ذمہ دار اور کارکنا کو بلاجواز گرفتار کرکے سیاسی وفاداریاں تبدیل کرائی گئی ہیں اور گلفراز خٹک کی گرفتاری اسی سازش کا تسلسل ہے ۔ ندیم نصرت نے وزیراعظم، وزیر داخلہ اور وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ گلفراز خٹک کی بلاجواز گرفتاری اور انہیں جھوٹے مقدمات میں ملوث کرنے کا فوری نوٹس لے کر رہا کیا جائے ۔

  • لندن : صحافی مظہرمحمود کوعدالت نے سازشی مجرم قرار دے دیا

    لندن : صحافی مظہرمحمود کوعدالت نے سازشی مجرم قرار دے دیا

    لندن : پاکستانی کرکٹروں کے خلاف اسپاٹ فکسنگ کے اسکینڈل کو سامنے لانے والے برطانوی صحافی مظہر محمود کو لندن کی ایک عدالت میں انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی سازش کرنے کا مجرم قرار دیا گیا ہے.

    تفصیلات کے مطابق مختلف برطانوی اخباروں سے منسلک رہنے والے تحقیقاتی صحافی مظہرمحمود پر الزام تھا کہ انہوں نے 2014 میں پاپ سنگر ٹُلیسا کونٹو سٹاولوس کے خلاف ایک مقدمے میں شہادتی بیان میں رد و بدل کی سازش کی تھی۔

    برطانوی صحافی مظہر محمود اور ان کے ڈرائیور ایلن اسمتھ پر لندن کی اولڈ بیلی عدالت میں مقدمہ چلایا گیا اور ان دونوں کو انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی سازش کرنے کا مجرم قرار دیا گیا ہے۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ٹُلیسا کونٹوسٹاولوس کے خلاف کوکین سپلائی کرنے کا الزام تھا لیکن ان کے خلاف چلنے والا مقدمہ 2014 میں ختم کر دیا گیا۔

    مظہر محمود کے خلاف موجودہ مقدمے میں استغاثہ کا کہنا ہے کہ ٹلیسا والے مقدمے میں ان کی ‘ذاتی دلچسپی’ تھی۔ دونوں مجرموں کو 21 اکتوبر کو سزا سنائی جائے گی۔

    عدالت سے روانگی کے موقع پر مظہر محمود نے وہاں موجود اخبار نویسوں سے بات چیبت سے معذوری ظاہر کی۔ انہوں نے یہ بھی نہیں بتایا کہ آیا وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے یا نہیں۔

    یاد رہے کہ پاکستانی کرکٹرز کے اسپاٹ فکسنگ کیس میں سلمان بٹ،محمد آصف اور محمد عامرکو پھنسانے میں بھی مظہر محمود نےاہم کردار ادا کیا تھا۔

    مزید پڑھیں : برطانوی صحافی مظہرمحمود بےنقاب

     اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل 2010 نے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیائے کرکٹ میں ایک تہلکہ مچا دیا اور آئی سی سی نے 2ستمبر کو تینوں کھلاڑیوں کو معطل کیا، کیس کی باقاعدہ سماعت کے بعد سلمان بٹ کو 5سال معطل سمیت 10سال پابندی کی سزا سنائی۔

    محمد آصف کو 2سال معطل سمیت 7 برس کی سزا ہوئی، محمد عامر کو 5سال کی سزا ہوئی، صرف اتنا ہی نہیں دھوکہ دہی کیس میں پاکستانی کھلاڑیوں کو برطانیہ میں جیل بھی کاٹنا پڑی۔

     

  • منی لانڈرنگ،بانی ایم کیوایم پرفردجرم آج عائد ہونےکاامکان

    منی لانڈرنگ،بانی ایم کیوایم پرفردجرم آج عائد ہونےکاامکان

    لندن :  ایم کیوایم کے بانی کے منی لانڈرنگ کیس کی ہونے والی آج سماعت میں اسکاٹ لینڈ یارڈ کی جانب سے فرد جرم عائد کرنے یا نہ کرنے سے متعلق فیصلہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق منی لانڈرنگ کیس میں آج اہم پیشرفت کا دن ہے آج کی سماعت میں اسکارٹ لینڈ یارڈ اپنی تحقیقات کی روشنی میں عدالت کے سامنے ٹھوس ثبوت رکھ کرنامزد ملزمان پرفرد جرم عائد کرنے یا نہ کرنے کی استدعا کرے گی۔

