Tag: لوٹ مار

  • بھینس کالونی میں موٹر سائیکل سواروں سے لوٹ مار کی واردات، فوٹیج سامنے آ گئی

    بھینس کالونی میں موٹر سائیکل سواروں سے لوٹ مار کی واردات، فوٹیج سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے بھینس کالونی میں موٹر سائیکل سواروں سے لوٹ مار کی واردات ہوئی ہے جس کی فوٹیج سامنے آ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہی ہوتا جا رہا ہے، تازہ واردات بھینس کالونی روڈ نمبر 3 پر کی گئی جس میں شہریوں سے لوٹ مار کی گئی۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو موٹر سائیکل سواروں سے لوٹ مار کرتے دیکھا جا سکتا ہے، موٹر سائیکل سوار دو شہریوں نے جیسے ہی موٹر سائیکل سڑک کے کنارے روکی، پیچھے سے ایک اور موٹر سائیکل آ کر رک گئی۔

    ملازمت پیشہ شہری سے 2 ہزار لوٹنے والے پولیس اہلکار معطل

    ایک لٹیرے نے اترتے ہی نیفے سے پستول نکال کر شہری کے ہاتھ سے موبائل فون چھین لیا، موٹر سائیکل چلانے والے شہری نے بھاگنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہا، چند سیکنڈ تک لٹیرا شہری سے مزید چیزیں مانگتا رہا اور پھر دونوں لٹیرے بہ آسانی فرار ہو گئے۔

    ملزمان کے چہرے سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھے جا سکتے ہیں۔

  • گلی میں لوٹ مار کے دوران لٹیرے نے خاتون پر فائر کر دیا، فوٹیج

    گلی میں لوٹ مار کے دوران لٹیرے نے خاتون پر فائر کر دیا، فوٹیج

    کراچی: شہر قائد میں دن دہاڑے گلیوں میں لوٹ مار کے دہشت ناک واقعات اب معمول بن چکے ہیں، پولیس کے دعوؤں کے برعکس شہری اپنی قیمتی اشیا ہی نہیں جانوں سے بھی محروم ہو رہے ہیں۔

    کراچی کے علاقے محمود آباد کی ایک گلی میں لوٹ مار کا ایک دہشت ناک واقعہ اس وقت رونما ہوا جب لٹیرے نے واردات کے دوران ڈرانے کے لیے خاتون پر فائر کر دیا۔

    لوٹ مار کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کی، جس میں محمود آباد میں موٹر سائیکل سوار لٹیروں کو خاتون سمیت 2 افراد سے لوٹ مار کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    فوٹیج کے مطابق موٹر سائیکل سوار 3 ڈاکو گلی میں داخل ہوئے، اور موٹر سائیکل پر آنے والے ایک شہری سے لوٹ مار کرنے لگے، ایسے میں لٹیروں کا ایک ساتھی گلی سے گزرنے والی خاتون سے پرس چھیننے کی کوشش کرنے لگا۔

    خاتون کی جانب سے مزاحمت کرنے پر ڈاکو نے اس پر فائر کر دیا، تاہم خوش قسمتی سے خاتون گولی لگنے سے محفوظ رہی، اور اس دوران لٹیرے نے خاتون کا پرس چھینا اور ساتھیوں کے ہمراہ فرار ہو گیا۔

  • ڈاکوؤں اور عوام نے لاکھوں روپے لوٹ لیے، فوٹیج سامنے آگئی

    ڈاکوؤں اور عوام نے لاکھوں روپے لوٹ لیے، فوٹیج سامنے آگئی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک شخص جاں بحق، اور ان کا بیٹا زخمی ہو گیا، فائرنگ کے واقعے کے بعد ڈاکو تو 3 لاکھ روپے کیش لے گئے، تاہم عوام نے 7 لاکھ روپے لوٹ لیے۔

    کورنگی میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے، جس میں مقتول عبدالمالک کو بیٹے کے ساتھ گاڑی میں آتے دیکھا جا سکتا ہے، مقتول بینک سے 10 لاکھ لا رہا تھا کہ عقب سے 2 موٹر سائیکلوں پر 3 ڈاکو آ گئے۔

    فوٹیج کے مطابق ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر لوٹ مار کی کوشش کی تو مقتول نے رقم کا بیگ دور پھینک دیا، اور ڈاکو سے الجھ گیا، جس پر ڈاکوؤں نے عبدالمالک پر فائرنگ کر دی۔

