Tag: لوٹ مار

  • کام سے گھر جاتے ہوئے شہری کو لٹیرے نے مزاحمت پر گولی مار دی

    کام سے گھر جاتے ہوئے شہری کو لٹیرے نے مزاحمت پر گولی مار دی

    کراچی: شہر قائد میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور شہری قتل ہو گیا، رزاق آباد میں کام سے گھر جاتے ہوئے شہری کو لٹیرے نے مزاحمت پر گولی مار دی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے رزاق آباد، پیر سر ہندی گوٹھ میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا، مقتول کی شناخت 42 سالہ نظیم عرف ندیم کے نام سے ہوئی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کے مزاحمت کرنے پر لٹیرے اس پر فائرنگ کر کے فرار ہو گئے۔

    پولیس حکام کے مطابق مقتول نظیم کے سینے پر لگنے والی گولی جان لیوا ثابت ہوئی، مقتول ٹریکٹر ڈرائیور اور رزاق آباد پولیس ٹرینگ سینٹر کے قریب کا رہائشی تھا۔

    مقتول کے بھائی عبدالشکور نے بتایا کہ نظیم کام سے فارغ ہو کر گھر جا رہا تھا، کہ موٹر سائیکل سوار 2 لٹیروں نے روک کر اسے لوٹنے کی کوشش کی، لیکن بھائی نے مزاحمت کی جس پر لٹیرے نے گولی چلا دی، عبدالشکور کے بیان کے مطابق نظیم نے زخمی حالت میں کال کر کے انھیں اطلاع دی، تاہم اس کی جان نہیں بچائی جا سکی۔

  • لوٹ مار کے دوران تین ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے، 2 ہلاک، ایک زخمی

    لوٹ مار کے دوران تین ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے، 2 ہلاک، ایک زخمی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں تین ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے، جن میں سے دو ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن سیکٹر 14 سی میں لوٹ مار کے دوران تین ڈاکوؤں کو شہریوں نے پکڑ لیا، شہریوں نے ڈاکوؤں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا، جس کی وجہ سے دو ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔

    شہریوں نے تشدد کے بعد ڈاکوؤں کو پولیس کے حوالے کیا، پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کے زیر استعمال موٹر سائیکل برآمد ہو گئی، تاہم اسلحہ کہاں پھینکا گیا اس کی تلاش جاری ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں نے گزشتہ روز کریانہ اسٹور پر دوران ڈکیتی ایک شخص کو قتل کیا تھا، جب کہ واردات سے کچھ دیر قبل ڈاکوؤں نے شادی ہال کے باہر سے موٹر سائیکل بھی چھینی تھی۔

    پولیس حکام کے مطابق دونوں ہلاک اور زخمی ڈاکو واردات کے لیے 2 موٹر سائیکلوں پر آئے تھے۔

  • ویڈیو: مسلح لٹیروں نے 20 سیکنڈ میں 3 نوجوانوں کو لوٹ لیا

    ویڈیو: مسلح لٹیروں نے 20 سیکنڈ میں 3 نوجوانوں کو لوٹ لیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک ایچ میں اسٹریٹ کرائم کی واردات میں مسلح لٹیروں نے محض 20 سیکنڈ میں 3 نوجوانوں کو لوٹ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی شہر میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں کم نہیں ہو سکی ہیں، مسلح لٹیرے دن دہاڑے بھی دلیری سے وارداتیں کر کے نکل جاتے ہیں۔

    ایک اور واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول ہوئی ہے، جس میں لٹیروں نے کارروائی کرتے ہوئے صرف بیس منٹ میں شہریوں کو لوٹا اور بھاگ گئے۔

    فوٹیج میں دو نوجوانوں کو گھر کے باہر کھڑے دیکھا جا سکتا ہے، اسی دوران ان کا تیسرا دوست ان کے پاس آیا، اور عین اسی وقت عقب سے موٹر سائیکل پر آنے والا لٹیرا بھی اسلحہ لہراتا ہوا آ گیا۔

    دونوں لٹیروں نے شلوار قمیض پہن رکھی تھی، ایک لٹیرے نے سیکنڈوں میں تینوں نوجوانوں کو لوٹا، نوجوانوں کے پرس اور موبائل فون چھینے، اور پھر موٹرسائیکل پر ساتھی کے ساتھ بیٹھ کر فرار ہو گیا۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں لٹیروں کے چہرے بھی واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں، شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ لٹیروں کو پہچانے جانے کا ڈر کیوں نہیں رہا ہے؟

