Tag: لنچ

  • مزیدار گرما گرم تندوری چکن بنانے کی ترکیب

    مزیدار گرما گرم تندوری چکن بنانے کی ترکیب

    کون نہ ہوگا جس کی گرما گرم تندوری چکن دیکھ کر بھوک تیز نہ ہوجائے، روزانہ ویسے بھی ایک ہی طرح کی معمول کی ڈشز کھا کر طبیعت اکتا جاتی ہے، اسی لیے آج ہم آپ کو مزیدار چکن تندوری بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔

    اجزا

    مرغ سالم کھال اترا ہوا: 1 کلو

    پیاز: 1 عدد

    لہسن: 6 جوئے

    ادرک: 15 گرام

    سرخ مرچ ثابت: 4 عدد

    ثابت دھنیہ: 2 کھانے کے چمچ

    پسا ہوا مصالحہ (پیسٹ)

    ہلدی: آدھا چمچ

    گرم مصالحہ: 2 چائے کے چمچ

    نمک: حسب ضرورت

    زعفران: آدھا چائے کا چمچ

    لیموں کا رس: 2 کھانے کے چمچ

    گھی: 4 کھانے کے چمچ

    سجاوٹ کے لیے

    لیموں گولائی میں کٹے ہوئے: 4 عدد

    پیاز درمیانی لچھے دار کٹی ہوئی: 1 عدد

    ترکیب

    سب سے پہلے مرچ، ہلدی، دھنیہ، گرم مصالحہ، لہسن، پیاز اور ادرک کو باریک اور گاڑھا گاڑھا پیس لیں۔

    مرغ کو ابلتے ہوئے پانی میں 10 منٹ تک پکائیں۔

    مرغ کو پانی سے نکال کر کسی کانٹے کی مدد سے مرغ کو گود دیں۔ اب نمک اور لیموں کا رس پسے ہوئے آمیزے میں ملا کر مرغ پر اس طرح لگائیں کہ مصالحہ اچھی طرح جذب ہو جائے۔

    مرغ کو اسی طرح دس منٹ تک رکھا رہنے دیں۔

    ایک کڑھائی میں گھی ہلکی آنچ پر گرم کریں، گھی میں اوپر زعفران چھڑک دیں۔

    اس کے بعد مرغ کو احتیاط سے کڑھائی میں ڈالیں۔ دس منٹ تک فرائی کریں۔ اس دوران مرغ کو پلٹتے رہیں۔

    تھوڑی دیر بعد مرغ کو کڑھائی سے نکال لیں۔ کڑھائی میں بچا ہوا گھی ایک پتیلی میں ڈال کر مرغ کو بھی اس کی پتیلی میں ڈال کر ڈھکنا اچھی طرح سے بند کر دیں۔

    پہلے سے گرم کیے ہوئے اوون میں 400 فارن ہائٹ پر رکھ کر 30 منٹ تک پکائیں۔ جب گل جائے تو لیموں اور کٹی ہوئی لچھے دار پیاز کے ساتھ پیش کر یں۔

  • بیوی 41 برس سے شوہر کے لنچ سے ایک لقمہ کیوں کھاتی ہے، وجہ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    بیوی 41 برس سے شوہر کے لنچ سے ایک لقمہ کیوں کھاتی ہے، وجہ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    ٹیکساس: کبھی کبھی میاں بیوی کے پیار کے عجیب قصے سامنے آتے ہیں، امریکا میں بھی ایسے ہی ایک جوڑے کے درمیان پیار کا یہ حیران کن قصہ سامنے آیا ہے۔

    امریکی ریاست ٹیکساس میں ایک خاتون ٹریسی ہاویل 41 سالوں سے شوہر کو لنچ بھجوانے سے قبل اس میں سے ایک لقمہ کھا لیتی ہیں، جب لوگوں کو اس کی وجہ سے معلوم ہوئی تو وہ حیران رہ گئے۔

    یہ خاتون چار عشروں سے جب بھی اپنے شوہر  کلف فورڈ کے لیے لنچ پیک کرتی ہیں تو پہلے اس میں سے ایک لقمہ کھانا کبھی نہیں بھولتیں۔

    ٹریسی ہاویل نے اس سلسلے میں فیس بک پر ایک پوسٹ کی اور اپنی عجیب عادت کے بارے میں لوگوں کو بتایا، انھوں نے بتایا کہ وہ ٹیکساس میں رہائش پذیر ہیں، اور وہ اکتالیس برس سے اپنے میاں کے لیے لنچ پیک کرتے ہوئے اس میں سے ایک لقمہ ضرور لیتی ہیں۔