    فائرنگ کے بعد جب ایک ڈاکو نے بیگ اٹھایا تو اس میں آدھی رقم زمین پر گر گئی، جسے وہاں موجود لوگ اٹھانے لگے، اس دوران مقتول کے بیٹے نے گاڑی سے نکل کر فائرنگ کی تو ایک ڈاکو زمین پر گر پڑا۔

    موٹر سائیکل سوار ڈاکو بھاگے تو مقتول کے بیٹے نے ان کا تعاقب کیا، لیکن تعاقب کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے مقتول کا بیٹا زخمی ہو گیا اور ڈاکو فرار ہو گئے۔

  • ویڈیو: 6 لٹیروں نے کار سواروں کو گھیر کر لوٹ لیا

    ویڈیو: 6 لٹیروں نے کار سواروں کو گھیر کر لوٹ لیا

    کراچی: شہر قائد میں موٹر سائیکل اور کار سواروں کو گھیر کر لوٹنے کی وارداتیں تھم نہیں سکیں، پولیس کے دعوؤں کے برعکس شہر پر مسلح لٹیروں کا راج بدستور قائم ہے۔

    کراچی کے علاقے بھینس کالونی میں 7 مئی کو ہونے والی واردات کی موبائل فوٹیج سامنے آ گئی ہے، جس میں ایک کار میں سوار افراد کو 6 لٹیرے گھیر کر لوٹ رہے ہیں، واردات دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے شہر میں مجرموں کو قانون کا کوئی خوف لاحق نہیں ہے۔

    سامنے آنے والی ویڈیو میں 6 لٹیروں کو کار سواروں کو گھیر کر لوٹتے دیکھا جا سکتا ہے، لٹیرے 3 موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر آئے تھے، جنھوں نے کار سواروں سے ساڑھے 5 لاکھ روپے لوٹے، لٹیروں نے مزاحمت کرنے پر کار سوار کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔

    لٹیرے قریب سے گزرنے والوں کو بھی اسلحہ دکھا کر ڈراتے رہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ان کے پاس متاثرہ افراد کی جانب سے تحریری شکایت جمع کرائی گئی ہے، واردات میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کر لیں گے۔

    واضح رہے کہ کراچی میں عوام پر تو پولیس کا ڈر مسلط ہے، تاہم دلیری سے کی جانے والی بے شمار وارداتوں کی فوٹیجز دیکھ کر معلوم ہوتا ہے کہ مجرموں کو پولیس اور قانون کا معمولی سا بھی ڈر نہیں ہے، ایک وجہ اس کی یہ بھی ہے کہ محکمہ پولیس جرائم کی سرکوبی کے محض دعوے کرتا ہے اور انھیں روکنے کے لیے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھاتا۔

  • کار سوار کو لوٹ کر فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی ویڈیو سامنے آ گئی

    کار سوار کو لوٹ کر فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی ویڈیو سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سعود آباد میں ایک کار سوار کو لوٹ کر فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔

    سعود آباد کے علاقے میں گھر سے دفتر جاتے ہوئے شہری کے ساتھ واردات ہوئی ہے، جسے اس کے پڑوسی نے اپنے گھر کی چھت سے موبائل فون میں ریکارڈ کر لیا۔

    ویڈیو میں ڈاکوؤں کو کار سوار سے واردات کر کے فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے، موٹر سائیکل سوار لٹیروں میں ایک قمیض شلوار اور دوسرا پینٹ شرٹ میں ملبوس ہے، جو شہری سے موبائل فون اور بٹوہ چھین کر فرار ہو گئے، ویڈیو میں ان کے چہرے واضح ہیں۔

    شہری نے تاحال پولیس کو شکایت نہیں کی ہے تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انھوں نے خود ہی ویڈیو کی مدد سے لٹیروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔ واضح رہے کہ محکمہ پولیس شہر میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کو قابو کرنے کے لیے سر توڑ کوششیں کر رہا ہے، تاہم لوٹ مار اور مزاحمت پر قتل کے واقعات بڑھتے ہی جا رہے ہیں۔

  • چائے کے ہوٹل پر ڈاکوؤں کو کس طرح ڈرا کر بھگایا؟ ہوٹل مالک کا بیان (ویڈیوز)

    چائے کے ہوٹل پر ڈاکوؤں کو کس طرح ڈرا کر بھگایا؟ ہوٹل مالک کا بیان (ویڈیوز)