    منی لانڈرنگ کیس میں بانی ایم کیوایم سمیت مرکزی رہنما طارق میر، محمد انور اور معروف صنعتکار سرفراز مرچنٹ سمیت 6 افراد نامزد ملزمان ہیں۔

    ایم کیو ایم کے قائد اور شریک ملزمان پرفرد جرم عائد ہونے کی صورت میں کیس کی سماعت لندن کی عدالت میں ہوگی جس کے لیے ملزمان کو 25 اکتوبر کو عدالت کے سامنے اپنا جواب جمع کروانا ہوگا۔

    یاد رہے کہ 16 ستمبر2010 میں ایم کیو ایم کے قتل ہونے والے رہنما ڈاکٹرعمران فاروق کے کیس کی تفتیش کے سلسلے میں 5 دسمبر 2013ء کو ایم کیو ایم کے قائد کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا تھا جہاں سے اسکاٹ لینڈ یارڈ نے لاکھوں پاؤنڈز برآمد کئے تھے۔

    ایم کیو ایم کے قائد اپنے گھر سے برآمد ہونے والی رقم کے قانونی ہونے پراسکاٹ لینڈ یارڈ کو تسلی نہیں کراسکے تھے،جس کے بعد اسکارٹ لینڈ یارڈ نے منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا گیا تھا اور قائد ایم کیو ایم 4 دن زیر حراست بھی رہے اور پھر طلبی پر پولیس اسٹیشن بھی حاضرہوتے رہے۔

    اسکارٹ لینڈ یارڈ نے تحقیقات کا دائرہ بڑھاتے ہوئے مغربی لندن میں واقع دو گھروں پرمزید چھاپے مارکردوافراد کو حراست میں لے لیا تھا۔بعد ازاں تحقیقات میں پیشرفت کے بعد ایم کیوا یم کے قائد 3جون 2014 کو منی لانڈرنگ کے الزامات میں گرفتار کر لیے گیے اور7 جون کو اُنہیں جولائی 2014ء تک ضمانت پررہا کیا گیا۔ اسی سلسلے میں اُنہیں 14 اپریل 2015ء تک ضمانت میں توسیع مل گئی تھی ایم کیوا یم کے قائد 14 اپریل کو ضمانت ختم ہونے پر سینٹرل لندن پولیس اسٹیشن میں پیش ہوئے۔

    ایک بار پھرقائد ایم کیو ایم ضمانت میں توسیع دی گئی، اس ضمن میں آخری باراُنہوں نے 26 اگست کو عدالت میں مزید پیشی کے لیے وقت مانگا تھا جو آج ختم ہور ہا ہے۔

    واضح رہے عدالت نے قائد ایم کیو ایم کوپولیس اسٹیشن میں حاضری سے مستثنیٰ قراردے دیا تھا جس کے بعد عدالت نے سابقہ پیشی پراسکارٹ لینڈ یارڈ کو اپنی تحقیقات مکمل کرکے 5 اکتوبر کو ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے یا ملزمان کو بری کرنے کے حوالے سے کارروائی کا حکم دیا تھا۔

     

  • دنیا کی عظیم درسگاہ آکسفورڈ کی سیر کریں

    دنیا کی عظیم درسگاہ آکسفورڈ کی سیر کریں

    اگر آپ علم حاصل کرنے کے شوقین ہیں تو یقیناً دنیا کی بہترین یونیورسٹی آکسفورڈ یونیورسٹی میں پڑھنا آپ کا دیرینہ خواب ہوگا۔ کچھ خوش قسمت اپنے اس خواب کی تکمیل میں کامیاب رہتے ہیں۔

    آکسفورڈ دراصل دریائے آکس کے کنارے برطانیہ کا ایک شہر ہے۔ یہیں آکسفورڈ یونیورسٹی واقع ہے جو ایک قدیم درسگاہ ہے۔ سنہ 1133 سے شروع ہونے والے اس ادارے کو یونیورسٹی کی شکل سنہ 1163 میں دی گئی۔

    آکسفورڈ میں 28 کالج ہیں جن کے ساتھ علیحدہ ہاسٹلز بھی موجود ہیں۔ آکسفورڈ یونیورسٹی کی شہرہ آفاق بوڈیلین لائبریری دنیا بھر کی سب سے بڑی لائبریری ہے۔