    اس پوسٹ کے ساتھ انھوں نے ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں ایک برگر نظر آتا ہے جس کے ایک کونے سے ایک ٹکڑا کھایا گیا ہے، خاتون کا کہنا تھا کہ یہ دراصل ان کے شوہر کا لنچ ہے، ایک مرتبہ جب میں ان کے آفس گئی تھی تو میرے شوہر نے کہا تھا جس کے ساتھ آپ پیار کرتے ہیں اگر اس کے ساتھ لنچ شیئر کرو تو اس کا مزہ بڑھ جاتا ہے۔

    Clifford and I have been married almost 41 years and I have made his lunch every working day since day 1.
    On occasion I…

    Posted by Tracy Howell on Tuesday, December 1, 2020

    یہ پوسٹ اتنی دل چسپ تھی کہ بڑی تعداد میں لوگوں نے اسے پسند کیا، ٹریسی نے بتایا کہ وہ پہلے دن سے ہی شوہر کے لیے لنچ تیار کر کے بھیجتی ہیں، لیکن شوہر کی بات کے بعد ایک مرتبہ انھوں نے لنچ پیک کرتے وقت  برگر میں سے ایک لقمہ کھا کر بھیج دیا۔

    جب شوہر گھر آئے تو انھوں نے کہا کہ کسی نے ان کے لنچ میں سے لقمہ کھا لیا تھا، لیکن ٹریسی نے بتایا کہ وہ لقمہ انھوں نے ہی کھایا تھا کیوں کہ وہ انھیں جوائن نہیں کرپاتی، اور اس طرح لنچ شیئر کر لیا، اس کے بعد لقمہ کھایا ہوا لنچ بھیجنا انھوں نے اپنی عادت بنا لیا۔

  • دفتر میں روزانہ اپنی ڈیسک پر لنچ کرنے کا نقصان

    دفتر میں روزانہ اپنی ڈیسک پر لنچ کرنے کا نقصان

    کیا آپ اپنے دفتر میں روزانہ اپنی ڈیسک پر کھانا کھاتے ہیں اور شاذ ہی کہیں باہر کھانے جاتے ہیں؟ تو پھر آپ کی زندگی کی بے اطمینانی اور ناخوشی کا ایک اہم سبب یہی ہے۔

    یونیورسٹی آف سسکیس میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق ملازمین کا روزانہ اپنی ڈیسک پر بیٹھ کر لنچ کرنا انہیں اپنے کام کے حوالے سے بوریت کا شکار کردیتا ہے۔

    اس کا یہ مطلب نہیں کہ روزانہ کہیں باہر، کسی ریستوران میں جا کر کھانا کھایا جائے۔ دراصل اس کا مطلب یہ ہے کہ کسی کھلی جگہ، تازہ ہوا میں مثلاً کسی پارک یا ساحل سمندر پر بیٹھ کر لنچ کرنا آپ کو اپنی ملازمت سمیت زندگی کے دیگر معاملت میں بھی مطمئن بنا سکتا ہے۔

    اس تحقیق کے لیے ماہرین نے متعدد دفتری ملازمین کے کھانے کے معمول اور ان کے رویے کی جانچ کی۔ ماہرین نے دیکھا کہ روزانہ اپنی ڈیسک پر یا دفتر کے کیفے میں بیٹھ کر کھانا کھانے والے افراد میں ذہنی تناؤ کی سطح بلند تھی۔

    اس کے برعکس وہ افراد جنہوں نے کھلی فضا سے لطف اندوز ہوتے ہوئے کھانا کھایا، ان میں خوشی کے جذبات پیدا ہوئے جبکہ زندگی کے مختلف معاملات کے حوالے سے ان کا مثبت نقطہ نظر سامنے آیا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دراصل فطرت سے ہمارے اس ٹوٹے ہوئے تعلق کی طرف اشارہ ہے جس کی وجہ سے ہم بے شمار مسائل میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

    فطرت سے باقاعدہ تعلق رکھنا، کھلی فضا میں چہل قدمی، ساحل سمندر پر جانا یا پہاڑوں اور درختوں کے درمیان وقت گزارنا ہمیں بے شمار دماغی مسائل سے بچا سکتا ہے جس میں سر فہرست ڈپریشن سے نجات اور خوشی کا حصول ہے۔

    ماہرین کی تجویز ہے کہ دفاتر میں لنچ کے اوقات میں ملازمین کو باہر جانے کی اجازت دینی چاہیئے۔ اس سے ان کی تخلیقی صلاحیت اور کام کرنے کی رفتار اور معیار میں اضافہ ہوگا۔