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلشن اقبال میں چائے کے ایک ہوٹل پر ڈاکوؤں کی واردات اس وقت ناکام ہو گئی تھی جب ہوٹل مالک نے بروقت اسلحہ نکال کر فائر کر کے انھیں ڈرا کر بھگا دیا تھا، پولیس نے ایک ڈاکو کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق 24 فروری 2024 کی صبح کوئٹہ انبی ہوٹل، بلاک 6 گلشن اقبال میں تین نامعلوم ڈاکو واردات کے لیے آئے تھے، تاہم ہوٹل مالک دولت شاہ آغا نے اطراف میں نظر رکھتے ہوئے ان کو بروقت دیکھ لیا، ملزمان نے لوٹ مار کے لیے اسلحہ نکالا تو ہوٹل مالک نے بھی جلدی سے اپنا لائسنس یافتہ پستول سے فائرنگ کرتے ہوئے ان کو فرار کرنے پر مجبور کر دیا۔

    یہ واقعہ گلشن اقبال پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا تھا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی سامنے آ گئی تھیں جن میں ہوٹل مالک کی بہادری کو دیکھا جا سکتا ہے، اسی دن علاقہ گشت پر مامور پولیس نے ملزمان کو مشتبہ حالت میں دیکھ کر روکنے کا اشارہ کیا تھا، ایک ملزم آصف کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا جب کہ دو ساتھی موقع سے فرار ہو گٸے تھے۔ ہوٹل کے مالک کی طرف سے دلیرانہ کارروائی کی وجہ سے کسی کو کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں پہنچا تھا۔

    ضلع شرقی پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے غیر قانونی اسلحہ مع ایمونیشن برآمد کیا گیا تھا، ملزم کے خلاف 131/24 غیر قانونی اسلحے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    ایک ویڈیو میں ہوٹل مالک دولت شاہ آغا نے بتایا کہ صبح وہ ہوٹل پر بیٹھا تھا، ایک دوست بھی آیا تھا، جب اس نے ڈاکوؤں کو دیکھا، دولت آغا نے بتایا کہ جب اس ںے فائر کیا تو ڈاکوؤں نے خدا کا واسطہ دے کر گولی نہ مارنے کا کہا، جس پر میں نے انھیں فوراً چلے جانے کو کہا۔

  • مہنگائی کے ستائے عوام بپھر گئے، دکانوں میں لوٹ مار

    مہنگائی کے ستائے عوام بپھر گئے، دکانوں میں لوٹ مار

    جنوبی امریکی ملک ارجنٹائن میں بدترین معاشی بحران، بیروزگاری اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے ستائے افراد نے دکانوں کو لوٹنا شروع کردیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لوٹ مار کے خوف سے کچھ دکانداروں نے دکانیں بند کردیں اور کچھ دکانداروں نے حفاظت کے لیے ہتھیار رکھ لیے ہیں،حالیہ دنوں میں پورے ملک میں لوٹ مار کے کئی واقعات سامنے آئے ہیں۔

    سی سی ٹی وی کیمروں کی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دکانوں کو لوٹنے والے افراد دکانوں سے رقم سمیت دیگر اشیاء اُٹھا کر فرار ہورہے ہیں، جبکہ سیکورٹی کا نام و نشان نہیں ہے۔

    پولیس نے مذکورہ واقعات رپورٹ ہونے کے بعد دکانیں لوٹنے والے درجنوں افراد کو حراست میں لے لیا ہے، دوسری جانب ارجنٹائن کے صدر البرٹو فرنینڈس نے لوگوں سے امن و امان قائم رکھنے کی اپیل کی ہے۔

    واضح رہے کہ کرنسی کی گرتی ہوئی قدر نے ملک میں مہنگائی میں ہوشربا اضافہ کردیا ہے، جس کے سبب ارجنٹائن کے عوام ان دنوں معاشی بحران اور سو فیصد سے زیادہ مہنگائی کا شکار ہیں۔

    عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے بدھ کو ارجنٹائن کے لیے 7.5 ارب ڈالر کی منظوری دی ہے۔حالیہ سالوں میں شدید معاشی بحران کے باعث ارجنٹائن آئی ایم ایف کا سب سے بڑا مقروض رہا ہے۔

    ارجنٹائن کی حکومت کو امید ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے رقم کی منظوری سے ملک کے معاشی حالات بہتری کی جانب گامزن ہوجائیں گے۔

