(1 اگست 2025): پاکستانی ٹیم کی ٹی شرٹ پہننے پر مداح کو اسٹیڈیم سے نکالنے کے واقعے پر لنکا شائر کاؤنٹی کلب نے معذرت کرلی۔
انگلینڈ اور بھارت کے درمیان اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میچ کے دوران سیکیورٹی اہلکار نے فاروق نذر نامی مداح کو پاکستانی ٹی شرٹ ڈھانپنے کا کہا انکار کرنے پر اسٹیڈیم سے نکال دیا تھا۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شدید ردعمل آیا جس پر لنکا شائر کلب نے اب معافی مانگ لی ہے، کلب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مستقبل میں ایسے واقعات سے نمٹنےکیلئے اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کریں گے۔
ویڈیو: بھارت انگلینڈ کے میچ میں تماشائی کا پاکستان ٹیم کی شرٹ پہننا جرم بن گیا
رپورٹ کے مطابق لنکا شائر نے اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم سے پاکستانی تماشائی کے اخراج کے بعد پیش آنے والی ’کسی بھی پریشانی اور جرم کی وجہ سے‘ معافی مانگ لی ہے۔
لنکا شائر کے بیان میں مزید کہا گیا ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ صرف پاکستان کی شرٹ پہننے پر مداح کو نہیں نکالا گیا بلکہ ہمارا اقدام صرف حفاظتی خدشات کی بنیاد پر تھا۔
یاد رہے کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے جس کا اثر کرکٹ تعلقات پر بھی پڑا ہے، حال ہی میں لیجنڈز کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوران بھارتی کرکٹرز نے پاکستان کے خلاف دو میچز کھیلنے سے انکار کیا جن میں سیمی فائنل بھی شامل تھا۔