  • ویڈیو: سپر ہائی وے پر پولیس ٹیم شہریوں سے لوٹ مار کی واردات کیسے کرتی ہے؟

    ویڈیو: سپر ہائی وے پر پولیس ٹیم شہریوں سے لوٹ مار کی واردات کیسے کرتی ہے؟

    کراچی: سپر ہائی وے نوری آباد کے قریب پولیس ٹیم کی جانب سے شہریوں سے مبینہ لوٹ مار کے واقعات سامنے آنے کے بعد اے آر وائی نیوز کو ایک ویڈیو موصول ہوئی ہے، جس کی تصدیق کے لیے ٹیم نے ویڈیو پولیس کو فراہم کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے سپر ہائی وے پر نوری آباد کے قریب پولس ٹیم واردات کیسے کرتی ہے، اس کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے، رپورٹس کے مطابق کراچی سے حیدرآباد اور حیدرآباد سے کراچی آنے والے مسافروں کو نوری آباد کے قریب تسلسل کے ساتھ لوٹا جا رہا ہے۔

    مسافروں کو لوٹنے کے لیے ایک پولیس موبائل اور ایک پرائیویٹ گاڑی کے ساتھ کسی مقام پر ناکہ لگا کر پولیس اہل کار ایک عرصے سے گاڑیوں کو روک کر لوٹ مار کی وارداتیں کر رہے ہیں۔

    شناخت چھپانے کے لئے پولیس موبائل کی نمبر پلیٹ پر اسٹیکر چسپاں کر دیا جاتا ہے، ویڈیو میں دو الگ مقامات پر پولیس کی چیکنگ یکھی جا سکتی ہے، افسران اور اہل کاروں کے چہرے بھی واضح دیکھے جا سکتے ہیں۔

    شہریوں کو چیکنگ کے بہانے مختلف حیلوں بہانوں سے لوٹا جاتا ہے، ویڈیو میں نمبر پلیٹ پر سے اسٹیکرز اور سیاہ پٹی ہٹاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    اے آر وائے نیوز ٹیم نے ویڈیو کی تصدیق کے لیے اسے پولیس کو فراہم کر دیا تھا، جس پر پولیس حکام نے سخت نوٹس لے لیا ہے، اور ویڈیو میں نظر آنے والے اہل کاروں کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

    موبائل انچارج اے ایس آئی اور ڈرائیور کو معطل کر دیا گیا، معطل ہونے والے افسران و اہل کار کو پولیس لائن رپورٹ کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے، جب کہ ایس ایچ او نوری آباد کو صرف شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔

    واضح رہے کہ حکام کی جانب سے یہ ایکشن پولیس موبائل کی نمبر پلیٹ چھپا کر اسنیپ چیکنگ پر لیا گیا ہے، اور معاملے کی انکوائری ڈی ایس پی جامشورو کے حوالے کر دی گئی ہے۔

  • شہری سے 23 لاکھ روپے کی ڈکیتی، سی سی ٹی وی فوٹیج

    شہری سے 23 لاکھ روپے کی ڈکیتی، سی سی ٹی وی فوٹیج

    کراچی: شہر قائد میں ڈاکو راج زور پکڑ گیا ہے، سندھی مسلم سوسائٹی میں ایک شہری سے 23 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے سندھی مسلم سوسائٹی میں نجی کمپنی کے ملازمین بینک سے رقم لے کر نکلے تھے، تعاقب کرتے لٹیروں نے ان سے رقم سے بھرا بیگ چھینا۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں 2 مسلح لٹیروں کو کمپنی ملازمین کو لوٹتے ہوئے واضح دیکھا جا سکتا ہے، لٹیروں نے اسلحے کے زور پر موٹر سائیکل سوار ملازمین سے بیگ چھینا اور بہ آسانی فرار ہو گئے۔

    کراچی: گلستان جوہر میں ایک اور کوریئر کمپنی کا ملازم لٹ گیا

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واردات میں مبینہ طور پر 23 لاکھ روپے لوٹے گئے، جس کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔

  • کراچی: گلستان جوہر میں ایک اور کوریئر کمپنی کا ملازم لٹ گیا

    کراچی: گلستان جوہر میں ایک اور کوریئر کمپنی کا ملازم لٹ گیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں ایک اور کوریئر کمپنی کا ملازم لٹ گیا، کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں بے قابو ہو گئی ہیں، کراچی پولیس چیف نے بھی چند دن قبل وارداتوں میں اضافے کا اعتراف کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر کے بلاک 3 میں کوریئر کمپنی کے ملازم کے ساتھ ہونے والی اسٹریٹ کرائم کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کی۔

    فوٹیج کے مطابق موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکو نے ملازم کو روکا، اور ا سے لوٹ مار کر کے فرار ہو گئے۔

    گزشتہ روز کراچی شہر میں ڈاکو راج نظر آیا، شہر قائد کے مختلف علاقوں میں وارداتیں ہوئیں، خواتین بھی اب اپنے گھروں کے باہر بھی محفوظ نہیں رہیں۔