  • ویڈیو: گھر کی دہلیز پر فیملی سے لوٹ مار، لٹیروں نے دودھ کا بیگ بھی چھین لیا

    ویڈیو: گھر کی دہلیز پر فیملی سے لوٹ مار، لٹیروں نے دودھ کا بیگ بھی چھین لیا

    کراچی: شہر قائد میں بے رحم لٹیروں کی وارداتیں عروج پر پہنچ گئی ہیں، لوٹ مار کے ایک واقعے میں ایک فیملی سے فون اور نقدی کے ساتھ بچے کے دودھ کا بیگ بھی چھین لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک ایچ میں جمعہ کے روز ڈکیتی کی ایک اور افسوس ناک واردات ہوئی ہے، گھر سے نکلتے ہوئے شہری کو دہلیز ہی پر موٹر سائیکل سوار دو لٹیروں نے گھیر لیا، شہری کے ساتھ اس اہلیہ بھی موجود تھی۔

    واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے، جس میں دن دہاڑے کی گئی واردات کو دیکھا جا سکتا ہے، فوٹیج میں اسلحہ بردار لٹیرے کا چہرہ بھی واضح نظر آتا ہے، جو اس وجہ سے باعث حیرت ہے کہ انھیں پہچانے اور پکڑے جانے کا خوف کیوں نہیں ہے۔

    فوٹیج می دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار لٹیرے گلی میں آتے ہیں اور شہری سے موبائل فون اور نقدی چھین لیتے ہیں، اس کے بعد وہ معصوم بچے کے دودھ کا بیگ بھی چھین کر فرار ہو جاتے ہیں۔

    کراچی کا شہری اپنی ہیوی بائیک سے محروم، واردات کی فوٹیج سامنے آگئی

    شہری نے لٹیروں سے بچے کے دودھ کا بیگ مانگا بھی لیکن انھوں نے واپس نہیں کیا، اس دوران خاتون بھی کچھ کہتی دکھائی دیتی ہے لیکن شہری نے اسے روکا کہ وہ خاموش رہے۔

  • ابراہیم حیدری میں ہوٹل مالک اور ڈاکوؤں میں گن فائٹ، مالک زخمی

    ابراہیم حیدری میں ہوٹل مالک اور ڈاکوؤں میں گن فائٹ، مالک زخمی

    رپورٹر: علی محمد شر

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ابراہیم حیدری میں ایک ہوٹل میں لوٹ مار کے دوران مالک اور ڈاکوؤں میں فائرنگ ہوئی، جس میں مالک زخمی ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری میں واقع ہوٹل پر ڈاکوؤں نے واردات کرتے ہوئے ہوٹل پر بیٹھے شہریوں سے موبائل فون اور نقدی چھین لی، مسلح لٹیروں نے ہوٹل کے کیش کاؤنٹر سے بھی 40 ہزار روپے لوٹے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واردات کے دوران ہوٹل مالک نے گودام سے نکل کر ڈاکوؤں پر فائرنگ کی، ڈاکوؤں نے بھی اس پر فائرنگ کی جس سے ہوٹل کا مالک زخمی ہو گیا۔

    ہوٹل مالک کی مزاحمت کی وجہ سے ڈاکوؤں کو اپنی ایک موٹر سائیکل موقع پر چھوڑ کر فرار ہونا پڑا، پولیس حکام کے مطابق ڈاکوؤں کی تعداد 3 سے 4 بتائی جا رہی ہے، واقعے کے سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں۔

  • موٹر سائیکل سوار لٹیرے ایک ہی علاقے میں 10 سے زائد وارداتیں کر کے فرار

    موٹر سائیکل سوار لٹیرے ایک ہی علاقے میں 10 سے زائد وارداتیں کر کے فرار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے تھانہ بن قاسم کی حدود میں ایک ساتھ لوٹ مار کی 10 سے زائد وارداتیں ہوئی ہیں، جس پر علاقے کے مکینوں نے شدید احتجاج کیا۔

    تفصیلات کے مطابق بن قاسم میں ایک ساتھ لوٹ مار کی دس سے زائد وارداتوں میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے شہریوں کو نقدی موبائل فون اور دیگر قیمتی اشیا سے محروم کر دیا۔

    متاثرین کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل سوار لٹیروں نے ایک ہی علاقے میں دس سے زائد وارداتیں کیں اور بہ آسانی فرار ہو گئے، شہری لٹ رہے ہیں اور پولیس کوئی کارروائی نہیں کر رہی ہے۔

    وارداتوں کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے اور قومی شاہراہ پر دھرنے کی دھمکی بھی دی، متاثرہ شہریوں نے شاہ ٹاؤن روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے لٹیروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر ان واقعات کا تدارک نہ کیا گیا تو قومی شاہراہ پر احتجاج شروع کر دیں گے۔