    دنیا کی سب سے بڑی اور مشہور درسگاہ کے بارے میں ایک حیرت انگیز حقیقت یہ ہے کہ اس کے قیام کے بعد سات صدیوں یعنی 1878 تک یہاں خواتین کا داخلہ ممنوع تھا۔ سنہ 1920 سے باقاعدہ یہاں سے خواتین کو ڈگریاں ملنا شروع ہوئیں۔

    یہاں ہم نے اس عظیم درسگاہ کی کچھ خوبصورت تصاویر جمع کی ہیں جنہیں دیکھ کر آپ خود کو اس درسگاہ میں موجود تصور کریں گے۔

    2

    1

    3

    4

    5

    6

    7

    8

    9

    11

    12

    13

    14

  • ضائع شدہ غذائی اشیا فروخت کرنے والی سپر مارکیٹ

    ضائع شدہ غذائی اشیا فروخت کرنے والی سپر مارکیٹ

    لندن: برطانیہ میں ضائع شدہ غذائی اشیا سے سجی پہلی سپر مارکیٹ کا افتتاح کردیا گیا۔ اس سپر مارکیٹ میں وہ غذائی اشیا فروخت کی جارہی ہیں جو مختلف ہوٹلوں اور سپر اسٹورز کی جانب سے ضائع کردی جاتی ہے یا پھینک دی جاتی ہے۔

    برطانوی شہر لیڈز میں کھولی گئی اس سپر  مارکیٹ کو، جسے ویئر ہاؤس کا نام بھی دیا گیا ہے، رئیل جنک فوڈ پروجیکٹ نامی تنظیم نے قائم کیا ہے جو ضائع شدہ خوراک کو قابل استعمال بنانے پر کام کر رہا ہے۔

    sm-1

    sm-2

    مارکیٹ میں اشیا کی قیمتوں کی جگہ ’پے ایز یو فیل‘ کا ٹیگ لگا ہے یعنی آپ خوراک کے لیے جو قیمت مناسب سمجھیں وہی دے دیں۔

    یہ سپر مارکیٹ ان افراد کو مفت اشیائے خورد و نوش بھی فراہم کر رہی ہے جن کی آمدنی کم ہے اور جو اسے خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔

    مزید پڑھیں: امریکی عوام کا ’بدصورت‘ پھل کھانے سے گریز

    ان ہی میں سے ایک کرسٹی رہوڈز بھی ہے۔ کرسٹی اور اس کا شوہر کم تعلیم یافتہ ہیں لہٰذا ان کی آمدنی بے حد کم ہے۔ اس آمدنی میں وہ اپنی اور اپنے 3 بچوں کی کفالت نہیں کر سکتے اور ایسے میں یہ ویئر ہاؤس ان کے لیے نعمت خداوندی ہے۔

    sm-3

    sm-4

    کرسٹی کا کہنا ہے کہ اسے یہاں سے تازہ پاستہ، جوس، مٹھائیاں، سبزیاں اور سلاد مل جاتا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ہی جیسے غریب افراد کو پھلوں سے جام بنانا بھی سکھائے گی جو اس نے ایک بار اپنے گھر پر بنایا تھا۔

    مزید پڑھیں: اولمپک ویلج کا بچا ہوا کھانا بے گھر افراد میں تقسیم

    پروجیکٹ کے سربراہ ایڈم اسمتھ کا کہنا ہے کہ وہ اس طرح کے اسٹور پورے ملک میں کھولنے کا ارادہ رکھتے ہیں جہاں سے لوگ کم قیمت یا مفت خوراک حاصل کرسکیں۔

    sm-5

    sm-6

    واضح رہے کہ خوراک کو ضائع کرنا دنیا بھر میں فوڈ سیکیورٹی کے لیے ایک اہم مسئلہ بن چکا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق دنیا بھر میں جتنی خوراک اگائی جاتی ہے اس کا ایک تہائی حصہ ضائع کردیا جاتا ہے۔

    اس ضائع کردہ خوراک کی مقدار تقریباً 1.3 بلین ٹن بنتی ہے اور اس سے دنیا بھر کی معیشتوں کو مجموعی طور پر ایک کھرب امریکی ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔

  • سرحدوں پرکشیدگی،نوازشریف شاپنگ کررہے ہیں: عمران خان

    سرحدوں پرکشیدگی،نوازشریف شاپنگ کررہے ہیں: عمران خان

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ سرحدوں پر کشیدگی ہے اور وزیراعظم لندن میں شاپنگ اورچھٹیاں منارہے ہیں۔

    تفصیلات کےمطابق پی ٹی آئی کےچیئرمین عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹویٹ کیا کہ سرحدوں پر کشیدگی ہےاور وزیراعظم لندن میں چھٹیاں منارہے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے 28 ستمبر کو لاہور میں ریلی نکالنے کا اعلان کیا تھا۔

    مزید پڑھیں: پاکستان کا آئین پُرامن احتجاج کا حق دیتا ہے،عمران خان

    اس سے قبل عمران خان نے اسلام آباد میں اپنی رہاہش گاہ بنی گالہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کا آئین پُرامن احتجاج کا حق دیتا ہے۔

    تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اگررائے ونڈ مارچ کی راہ میں رکاوٹیں ڈالی گئیں تو اس کا ردعمل آئے گا جو حکومت برداشت نہیں کر پائے گی۔

    چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہم نے ہر ادارے کے در پر دستک دی لیکن کسی ادارے نے ہماری بات نہیں سنی اس لیے احتجاج کا فیصلہ کیا اگر کسی نے روکا تو آئین کے اندر رہتے ہوئے ہر قدم ممکنہ اُٹھائیں گے۔

    واضح رہے کہ عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن کی وجہ سے مزدوراور کسان کا کوئی پرسان حال نہیں کیوں کہ ادارے کمزور ہیں اور جب ادارے کمزور ہوں تو کرپشن عام ہوتی ہے اور جتنی کرپشن زیادہ ہوگی غربت اتنی ہی بڑھے گی۔

  • امید کا دیا روشن کرنے والا لندن کا ٹیوب اسٹیشن

    امید کا دیا روشن کرنے والا لندن کا ٹیوب اسٹیشن

    لندن: برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں ایک ٹیوب اسٹیشن پر آنے والے مسافر کبھی بھی ناامید نہیں ہوتے، کیونکہ ان کی مایوسی و ناامیدی کو ختم کرنے اور انہیں حوصلہ دینے کے لیے یہ اسٹیشن انہیں روز کسی بڑے مفکر کا کوئی قول سناتا ہے۔

    جب مسافر اپنی ٹرین پکڑنے کے لیے لندن کے اوول ٹیوب اسٹیشن کی سیڑھیوں سے نیچے اترتے ہیں تو ان کے کانوں کو بیتھووین کی موسیقی سنائی دیتی ہے، سامنے ہی ایک چھوٹی سی لائبریری نظر آتی ہے جبکہ دیوار پر کسی مفکر کا قول لکھا ہوتا ہے جو انہیں زندگی کی جدوجہد میں نئی توانائی فراہم کرتا ہے۔

    اسٹیشن کی سامنے کی دیوار پر ایک سفید بورڈ لٹکایا گیا ہے جس پر سیاہ مارکر سے سقراط سے لے کر پائلو کوہلو تک کے اقوال لکھے جاتے ہیں۔

    یہ کام دراصل اسٹیشن کی انتظامیہ نے شروع کیا ہے۔ 2004 سے شروع ہونے والے اس سلسلہ میں اب ایک لائبریری اور چند بینجوں کا بھی اضافہ ہوچکا ہے جہاں اگر لوگ چاہیں تو آرام سے بیٹھ کر مطالعہ کر سکتے ہیں۔

    oval-4

    اسٹیشن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ مذہبی، سیاسی یا نسلی و صنفی امتیاز پر مبنی اقوال لکھنے سے گریز کرتے ہیں۔

