Tag: لنگور

  • ننھا لنگور خون میں لت پت ماں کی لاش سے لپٹ کر روتا رہا، دیکھنے والے بھی آبدیدہ

    ننھا لنگور خون میں لت پت ماں کی لاش سے لپٹ کر روتا رہا، دیکھنے والے بھی آبدیدہ

    جنگل کے آس پاس سے گزرنے والے ڈرائیورز سے دنیا بھر میں نہایت احتیاط سے گزرنے کی تاکید کی جاتی ہے، تاہم اکثر ڈرائیور اپنی مستی میں نہایت تیزی سے گزرتے ہیں اور اس دوران کوئی معصوم جانور ان کی بدمست گاڑی کے نیچے آ کر کچلا جاتا ہے۔

    سوشل میڈیا پر اکثر ایسی تصاویر وائرل ہوتی ہیں جن میں کوئی بڑا جانور یا بچہ جنگل سے گزرنے والی سڑک پر کسی گاڑی سے ٹکرا کر بری طرح زخمی ہوجاتا ہے، اور سنگ دل ڈرائیور رکے بغیر گاڑی اڑاتا چلا جاتا ہے۔

    ایسے حادثات میں جانور بری طرح زخمی ہوجاتے ہیں یا پھر موقع پر ہی یا زخموں کی تاب نہ لا کر مر جاتے ہیں۔ اکثر نایاب جانور بھی ان حادثات کا شکار ہوجاتے ہیں جن کی تعداد پہلے ہی قلیل ہے۔

    حال ہی میں بھارت سے بھی ایسی ہی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس نے دیکھنے والوں کے دلوں کو دکھ سے بھر دیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک مادہ لنگور سڑک کے بیچوں بیچ بے حس و حرکت پڑی ہے اور اس کے جسم سے خون بہہ رہا ہے، اس کا ننھا بچہ چلاتے اور روتے ہوئے ماں کو اٹھانے کی کوشش کر رہا ہے۔

    ننھا لنگور ماں کا چہرہ پکڑ کر اسے اٹھانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن ماں بے حس و حرکت ہے۔

    آس پاس کئی افراد بھی کھڑے ہیں، حادثہ ممکنہ طور کسی تیز رفتار گاڑی کی وجہ سے پیش آیا ہے۔

    ٹویٹر پر یہ ویڈیو سشانت نندا نامی انڈین فارسٹ آفیسر نے پوسٹ کی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ یہ منظر عرصے تک مجھے خوفزدہ کرتا رہے گا، بچہ ابھی تک ماں کی بانہوں میں ہے۔

    انہوں نے لکھا کہ بچے کو محفوظ مقام تک پہنچانے کے لیے تمام اقدامات کر لیے گئے ہیں۔

  • الیکشن کے دوران لنگوروں کو اہم ڈیوٹی سونپ دی گئی

    الیکشن کے دوران لنگوروں کو اہم ڈیوٹی سونپ دی گئی

    پیلی بھیت: بھارتی ریاست اترپردیش میں پیلی بھیت کے علاقے میں الیکشن کمیشن نے بندروں کی تباہ کاری سے تنگ آ کر لنگوروں کو اہم ڈیوٹی سونپ دی۔

    تفصیلات کے مطابق بندروں سے پریشان یوپی الیکشن کمیشن نے ای وی ایم اور دیگر سامان کی حفاظت کے لیے پولنگ اسٹیشن پر لنگور تعینات کر دیے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق پیلی بھیت میں الیکشن کمیشن کے حکام بندروں کی دہشت سے پریشان ہیں، جس پر انھیں بندروں کے خلاف لنگوروں کو میدان میں اتارنا پڑا ہے۔

    پیلی بھیت میں 23 فروری کو پولنگ ہونے جا رہی ہے جس کے لیے پولنگ میں استعمال ہونے والی الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور دیگر آلات پہنچائے گئے ہیں لیکن وہاں بندروں کا ہر طرف بول بالا ہے۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹنگ مشینوں اور دیگر آلات کی نگرانی کے لیے 50 سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے تھے، لیکن بندروں نے انھیں توڑ ڈالا، پولیس اور فارسٹ ورکرز کا سہارا لیا گیا، جگہ جگہ پنجرے بھی رکھے گئے لیکن بندروں نے پنجرے بھی توڑ ڈالے، جس پر بندروں کے خلاف لنگوروں کو حفاظت پر مامور کر دیا گیا ہے۔