Tag: لنک روڈزیادتی کیس

  • لنک روڈزیادتی کیس: مرکزی ملزم عابد کی گرفتاری کیلئے ریپڈ رسپانس فورس تشکیل

    لنک روڈزیادتی کیس: مرکزی ملزم عابد کی گرفتاری کیلئے ریپڈ رسپانس فورس تشکیل

    لاہور : لنک روڈزیادتی کیس میں آئی جی پنجاب نےملزم کی گرفتاری کے لئے ریپڈرسپانس فورس تشکیل دے دی ، ٹیمیں ملزم کے حوالے سے معلومات ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کو رپورٹ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور لنک روڈ خاتون زیادتی کیس کو تیرہ روز گزر گئے لیکن کوئی پیش رفت نہ ہو سکی اور مرکزی ملزم عابد علی پولیس کی گرفت میں نہ آسکا۔

    آئی جی پنجاب انعام غنی نے ملزم کی گرفتاری کے لئے ریپڈ رسپانس فورس تشکیل دے دی ہے، ہر ضلع میں ایک گاڑی، ایک اے ایس آئی انچارچ اور 4 اہلکار 24 گھنٹے ڈیوٹی دیں گے اور ٹیمیں ملزم کے حوالے سے معلومات ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کو رپورٹ کریں گی۔

    گذشتہ روز پنجاب پولیس نے عابد علی کی گرفتاری کے لیے پمفلٹ تیار کیا تھا ، پمفلٹ میں گرفتاری میں مدد دینے والوں کےلیے 25 لاکھ کا انعام بھی درج تھا جبکہ عابد علی کے 2 متوقع حلیہ جات کی تصاویر پمفلٹ پر لگا ئی اور گرفتاری کی اطلاع کے لیے 2 موبائل نمبرز بھی جاری کئے تھے، ایس پی سی آئی اے لاہورعاصم افتخار اور ڈی ایس پی حسنین حیدر کے نمبردرج ہے۔

    مزید پڑھیں : لنک روڈ زیادتی کیس : مرکزی ملزم عابد کی گرفتاری کے لیے پمفلٹ تیار ،25 لاکھ کا انعام

    دوسری جانب ملزم کی گرفتاری سے آگاہی کی ویڈیو جاری کی گئی تھی، مراسلے میں کہا گیا تھا کہ ملزم درباروں،مزاروں ،مساجد ،امام بارگاہوں میں روپوش ہوسکتاہے، ملزم کوعرس،سرکس سمیت دیگر عوامی مقامات پرتلاش کیاجائے۔

    مراسلے کے مطابق ڈسٹرکٹ سکیورٹی برانچز ملزم کی گرفتاری کے لیےخصوصی نظر رکھے اور ملزم کےحوالےسےویڈیوکلپ کیبلز پر بھی نشر کی جائے۔

    آئی جی پنجاب انعام غنی نے کہا تھا کہ ملزم کوگرفتارکرانیوالے کی شناخت راز میں رکھی جائےگی، گرفتاری میں مددکرنیوالوں کو انعامی رقم دی جائے گی۔

    خیال رہےگرفتار شفقت علی اور دیگر ملزمان عابد کی بیوی،سالی دوقریبی عزیز،عابد کاساتھی بالامستری ،وقارالحسن سے تفتیش جاری ہے جبکہ شفقت اعتراف جرم بھی کرچکا ہے۔

  • لنک روڈزیادتی کیس ، خاتون سے متعلق بیان پر سی سی پی او لاہور نے معافی مانگ لی

    لنک روڈزیادتی کیس ، خاتون سے متعلق بیان پر سی سی پی او لاہور نے معافی مانگ لی

    لاہور: لنک روڈزیادتی کیس میں خاتون سے متعلق بیان پر سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے معافی مانگتے ہوئے کہا میرے بیان کا کوئی غلط مطلب یا تاثر نہیں تھا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور سے سی سی پی اوعمر شیخ کی ملاقات ہوئی ، عمر شیخ نے ملاقات میں گورنرپنجاب کواپنے بیان پروضاحت پیش کردی.

    ملاقات میں سی سی پی او عمر شیخ نے گورنر پنجاب کو گجر پورہ کیس کے حوالے سے بریفنگ اور اپنے بیان کی وضاحت بھی پیش کرتے ہوئے کہا جلد اصل ملزمان تک پہنچ جائیں گے۔

    لنک روڈزیادتی کیس میں خاتون سےمتعلق بیان پر سی سی پی او لاہور نے معافی مانگ لی اور کہا میرے بیان سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو معافی مانگتاہوں، بیان پر متاثرہ خاتون ، بہنوں،بھائیوں اور سوسائٹی سمیت تمام طبقات سے معافی مانگتاہوں، میرے بیان کا کوئی غلط مطلب یا تاثر نہیں تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سی سی پی اولاہور نے گور نر پنجاب کے مشورے پر معافی مانگی، گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ آپ کےبیان سےخاتون کےخاندان اور معاشرے کےطبقات میں غصہ پایاجاتاہے۔

    خیال رہے لنک روڈ زیادتی کیس میں لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے متنازع بیان پر سی سی پی او عمر شیخ کو طلب کرلیا اور کہا سی سی پی او نے وہ جملہ بولا جس پر پوری کابینہ سے معافی مانگنی چاہیے۔

    چیف جسٹس نے سرکاری وکیل سے پوچھا کہ سی سی پی او نے جوبیان دیا اس پر کیا کارروائی ہوئی؟ کیا آپ کہہ رہے ہیں کہ سی سی پی او کے بیان پرانکوائری ہورہی ہے؟ سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ پورے معاملے کی انکوائری ہو رہی ہے، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ معاملے پر سخت ایکشن ہونا چاہیے تھا تاکہ قوم کی بیٹیوں کو حوصلہ ہوتا۔