    ذرا تصور کریں، جب آپ صبح اٹھیں، اور دیر سے اٹھنے اور آفس یا کلاس کے لیے لیٹ ہونے پر خود کو کوستے ہوئے، بھاگتے ہوئے ٹیوب اسٹیشن میں داخل ہوں، اور سامنے ہی ایک رومی بادشاہ مارکوس کا قول لکھا نظر آئے، کہ ’جب آپ صبح اٹھتے ہیں تو سوچیں کہ آپ کس قدر خوش نصیب ہیں، جو زندہ ہیں، جو سوچ سکتے ہیں، جو چیزوں سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں اور جو محبت کرسکتے ہیں‘، تو کیا اس قول کو پڑھنے کے بعد بھی آپ خود کو برے القاب سے نوازیں گے؟

    oval-2

    ایک مسافر کا کہنا ہے کہ وہ روز اس ٹیوب سے سفر کرتی ہے اور جب وہ اپنے گھر سے نکلتی ہے تو اسے انتظار ہوتا ہے کہ آج اسے کس کا قول پڑھنے کو ملے گا۔

    وہ بتاتی ہے کہ ایک دن بورڈ پر برازیلین مصنف پائلو کوہلو کا مشہور قول جو ان کی شہرہ آفاق کتاب ’الکیمسٹ‘میں شامل ہے، لکھا تھا، ’دنیا میں صرف ایک چیز آپ کو اپنے خواب کی تعبیر حاصل کرنے سے روک سکتی ہے، اور وہ ہے ناکامی کا خوف‘۔ اسے پڑھنے کے بعد اس میں کام کرنے اور اپنا مقصد حاصل کرنے کا نیا جذبہ پیدا ہوگیا۔

    اس بورڈ پر مشہور افراد کے اقوال کے ساتھ کبھی کبھار انتقال کر جانے والی شخصیات کو خراج تحسین، مختلف کھیلوں میں قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی، یا شاہی خاندان کے افراد کی سالگراہوں پر تہنیتی پیغامات بھی درج کیے جاتے ہیں۔

    oval-3

    ایک بار آسکر وائلڈ کے ایک قول کے ذریعہ معاشرے کی تلخ تصویر بیان کی گئی، ’آج کل لوگوں کو ہر شے کی قیمت تو پتہ ہے، لیکن کسی شے کی قدر نہیں‘۔

    لندن کے اوول ٹیوب اسٹیشن پر شروع ہونے والا یہ رجحان آہستہ آہستہ اب دوسری جگہوں پر بھی پھیلتا جارہا ہے۔ لندن کے کئی ریستورانوں، شراب خانوں، بس اور ٹرین اسٹیشنز پر بھی اس رجحان سے متاثر ہو کر اور گاہکوں کو متوجہ کرنے کے لیے ایسے اقوال لکھے جارہے ہیں۔

    oval-1

    جیسے شہر کے ایک پب کے باہر نصب بورڈ پر لکھا گیا، ’شراب ہر سوال کا جواب ہے، لیکن مشکل یہ ہے کہ شراب پینے کے بعد سوال یاد نہیں رہے گا‘۔

    اسی طرح ایک کیفے کے باہر گاہکوں کو تنبیہہ کی گئی، ’اگر آپ نے بدمزاجی سے بات کی تو ہم آپ کو بدمزہ ترین کافی پلائیں گے‘۔

    oval-6

    اقوال سے سجے یہ بورڈز گاہکوں، مسافروں اور دیگر غیر متعلقہ افراد کی توجہ کا فوراً مرکز بن جاتے ہیں اور وہ اس کی تصاویر کھینچ کر اپنے پاس محفوظ کر لیتے ہیں یا اسے سوشل میڈیا پر شیئر کرلیتے ہیں، یوں روشنی اور امید پھیلانے کا یہ سلسلہ دراز ہوتا جاتا ہے۔

  • سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مقدمہ دنیا کے ہر فورم کے سامنے رکھیں گے،طاہرالقادری

    سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مقدمہ دنیا کے ہر فورم کے سامنے رکھیں گے،طاہرالقادری

    لندن : پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری نے سوال کیا کہا ہے کہ میاں برادران سانحہ ماڈل ٹاؤن کے اصل ذمہ دار ہیں اور معصوم لوگوں کو شہید کرنے والے ہیں وہ یہاں کشمیر کا مقدمہ کیسے لڑیں گے؟

    Qadri reminds Shahbaz Sharif of old promise by arynews

    تفصیلات کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری لندن پہنچنے کے بعد میڈیا سے بات کر رہے تھے وہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کا مقدمہ عالمی برادری کے سامنے رکھنے کے لیے لندن پہنچے ہیں جہاں وہ یورپی یونین کے نمائندوں سے مل کر ماڈل ٹاؤن سانحہ سے متعلق حقائق پیش کریں گے

    انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ ماڈل ٹاؤن سانحے کی تحقیقات کے لیے حکومت وقت کو پورا وقت دیا تا ہم حکومت نے کیس کو انصاف کے تقاضوں کے مطابق حل کرنے کے بجائے قاتل پولیس افسران کو بیرون ملک ٹریننگ پر بھیجوا کر بد نیتی کا مظاہر ہ کیا جس کے بعد ہم نے عالمی سطح پر انصاف کے حصول کے لیے جدو جہد کا آغاز کیا

    اب تک ہم انصاف کے حصول کے لیے تین مختلف ممالک کے 3 اداروں کے انصاف کے حصول کے لیے در دستک دی ہے اور اب یورپی یونین کے سامنے مقدمہ رکھیں گے بلکہ اس سے آگے بڑھتے ہوئے ضرورت پڑی تو ہیومن رائٹس کونسل جنیوا سے بھی رجوع کریں گے۔

    انہوں نے میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کرتےہوئے بتایا کہ پہلے مرحلے میں ہم نے ایک لا فرم کی خدمات حاصل کرلی ہیں جن کے ساتھ آج ایک اہم میٹنگ ہونے جا رہی ہے جس میں معروف وکیلوں سے اس معاملے پر مشاورت کی جائے گی۔

  • پاکستان کا انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کرفیلڈنگ کافیصلہ

    پاکستان کا انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کرفیلڈنگ کافیصلہ

    کارڈف : پاکستان اورانگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے پانچویں اورآخری ایک روزہ میچ میں پاکستانی بولرز نے 164 کے مجموعی اسکور پرانگلینڈ کے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 164 کے مجموعی اسکور پر 4 وکٹیں گنوا چکی ہے پاکستانی بولرز کے چوتھے شکار بننے والے جیسن روائے 87 رنزبنا سکے انہیں محمد عامر نے آؤٹ کیا،پاکستان کی جانب سے محمد عامر، حسن علی اور عماد وسیم نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    واضح رہے 5 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز میں قومی ٹیم کوئی بھی میچ نہیں جیت سکی اور سیریز چار صفر سے پہلے ہی ہار چکی ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئیں۔ محمد عرفان انجرڈ ہوگئےجن کی جگہ محمد عامر اور سمیع اسلم کی جگہ شعیب ملک کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

    قبل ازیں پاکستان اورانگلینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کے آخری میچ میں پاکستان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا قومی ٹیم ون ڈے سیریز میں توقعات کے مطابق کارکردگی دکھانے میں اب تک ناکام رہی ہے 5 ایک روزہ میچوں میں سے ہونے والے چار میچوں میں پاکستان ایک میں بھی کامیابی حاصل نہیں کر پایا ہے۔

    پانچویں اور آخری ایک روزہ میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں دو اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں زخمی محمد عرفان کی جگہ محمد عامر اور سمیع اسلم کی جگہ شعیب ملک کو شامل کیا گیا ہے دوسری طرف انگلینڈ کی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں اور معین علی، عادل رشید اور لیم پلنکٹ کو آرام دیا گیا ہے۔

    *انگلینڈ نے پاکستان کو چار وکٹوں سے شکست دے دی

    پاکستانی اننگز کا آغاز کپتان اظہر علی اورشرجیل خان کریں گے اور ون ڈاون پر محمد رضوان یا شعیب ملک کھیلیں گے.

    *ناقص کارکردگی دکھانے والےٹیم کا حصہ نہیں رہیں گے،مکی آرتھر

    یاد رہے کہ پاکستان ٹیم نے اس گراؤنڈ پر 2 ون ڈے انٹر نیشنل میچ کھیلے ہیں جس میں سے ایک میچ میں کامیابی حاصل کی اور ایک میچ بارش کی وجہ سے نامکمل رہا.

    واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم کے بولنگ کوچ اظہر محمود کا کہنا ہے کہ ماضی میں جو ہوا اس کو بدل نہیں سکتے،ہر کوئی غلطیاں کرتا ہے لیکن ان سے سبق سیکھا جائے تو اچھی بات ہوگی،آخری میچ میں مثبت ذہن کے ساتھ میدان میں اترتے ہوئے کامیابی کےلیے پوری کوشش کریں.