    فیروز آباد میں بینک سے رقم لے کر نکلنے والے ایک شہری کو لوٹ لیا گیا، شہری بینک سے 23 لاکھ روپے لے کر نکلا تھا، موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اسلحے کے زور پر روکا اور رقم چھین لی۔

    بینک سے رقم لے کر نکلنے والے ایک اور شہری سے بھی واردات ہوئی، کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی میں نجی کمپنی کے ملازمین کو لوٹا گیا، ڈاکو مبینہ طور پر 3 لاکھ 50 ہزار کی رقم لوٹ کر فرار ہوئے۔

    ماڈل کالونی میں گھر کی دہلیز پر لٹیروں نے خاتون سے زیورات اتروا لیے، تینوں واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہیں۔

  • ویڈیو: کم عمر لڑکوں نے سیلون میں بیٹھے شہریوں کو لوٹ لیا

    کراچی: شہر قائد لٹیروں کے نرغے میں آ گیا ہے، اور ایسا لگتا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے پولیس کا شہر سے وجود مٹ چکا ہے، ایک اور واقعے میں کم عمر لڑکوں نے سیلون سے ایک لاکھ کے قریب رقم لوٹ لی اور بہ آسانی فرار ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن، قذافی چوک پر واقع سیلون میں لوٹ مار کی واردات ہوئی ہے جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی، جس میں کم عمر لڑکوں کو سیلون میں بیٹھے شہریوں کو لوٹتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    فوٹیج کے مطابق یہ واردات 3 کم عمر مسلح لڑکوں نے کی، لٹیروں کا ایک ساتھی سیلون کے باہر دوسرا دروازے پر اسلحہ تانے کھڑا رہا، اور ایک مسلح لڑکے نے دکان کی تمام درازوں سے نقدی اور قیمتی اشیا نکالیں۔

    مسلح لڑکے نے دکان میں موجود کسٹمرز اور دیگر افراد کی جیبوں سے بھی قیمتی اشیا نکالیں۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق لٹیرے شہریوں سے 10 موبائل فونز اور 90 ہزار سے زائد رقم چھین کر فرار ہو گئے۔

  • ویڈیو: 50 لاکھ کی ڈکیتی، بینک کا سیکیورٹی سپروائزر ہی ڈاکو نکلا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ٹیپو سلطان میں بینک سے 50 لاکھ روپے لے کر نکلنے والے شہری سے لوٹ مار کے واقعے میں بینک کا سیکیورٹی سپروائزر ہی ملوث نکلا۔

    ٹیپو سلطان پولیس کے مطابق 16 نومبر کو نجی بینک سے ایک کمپنی مالک نے پچاس لاکھ روپے کی رقم نکلوائی تھی، جیسے ہی وہ پی ای سی ایچ سوسائٹی بلاک 6 میں کمپنی دفتر کے گیراج میں پہنچے، 3 لٹیرے اندر داخل ہو کر ان سے رقم کا تھیلا چھین کر لے گئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واردات میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزم خاور خان نجی بینک میں سیکیورٹی سپروائزر ہے، جس کی مخبری پر تین ملزمان نے رقم لوٹی تھی، گرفتار ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ اطلاع دینے پر لٹیروں نے اسے اچھی رقم دینے کی آفر دی تھی۔

    ٹیپو سلطان پولیس نے تفتیش کے دوران ملزم کا سراغ لگایا، ایس ایچ او ٹیپو سلطان انسپکٹر عظمیٰ خان نے بتایا کہ سیکیورٹی سپروائزر خاور نے کمپنی مالک کے پاس بڑی رقم ہونے کی اطلاع ملزمان کو پہنچائی تھی، جس پر ملزم شاکر عرف شاہد نے 2 دیگر ساتھیوں کے ہمراہ بینک سے شہری کا تعاقب کیا۔

    ایس ایچ او کے مطابق ملزم کا سراغ جدید ٹیکنالوجی اور دیگر شواہد پر لگایا گیا۔

    ملزم خاور خان نے انکشاف کیا کہ واردات میں ملوث مرکزی ملزم شاکر عرف شاہد لانڈھی کی سیاسی جماعت سے تعلق رکھتا ہے، انسپکٹر عظمیٰ خان کے مطابق ملزم خاور پہلے بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے، جہاں شاکر سے اس کی ملاقات ہوئی تھی۔

    خاور خان نے بتایا کہ واردات سے ایک دن قبل شاکر عرف شاہد اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ایف ٹی سی آیا تھا، اور بڑی رقم کی اطلاع دینے کی صورت میں اچھی رقم دینے کی آفر دی تھی۔

