کراچی: ڈاکوؤں نے لوٹ مار اور تشدد کے بعد نوجوان کو سڑک پر مرغابنا دیا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے تھانہ رضویہ کی حدود میں ڈاکوؤں کی لوٹ مار کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، جس میں کار سوار 4 ملزمان کو شہریوں کو لوٹتے اور تشدد کا نشانہ بناتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ڈاکوؤں نے موٹر سائیکل سوار دو نوجوانوں کو روکا، موٹر سائیکل پر پیچھے بیٹھا نوجوان بھاگنے میں کامیاب ہوگیا، جبکہ ڈاکوؤں نے دوسرے نوجوان سے موبائل فون، نقدی اور موٹر سائیکل چھین لی۔ ملزمان نے متاثرہ نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد سڑک پر مرغابھی بنا دیا۔
عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ ملزمان نے 15 منٹ تک علاقے میں آزادانہ لوٹ مار کی، 3 سے 4 موٹر سائیکل سواروں کو بھی لوٹا اور تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ ایک دکان کو بھی لوٹنے کے بعد فرار ہوگئے۔
متاثرہ شہری نے بتایا کہ واردات کے بعد آدھے گھنٹے تک پولیس ہیلپ لائن 15 پر کال کرتے رہے لیکن کوئی اہلکار موقع پر نہ پہنچا، شکایت درج کرانے کے لیے تھانہ رضویہ جانے پر بھی پولیس نے مدد فراہم نہیں کی اور نہ ہی ملزمان کی گرفتاری کی کوشش کی گئی۔