    ملزم نے بتایا کہ اس کی نشان دہی پر 50 لاکھ روپے کی ڈکیتی کی گئی تاہم فون پر اسے صرف 20 لاکھ روپے ہاتھ لگنے کا بتایا گیا، جب اپنے حصے کی رقم مانگی تو شاکر نے موبائل فون بند کر دیا۔

  • بڑے ہتھیاروں کے ساتھ کراچی میں ہونے والی واردات کی ویڈیو

    بڑے ہتھیاروں کے ساتھ کراچی میں ہونے والی واردات کی ویڈیو

    کراچی: شہر قائد میں اب بڑے ہتھیاروں کے ساتھ بھی ڈکیتی اور لوٹ مار کی وارداتیں ہونے لگی ہیں، ایسی ہی ایک واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیو کراچی، ایوب گوٹھ میں ڈاکوؤں نے کلاشنکوفوں کے ساتھ شہریوں کو لوٹ لیا، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں مسلح افراد کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

    فوٹیج کے مطابق رکشے اور موٹر سائیکل پر سوار مسلح ڈاکو ایوب گوٹھ میں ایک گھر کے باہر آ کر رکے، پھر رکشے سے تیزی سے چند افراد کلاشنکوفیں اٹھائے باہر نکل آئے، جنھیں دیکھ کر گھر کے باہر بیٹھے 2 افراد خوف زدہ ہو کر گھر کے اندر دوڑے۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسلح ڈاکو بھی دونوں کے پیچھے گھر کے اندر داخل ہوئے، فوٹیج میں ڈاکو شہریوں سے موبائل فون بھی لیتے دکھائی دیتے ہیں۔

    متاثرہ فیملی نے شکایت کی ہے کہ متعلقہ ایس ایچ او نے تاحال ملاقات کا وقت نہیں دیا، ایس ایچ او نے پیغام دیا کہ میں ابھی مصروف ہوں کل آنا۔

    متاثرہ فیملی نے بتایا کہ خود کار ہتھیاروں سے لیس ڈاکوؤں نے گھر سے 20 ہزار روپے لوٹے، انھوں نے تشدد بھی کیا اور اسکے بعد موبائل فون بھی چھینے۔

    مسلح ڈاکو جاتے جاتے گھر کے باہر کھڑی موٹر سائیکل بھی لے گئے، سی سی ٹی وی فوٹیج میں ڈاکوؤں کے چہرے واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

  • سیلاب زدہ علاقوں میں لوٹ مار: ہائی ویز کی سیکیورٹی کے لیے پولیس ٹیم تیار

    سیلاب زدہ علاقوں میں لوٹ مار: ہائی ویز کی سیکیورٹی کے لیے پولیس ٹیم تیار

    کراچی: سیلاب زدہ علاقوں میں بد نظمی اور لوٹ مار کے واقعات کے بعد پولیس کی فلڈ ریلیف اسپیشل ٹیم تشکیل دے دی گئی، ٹیم میں شامل افسران کو ہائی ویز کی حفاظت اور سیکیورٹی ڈیوٹیوں پرتعینات کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں سیلابی صورتحال میں بدنظمی، ٹریفک جام اور لوٹ مار کی شکایات کے بعد انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ کے حکم پر سندھ کی سب سے بڑی فلڈ ریلیف اسپیشل ٹیم تشکیل دے دی گئی۔

    99 اعلیٰ افسران پر مشتمل ٹیم سندھ کے 19 اضلاع میں رپورٹ کرے گی۔ فلڈ ریلیف اسپیشل ٹیم میں 6 ایس ایس پیز، 22 ایس پیز، 71 ڈی ایس پیز اور دیگر اعلیٰ افسر شامل ہیں۔

    افسران دادو، نوشہرو فیروز، خیرپور، قمبر، جامشورو، مٹیاری، جیکب آباد، شہید بے نظیر آباد، لاڑکانہ، کشمور، سکھر، شکار پور، میرپور خاص، حیدر آباد، گھوٹکی، ٹھٹھہ، ٹنڈو محمد خان، سجاول اور بدین میں تعینات ہوں گے۔

    ٹیم میں شامل افسران آج متعلقہ اضلاع کے افسر کو رپورٹ کریں گے، افسران کو ہائی ویز کی حفاظت اور سیکیورٹی ڈیوٹیوں پرتعینات کیا جائے گا۔

    ٹیم ٹریفک کی روانی بحال رکھنے کی ذمہ داری بھی ہوگی۔

    مختلف علاقوں میں جائے وقوعہ کی حساسیت کے لحاظ سے ہائی ویز کو تقسیم کیا جائے گا، ایس ایس پیز 20 کلو میٹر اور ایس پیز 10 کلومیٹر میں گشت کریں گے۔

    ڈی ایس پی کی نارمل علاقے میں پٹرولنگ کی ذمہ داری ہوگی۔